Tag: سینیٹ

  • فاروق ستارنے سینیٹ کی چارنشستیں فروخت کردیں، فیصل واوڈا کا دعویٰ

    فاروق ستارنے سینیٹ کی چارنشستیں فروخت کردیں، فیصل واوڈا کا دعویٰ

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے سینیٹ کی چار نشستیں فروخت کردی ہیں، عامر خان کو اس ڈیل کا پتہ چل گیا ہے۔

    اس بات کا انکشاف انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا نے فاروق ستار پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں ہونے والا اختلاف سب محض ڈرامہ اور تماشہ ہے، سربراہ ایم کیو ایم نے سینیٹ کی سیٹوں کا جو سودا کیا ہے اس کا خریدار کوئی اورنہیں پیپلزپارٹی ہے، ایم کیوایم کی چار سیٹیں کوڑیوں کے دام پیپلزپارٹی کو ہی ملیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ان سیٹوں کی فروخت کے بارے میں ڈیل کا علم رابطی کیمٹی کے رکن عامرخان کو بھی ہوگیا ہے اور یہ بھی ثابت ہوگیا ہے کہ تنظیم اور کارکنان عامرخان کے ساتھ کھڑے ہیں، پونے دو ماہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عامر خان ایم کیو ایم کو لیڈ کریں گے۔

    اس بار متحدہ کو چار نشستین ملنا بہت مشکل بلکہ ناممکن ہے،ایم کیو ایم پاکستان نے بہت تیر مارا تو شاید فروغ نسیم سینیٹر بن جائیں، بیرسٹر فروغ نسیم اچھے آدمی ہیں ذاتی طور پر ان کو سپورٹ کروں گا۔

    فیصل واوڈا نے انکشاف کیا کہ فاروق ستارکو نئے آئین میں ویٹو پاور حاصل ہے، انہوں نے وہ آئین چوری چھپے الیکشن کمیشن میں جمع بھی کرادیا ہے۔


    مزید پڑھیں: موجودہ حکومت پنجاب کی ایم کیو ایم ہے، فیصل واوڈا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔ 

  • سینیٹ انتخابات: تحریک انصاف کا اسحٰق ڈار کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کا فیصلہ

    سینیٹ انتخابات: تحریک انصاف کا اسحٰق ڈار کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے لیے اسحٰق ڈار کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کہتے ہیں کہ اسحٰق ڈار سمیت جنرل سیٹ اور ٹیکنو کریٹ کی نشستوں کو چیلنج کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اشتہاری ہے، اس کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن جیسے مقدمات ہیں، تحریک انصاف اسحٰق ڈار سمیت جنرل سیٹ اور ٹیکنو کریٹ کی نشستوں کو چیلنج کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اسحٰق ڈار کے جعلی دستخطوں سے کاغذات جمع کروائے گئے ہیں، ہم ان کاغذات کو چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کریں گے کہ 1984 قانون شہادت کے تحت اسحٰق ڈار کو طلب کریں اور وکلا کی موجودگی اور اپنے سامنے اسحٰق ڈار کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کروائیں۔

    محمود الرشید نے کہا کہ اسحٰق ڈار کے کاغذات نامزدگی پر جعل سازی کی گئی، وہ اہم کیسز میں مطلوب ہے، اپنی وزارت سے استعفے کے باوجود حکومت سینیٹ میں اسحٰق ڈار کی نمائندگی چاہتی ہے، نیب سے درخواست ہے کہ وہ حرکت میں آئے اور ایکشن لے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ عابد باکسر کے معاملے پر ہائی کورٹ کی سطح پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ بیسیوں بے گناہ لوگوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارا گیا، انکوائری کی جائے تاکہ پتہ چلے کہ ان بے گناہ لوگوں کے قتل کے پیچھے کن لوگوں کا ہاتھ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سینیٹ انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مہلت ختم

    سینیٹ انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مہلت ختم

    اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کا وقت ختم ہوگیا، ملک بھر سے متعدد کاغذات نامزدگی جمع کرائے گے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پنجاب میں کل 34 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جن میں جنرل نشستوں کے لیے 21، خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے 5-5 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 3 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

    سینیٹ الیکشن کے لیے سندھ میں کل 47 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جن میں جنرل نشستوں کےلیے 23، ٹیکنوکریٹ پر 11 جبکہ خواتین کی نشستوں کے لیے 9 اور اقلیتوں کی نشستوں پر 4 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

    سینیٹ انتخابات ، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

    خیبر پختونخواہ میں کل 34 کاغذات نامزدگی جمع کرئے گئے، جن میں جنرل نشستوں کےلیے 20، خواتین کےلیے 8، جبکہ ٹیکنویٹ کی 6 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرئے گئے۔

    سینیٹ انتخابات کے لیے بلوچستان میں 28 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جن میں جنرل نشستوں کے لیے 15، ٹیکنوکریٹ کے لیے 7 جبکہ خواتین کی 6 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

    سینیٹ انتخابات میں مخالفین کو مایوسی ہوگی، خواجہ سعد رفیق

    دوسری جانب اسلام آباد کی ٹیکنوکریٹ کی نشست کےلیے ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرایا، خیال رہے فاٹا کی 4 نشستوں پر فی الحال کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔

    یاد رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی 4 سے 6 فروری تک داخل ہوں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 فروری تک مکمل کر لی جائے گی۔ امیدواروں کی فہرست 15 فروری کو جاری ہوگی اور کاغذات نامزدگی 16 فروری تک واپس لئے جا سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بہادرآباد میں موجود پوری رابطہ کمیٹی فاروق ستار کے پاس جا رہی ہے، وسیم اختر

    بہادرآباد میں موجود پوری رابطہ کمیٹی فاروق ستار کے پاس جا رہی ہے، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں پوری رابطہ کمیٹی پی آئی بی جارہی ہے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم کیو ایم پاکستان کے دو رہنما جاوید حنیف اور محمد حسین بھی موجود تھے، وسیم اختر سے قبل آج کے روز ہی ایم کیو ایم کے دو اور وفود ڈاکٹر فاروق ستار کو منانے گئے تھے لیکن کامیابی حاصل نہیں کرسکے تھے.

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ فاروق ستار ہی ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ہیں اور وہی ایم کیو ایم ہیں، معمولی اختلافات ہوتے رہتے ہیں لیکن اس کا حال خوش اسلوبی کے ساتھ نکال لیا جائے گا.

    انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی پوری رابطہ کمیٹی جو اس وقت بہادر آباد میں موجود ہے ڈاکٹر فاروق ستار کی ہدایت پر پی آئی بی آجائے گی جہاں مسائل کے دیرپا اور فوری حل کی کوشش کریں گے.


     اسی سے متعلق : فاروق ستارنےغیرآئینی اجلاس کرنے والے اراکین رابطہ کمیٹی کو معطل کردیا


    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل دو وفود اور بھی فاروق ستار سے مل کر جا چکے ہیں جس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ بہادر آباد میں موجود پوری رابطہ کمیٹی پی آئی بی آئے گی جس کے بعد امید ہے کہ معاملات طے ہو جائیں گے.

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ آج بھی فاروق ستار متفقہ طور پر پارٹی کے سربراہ ہیں لیکن ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ تنظیمی پالیسی رابطہ کمیٹی ہی طے کرے جو کہ تنظیم کی سپریم کمیٹی بھی ہے.

    یاد رہے اس سے قبل گزشتہ روز بہادر آباد میں موجود رابطہ کمیٹی اور اراکین اسمبلی نے ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے بلائے گئے کارکنان کے اجلاس میں جانے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ تنظیم کا مرکزی دفتر بہادر آباد میں ہے اور یہیں کارکنان کا اجلاس ہونا چاہیئے۔


     یہ بھی پڑھیں : سینیٹ ٹکٹ پراختلافات، فاروق ستار کا بڑا اعلان کرنے کا فیصلہ


    خیال رہے کہ کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان واضح طور پر دو دھڑوں میں تبدیل ہوگئی تھی جس کے بعد نے اپنے گھر پی آئی بی پر فاروق ستار اور بہادر آباد میں مرکزی دفتر میں کنور نوید جمیل کی سربراہی میں علیحدہ علیحدہ اجلاس معاملے کو پیچیدہ بنا دیا تھا.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سینیٹ کی سب کمیٹی برائے پی آئی اے کا خصوصی اجلاس

    سینیٹ کی سب کمیٹی برائے پی آئی اے کا خصوصی اجلاس

    اسلام آباد : سینیٹ کی سب کمیٹی برائے پی آئی اے کا خصوصی اجلاس کمیٹی کے چیئرمین و سینیٹرفرحت اللہ بابر کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔

    اجلاس میں پی آئی اے کے ایئر بس310طیارہ اور سابق جرمن سی ای او سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی گئی، سینیٹ کی سب کمیٹی کے سابق جرمن سی ای او بیرون کے ملک جانے کے حوالے سے کمیٹی سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔

    چیئرمین پی آئی اے نے کہا کہ سابق جرمن سی ای اوبرنڈ ہلڈن برینڈ کو وزارت داخلہ نے جرمنی جانے کی اجازت دی تھی۔

    ایئر بس اے310کی فروخت سے متعلق سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے تفصیلات طلب کی تو چیئرمین پی آئی اے نے جواب دیا کہ ایئر 310کیلئے فروخت کے حوالے سے مختلف کمپنیوں کی بولیاں موصول ہوئی ہیں، ایئر بس 310سے متعلق نیب اور ایف آئی اے تحقیقات کر رہی ہیں۔

  • سینیٹ انتخابات وقت پر ہوں گے، پیپلزپارٹی پنجاب میں حکومت بنائے گی: آصف زرداری

    سینیٹ انتخابات وقت پر ہوں گے، پیپلزپارٹی پنجاب میں حکومت بنائے گی: آصف زرداری

    تونسہ: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات وقت پر ہوں‌ گے، اس بار پیپلزپارٹی پنجاب میں بھی حکومت بنائے گے.

    ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے تونسہ میں‌ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    انھوں نے مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو مظلوم کہتے ہیں. یہ کیسی مظلومیت ہے، پیشی کے وقت چھ گاڑیاں آگے ہوتی ہیں، چھ پیچھے ہوتی ہیں. مظلوم توہم تھے، عدالتوں میں‌ بکتربند گاڑی میں پیش ہوتے تھے. وہ خود کو مشہور کرنے کے لیے منفی سیاست کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے کیسز بھی بھگتے ہیں، نوازشریف نے خود مظلوم کہتے ہیں، یہ کیسے مظلوم ہیں، حکومت بھی ان کی ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی ان ہی کے ہیں. مظلوم ہم تھے ہم بکتر بند میں آتے تھے، کبھی اس میں بیٹھ کر دیکھیں۔

    بلوچستان میں جمہوری طریقے سے تبدیلی اچھا اقدام ہے، آصف زرداری

    انھوں‌ نے امید ظاہر کی کہ انتخابات وقت پر ہوں‌ گے اور ان کی پارٹی پنجاب میں‌ بھی حکومت بنانے میں‌ کامیاب رہے گی.

    آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے سی پیک کو سمجھا ہی نہیں. منگولیا کا سی پیک دیکھنا چاہیے، آپ نے چین سے ٹرامیں لگوائیں، یہ سوچ سوچ کی بات ہے۔ پاناما کیس عالمی معاملہ تھا، یہ کسی سیف الرحمان نے شروع نہیں‌ کیا۔ انھوں نے ن لیگ کی صوبائی حکومت پر تنگ نظری کا بھی الزام لگایا۔

    اس موقع پر سابق صدر نے رائوانوار سے متعلق پوچھے جانے والے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری

    سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے 3 فروری کو پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 4 تا 6 فروری متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کروا سکیں گے۔ امیداروں کے نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال 9 فروری تک مکمل ہوگی۔

    حتمی امیدواروں کی فہرست 15 فروری کو جاری کی جائے گی۔ 16 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ سینیٹ کی خالی ہونے والی 52 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • زینب قتل کیس: سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع

    زینب قتل کیس: سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں 7 سالہ زینب کی آبرو ریزی اور قتل کے خلاف سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروادیا گیا۔ نوٹس پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے جمع کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق قصور میں چند روز قبل اغوا اور بعد ازاں زیادتی و قتل ہونے والی 7 سالہ زینب کے خلاف سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروا دیا گیا۔ توجہ دلاؤ نوٹس پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے جمع کروایا۔

    نوٹس کے متن کےمطابق قصور میں 7 سال کی بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا، حیران کن بات ہے ایک سال میں قصور میں 10 واقعات ہوئے۔

    نوٹس میں شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات تشویش ناک اور پریشان کن ہیں۔ ایسے تمام واقعات کی مکمل تحقیقات ضروری ہے۔

    متن میں کہا گیا کہ سنگین واقعے پر وزیر قانون و انصاف ایوان میں جواب دیں۔

    یاد رہے کہ قصور کے علاقے روڈ کوٹ کی شہری 7 سالہ زینب 5 جنوری کی شام ٹیوشن پڑھنے کے لیے گھر سے نکلی تھی لیکن واپس نہیں لوٹی۔ بچی کے والدین عمرے کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے تھے جبکہ بچی اپنی خالاؤں کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔

    چار روز بعد بچی کی لاش قصور کی ایک کچرا کنڈی سے دریافت ہوئی۔ پولیس کے مطابق بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

    لاش ملنے کے بعد گزشتہ 2 روز سے قصور میں حالات سخت کشیدہ ہیں اور شدید احتجاج جاری ہے۔

    بچی کی نماز جنازہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے پڑھائی تھی۔ والدین اور اہل علاقہ نے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔


     

  • ملک بھر میں اگلے 5 برسوں میں 10 کروڑ درخت لگانے کا فیصلہ

    ملک بھر میں اگلے 5 برسوں میں 10 کروڑ درخت لگانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تغیرات (کلائمٹ چینج) کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اگلے 5 سالوں میں ملک بھر میں 10 کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر میر محمد یوسف بدینی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تغیرات (کلائمٹ چینج) کا اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں آئی جی جنگلات محمود ناصر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگلے 5 برسوں میں ملک بھر میں درختوں کے کنارے 10 کروڑ درخت لگائے جائیں گے جبکہ تیمر (مینگرووز) کے جنگلات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

    محمود ناصر نے بتایا کہ سنہ 2011 سے 2106 تک چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں 7 کروڑ سے زائد درخت لگائے گئے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب تک درخت کی کوئی خاص تعریف مقرر نہیں تھی، تاہم اب سے ہر 3 میٹر سے اونچا پودا درخت میں شمار کیا جائے گا۔

    کمیٹی کے اجلاس میں ارکان کو گرین کلائمٹ فنڈ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر سینیٹر محمد علی خان سیف کا کہنا تھا کہ یہ ایک عام بات ہے کہ ماحولیات کی مد میں ملنے والے فنڈز سے پرتعیش گاڑیاں خرید لی جاتی ہیں جس سے فنڈ دینے والوں کی نظر میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔

    کمیٹی نے وزارت کلائمٹ چینج کے حکام کو ہدایت کی کہ اس مد میں ملنے والے تمام فنڈز کو درست جگہ پر استعمال کیا جائے اور انہیں ضائع نہ ہونے دیا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ان کیمرہ اجلاس کا احوال میڈیا پر بیان کرنے والے اراکین کا معاملہ کمیٹی کے سپرد

    ان کیمرہ اجلاس کا احوال میڈیا پر بیان کرنے والے اراکین کا معاملہ کمیٹی کے سپرد

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ ان کیمرہ اجلاس کی باتیں باہرجانے سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے اور فاضل ممبران نے ایوان کے تقدس کو پامال کیا ہے جس پر کارروائی ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق ان کیمرہ اجلاس میں ہونے والی باتیں پبلک ہونے پرچیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ارکانِ پارلیمنٹ سے باز پرس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ چند ارکان نے ان کیمرہ بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجلاس کی باتیں افشاء کردیں جو کہ پارلیمان کے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔


     آرمی چیف کی سینیٹ کو بریفنگ، کب کیا ہوا ؟ لمحہ بہ لمحہ رپورٹ


    انہوں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ رول 225 کے مطابق ان کیمرہ بریفنگ کی تفصیلات کی تشہیرکرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ معاملہ ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے سپرد کیا جاتا ہے جس میں قائد ایوان، قائد حزب اختلاف اور پارلیمانی رہنما شامل ہوں گے کمیٹی جانچ کرکےآئندہ ان کیمرہ اجلاس کی حکمت عملی تیارکریگی اور جو ان کیمرہ سیشن سےمتعلق ارکان سینیٹ پرقدغن لگائیں گے۔

    رضا ربانی نے کہا کہ بات باہرجانی ہےتوان کیمرہ کافائدہ نہیں چند ارکان خاص کر ایک رکن نے تمام باتیں پبلک کر دی ہیں، ایسا رویہ رکھنے پر آئندہ کون سا ادارہ یا شخص ان کیمرہ بریفنگ دینے پر تیار ہوگا۔


     پاک فوج کی قومی سلامتی کے امور پر سینیٹ ارکان کو بریفنگ


    چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ میڈیا اپنا کام کرنے اور خبر دینے میں آزاد ہے اور میڈیا کو کنٹرول کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے تا ہم پارلیمانی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف تادیبی کارروائی ہو گی۔

    دریں اثناء چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اظہار خیال کیا اور ارکان پارلیمنٹ کے سوالوں کے جوابات بھی دیتے ہوئے بتایا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سفارشات پرعمل شروع ہوگیا ہے اور یہ بات صوبوں کے علم میں لائی جا چکی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں‌ وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو مزید بتایا کہ چاروں صوبوں میں‌ گیس کے مسائل ہیں جس کے لیے ایل این جی کے معاملے پر صوبائی وزرائے اعلیٰ سے 3 ملاقاتیں ہوئیں جب کہ سوئی ناردن گیس حکام کے ساتھ بھی ایک ملاقات ہوئی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوئی ناردرن ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی ہے جس پر مشترکہ مفادات کی کونسل کے قوانین لاگو نہیں ہوتے تاہم ہر صوبے میں ایک ڈی جی پی مقرر کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے اس کے علاوہ پورے پاکستان میں ایک ریگولیٹر مقرر کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مذکورہ تمام معاملات مشترکہ مفادات کی کونسل میں موجود ہیں لیکن اس پر صوبے متفق نہیں ہو سکے ہیں تاہم معاملے کو جلد از جلد نمٹانے کی کوششیں جاری ہیں اور امید ہے جلد حتمی نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔

    اس موقع پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سینیٹ آمد اور متعلقہ سوالات کے جوابات دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی سینیٹ کارروائی میں حصہ لینے سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔