Tag: سیکریٹری جنرل

  • اقوام متحدہ کا ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کا ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

    اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایک بارپھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق 7 روزہ جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر سفاکانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں کل سے اب تک 184 فلسطینی شہید ہوگئے ۔

    رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والوں میں 3 صحافی بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ اس حملے میں 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد پر بھی حملہ کیا ہے جس میں 3 شہری شہید ہوئے ہیں۔

    عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد اسرائیل نے رفح کراسنگ سے فلسطینیوں کو امداد کی سپلائی بند کرادی۔

    اسرائیل کی اس وحشیانہ حملے کے بعد اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایک بارپھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، دوسری جانب قطر کا کہنا ہے ایک بار پھر جنگ میں وقفے کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان سات روزہ جنگ بندی کا آغاز 24 نومبر سے شروع ہوا تھا، اس دروان غزہ میں قید درجنوں یرغمالیوں کے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کی اجازت دی تھی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ میں امداد کے ٹرکوں کی داخلے کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔

    جمعرات کے روز حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے توسیعی مدت ختم ہونے کے بعد آخری گھنٹوں میں جنگ بندی میں مزید ایک روزہ توسیع کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • او آئی سی کے سیکریٹری جنرل لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے

    او آئی سی کے سیکریٹری جنرل لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل وفد کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے، وفد ایل او سی پر متاثرین سے بھی ملاقات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل وفد کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے، سعودی عرب، ترکیہ، مالدیپ، آذر بائیجان، نائیجیریا، سینیگال کے حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

    وفد کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی وفد ایل او سی پر متاثرین سے بھی ملاقات کرے گا۔ او آئی سی سیکریٹری جنرل مظفر آباد میں یادگار شہدا کا بھی دورہ کریں گے۔

    وفد کی آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔

  • کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: سیکریٹری جنرل او آئی سی

    کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: سیکریٹری جنرل او آئی سی

    اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں، اجلاس سے افغانستان میں انسانی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ، انڈونیشیا، اردن، کرغستان، قازقستان، بنگلہ دیش اور سیرالیون کے وفود اسلام آباد سے روانہ ہوگئے۔

    وزیر مملکت فرخ حبیب اور وزیر مملکت علی محمد خان نے مہمانوں کو الوداع کیا۔

    روانگی سے قبل سیکریٹری جنرل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکر گزار ہوں، کانفرنس کامیاب رہی جو ایک خوش آئند بات ہے۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اجلاس سے افغانستان میں انسانی صورتحال میں بہتری آئے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی تعینات کیا جائے، کل امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان وفد سے بھی ملاقات کی۔

    انہوں نے کہا کہ اجلاس کی ایک اور کامیابی افغانستان کے لیے فنڈ کا قیام ہے۔

    وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کے شکر گزار ہیں، افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ اس المیے کے سد باب کے لیے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھر پور آواز اٹھائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھرپور پیغام گیا ہے، افغانستان کے نمائندہ خصوصی افغان عوام کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔ او آئی سی کے اس غیر معمولی اجلاس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

  • اقوام متحدہ کا افغانستان کی صورتحال پر اظہار تشویش

    اقوام متحدہ کا افغانستان کی صورتحال پر اظہار تشویش

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے افغانستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ افغانستان میں پرامن تصفیے کے لیے پرعزم ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے افغانستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ طالبان سمیت تمام فریقین انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ جانوں کا تحفظ اور ضروریات پوری کرنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کیا جائے، اقوام متحدہ افغانستان میں پرامن تصفیے کے لیے پرعزم ہے۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ تمام افغانوں کے انسانی حقوق کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان افغان دارالحکومت کابل اور بعد ازاں صدارتی محل کا کنٹرول حاصل کرچکے ہیں، صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہوچکے ہیں جبکہ افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کا اعلان ہوچکا ہے۔

  • کرونا سے لڑتے غریب ممالک کو قرضوں میں رعایت دینی چاہیے،انتونیوگوتریس

    کرونا سے لڑتے غریب ممالک کو قرضوں میں رعایت دینی چاہیے،انتونیوگوتریس

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے لڑتے غریب ممالک کو قرضوں میں رعایت دینی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا وبا سے لڑتے غریب ممالک کو قرضوں میں رعایت دی جانی چاہیے۔

    انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ کسادبازاری کے باعث کئی ترقی پزیر ممالک غیر محفوظ ہیں،ترقی پذیرممالک پہلے ہی قرضوں کی پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    وزیراعظم کا ترقی پذیر ممالک کی امداد میں اضافے کا مطالبہ

    اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کرونا وبا اور ترقی کے لیے سرمایہ کاری پر ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وبا ایک عالمی مسئلہ ہے جس نے عالمی معیشت پر برے اثرات مرتب کیے ہیں اس وبا سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کریں، ترقی پذیر ممالک کی امداد میں اضافہ ہونا چاہیے۔

  • سیکریٹری جنرل نے ماہرہ خان کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

    سیکریٹری جنرل نے ماہرہ خان کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے معروف اداکارہ اور مہاجرین کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان سے ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے معروف پاکستانی اداکارہ اور خیر سگالی سفیر برائے مہاجرین ماہرہ خان سے ملاقات کی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہمیں افغان مہاجرین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کے 40 سال مکمل ہوگئے ہیں، اس موقع پر مہاجرین کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان سے مل کر خوشی ہوئی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ میں ماہرہ خان اور تمام پاکستانیوں کے غیر معمولی تعاون پر ان کا شکر گزار ہوں۔

    بعد ازاں ماہرہ خان نے بھی ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ میں اس سلسلے میں مزید کام کرنے کی منتظر ہوں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے ماہرہ خان کو پاکستان میں اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کیا تھا۔

    اس موقع پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے افغان مہاجرین کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان 4 دہائیوں سے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی مدد کر رہا ہے۔

  • افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے، انتونیوگوتریس

    افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے، انتونیوگوتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایوان صدر میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران نے افغان مہاجرین کو فراخدلی سے قبول کیا، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ امن مشنز کی کامیابی میں پاکستان کے کردار کوسراہتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تغیرات کے خلاف اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کوشاں ہے۔

    دوسری جانب صدر پاکستان نے کہا کہ مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے انتونیوگوتریس کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں، محدود وسائل کے باوجود افغان مہاجرین کے لیے پاکستان نے کشادہ دلی کامظاہرہ کیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعظم نے اقتدار میں آتے ہی بھارت کو مسائل کے حل کی دعوت دی، پاکستان کے برعکس بھارت نے ماضی کے تجربات سے کچھ نہیں سیکھا، ہمسایہ ملک نے جنگی جنون کو فروغ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ 5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورت حال تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، مقبوضہ کشمیر میں عالمی مبصرین اور میڈیا کی رسائی ہونی چاہیے، مسئلہ کشمیر کےحل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد ہوناچاہیے۔

  • آرمی چیف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    آرمی چیف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقات کی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیکورٹی، مسئلہ کشمیر، افغانستان میں مفاہمتی عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی، امن مشن میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مستحکم اور پرامن پاکستان کے لیے پرعزم ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یو این فوجی مبصرگروپ کو کشمیرمیں رسائی دینے پر شکرگزار ہیں، خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تقلید ہیں۔

    پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں،انتونیوگوتریس

    اس سے قبل انتونیوگوتریس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی دستوں نے دوسروں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔

  • پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں،انتونیوگوتریس

    پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں،انتونیوگوتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی دستوں نے دوسروں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائدجوانوں نے امن مشنز میں کام کیا، پاکستانی افسران امن مشن میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے اقدامات میں مشکلات درپیش ہیں، نئے چیلنجز امن کے تمام شراکت داروں کے لیے اہم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امن مشنز میں پاکستانی افواج کے 157جوانوں نے شہادت پائی، پاکستانی افواج ، پولیس اور سویلینز کا عزم امن مشن کے لیے شاندار ہے۔

    اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی امن مشنز سے متعلق تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا۔

  • افغان مہاجرین کو اعتماد دینا ہوگا کہ ان کا مستقبل افغانستان میں ہے: سیکریٹری جنرل، وزیر خارجہ

    افغان مہاجرین کو اعتماد دینا ہوگا کہ ان کا مستقبل افغانستان میں ہے: سیکریٹری جنرل، وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور یو این ایچ سی آر کے سربراہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتا ہے، افغان مہاجرین کو اعتماد دینا ہوگا کہ ان کا مستقبل افغانستان میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ مہاجرین سمٹ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور یو این ایچ سی آر کے سربراہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

    نیوز کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا ایک دوسرے پر انحصار ہے، ہمیں پائیدار حل کے لیے ایک دوسرے کا ہاتھ بٹانا ہوگا۔ افغان امن کو نقصان پہنچانے والے موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں امن دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانا ہوں گے، زلمے خلیل زاد کی بات سن کر یقین ہوا کہ امریکا ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائے گا۔ مہاجرین کی میزبانی کے لیے اب تک کی عالمی امداد بہت کم رہی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت افغانستان واپسی چاہتا ہے، ہمیں امن دشمنوں کے ناپاک عزائم مل کر ناکام بنانا ہوں گے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ عالمی برداری کو پاکستان کے ساتھ اب معنی خیز تعاون کرنا ہوگا۔ افغان قیادت اور دنیا کو خطے میں امن کی کوششوں کو حقیقت میں بدلنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم سے متاثر ہوا، پاکستان میں زبردست مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوا ہوں۔ پاکستان کو لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کے لیے تعاون کی ضرورت ہے۔ وقت آگیا کہ عالمی برادی پاکستان کی صحیح معنوں میں مدد کرے، 40 سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کے عوام تعریف کے مستحق ہیں۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کی کامیابی ناگزیر ہے، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتا ہوں۔ دنیا میں تمام مسائل کا حل سفارتکاری اور ڈائیلاگ میں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں افغانستان میں امن کے لیے مل کر کام کرنا ہے، اگر امن کے اس موقع کو ضائع کیا تو کوئی افغان شہری ہمیں معاف نہیں کرے گا۔ کسی بھی امن معاہدے سے پہلے کشیدگی میں کمی لازمی ہوتی ہے۔

    یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپو گرینڈی کا کہنا تھا کہ ہمیں افغان عوام کو امید اور اعتماد دینا ہے، افغان مہاجرین کی میزبانی کے لیے بڑھ چڑھ کر تعاون کی ضرورت ہے۔ یونان میں غیر قانونی تارکین میں 37 فیصد افغان ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں فریقین کو افغان عوام کو اپنے ملک میں رہنے کا اعتماد دینا ہوگا، افغان مہاجرین کو بھی اعتماد دینا ہوگا کہ ان کا مستقبل افغانستان میں ہے۔