اسلام آباد (07 اگست 2025): وفاقی حکومت نے پاکستان فارمیسی کونسل کے حوالے سے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے پاکستان فارمیسی کونسل سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کرپشن کی شکایات موصول ہونے پر پاکستان فارمیسی کونسل سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، گزشتہ روز وزارت صحت سے متعلق اجلاس میں وزیر اعظم نے سیکریٹری صحت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ان کے ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے وزارت صحت کے ماتحت اداروں میں کرپشن پر برہمی کا اظہار کیا ہے، اور فارمیسی کونسل میں خلاف ضابطہ تقرریوں کی تحقیقات کی جائیں گی، ملک میں فارمیسی کے تعلیمی اداروں کے قیام کی بھی تحقیقات ہوں گی۔
جان بچانے والی غیر ملکی ادویات سے متعلق اہم فیصلہ
ذرائع کے مطابق گزشتہ برسوں میں فارمیسی اسکولوں اور کالجز کی رجسٹریشن کی انکوائری ہوگی، اور صبغت منصور رانا کی اسسٹنٹ سیکریٹری فارمیسی کونسل تقرری کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے وزارت صحت کو انکوائری کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے، جس میں اسے فارمیسی کونسل پر بریفنگ کی ہدایت کی گئی ہے، کمیشن نے فارمیسی کونسل کے سابق صدور کو بھی طلب کیا، ذرائع کے مطابق انکوائری ٹیم کا اجلاس 11 اگست کو ہوگا۔