Tag: سیکریٹری جنرل

  • پاک بھارت پانی کے مسائل کو بات چیت سے حل ہونا چاہیئے: انتونیو گتریس

    پاک بھارت پانی کے مسائل کو بات چیت سے حل ہونا چاہیئے: انتونیو گتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس کا کہنا ہے کہ پاک بھارت پانی تقسیم کے مسائل بات چیت سے حل ہو سکتے ہیں، پانی کو وجہ تنازع نہیں ہونا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کلائمٹ چینج سے متعلق تقریب منعقد ہوئی جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے کلائمٹ چینج زرتاج گل اور وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم بھی شریک ہوئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں پر خطاب میرے لیے اعزاز ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا بڑا ملک ہے، پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

    انتونیو گتریس کا کہنا تھا کہ مختلف آفات سے متاثر ہونے والے افراد سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، ہمارا مشترکہ وژن موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، تعلیم، معیشت اور برابری ترقی کے لیے اہم ہیں۔ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے کاوشیں کر رہا ہے۔ پاکستان میں سب کے لیے صحت اور سہولت فراہمی کے وژن سے متاثر ہوں۔ پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے کوئی ملک محفوظ نہیں۔ سیلاب و قدرتی آفات سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں 80 فیصد پانی زراعت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان میں ترقیاتی اہداف کو موسمیاتی تبدیلی سے خطرات لاحق ہیں۔ عالمی قائدین موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔

    سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت میں پانی کے استعمال کا معاہدہ موجود ہے، دونوں ممالک میں عالمی بینک کے تحت پانی کے استعمال کا معاہدہ ہے۔ پانی کو تنازعے کی وجہ نہیں بلکہ حل ہوناچاہیئے۔

  • افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے مہاجرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے، افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے اسلام آباد میں مہاجرین سے ملاقات کی جن میں افغانستان، یمن اور تاجکستان کے مہاجرین شامل تھے۔

    اس موقع پر مہاجرین نے پاکستان میں تعلیم، کاروبار اور ہنر سے متعلق اپنے تجربات کا اظہار کیا۔

    ملاقات کے دوران سیکریٹر جنرل انتونیو گتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان مہمان نواز ملک ہے، پاکستان نے خصوصی طور پر افغان پناہ گزینوں کی مہمان نوازی کی۔ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے۔ یہاں آنے کا مقصد پاکستان کی دریا دلی کو سراہنا ہے۔

    ملاقات میں مہاجرین کے نمائندوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا، مہاجرین کے وفد کا کہنا تھا کہ عظیم قوم نے ہماری دیکھ بھال کی، ہم میں سے کچھ یہیں پیدا ہوئے۔

    وفد نے کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے ہمارا خیال رکھا گیا ہے، پاکستان نے سر چھپانے کی جگہ اور کاروبار و تعلیم کے مواقع فراہم کیے۔

    خیال رہے کہ پاکستان ترکی کے بعد مہاجرین کی میزبانی کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ مہاجرین میں زیادہ تر افغانی ہیں جو 45 لاکھ کی تعداد میں افغانستان کی جنگ کے دوران پاکستان آئے۔

    پاکستانی قوم مہاجرین کی بھرپور لگن و جذبے سے میزبانی کر رہی ہے، اس وقت بھی 27 لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں قیام پذیر ہیں۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس پاکستان پہنچ گئے، انتونیو گتریس صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ افغان پناہ گزینوں کے 40 سال پر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، انتونیو گتریس غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ان کا استقبال کیا۔

    اپنے دورے کے دوران انتونیو گتریس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ پاکستانی قیادت مسئلہ کشمیر کے تمام پہلوؤں سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کرے گی۔

    سیکریٹری جنرل مہاجرین سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وہ یو این فوجی مبصر گروپ پاک بھارت آفس کا بھی دورہ کریں گے، اس دوران وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یو این کمشنر پناہ گزین سے ملاقات بھی کریں گے۔

    انتونیو گتریس پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر بھی خصوصی گفتگو کریں گے۔ وہ افغان پناہ گزینوں کے 40 سال پر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کی شرکت متوقع ہے۔

    اپنے دورے کے دوران سیکریٹری جنرل پاکستان میں انسداد پولیومہم کا بھی آغاز کریں گے، اور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے۔

    اپنی آمد سے قبل انتونیو گتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان کی امن کاوشوں کا برملا اعتراف کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے پاک فوج کی خواتین افسران کے دستے کی گروپ فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان، پوری دنیا میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل ہے۔ پاکستان امن کا مستقل مزاج اور قابل بھروسہ حصہ دار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کے لیے کام کرنے والوں سے اظہار تشکر کے لیے پاکستان جا رہا ہوں۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے، اس موقع پر وہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 15 فروری کو پاکستان کے دورے پر پہنچیں گے۔ سیکریٹری جنرل 14 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

    دورہ پاکستان کے موقع پر سیکریٹری جنرل، صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت اہم پاکستانی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

    سیکریٹری جنرل پاکستان میں اقوام متحدہ مشن کے دفاتر کا بھی دورہ کریں گے، خطے کی صورتحال کے تناظر میں سیکریٹری جنرل کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگ قید میں اور بینادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت با مقصد مذاکرات کریں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کامؤقف تبدیل نہیں ہوا۔

  • پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، سیکریٹری جنرل

    پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، سیکریٹری جنرل

    جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو پناہ گزینوں کے لیے مل کرکام کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پناہ گزینوں کے پہلے عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے فورم کے انعقاد میں شمولیت پر پاکستان اور دیگرممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان اور دیگرممالک کے شکرگزار ہیں۔

    انتونیوگوتریس نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں، معاشی حالات سے مہاجرین کی تعداد بڑھ رہی ہے، عالمی برادری کو پناہ گزینوں کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دنیا میں امن وسلامتی کے بڑھتے چیلنجز کی وجہ سے پناہ گزینوں کا مسئلہ بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے، بدقسمتی سے کئی ممالک نے اپنے دروازے پناہ گزینوں پر بند کیے ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی پناہ گزین فورم، 21ویں صدی کا پہلا بڑا اجلاس ہے جس کی مشترکہ میزبانی اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین اور سوئٹرزلینڈ کی حکومت کر رہے ہیں۔

  • فردوس عاشق اعوان کا کشمیرپر یواین سیکریٹری جنرل کے بیان کا خیرمقدم

    فردوس عاشق اعوان کا کشمیرپر یواین سیکریٹری جنرل کے بیان کا خیرمقدم

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیرصرف اقوام متحدہ قرار دادوں کے مطابق حل ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کشمیر پر یواین سیکریٹری جنرل کے بیان کا خیر مقدم کیا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے دیرینہ موقف کو تسلیم کرلیا گیا کہ کشمیرمتنازع علاقہ ہے، یہ پاکستان کی سفارتی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اصولی موقف پر یو این، عالمی برادری کے اعتماد کا اظہار ہے۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسئلہ کشمیرصرف اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے حکومت کسی بھی حد تک جائے گی۔

    کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا: سیکرٹری جنرل یو این

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وادی کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے جموں و کشمیر کے اسٹیٹس پر فرق پڑے۔

  • شامی اسپتالوں پر فضائی بمباری، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی شدید مذمت

    شامی اسپتالوں پر فضائی بمباری، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی شدید مذمت

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شام کے اسپتالوں پر کی جانے والے حالیہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شام کے مغربی شہروں میں قائم طبی مراکز پر حالیہ دنوں میں فضائی کارروائیاں کی گئی تھیں جس کے نتیجے شعبہ صحت کے کئی اہلکار مارے گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اب تک یہ واضح نہ ہوسکا کہ مذکورہ حملے کس نے کیے، روس اور بشار حکومت ایک دوسرے کو حملے کا ذمے دار ٹھہراتے ہیں۔

    اس سے قبل بھی متعدد بار فضائی حملے کیے جاچکے ہیں، جس کی زد میں اسپتال، امدادی ٹرکس اور مساجد بھی آئے، جبکہ درجنوں ریسکو اہلکار بھی مارے جاچکے ہیں۔

    اقوا متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے حالیہ فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور شہری انفرا اسٹرکچر جس میں طبّی تنصیبات شامل ہیں ان کا تحفظ لازم ہے۔

    شامی شہر ادلب میں فوج اور باغیوں کے درمیان شدید چھڑپیں، 72 افراد ہلاک

    ان کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرے، اُس کا احتساب ہونا چاہیے۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں شام میں اتحادی افواج کی جانب سے ایک گاﺅں پر کی جانے والی بمباری سے سات بچوں سمیت چودہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، چار ماہ میں اب تک 520 بے گناہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز شامی فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں لاشوں کے انبار لگ گئے تھے، دونوں طرف سے 72 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی بھی ہوئے۔

  • شاہ محمود قریشی کی او آئی سی کے سیکریٹری جنرل  سے ملاقات

    شاہ محمود قریشی کی او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

    جدہ : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جدہ میں او آئی سی کا مستقل مشن قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹریٹ میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین سے ملاقات کی۔

    شاہ محمود قریشی اور او آئی سی سیکریٹری جنرل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی صورت حال، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سمیت اہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کوبہت اہمیت دیتا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امت مسلمہ کودرپیش چیلنجزکا حل یکجہتی، مشترکہ کاوشوں میں ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیرسمیت مختلف معاملات پر حمایت کے لیے مشکور ہیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جدہ میں او آئی سی کا مستقل مشن قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    دوسری جانب او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین نے کہا کہ پاکستان تنظیم کا اہم رکن ہے۔

    شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات

    اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

  • انجلینا جولی اقوام متحدہ کی اگلی جنرل سیکریٹری؟

    انجلینا جولی اقوام متحدہ کی اگلی جنرل سیکریٹری؟

    معروف ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر انجلینا جولی اداکاری اور ہدایت کاری میں نام کمانے کے بعد اب اپنا زیادہ تر وقت سماجی کاموں میں گزار رہی ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے مختلف جنگ زدہ علاقوں کا دورہ کرتی رہتی ہیں۔

    ان کی فعال سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی بھی امیدوار ہوں گی، اور وہ خود بھی اس بات کی نفی نہیں کرتیں۔

    پیپلز میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’ایسا بعید از قیاس نہیں ہے، کبھی بھی یہ مت سوچیں کہ ایسا نہیں ہوسکتا‘۔

    جولی کا کہنا ہے کہ میں قطعاً مایوس نہیں کہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ حاصل نہیں کر سکتی۔ میرا وژن مجھے ایک دن اس عہدے تک پہنچا سکتا ہے مگر فی الحال میں قیادت کے لیے دوسروں کی طرف دیکھ رہی ہوں۔

    انجلینا جولی نے کچھ دن قبل ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر افغان امن مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہزاروں افغان خواتین امن مذاکرات میں اپنی عدم شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کرچکی ہیں کہ طالبان سے مذاکرات میں ان کے اور ان کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن کون ہوگا۔

    جولی جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کے تحفظ کے اقدامات کے حوالے سے کوشاں ہیں اور بارہا اقوام متحدہ میں اس بات کا اظہار کر چکی ہیں کہ دنیا ان کا تحفظ کرنے میں ناکام ہے، جنگ میں خواتین سے زیادتی کو جنگ کے اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

    اپنے حالیہ انٹرویو میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ ہائی کمیشن کی خدمات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کے تحفظ کے لیے مزید امن فوج کی تعیناتی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کو جنسی تشدد کے حربوں سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

  • اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی صدر مملکت سے ملاقات

    اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی صدر مملکت سے ملاقات

    اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی پاکستان میں مصروفیات جاری ہیں، صدر عارف علوی سے ان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ای سی او ممالک جنوبی و شمالی یورپی ایشیا کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں، ٹرانسپورٹ، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی بحالی کے لیے معاونت کرنے والا ای سی او تنظیم کا سب سے بڑا ملک ہے۔

    ای سی او کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، خطے میں امن و استحکام اور تعاون کے لیے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    صدر مملکت سے ملاقات کے بعد سیکریٹری جنرل وزارت خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ سیکریٹری جنرل نے وزیر خارجہ کو آرگنائزیشن کے مقاصد سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر ہادی سلیمان کا کہنا تھا کہ آرگنائزیشن خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششیں کر رہی ہے، مختلف ممالک میں تجارتی رابطوں کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، معاشی سفارت کاری کا آغاز کر چکے ہیں۔ پاکستان ای سی او کا بنیادی رکن اور اہم ترین پارٹنر ہے۔

    یادی سلیمان نے کہا کہ علاقائی ترقی میں ای سی او پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

    خیال رہے کہ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کل صبح اسلام آباد پہنچے تھے۔ گزشتہ روز انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی تھی۔

    سیکریٹری جنرل ای سی او 4 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے، اس دوران وہ وزیر اعظم، وزارئے خزانہ، اطلاعات، منصوبہ بندی اور مواصلات جبکہ مشیر تجارت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    سیکریٹری جنرل ای سی او کا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔