Tag: سیکریٹری جنرل

  • اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد، وزیر ریلوے سے ملاقات

    اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد، وزیر ریلوے سے ملاقات

    اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان آج صبح اسلام آباد پہنچے۔ پاکستان پہنچنے کے بعد سیکریٹری جنرل اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں اسلام آباد، تہران، استنبول کنٹینر ٹرین بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاکستان، ایران اور ترکی کے مابین رابطے فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے سیکریٹری جنرل کو ایم ایل ٹو اور تھری منصوبے اور کوئٹہ، تافتان ریلوے لائن اپ گریڈنگ منصوبے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تنظیم ریل نیٹ ورک کے فروغ میں تعاون کرے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، تافتان منصوبے کو بی او ٹی کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترجیح دے گا۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مالی شراکت داری کے لیے ای سی او ترقیاتی بینک سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ سیکریٹری جنرل ای سی او 4 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے، اس دوران وہ صدر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

    علاوہ ازیں وہ وزارئے خزانہ، اطلاعات، منصوبہ بندی اور مواصلات جبکہ مشیر تجارت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سیکریٹری جنرل ای سی او کا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا ٹیلی فون

    شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گتریس نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ہے لیکن سالمیت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، بھارت کی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

    بعد ازاں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کنٹرول لائن اور پاکستانی حدود میں در اندازی کی گئی، عالمی سطح پر بہت بڑا واقعہ رونما ہوا ہے۔ بھارتی طیاروں نے 4 بم گرائے، شکر ہے جانی نقصان نہیں ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کی کچھ دیر پہلے کال آئی، جنرل سیکریٹری سے اپنے گزشتہ اور حالیہ خط کا ذکر کیا، جنرل سیکریٹری نے تشویش کا اظہار کیا اور کردار ادا کرنے کا کہا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل کو بتایا کہ بھارت اقوام متحدہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، انتونیو گتریس نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مودی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے خطے کے عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دنیا نے دیکھ لیا بھارتی دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں، بھارت کے 300 افراد کی ہلاکت کے دعوے کے برعکس ایک لاش نہیں ملی۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ گزشتہ روز حکومت نے اپنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا، ہمیں پارلیمنٹ کی طرف سے بھی رہنمائی ملی ہے۔ بھارت نے یہ کارروائی سراسر سیاسی مصلحت کے تحت کی۔ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے آج اہم اجلاس طلب کیا ہے۔

  • وینزویلا بحران: شہریوں کی ہلاکت پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا اظہار تشویش

    وینزویلا بحران: شہریوں کی ہلاکت پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا اظہار تشویش

    واشنگٹن : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے وینزویلا میں حکومت اور باغیوں کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران شہریوں کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں صدر نکولس مدورو کیخلاف احتجاج جاری ہے جبکہ حزب اختلاف کے حامیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہیں اور نکولس میڈورو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہی ہے۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے وینزویلا کے جاری کشیدگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین آپس میں جاری کشیدگی کو مذاکرات سے حل کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ انتونیو گوٹیریس کا موجودہ بیان کولمبیا اور وینزیلا کی سرحد پر ہونے والے تصادم سامنے آیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کولمبیا اور وینزویلا کی سرحد پر امریکا کی جانب سے جون گائیڈو کےلیے بھیجی گئی امداد کو روکنے کےلیے حکومتی فورسز کی کارروائی کے دوران ہوئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی فورسز نے امریکی امداد روکنے کےلیے وہاں موجود لوگوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا جس کے باعث متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق کولمبیا کی سرحد پر ہونے والے تصادم میں 285 افراد زخمی ہوئے جبکہ برازیل اور وینزویلا کی سرحد پر ہونے والے تصادم میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : وینزویلا کے اہم فوجی جنرل نے صدر ماڈورو کی مخالفت کا اعلان کردیا

    یاد رہے کہ امریکا میں تعینات وینزویلین ملٹری اتاشی اور وینزویلن ایئرفورس کی اسٹریٹیجک منصوبہ بندی کے سربراہ جنرل فرانسیسکو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام میں اپوزیشن لیڈر سے اظہار وفاداری کیا تھا۔

    واضح رہے کہ وینزویلا میں 23 جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور پارلیمںٹ کے اسپیکر جون گائیڈو نے خود کو عبوری صدر قرار دیا تھا جس کے بعد امریکا اور بعض دوسرے علاقائی ممالک نے صدر نکولس مادورو کی جگہ گائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی نے بھی اپوزیشن رہنما کی حمایت کردی

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی کرنل جوش لوئس سلوا کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری ہوئی تھی جس میں وہ نکولس ماڈورو سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما جون گائیڈو اعلان وفاداری کررہے تھے۔

  • ملیحہ لودھی کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکیورٹی کونسل سے ملاقاتیں

    ملیحہ لودھی کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکیورٹی کونسل سے ملاقاتیں

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکیورٹی کونسل سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں اقوام متحدہ کی توجہ کشمیر میں بھارت کی غاصبانہ کارروائیوں کی جانب دلائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی الزام تراشیوں اور دھمکیوں سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گتریس اور صدر سیکیورٹی کونسل سے ملاقات ہوئی۔

    ملیحہ لودھی نے بتایا کہ ملاقاتوں میں وہی پیغام دیا جو وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر مظالم کی انتہا کر چکا ہے، کشمیری عوام بھارتی مظالم کے خلاف جوابی ردعمل دے رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کی جارہی ہیں۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ قابض افواج کی بربریت کے جواب میں رد عمل کا سلسلہ بھی جاری ہے، 14 فروری کے پلوامہ واقعے کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال لے تناظر میں دیکھا جائے۔

    ملیحہ لودھی کے مطابق انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھارتی دھمکیوں، خطے کی صورتحال اور پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا۔ پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل کا پرامن حل تلاش کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کے حل کے لیے بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، بھارت خطرات پیدا کرنے پر تلا ہے۔ بھارت نے اور خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کی تو پاکستان جواب کے لیے تیار ہے۔

    ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ پرتشدد صورتحال کا خاتمہ پرامن طریقے سے حل تلاش کرنے میں ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔ بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کو مزید غیر مستحکم کر رہا ہے۔

  • خطےمیں بڑھتی کشیدگی: وزیرخارجہ کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کوخط

    خطےمیں بڑھتی کشیدگی: وزیرخارجہ کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کوخط

    اسلام آباد: پلواما حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پرالزامات کے حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کوخط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بھارت تحقیقات کے بغیر پلواما حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے میں سکیورٹی کی صورت حال کو خراب کررہا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف طاقت کا استعمال کرسکتا ہے۔

    وزیرخارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پلواما حملے کا بغیر تحقیقات تعلق پاکستان سے جوڑنا مضحکہ خیز ہے، بھارت مخالفانہ بیان بازی کرکے پاکستان کے خلاف فضا کشیدہ بنا رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت پلواما حملے کی غیر جانبدارتحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے، بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اور کشمیریوں سے مذاکرات کرے۔

    شاہ محمود قریشی کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی سنگین غلطی ہوگی

    مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکا، 42 بھارتی فوجی ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں ہونے والے دھماکے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

    بعدازاں بھارتی حکومت اور میڈیا نے تحقیقات کیے بغیر دھماکے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا تھا۔

    پلواما حملہ : بھارت الیکشن کی آڑ میں مس ایڈونچر کررہا ہے، شاہ محمود قریشی

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کی آڑ میں بھارت کوئی نہ کوئی مس ایڈونچر کررہا ہے، پلواما واقعے پر ان کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو ہمیں دیں، واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔

  • برمی فوج کا مقصد روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی ہے، انتونیو گوتریس

    برمی فوج کا مقصد روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی ہے، انتونیو گوتریس

    نیو یارک : سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ کی مرتب کردہ کے نتائج اور گذارشات پر غور کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے برما میں روہنگیاہ مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اقوام متحدہ کے ادارے ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ کی  مرتب کی گئی رپورٹ جاری ہونے کے بعد بیان دیا ہے کہ برما میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ برمی فوج کا مسلم اکثریتی والے علاقوں میں انسانیت سوز مظالم کا مقصد روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی ہے، برمی فورسز نے بے سیکڑوں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام اور خواتین کا جنسی استحصال کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق نتائج اور گذارشات پر غور کرے۔

    دوسری جانب میانمار کے حکومتی ترجمان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ کی رپورٹ کو رد کرتی ہے، برما میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔

    ترجمان برمی حکومت کا کہنا تھا کہ میانمار کسی صورت بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرسکتا۔


    مزید پڑھیں : برمی فوج روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں‌ ملوث ہے، اقوام متحدہ


    خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائی پر جاری تحقیقاتی رپورٹ میں کہا تھا کہ برما کی فوج نے مسلم اکثریتی والے علاقے رخائن میں روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں جو عالمی قوانین کی نظر میں جرم ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ادارے ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ریاست رخائن میں میانمار کی فوج نے سیکڑوں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا، مذکورہ اقدامات جنگی جرائم اور نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں ادارے نے برما کی فوج کے 6 اعلیٰ افسران کے نام شائع کیے گئے ہیں جن پر روہنگیا مسلمانوں کے قتل اور انسانیت سوز مظالم پر مقدمہ چلانے کی سفارش کی گئی ہے۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان میں الیکشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان میں الیکشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں الیکشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات 2018 کے کامیاب انعقاد پر برطانیہ، امریکا سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ عوام نے جمہوری پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، ووٹ کا آئینی حق استعمال کرکےجمہوری عمل سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

    ایتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ انتخابی عملے کی تربیت، خواتین، معذور ودیگر افراد کے لیے مثبت اقدامات کیے گئے، خوشحال مستقبل، ملکی استحکام اور کامیابی کے خواہاں ہیں۔


    پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے: برطانوی سیکریٹری خارجہ


    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے الیکشن کمیشن کے اقدامات کو سراہا اور ملک کی نئی جمہوری حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    واضح رہے کہ ملک میں کامیاب الیکشن پر دنیا بھر سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جاری ہے جبکہ پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے لیے بھی ستائش جاری ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں ہونے والے 11 ویں عام انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ بھی جاری ہے، تحریک انصاف کو اب تک واضح برتری حاصل ہے، علاوہ ازیں تحریک انصاف نے حکومت سازی کے لیے اپنی مہم بھی تیز کردی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عاصمہ ایک شاندار، اصول پرست، بہادر اور نیک دل ہستی تھیں، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل

    عاصمہ ایک شاندار، اصول پرست، بہادر اور نیک دل ہستی تھیں، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل

    نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عاصمہ ایک شاندار، اصول پرست، بہادر اور نیک دل ہستی تھیں، عاصمہ جہانگیر کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا انسانی حقوق کی ایک علمبردار سے محروم ہوگئی۔ عاصمہ ایک شاندار، اصول پرست، بہادر اور نیک دل ہستی تھیں۔

    انتونیو گوتریز کا کہنا تھا کہ عاصمہ جہانگیر نے بطور پاکستانی وکیل یا پھر حقوقِ انسانی کی عالمی کارکن کے طور پر عوام کے حقوق اور برابری کے لیے انتھک محنت کی اور وہ ایسی رہنما تھیں جنھیں بھلایا نہیں جا سکتا۔

    انھوں نے کہا کہ عاصمہ نے اپنی ساری عمر ’ہر کسی کے لیے انصاف اور مساوات کی جنگ‘ بڑی ہمت سے لڑی اور کبھی حوصلہ نہ ہارا۔


    مزید پڑھیں : معروف وکیل ‘ سماجی رہنما عاصمہ جہانگیر انتقال کرگئیں


    یاد رہے گذشتہ روز معروف وکیل اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں تھیں، ان کی ساری زندگی جمہوریت کے فروغ اور اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ کی جدوجہد کرتے گزری۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیرحل کرنےکا مطالبہ

    وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیرحل کرنےکا مطالبہ

    نیو یارک : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کردیا، وزیر اعظم نے یو این سیکریٹری جنرل کو بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے سیکریٹری جنرل یواین کے سامنے مقبوضہ کشمیرکا معاملہ اٹھادیا۔

    وزیر اعظم نے انتونیو گوتریس کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں پر ڈوزیئر دیا، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر کا مسئلہ حل کرانے میں کردار ادا کرنے کیلئے کشمیر میں خصوصی نمائندے کا تقرر کرے۔

    شاہد خاقان نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کر رکھے ہیں، رواں سال بھارت600بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے آج بھی4افراد جان سے گئے۔

    وزیراعظم نے پاکستان بھارت کیلئے یو این فوجی مبصر گروپ میں توسیع کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یواین سیکریٹری جنرل سے افغانستان اور روہنگیا کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

    ملاقات میں افغانستان میں امن کیلئے مذاکراتی عمل کی اہمیت پراتفاق کیا گیا، وزیر اعظم نے میانمار میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان میرے دل کےبہت قریب ہے، پاکستان کا کئی باردورہ کرچکا ہوں۔

    انتونیوگوتریس نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستانی اقدامات کا عینی شاہد اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کادل سےمعترف ہوں۔

    انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کا استحکام قابل تعریف ہے، انہوں نے اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے کردار پراظہار تشکرکیا، اس موقع پر انتونیوگوتریس نے سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کا بھی تذکرہ کیا۔

  • پاکستان نےبھارتی مداخلت کےثبوت اقوام متحدہ کو دے دیے

    پاکستان نےبھارتی مداخلت کےثبوت اقوام متحدہ کو دے دیے

    جنیوا: پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سےمتعلق ثبوت تحریری طور پراقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل کےحوالےکردیے۔

    تفصیلات کےمطابق جنیوا میں ہونے والے34ویں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت پرپاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کامعاملہ اٹھایا۔

    پاکستان نے بھارت کو جواب دیا کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کی متعدد بارتصدیق ہوچکی ہےاور بھارت کی پاکستان میں مداخلت عالمی قوانین کے منافی ہیں۔

    انسانی حقوق کونسل کےاجلاس میں پاکستان کی جانب سے کہاگیاکہ بھارتی مشیرکابیان اورکلبھوشن یادیوکی گرفتاری اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہےکہ پڑوسی ملک پاکستان کے اندورنی معاملات میں مداخلت کررہاہے۔

    پاکستان نےاجلاس میں کشمیر میں بچوں،خواتین،بزرگوں پربھارتی پیلٹ گن کے بےدریغ استعمال کامعاملہ اٹھایاجس میں جولائی 2016سے لےکراب تک20ہزارسے زائد نہتے کشمیریوں کونشانہ بنایاگیا۔

    اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان نےبھارت سےمطالبہ کیا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کرے۔

    مزید پڑھیں: حکومت کلبھوشن یادو کا معاملہ عالمی اداروں کے سامنے رکھنے پر غورکررہی ہے: وزارتِ خارجہ

    واضح رہےکہ اس سےقبل رواں ماہ وزارتِ خارجہ نےبھارتی مداخلت کےمعاملے پر تحریری جواب سینیٹ میں جمع کرایاتھا جس میں کہاگیاتھاکہ بھارتی مداخلت پراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کردیا گیا ہے۔