Tag: سیٹ بیلٹ

  • ڈرائیونگ کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں

    ڈرائیونگ کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں

    ڈرائیونگ کرنا ایک ایسی ذمہ داری ہے کہ ڈرائیور سیٹ پر بیٹھتے ہی بدل جاتا ہے وہ پہلے جیسا شخص نہیں رہتا وہ یکسر تبدیل ہوجاتے ہیں۔ 

    اگراس پر آپ کے ذہن میں سوال آرہا ہے کہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے کیا کرنا اور کیا نہیں کرنا چاہیے تو اس جواب سیدتی میگزین کی رپورٹ میں دیا گیا ہے۔

     اس میں ماہرین نے ان عام غلطیوں کی نشاندہی کی ہے جو زیادہ تر لوگ دوران ڈرائیونگ کرتے ہیں ان سے نہ صرف گاڑی کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

    تھکاوٹ

    اگر آپ جسمانی طور پر اچھا محسوس نہیں کر رہے یا تھکاوٹ کا شکار ہیں تو اس صورت میں کبھی ڈرائیونگ سیٹ پر نہ بیٹھیں، اگر آپ کے جسم کو آرام کی ضرورت ہے تو اس صورت میں آپ کو آرام کرنا چاہیے۔

    اگر ایسی صورت حال کا سامنا راستے کے درمیان کرنا پڑ گیا ہے تو بھی گاڑی روک دیں اور آرام کریں کیونکہ اس کے بعد آپ اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے لیکن دوسری صورت میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

    تیز رفتاری

    ماہرین تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں اور جس سڑک پر آپ سفر کر رہے ہیں اس کے لیے مقررہ معیار کی پابندی کرنے پر بھی زور دیتے ہیں اور ہر سال اسی وجہ سے کئی ایکسیڈنٹس ہوتے ہیں۔

    مناسب جوتے پہنیں

    ہوائی چپل یا عام طور پر باتھ روم وغیرہ میں استعمال ہونے والی جوتی میں گاڑی چلانا خطرناک ہو سکتا ہے اسی طرح ننگے پاؤں تو قطعی گاڑی چلانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔

    ماہرین کہتے ہیں کہ مناسب جوتے پہن کر گاڑی چلائی جائے وہ بوٹ بھی ہو سکتے ہیں اور سینڈل بھی تاہم ڈھیلے ڈھالے یا پیر کے سائز سے بڑے یا چھوٹے جوتے استعمال کرنے سے گریز کریں۔

    سیٹ بیلٹ

    یہ ایک اہم بات ہے سیٹ بیلٹ کی اہمیت بہت زیادہ  ہے کسی بھی حادثے کی صورت میں اس کی بدولت جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

    ہیڈ فون کا استعمال

    سفر خصوصاً لمبے سفر کے دوران موسیقی کا سنا جانا کوئی انہونی بات نہیں ہے اور یہ زیادہ قابل اعتراض بھی نہیں ہے تاہم اس کے لیے ہیڈفون کا استعمال کرنا زیادہ اچھی بات نہیں ہے۔

    ہیڈفون کے ذریعے موسیقی سنتے ہوئے آپ کی توجہ بٹتی ہے اور باہر کی آوازیں بھی درست طور پر سنائی نہیں دیتیں جیسا کہ کسی دوسری گاڑی کا ہارن وغیرہ، اس لیے کوشش کی جانی چاہیے کہ اگر موسیقی سننا بھی ہے تو اسپیکر سے سنی جائے۔

    موبائل فون کا استعمال

    ڈرائیو کرتے ہوئے آپ کا ذہن اور آنکھیں ڈرائیونگ پر مرکوز رہنی چاہییں اور اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ آج کل موبائل فون بنتا دیکھا جا رہا ہے اکثر کال آنے پر لوگ باتیں کرتے  ہیں اور پھر اس کا استعمال بھی کرتے ہیں یہ عمل مزید توجہ بٹا سکتا ہے۔

    اس لیے کوشش کی جائے کہ دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال نہ کیا جائے جبکہ اس پر ٹیکسٹ میسیج لکھنا یا پڑھنا اس سے بھی زیادہ خطرناک ہو سکتاہے۔

    اگلی گاڑی سے کچھ فاصلہ رکھیں

    اکثر ڈرائیور اگلی گاڑی کے بہت قریب چلتے ہیں اور اگر اس کو ہنگامی طور پر بریک لگانا پڑ جائے تو آپ کی گاڑی اس سے ٹکرا سکتی ہے اس لیے مناسب فاصلہ رکھ کر گاڑی چلائیں۔ جبکہ اگر آپ کے پیچھے کوئی گاڑی بہت قریب چل رہی ہے تو بائیں طرف ہٹ کر اس کو آگے نکلنے کا موقع دے دیں۔

    گاڑی کی رفتار میں اچانک اضافہ یا کمی کرنے کو غلطی ہی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اس سے ایک تو حادثہ پیش آنے کا رہتا ہے اور دوسرا اس سے گاڑی کی حالت پر بھی منفی اثر پڑتا ہے

  • پولیس نے برطانوی وزیر اعظم کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ کر دیا

    مانچسٹر: لنکا شائر پولیس نے برطانوی وزیر اعظم رشی سناک کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سناک پر سوشل میڈیا ویڈیو بنانے کے دوران چلتی کار میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    برطانوی وزیر اعظم رشی سناک نے لنکا شائر میں اپنے دورے کے بعد ویڈیو پیغام جاری کیا تھا، اور اپنی غلطی پر معذرت کی تھی، تاہم لنکا شائر پولیس نے ویڈیو کلپ سامنے آنے کے بعد وزیر اعظم پر جرمانہ کر دیا۔

    وزیرا عظم ہاؤس نے کہا ہے کہ رشی سناک مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ یہ ایک غلطی تھی اور انھوں نے معافی بھی مانگ لی ہے اور وہ جرمانہ ادا کریں گے۔

    برطانوی وزیراعظم نے چلتی کار میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر معذرت کرلی

    برطانیہ میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والے مسافروں کو دستیاب ہونے پر 100 پاؤنڈ جرمانہ کیا جا سکتا ہے، اگر کیس عدالت میں جاتا ہے تو یہ 500 پاؤنڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

    وزیر اعظم رشی سناک انگلینڈ کے شمال میں سفر کے دوران لنکا شائر میں تھے جب ویڈیو بنائی گئی، اس کا مقصد برطانیہ میں تمام شہریوں کو یکساں مواقع کی فراہمی کی پالیسی کے لیے اخراجات کا حصول ہے، یہ ویڈیو سناک کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ یہ دوسری بار ہے جب سناک کو حکومت میں رہتے ہوئے مقررہ جرمانے کا نوٹس ملا ہے، اس سے قبل انھیں میٹ پولیس لاک ڈاؤن قوانین کی خلاف ورزی پر بھی جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

  • پرانے ماڈل کی گاڑیوں پر سیٹ بیلٹ کا جرمانہ نہیں ہوگا

    پرانے ماڈل کی گاڑیوں پر سیٹ بیلٹ کا جرمانہ نہیں ہوگا

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ سیٹ بیلٹ خلاف ورزی کا اطلاق 1985 سے زیادہ پرانی گاڑیوں پر نہیں کیا جاتا۔

    سعودی ٹریفک پولیس کے مطابق سیٹ بیلٹ کا قانون ڈارئیوروں کی حفاظت کے لیے ہے جس کا مقصد کسی بھی تصادم کی صورت میں ڈرائیور اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ہوئے شخص کی حفاظت ہے۔

    سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ 150 ریال ہے لیکن وہی خلاف ورزی ایک ماہ کے دوران دوبارہ کی گئی تو اس صورت میں چالان کی رقم دگنییا 24 گھنٹے قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔

    سیٹ بیلٹ کا چالان صرف ڈرائیور پر ہی نہیں کیا جاتا بلکہ فرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والا اگر سیٹ بیلٹ استعمال نہیں کرتا تو اس کا چالان بھی گاڑی کے مالک کے نام سے کیا جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق 1985 یا اس سے پرانی ماڈل کی گاڑیوں میں جن میں سیٹ بیلٹ نہیں ہوتی تھی، ان پر چالان نہیں کیا جاتا، اگر ان گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر چالان ہوجائے تو انہیں ختم کروایا جا سکتا ہے۔

    سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیورز کو خبردار کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک نے مقامی اور غیرملکی ڈرائیورز کو خبردار کیا تھا کہ سڑک پر لین کے مطابق گاڑیاں چلائیں بصورت دیگر سخت جرمانہ ہوگا۔

  • کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

    کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

    گاڑی چلانا ایک ایسا کام ہے جس کے لیے نہایت مشاقی و مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران دماغی طور پر حاضر رہنا بھی نہایت ضروری ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں سیکنڈ کے ہزارویں حصہ میں فیصلہ کر کے اپنی اور گاڑی میں بیٹھے دیگر افراد کی جانیں بچائی جائیں۔

    لیکن ہر شخص ان اصولوں کی پاسداری نہیں کرتا۔ ڈرائیونگ کے دوران آپ کا واسطہ بے شمار ایسے افراد سے پڑے گا جو نہایت لاپرواہی سے گاڑی چلا کر اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیں گے۔

    یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی تجاویز بتارہے ہیں جن کو اپنا کر کسی حادثے کی صورت میں آپ اپنا بچاؤ کر سکتے ہیں۔

    یہ تجاویز آپ کو شدید زخمی ہونے سے بچائیں گی جن کے بعد آپ اپنے ہوش و حواس بحال رکھتے ہوئے قریبی اسپتال جا کر ابتدائی طبی امداد حاصل کرسکتے ہیں۔

    گاڑی خریدنے کا پہلا اصول

    accident-5

    جب بھی آپ گاڑی خریدیں تو اس سے پہلے کچھ ہوم ورک ضرور کریں۔ انٹرنیٹ پر اس گاڑی کے ماڈل کی سیفٹی ریٹنگز سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔

    یہ ریٹنگز بتاتی ہیں کہ کسی حادثے کی صورت میں گاڑی میں بیٹھے افراد کو اگلی گاڑی نے زیادہ نقصان پہنچایا یا جس گاڑی میں وہ بیٹھے تھے وہی گاڑی ان کے زخمی ہونے کا سبب بنی۔

    سیٹ بیلٹ کا استعمال

    accident-4

    سفر کے دوران سیٹ بیلٹ کا استعمال ایک ایسی مفید عادت ہے جو آپ کو کسی بھی خطرناک صورتحال سے بچا سکتی ہے۔

    نہ صرف حادثے کی صورت میں، بلکہ سڑک پر اگر ایمرجنسی بریک بھی لگائے جائیں تب بھی آپ کا سر اگلی سیٹ یا شیشے سے ٹکرا سکتا ہے جس سے بچنے کا واحد حل سیٹ بیلٹ پہننا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سڑک پر پیش آنے والے کار ایکسیڈنٹس میں 98 فیصد اموات سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے باعث ہوتی ہیں۔

    یہ عمل اس وقت اور بھی ضروری ہے جب آپ کے ساتھ گاڑی میں بچے بھی موجود ہوں۔ بچوں کو گاڑی میں بٹھا کر سیٹ بیلٹ باندھنے سے قبل کبھی بھی گاڑی نہ چلائیں۔

    گاڑی میں موجود ایئر بیگ

    accident-2

    گاڑی کے اسٹیئرنگ وہیل پر لگا ائیر بیگ کسی حادثے کی صورت میں آپ کے سر اور چہرے کو شدید زخمی ہونے سے بچا سکتا ہے تاہم اس کے لیے بھی کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ضروری ہیں۔

    ڈرائیونگ کے دوران ہاتھوں میں گھڑی یا زیورات پہننے سے گریز کریں۔ اکثر حادثات میں ایئر بیگ اور چہرے کے درمیان ہاتھ آگئے جن میں پہنی گھڑیاں اور زیورات چہرے کو شدید زخمی کرنے کا سبب بنیں۔

    بازؤں کو اسٹیئرنگ وہیل پر ترچھا (کراس) کر کے مت رکھیں۔ دایاں ہاتھ دائیں جانب اور بایاں ہاتھ بائیں جانب رکھ کر گاڑی چلائیں۔

    اسی طرح ڈرائیونگ کے دوران اپنی گود میں کوئی ایسی چیز رکھنے سے گریز کریں جو حادثے کے دوران آپ کا چہرہ ایئر بیگ تک پہنچنے سے روک دے۔

    ایئر بیگ کو کچھ عرصے بعد اچھی طرح چیک کرتے رہیں تاکہ اگر اس میں کوئی خرابی ہے تو اس کا علم ہوسکے اور فوری طور پر اس کو درست کیا جاسکے۔

    گاڑی میں غیر ضروری سامان

    accident-3

    گاڑی میں بغیر کسی سہارے کے رکھا ہوا ہلکا پھلکا سامان جیسے بیگ، موبائل فون، کھانے پینے کی اشیا یا لیپ ٹاپ وغیرہ کسی حادثے کی صورت میں اپنی جگہ سے اچھل کر آپ سے ٹکرا سکتے ہیں جس سے آپ کے زخمی ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ایکسیڈنٹ کے بعد

    ایکسیڈنٹ کے فوراً بعد قریبی اسپتال ضرور جائیں۔ ہوسکتا ہے آپ کو کوئی ظاہری چوٹ نہ لگی ہو، لیکن جھٹکے سے آپ کو کوئی اندرونی جسمانی یا دماغی چوٹ لگنے کا امکان ہو سکتا ہے جس کی درست تشخیص کوئی ڈاکٹر ہی کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

  • سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ملکہ برطانیہ کے خلاف پولیس کو شکایت

    سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ملکہ برطانیہ کے خلاف پولیس کو شکایت

    لندن: ایک برطانوی شہری نے ملکہ برطانیہ کے خلاف پولیس کو شکایت درج کروا دی کہ انہوں نے کار میں سیٹ بیلٹ نہ پہن کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

    ویسٹ یارک شائر کی پولیس کے مطابق برطانیہ میں نئی پارلیمنٹ کے آغاز کے پہلے روز جب ملکہ الزبتھ پارلیمنٹ سے خطاب کے لیے جارہی تھیں تب مذکورہ شہری نے انہیں بغیر سیٹ بیلٹ کے دیکھا۔

    شہری نے پولیس کے ایمرجنسی نمبر پر کال کر کے شکایت درج کروائی تاہم پولیس نے کوئی کارروائی کرنے سے گریز کیا۔

    مزید پڑھیں: پولیس کو موصول ہونے والی بے مقصد لیکن مزیدار کالز

    برطانوی قوانین کے مطابق سفر کے دوران کار میں سیٹ بیلٹ پہننا لازم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، تاہم ملکہ کو کسی بھی فوجداری یا دیوانی مقدمے کی صورت میں استثنیٰ حاصل ہے۔

    پولیس نے مذکورہ کال کو وقت ضائع کرنے والی کال قرار دیتے ہوئے شہریوں کو آئندہ اس قسم کی کالز سے گریز کی ہدایت کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔