Tag: سیپکو

  • کرنٹ لگنے سے اموات، سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    کرنٹ لگنے سے اموات، سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیپکو (سکھر) میں جولائی 2019 سے نومبر 2020 تک کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کے معاملے پر نیپرا نے سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    نیپرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران بجلی سے 20 افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں، جس پر اتھارٹی نے تحقیقات کے لیے 3 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی، نیپرا تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں 20 میں سے 11 اموات میں سیپکو کو قصور وار قرار دیا گیا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ 11 اموات میں 4 سیپکو کے ملازمین جب کہ 7 عام لوگ تھے، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت سیپکو کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا، اور سماعت کا موقع دیا۔

    نیپرا کے مطابق سیپکو ضابطہ اخلاق اور حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہا، سیپکو نیپرا کے طے کردہ معیارات کے مطابق اتھارٹی کو اموات کی اطلاع دینے میں بھی ناکام رہا۔

    اتھارٹی نے سیپکو کو سوگوار خاندانوں کو سیپکو ملازمین کے برابر 35 لاکھ فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کی جائیں۔

  • حیسکو اور سیپکو کو کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،گورنر سندھ

    حیسکو اور سیپکو کو کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ حیسکو اور سیپکو کو کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی زیرصدارت حیسکو،سیپکوکے اضلاع میں بجلی کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب،معاون خصوصی شہزاد قاسم بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں بجلی کی صورتحال،تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ حیسکو اور سیپکو کوکارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،منتخب نمائندوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ جلد عمر ایوب کے ساتھ حیسکو،سیپکو کے اضلاع کا دورہ کروں گا،نمائندوں،بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ساتھ بٹھا کر مسائل حل کرنے ہیں۔

    وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مسلسل بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کرےگی۔

    اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے اضلاع میں بجلی فراہمی کی صورتحال ابتر ہے،کئی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے،خراب ٹرانسفارمرز ،تاروں کے ٹوٹنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • حیسکو اور سیپکو سندھ سے چلے جائیں، مراد علی شاہ

    حیسکو اور سیپکو سندھ سے چلے جائیں، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزارتِ پانی و بجلی کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کو بجلی نہیں دے سکتے تو یہاں سے چلے جائیں۔

    وہ سندھ اسمبلی میں خطاب کر رہے تھے، انہوں نے حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کے حوالے سے عوامی شکایات پر کان نہ دھرنے پر دونوں اداروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حیسکو اور سیپکو ہمارے صوبے کو بجلی نہیں دے سکتےتو اپنا سامان اٹھائیں اور یہاں سے چلے جائیں کیوں کہ یہ دونوں ادارے عوام کے لیے مفید ہونے کے بجائے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔

    انہوں نے وفاق کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی بحران سے نمٹنے کے لیے سندھ کو درکار وسائل سے محروم اور اختیارات استعمال کرنے سے سے روکا جا رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق وزارت پانی و بجلی سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے جب کہ وزیر مملکت موصوف الٹا سندھ کے باسیوں پر ہی برس پڑتے ہیں۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے سندھ میں بجلی کے بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈالتے ہوئے سخت تنقید کا مظاہرہ کیا تھا۔

  • لاڑکانہ سینٹرل جیل میں بجلی منقطع ایک قیدی جان سے گیا

    لاڑکانہ سینٹرل جیل میں بجلی منقطع ایک قیدی جان سے گیا

    لاڑکانہ: سینٹرل جیل میں گذشتہ چار روز سے کٹنے والی بجلی اور شدید گرمی کے باعث ایک قیدی جاں بحق جبکہ 5 کو شدید تشویشناک حالت میں جیل وارڈ کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیپکو اتنظامیہ نے دو کروڑ 75 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر چار روز قبل سینٹرل جیل کی بجلی منقطع کردی گئی تھی جس کے بعد جیل انتظامیہ نے سیپکو حکام  سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا مگر جیل کی بجلی بحال کروانے میں ناکامی کا سامنا رہا۔

    سیپکو حکام نے جیل انتظامیہ کو واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی جائے گی بجلی بحال نہیں کی گئی، جس کے باعث آج  شدید گرمی کی وجہ سے 6 قیدیوں کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں طبی امداد کے لئے سینٹرل جیل کے اسپتال میں داخل کروایا گیا، اسپتال منتقل ہونے والے قیدیوں میں سے  55 سالہ یوسف سومرو چانڈ نامی شخص اسپتال منتقل ہونے سے قبل راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    جیل انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والا قیدی قتل کے مقدمے میں سزایافتہ تھا، جیل ذرائع کے مطابق بجلی منقطع ہونے سے گرمی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 650 قیدیوں کی گنجائش والے اس جیل میں 951 قیدی موجود ہیں۔

    اے آر وائی خبر نشر ہونے کے بعد سیپکو چیف نے جیل حکام سے رابطہ کر کے بجلی کی جلد بحالی کے لیے یقین دہانی کروا دی ہے جبکہ وزیرداخلہ سندھ سہیل انوز سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔