Tag: سینیٹ

  • بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ جاری

    بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ جاری

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ آج ہورہی ہے، سینیٹ کے انتخاب میں 5 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست کے لیے بلوچستان اسمبلی میں پولنگ جاری ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار کا کہنا ہے کہ پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔

    سینیٹ کے انتخاب میں 5 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے غلام مری میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ سینیٹ کی مذکورہ نشست اعظم موسیٰ خیل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

    پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر اعظم موسیٰ خیل حرکت قلب بند ہونے سے گزشتہ برس 15 دسمبر کو انتقال کر گئے تھے۔

    سردار اعظم موسیٰ خیل مارچ 2015 میں بلوچستان سے جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ 2002 سے 2008 تک بلوچستان اسمبلی کے رکن بھی رہے۔

    ان کے انتقال کے موقع پر وزیر اعلیٰ جام کمال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرحوم ایک سنجیدہ سینئر سیاستدان تھے جنہوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور ہر سطح پر صوبے کے حقوق کی بات کی۔

  • سمندر200 کلو میٹر تک زمین کونگل رہا ہے: سینیٹر عثمان کاکڑ

    سمندر200 کلو میٹر تک زمین کونگل رہا ہے: سینیٹر عثمان کاکڑ

    اسلام آباد: سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ترقیات کے اجلاس میں سینیٹر عثمان کاکڑ کا کہنا تھا کہ سمندر200 کلو میٹر تک زمین کونگل رہا ہے ٹھٹھہ اور بدین کی جانب سمندر آگے بڑھ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ترقیات کا سینیٹر عثمان کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ چیف سیکریٹری کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی محکموں نے بریفنگ دی۔

    اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ اور مختلف محکموں کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سینیٹر عثمان کاکڑ کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساتھ وفاقی حکومت بہت ناانصافیاں کر رہی ہے، وفاق کی جانب سے صوبوں کو فنڈز پورے نہیں دیے جا رہے۔ 200 کلو میٹر تک سمندر زمین نگل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ اور بدین کی جانب سمندر آگے بڑھ رہا ہے، گیس فراہم کرنے والا صوبہ سندھ گیس سے محروم ہے۔

    سینیٹر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے مل کر سندھ کے مسائل سمجھنا چاہتے تھے، وزیر اعلیٰ کے پاس وقت نہیں وہ شاید ہمیں بھی نیب سمجھ رہے ہیں۔

  • اسلام آباد: 5 سال میں بچوں سے زیادتی اور دیگر جرائم کے 300 کیسز درج

    اسلام آباد: 5 سال میں بچوں سے زیادتی اور دیگر جرائم کے 300 کیسز درج

    اسلام آباد: سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 5 سال میں بچوں سے زیادتی اور دیگر جرائم کے 300 کیس درج ہوئے، 260 سے زائد کیسز کو رجسٹر نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام پر سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 5 سال میں بچوں سے زیادتی اور دیگر جرائم کے 300 کیس درج ہوئے، 260 سے زائد کیسز کو رجسٹر نہیں کیا گیا۔

    ڈی آئی جی نے بتایا کہ ہمارے پاس بچوں کو رکھنے کے لیے لاک اپ ہی نہیں، لاک اپ نہ ہونے سے بچے مزید زیادتی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اسلام آباد سے سنہ 2016 میں 2 بچیاں لاپتہ ہوئیں جن کا تاحال نہیں پتہ چل سکا۔

    انہوں نے بتایا کہ 1400 سے زیادہ بچوں کو ریکور کیا جو بھیک مانگتے تھے، وہی بچے چائلڈ پروٹیکشن بیورو سے نکل کر دوبارہ بھیک مانگنے لگ جاتے ہیں، پولیس کے پاس بچوں کو رکھنے کے لیے بیرکس نہیں ہیں۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اداروں کے درمیان بچوں سے متعلق معلومات کی شیئرنگ کا میکنزم نہیں۔

  • سنہ 2018 تک ملکی و غیر ملکی قرضہ 28 ہزار 252 ارب روپے ہوگیا

    سنہ 2018 تک ملکی و غیر ملکی قرضہ 28 ہزار 252 ارب روپے ہوگیا

    اسلام آباد: وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سنہ 2018 تک ملکی و غیر ملکی قرضہ 28 ہزار 252 ارب روپے ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 18-2017 میں 3844 ارب کا ٹیکس اکٹھا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملکی اور غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردیں۔ وزارت خزانہ نے سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرواتے ہوئے کہا کہ سنہ 2008 تک کل قرضہ 6 ہزار 562 ارب روپے تھا، سال 2013 تک کل قرضہ 15 ہزار 872 ارب روپے کا تھا۔

    جواب میں کہا گیا کہ 2018 تک ملکی و غیر ملکی قرضہ 28 ہزار 252 ارب روپے ہے، جون 2018 تک بجٹ خسارہ 2260 ارب روپے ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 18-2017 میں 3844 ارب کا ٹیکس اکٹھا کیا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق 2018 میں غیر ملکی ترسیلات 19.62 ارب ڈالر ہیں۔

    اجلاس میں اسٹیٹ بینک نے پاکستانی بینکوں کا ڈیٹا ہیک ہونے کی رپورٹ کو مسترد کردیا۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا کہ ماسوائے ایک کے کسی بینک کا ڈیٹا ہیک ہونے کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ اکتوبر میں انٹرنیشنل اے ٹی ایم سے سائبر حملے کے ذریعے نقد رقم ہیک کی گئی۔

    سینیٹ کو بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک نے بینکنگ شعبے کے سیکیورٹی کنٹرول کا روڈ میپ تیار کیا ہے، بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

  • اسموگ سے بچاؤ کے لیے گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں: وزیر ماحولیات

    اسموگ سے بچاؤ کے لیے گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں: وزیر ماحولیات

    اسلام آباد: سینیٹ میں وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کا شہر لاہور اسموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہے، اسموگ میں کمی کے لیے گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں دھند اور اس کے اثرات کے بارے میں سینیٹر شیری رحمٰن نے سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔ شیر ی رحمٰن کا کہنا تھا کہ اسموگ انسانی صحت کے علاوہ ہماری معیشت متاثر کر رہا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بعد اب کراچی بھی متاثر ہو رہا ہے۔

    سینیٹ میں وزیر مملکت برائے ماحولیات زرتاج گل کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کا شہر لاہور سب سے زیادہ متاثر ہے، اسموگ بھارت سے آرہا ہے، تاہم ہم خود بھی ذمے دار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فاضل مادوں اور فصلوں کو جلانے پر پابندی لگا دی ہے، گاڑیوں کی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

    وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں بلین ٹری سونامی پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 2 برس سے زہریلی اسموگ نے صوبہ پنجاب کے کئی شہروں کو متاثر کر رکھا ہے تاہم رواں برس صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں بھی اسموگ دیکھی جارہی ہے۔

    اسموگ سے نمٹنے کے لیے محکمہ ماحولیات نے اینٹوں کے بھٹوں کو 3 ماہ کے لیے عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

  • سینیٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

    سینیٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

    اسلام آباد : سینیٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ، قرارداد میں کہا گیاکئی بار امریکا سے رہاکرنے کے لیے کہا گیالیکن ایک نہ سنی گئی، حکومت کوچاہیےعافیہ کی رہائی کے لیےسنجیدہ اقدامات کرے۔

    تفصیلات مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سجرانی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں معمول کی کارروائی معطل کرکے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق قراردادپیش کی گئی، قرارداد جے یو آئی (ف) کے سینیٹر طلحہٰ محمود نے پیش کی۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عافیہ صدیقی کوطویل عرصہ سےجیل میں رکھنےکی مذمت کرتےہیں ، کئی بارامریکاسےرہاکرنےکےلیےکہاگیالیکن ایک نہ سنی گئی۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

    چیئرمین سینیٹ نے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق منظور قرار داد دفتر خارجہ کو بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قرارداد کی روشنی میں عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کرے۔

    یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کی تھی، جس میں شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر فوزیہ کو عافیہ صدیقی کیس سے متعلق کاوشوں سے آگاہ کیا۔

    مزید پڑھیں : وزیر خارجہ سے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کو ہدایات کی ہے کہ عافیہ صدیقی کے انسانی و قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور باقاعدگی کے ساتھ کونسلر وزٹس کا اہتمام کیا جائے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، قید کی سزا غیر قانونی ہے، مجھے اغوا کر کے امریکا لایا گیا۔

    عافیہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی، وہ ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : قید سے باہرنکلنا چاہتی ہوں، وزیراعظم عمران خان مدد کریں، عافیہ صدیقی کا خط

    بعد ازاں پاکستان نے دورے پر آئی ہوئی امریکی نائب وزیر خاجہ ایلس ویلز کے سامنے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا تھا۔ حکومت پاکستان نے مطالبہ کیا تھا کہ عافیہ صدیقی کے معاملے میں انسانی حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔

    واضح رہے امریکا کے دعوے کے مطاقب عافیہ صدیقی کو افغان جنگ کے دوران افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا، عافیہ صدیقی پر امریکی فوجی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم عافیہ صدیقی نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی ہے۔

    ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو سنہ 2010 میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پرحملہ کرنے کے الزام میں 86 سال قید کی سزاسنائی تھی، وہ ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں۔

  • طاہر داوڑ کے قاتل جہاں بھی ہوں انجام تک پہنچائیں گے، شہریارآفریدی

    طاہر داوڑ کے قاتل جہاں بھی ہوں انجام تک پہنچائیں گے، شہریارآفریدی

    اسلام آباد : وزیرمملکت داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے طاہر داوڑ کے قاتل جہاں بھی ہوں انجام تک پہنچائیں گے،  پاکستان مخالف قوتیں حالات خراب کرنے کی کوشش کررہی ہیں، ملک دشمن قوتیں پھرمتحرک ہیں ہمیں مل کرکام کرنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائےداخلہ شہریارآفریدی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ایس پی طاہرداوڑکاقتل انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے، پولیس کوایک اعلیٰ مقام پر پہنچایا تھا لیکن آج اس پرسوالیہ نشان لگا ہے، ایس پی طاہرداوڑ شہید پر ماضی میں2 خود کش حملے ہوئے اور  وہ محفوظ رہے، ان بھائی اور بھابھی کو بھی شہید کیا جاچکا ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ایس پی طاہراسلام آبادمیں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئےپہنچےتھے ، ان کو 28اکتوبرکواسلام آباد سےاغواکیاگیا، 28 اکتوبرسے13نومبرتک ایس پی طاہرکوٹریس کرنےکی کوشش کی گئی، جس کے بعد 13 نومبرکوایس پی طاہرکی فوٹیج منظرعام پرآئیں۔

    وزیر مملکت برائےداخلہ نے کہا وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیےاورفوری تحقیقات کاحکم دیا، افغان حکومت سےبھی رابطےکیےجارہےہیں، پاکستان مخالف قوتیں حالات خراب کرنےکی کوشش کررہی ہیں۔

    [bs-quote quote=”پاکستان مخالف قوتیں حالات خراب کرنےکی کوشش کررہی ہیں” style=”style-6″ align=”left” author_name=”شہریار آفریدی "][/bs-quote]

    ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کےنام پراربوں روپےلگائےحقیقت بتاناچاہتاہوں، سیف سٹی پروجیکٹ میں لگےکیمرےنمبرپلیٹ تک ٹریس نہیں کر سکتے، ایس پی طاہرکواسلام آباد سے اغوا کرنے کے بعد پنجاب کےراستے فاٹالےجایاگیا، فاٹاکےراستےایس پی طاہرداوڑکوافغانستان منتقل کیاگیا۔

    شہریار آفریدی نے کہا افغان سرحد پران کی جانب سےپیٹرولنگ نہ ہونےسےاغواکاروں کوفائدہ ہوا، افغان حکومت کوکئی بارکہاپٹرولنگ کریں لیکن وہاں سےرسپانس نہیں ملا، ماضی میں بھی ہماری دھرتی کے کئی بیٹوں کواغواکرکےافغانستان میں قتل کیاگیا۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ایف آئی اےسےمتعلق بات کی توماضی میں بڑی تنقیدکانشانہ بنایاگیا، اداروں کوٹھیک کرنےجارہےہیں، ایف آئی اےآپ کی منسٹری ہےاسےآپ ٹھیک کریں، میں تواپناکرداراداکروں گالیکن کل کوئی پھریہ نہ کہےکہ ہمیں ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا ایوان میں اس لیے بات کی کہ ایس پی طاہر قوم کا بیٹا تھا، مشترکہ بیان جانا چاہیے، طاہرخان داوڑ کے قاتل جہاں بھی ہوں ان کو نشان عبرت بنائیں گے، کچھ لوگ ملک میں پاکستان کو غیر مستحکم کررہے ہیں ملک دشمن قوتیں پھرمتحرک ہیں ہمیں مل کرکام کرناچاہیے۔

    یاد رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ایس پی طاہرداوڑ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ شہریارآفریدی کوتحقیقات کی نگرانی کا حکم دیا اور  خیبرپختونخواکی پولیس کو تحقیقات میں اسلام آبادپولیس سے تعاون کرنے کی ہدایت کی۔

  • پنجاب میں سینیٹ کی دو نشستوں پر انتخاب  کے لیے پولنگ جاری

    پنجاب میں سینیٹ کی دو نشستوں پر انتخاب کے لیے پولنگ جاری

    لاہور: پنجاب میں سینیٹ کی دو نشستوں پر انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، مسلم لیگ ن کے سعودمجیداور پی ٹی آئی کے ولید کےدرمیان مقابلہ ہوگا جبکہ خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی سیمی ایزدی اور ن لیگ کی سائرہ افضل مدمقابل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سینیٹ کی دو نشستوں پر انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے ،پنجاب اسمبلی میں ہونے والی پولنگ شام چار بجے تک جاری رہے گی ، 371 کے ایوان میں سے 369 ارکان حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل یا کیمرہ لے جانا منع ہے جبکہ ووٹنگ کے لیے اسمبلی سے جاری شدہ اصل کارڈ ووٹرز کے پاس ہونا ضروری ہے۔

    جنرل نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے ولید اقبال اور ن لیگ کے سعود مجید کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ خواتین کی نشست پرپی ٹی آئی کی سیمی ایزدی اورن لیگ کی سائرہ افضل تارڑ مدمقابل ہیں۔

    خیال رہے سپریم کورٹ نے سعدیہ عباسی کی رکنیت کالعدم قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سعدیہ عباسی کاغذات جمع کراتے وقت دہری شہریت کے حامل تھی اورسعدیہ عباسی اورہارون اختر کی نااہلی کے باعث نشستیں خالی ہوئی تھیں۔

    دوسری جانب حمزہ شہباز کی پنجاب اسمبلی کے سیکیورٹی کےعملے سے تلخ کلامی ہوئی ، حمزہ شہباز نے اپنے عملے کو روکے جانے پر عدالتی سیکیورٹی عملے پر برہم ہوتے ہوئے کہا صرف اسپیکر کےاحکامات نہ مانیں بلکہ قوانین کی پابندی بھی کریں، اسمبلی اجلاس نہیں الیکشن ہے، اراکین کو اندر جانے سے روک رہے ہیں۔

  • پنجاب میں سینیٹ کی 2 نشستوں پر انتخاب کل ہوگا

    پنجاب میں سینیٹ کی 2 نشستوں پر انتخاب کل ہوگا

    لاہور : پنجاب میں سینیٹ کی 2نشستوں پرانتخاب کل ہوگا، جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ولید اقبال اور ن لیگ کے سعود مجید مدمقابل ہیں جبکہ خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی سیمی ایزدی کا مقابلہ ن لیگ کی سائرہ افضل تارڑ سے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب سے سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر پولنگ کل ہو گی، پنجاب اسمبلی کو پولنگ سٹیشن قراردےدیاگیا ہے، صوبائی الیکشن کمشنر ظفر حسین ریٹرننگ افسرہوں گے۔

    جنرل نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے ولید اقبال اور ن لیگ کے سعود مجید کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ خواتین کی نشست پرپی ٹی آئی کی سیمی ایزدی اورن لیگ کی سائرہ افضل تارڑ مدمقابل ہیں۔

    سینیٹ کی دو نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے 13 امیدوار دوڑ میں شامل ہیں، ایک امیدوار جمشید اقبال کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں، عمومی نشست کے لیے 3 خواتین کی مخصوص نشست پر 10امیدوار مد مقابل ہیں۔

    دس امیدواروں میں سے عمومی نشست پر ولید اقبال ، سعود مجید، شیخ عابد وحید کے درمیان مقابلہ ہیں جبکہ خواتین کی نشست پرسیمی ایزدی، تنزیلہ ،عشرت اشرف، زرقا تیمور مدمقابل ہیں ، امیدواروں میں عاصمہ شجاع اور روبینہ شاہین بھی شامل ہیں۔

    خیال رہے سپریم کورٹ نے سعدیہ عباسی کی رکنیت کالعدم قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سعدیہ عباسی کاغذات جمع کراتے وقت دہری شہریت کے حامل تھی اورسعدیہ عباسی اورہارون اختر کی نااہلی کے باعث نشستیں خالی ہوئی تھیں۔

    دوسری جانب اپوزیشن لیڈرحمزہ شہبازنے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام طلب کر لیا ہے ،جس میں ن لیگ کےامیدواروں کو جتوانے کی حکمت عملی طے کی جائے گی، اجلاس میں ارکان کو ووٹ ڈالنے کا طریقہ اور پریکٹس کرائی جائے گی۔

  • سینیٹ اجلاس اپوزیشن کے شورشرابے کی نذر، غیرپارلیمانی الفاظ کا استعمال

    سینیٹ اجلاس اپوزیشن کے شورشرابے کی نذر، غیرپارلیمانی الفاظ کا استعمال

    اسلام آباد: سینیٹ اجلاس ایک بار پھر  اپوزیشن ارکان کے شور شرابے کی نذر ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق آج ایوان بالا میں اپوزیشن ارکان نے حسب روایت حکومت پر گولہ باری کی اور غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کیے۔

    ن لیگ کے سینیٹر  مشاہد اللہ نے مائیک چھوڑنے سے انکار کر دیا. اس دوران انھیں دیگر  پارٹیوں کے ارکان سمجھاتے رہے، مگر انھوں‌ نے حکومتی بینچوں پر تنقید جاری رکھی.

    مشاہداللہ کےالفاظ پرحکومتی ارکان نشستوں سے کھڑے ہوگئے، جس پر مشاہد اللہ سیخ‌ پا ہوگئے، انھوں نے وفاقی وزیراطلاعات پر بھی  تنقید کی.

    اپوزیشن ارکان نے چیئرمین سینیٹ پر بھی جانب داری کاالزام لگا دیا، مشاہد اللہ اورنعمان وزیرمیں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا.


    مزید پڑھیں: پنجاب میں‌ سینیٹ‌ الیکشن: وزیراعظم کی رہنماؤں کو بھرپور تیاری کی ہدایت


    چیئرمین سینیٹ کی مشاہداللہ خان کوغیرپارلیمانی الفاظ استعمال نہ کرنےکی تنبیہ کی، مگر چیئرمین سینیٹ کے روکنے کے باوجود مشاہداللہ نےغیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال جاری رکھا، چیئرمین سینیٹ نے مشاہد اللہ خان کے الفاظ حذف کرا دیے.

    بعد ازاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے  حذف کی گئی کارروائی نشرکرنے پر رولنگ دی.

    صادق سنجرانی نے کہا کہ غیر مناسب الفاظ قواعد کے تحت حذف کئے جاتے ہیں، حذف الفاظ کی اشاعت اور نشر کرنےپرپر پابندی ہے.