Tag: سیکریٹری خارجہ

  • بھارتی سیکریٹری خارجہ کو ہم وطنوں‌ نے غدار قرار دے دیا

    بھارتی سیکریٹری خارجہ کو ہم وطنوں‌ نے غدار قرار دے دیا

    نئی دہلی: بھارت کے سیکریٹری خارجہ کو ہم وطنوں نے غدار قرار دے دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان سے جنگ بندی کے اعلان پر بھارت کے سیکریٹری خارجہ کو انتہا پسندوں کی جانب سے ہراسمنٹ کا سامنا ہے۔

    جنگ بندی کے اعلان پر سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے خلاف محاذ کھول دیا گیا ہے، اور انھیں غدار قرار دیا جا رہا ہے، اعلان کے بعد وکرم مسری اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔

    وکرم مسری نے اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی لاک کر دیا ہے، بھارتی سیاست دانوں، غیر ملکی سفارت کاروں اور بھارتی ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن نے وکرم مِسری پر انتہا پسندوں کے ذاتی حملوں کو قابلِ افسوس قرار دیا اور کہا کہ وکرم مسری پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے والے سول سرونٹس ہیں، ان پر پر حملے بلا جواز ہیں۔


    جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان نے سیزفائر کی درخواست نہیں کی، ڈی جی آئی ایس پی آر


    واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے گزشتہ روز دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی تھی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی۔ فضائیہ، نیوی اور بری فوج نے ایک ساتھ مؤثر طریقے سے ایکشن کیا، ان کی کوئی حرکت ہو یا ایکشن ہماری فورسز تیار ہیں، پاکستان کے ردعمل کے بعد دنیا نے دیکھا کہ کس نے کہا تنازع نہیں بڑھانا چاہتے۔

    دریں اثنا، پاک بھارت جنگ بندی کے بعد ڈی جی ایم اوز آج بات کریں گے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کہتے ہیں امریکا دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا حامی اور روابط بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

  • سیکریٹری خارجہ کا اسپین کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور

    سیکریٹری خارجہ کا اسپین کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور

    میڈرڈ: پاکستان اور اسپین کے درمیان پانچویں سالانہ دو طرفہ مشاورت کے دوران دہشت گردی کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں پاکستان اور اسپین کے درمیان پانچویں سالانہ دو طرفہ مشاورت ہوئی، مشاورت میں تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مشاورت میں ڈیجیٹلائزیشن، اسٹارٹ اپس اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    سیکریٹری خارجہ اسد مجید نے دہشت گردی کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

    ترجمان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی اسپین کے حکام کو بریف کیا گیا۔

  • سیکریٹری خارجہ سے او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی ملاقات

    سیکریٹری خارجہ سے او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سے ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال زیر غور آئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) انسانی حقوق کمیشن کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ سیکریٹری خارجہ نے وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

    سیکریٹری خارجہ نے وفد کو قانونی، انسانی حقوق اور سلامتی کے پہلوؤں پر بریفنگ دی۔

    او آئی سی انسانی حقوق کمیشن نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا جبکہ کمیشن نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔

    انسانی حقوق کمیشن کا وفد 4 سے 9 اگست تک پاکستان، آزاد کشمیر کے دورے پر ہے۔

  • پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا چاہتا ہے، سیکریٹری خارجہ کا امریکی انڈر سیکریٹری کو فون

    پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا چاہتا ہے، سیکریٹری خارجہ کا امریکی انڈر سیکریٹری کو فون

    اسلام آباد: پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکی انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور کو ٹیلیفون کر کے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    ترجمان دفتر ‏خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکی انڈر سیکریٹری پالیٹیکل افیئرز وکٹوریہ نولینڈ سے فون پر رابطہ کر کے باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی، سیکریٹری خارجہ نے کہا پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر اور مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

    سہیل محمود نے کہا امن اور ترقی کے مشترکہ اہداف کا حصول دونوں ملکوں کے درمیان باضابطہ روابط ‏کے ذریعے ہی ممکن ہے، جیو اکنامک مقاصد پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کے ‏ذریعے ہی حاصل ہو سکتے ہیں۔

    انھوں نے پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تنازعات کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغان امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

    فوجی ایکشن نہیں لیں گے، طالبان نے افغانستان پر بزور طاقت قبضہ کیا تو افغان سرحد بند کر دیں گے

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کے پُر امن حل کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان مکمل ہم آہنگی ‏موجود ہے، اس وقت بین الافغان مذاکرات میں تیزی لانے اور ذمہ دارانہ انخلا یقینی بنانے کی ضرورت ‏ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس گفتگو کے دوران مشترکہ مقاصد کے حصول کی خاطر دونوں ملکوں کے درمیان روابط جاری ‏رکھنے پر اتفاق ہوا۔

  • نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

    نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

    اسلام آباد: نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، اس موقع پر ان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نئے سیکریٹری کے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سہیل محمود انتہائی تجربہ کار اور منجھے ہوئے سفارتکار ہیں، وہ اہم ذمہ داریاں نبھانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ سہیل محمود کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی خوش آئند ہے۔

    سہیل محمود کا کہنا تھا کہ ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے کی کوشش کروں گا۔

    واضح رہے کہ سہیل محمود بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کے عہدے پر تعینات رہے۔ انہیں سابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے سبکدوش ہونے کے بعد اس عہدے پر تعینات کی گیا۔

    تہمینہ جنجوعہ نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں الوداعی ملاقاتیں کی تھیں اور کہا تھا کہ وہ 35 سال وزارت خارجہ میں خدمات انجام دینے کے بعد رخصت ہو رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا ہے، میں نے ملک کا جھنڈا ہمیشہ بلند رکھا۔ پاکستان کو بہت سے ملک حسد کی نظر سے بھی دیکھتے ہیں، ذرائع ابلاغ کی مدد اور حمایت ملکی خارجہ پالیسی کے فروغ کے لیے اہم ہے۔

    اس موقع پر سہیل محمود نے اپنے پیش رو کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ تہمینہ جنجوعہ کا کیریئر بہت شاندار رہا ہے۔

  • 35 سال وزارت خارجہ میں خدمات کے بعد رخصت ہو رہی ہوں: تہمینہ جنجوعہ

    35 سال وزارت خارجہ میں خدمات کے بعد رخصت ہو رہی ہوں: تہمینہ جنجوعہ

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دفتر خارجہ میں الوداعی ملاقاتیں کیں، انھوں نے کہا کہ وہ 35 سال وزارت خارجہ میں خدمات انجام دینے کے بعد رخصت ہو رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کی سیکریٹری تہمینہ جنجوعہ 35 سال ملک کے لیے خدمات انجام دینے کے بعد آج ریٹائر ہو رہی ہیں، کل سے سہیل محمود سیکریٹری خارجہ ہوں گے۔

    تہمینہ جنجوعہ نے دفتر خارجہ میں الوداعی ملاقاتیں کیں، ملاقات میں نامزد سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور ترجمان ڈاکٹر فیصل بھی موجود تھے۔

    تہمینہ جنجوعہ نے کہا میں 35 سال وزارت خارجہ میں خدمات کے بعد رخصت ہو رہی ہوں، پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا ہے، میں نے ملک کا جھنڈا ہمیشہ بلند رکھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  تہمینہ جنجوعہ خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں: وزیر خارجہ شاہ محمود

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہت سے ملک حسد کی نظر سے بھی دیکھتے ہیں، ذرائع ابلاغ کی مدد اور حمایت ملکی خارجہ پالیسی کے فروغ کے لیے اہم ہے۔

    اس موقع پر نامزد سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے پیش رو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تہمینہ جنجوعہ کا کیریئر بہت شان دار رہا ہے۔

    یاد رہے کہ چار دن قبل الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تہمینہ جنجوعہ کو خواتین کے لیے رول ماڈل قرار دیا تھا، اور کہا تھا کہ وہ با اصول سیکریٹری خارجہ رہیں۔

    خیال رہے کہ تہمینہ جنجوعہ کو فروری 2017 میں سیکریٹری خارجہ مقرر کیا گیا تھا، وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی ملک کی تاریخ کی پہلی خاتون تھیں۔

  • سیکریٹری خارجہ کا ایران کے نائب وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    سیکریٹری خارجہ کا ایران کے نائب وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس اراغچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں دونوں ممالک نے تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس اراغچی کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق باہمی رابطے میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان اور ایران نے تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    ڈاکٹر فیصل کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے خطے میں امن اور کشیدگی میں کمی پر پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، ٹیلی فونک گفتگو میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ایران میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا اور مستقبل میں ایران کے دورے کے امکان پر بھی بات چیت کی تھی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور پاک بھارت کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی ورثے میں جڑے ہوئے ہیں۔ خطے میں اقتصادی ترقی کے لیے امن کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

  • بھارت پاکستان پربے بنیاد الزامات لگا رہا ہے‘سیکریٹری خارجہ

    بھارت پاکستان پربے بنیاد الزامات لگا رہا ہے‘سیکریٹری خارجہ

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ الزام تراشیاں اورجارحانہ رویہ خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی پروپیگنڈے پرسیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے مختلف ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دی۔

    سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ جان بوجھ کرپاکستان مخالف جذبات کو بھارت میں ہوا دی جا رہی ہے، بھارت پاکستان پربے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔

    تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ الزام تراشیاں اورجارحانہ رویہ خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے، پاکستان پربغیرتحقیقات اوربنا شواہد الزام تراشیاں بھارت کا پرانا رویہ ہے۔

    سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے شنگھائی تعاون تنظیم ریاستوں کے سفرا اور سلامتی کونسل کے مندوبین کو بھی پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔

    تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بریفنگ کا مقصد بھارتی پروپیگنڈے کا جواب اور حکومت پاکستان کا مؤقف پیش کرنا ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر حملہ پاکستان کا اظہار تشویش، بھارتی الزامات مسترد

    یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی حکومت اور میڈیا کی جانب سے بغیر تحقیقات الزام تراشی کو یکسر مسترد کردیا تھا۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں انتہائی نوعیت کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہے۔

  • بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے: سیکریٹری خارجہ

    بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے: سیکریٹری خارجہ

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے، بھارت سارک سربراہی اجلاس کے راستے میں رکاوٹ ہے۔ افغانستان کے مسئلے کا حل بھی لازمی ہے، افغانستان میں داعش کی موجودگی مستقل خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ’جنوبی ایشیا میں تنازعات اور تعاون میں اہم طاقتوں کا کردار‘ پر عالمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے، بھارت سارک سربراہی اجلاس کے راستے میں رکاوٹ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام اہم طاقتوں سے رابطے میں ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات ایک مثال ہیں۔ وزیر اعظم کے دورے سے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔

    تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل بھی لازمی ہے، افغانستان میں داعش کی موجودگی مستقل خطرہ ہے۔ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھارت کے ایک قدم کے جواب میں دو قدم کی بات کی، وزیر اعظم نے اپنے خط میں مذاکرات بحالی کی تجویز دی۔ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ملاقات بھارت نے منسوخ کی۔

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ بھارت غیر رسمی ہتھیاروں کو فروغ دے رہا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے سکھوں کے تاریخی و مذہبی مقام کرتار پور بارڈر کھولنے اور فراغ دلی کا مظاہرہ کرنے پر بھی بھارت اپنی نفرت انگیز روش سے باز نہ آیا تھا، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

    سشما سوراج نے کہا تھا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان سے مذاکرات کریں گے۔

    اس سے قبل پاکستان نے سارک کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف کو فون

    امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف کو فون

    اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں کے درمیان باہمی تعلقات پر گفتگو ہوئی۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا۔

    دونوں کے درمیان باہمی تعلقات اور افغانستان میں مفاہمتی عمل پر گفتگو ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان جنوبی ایشیا میں بلا تفریق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر بھی اتفاق ہوا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔