Tag: سیکیورٹی

  • کپل شرما کی جان کو خطرہ، سیکیورٹی بڑھا دی گئی

    کپل شرما کی جان کو خطرہ، سیکیورٹی بڑھا دی گئی

    ممبئی پولیس نے معروف کامیڈین کپل شرما کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیاں ملنے اور کیفے پر حملوں کے بعد ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حال ہی میں کپل شرما کے کینیڈا میں واقع کیفے پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا تھا، جس کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی تھی اور اس گینگ کی جانب سے سلمان خان کیساتھ کام کرنے والوں کو بھی خطرناک انجام کی دھمکیاں دی گئیں ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق کپل شرما کے سلمان خان سے تعلقات کی وجہ سے لارنس بشنوئی گینگ غصے میں ہے، کیونکہ کپل شرما جس کامیڈی شو کے میزبان ہیں اس کی پروڈکشن سلمان خان کی ہے۔ جس کے باعث ممبئی پولیس نے کپل شرما کی جان کو لاحق خطرے کے باعث ان کی سیکورٹی بڑھادی ہے۔

    واضح ہے کہ کینیڈا میں موجود کپل شرما کے کیفے پر یہ حملہ دوسری بار ہوا ہے۔ حالیہ حملے میں تقریباً 25 گولیاں چلائی گئیں اور اس کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں ایک آواز بھی سنائی دی کہ اگر ہدف نے اپنی موبائل کال نہیں سنی تو ممبئی میں اگلا اقدام اُٹھایا جائے گا۔

    سلمان خان کیساتھ کام کرنے والوں کو لارنس بشنوئی گینگ کی خطرناک دھمکیاں

    لارنس بشنوی اور گورپریت سنگھ المعروف گولڈی دھلوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ جولائی میں بھی اس کیفے پر فائرنگ ہوئی تھی مگر خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    یاد رہے کہ لارنس بشنوی گینگ نے دبنگ خان کے ساتھ کام کرنے والے تمام فنکاروں، پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کو بھی خبردار کردیا ہے کہ اگر انہوں نے اداکار کیساتھ کام کیا تو وہ ان کے خلاف سخت اقدام اُٹھائیں گے۔

  • صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیموں نے اچانک بڑی تبدیلیاں کر دیں

    صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیموں نے اچانک بڑی تبدیلیاں کر دیں

    واشنگٹن/ماسکو: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیموں نے صدور کی حفاظت کے لیے بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں، اور نئی ٹیکنالوجی اور آلات استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی ٹیم کو جدید بکتر بند گالف کارٹ فراہم کی گئی ہے، یہ اسپیشل آرمرڈ گالف کارٹ امریکی خفیہ ایجنسی نے تیار کی ہے، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ میں گالف کھیل کے دوران سیکیورٹی ٹیم نے ٹرمپ کے لیے یہی بکتر بند گاڑی استعمال کی تھی۔

    ’’گالف فورس وَن‘‘ کے نام سے مشہور گاڑی صدارتی اسپیشل فلیٹ کا حصہ قرار دے دی گئی ہے، بکتربند گالف کارٹ ’پولارس رینجر ایکس‘ کمپنی کی تیار کردہ ہے، جس پر لاگت تقریباً 1 لاکھ 90 ہزار ڈالر آئی ہے۔ دوسری طرف امریکا نے قطر سے تحفے میں ملے طیارے کو بھی بطور ایئر فورس ون اپ گریڈ کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے لیے فنڈز نیوکلیئر پروگرام کے بجٹ سے نکالے گئے ہیں۔


    ٹرمپ کی دی گئی ڈیڈ لائن کے اعلان پر روس کا ردعمل


    ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیم جدید اینٹی ایئر کرافٹ ڈرون سے لیس کر دی گئی ہے، پیوٹن کے محافظوں کے پاس پورٹیبل ایلکا انٹرسپٹر ڈرون کی موجودگی کی تصاویر بھی سامنے آئیں، 9 مئی کو فوجی پریڈ میں پیوٹن کے ذاتی محافظ جدید ڈرون شکن ٹیکنالوجی سے لیس نظر آئے تھے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلکا انٹرسپٹر ڈرون طیارہ شکن نظام کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے، ایلکا ڈرون کم بلندی پر دشمن ڈرونز سے ٹکرا کر انھیں تباہ کر دیتا ہے۔ روسی ایلکا انٹرسیپٹر کچھ عرصے سے یوکرین کے خلاف جنگ میں بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ پورٹیبل ایئر ڈیفنس سسٹم کی طرح ہے، جہاں آپریٹر کو لازمی طور پر ہدف کو اپنی نگاہوں سے فکس کرنا ہوگا اور پھر انٹرسیپٹر کو لانچ کرنا ہوگا، اسے ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔


  • پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ

    پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ

    لاہور سمیت پنجاب بھر میں محرم الحرام میں پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، 4 محرم کو 32 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 2800 سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں، پنجاب بھر میں آج 262 عزاداری جلوس، 3724 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب بھرمیں 17ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    فوج تعینات کرنے کا فیصلہ:

    ملک میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، سول اداروں کی مددکیلئے فوج سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔

    وزارت داخلہ نے اسلامی مہینے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

    آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں چاروں صوبوں، جی بی اور آزادکشمیرمیں فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی فوج تعینات کی جائے گی، محرم کے دوران سول اداروں کی مدد کیلئے فوج سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔

    فوج کی تعیناتی کا مقصد ممکنہ سکیورٹی خطرات سے نمٹنا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، فوج کے دستے حساس علاقوں میں گشت کریں گے اور حفاظتی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

    چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کی حکومتوں نے محرم میں فوج تعیناتی کی درخواست کی تھی۔

    یاد رہے پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں یکم سے 10محرم تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ اس مہینے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

    محرم الحرام کا آغاز، پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، دفعہ 144 نافذ

    دفعہ 144 کے تحت سیکورٹی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں سات قسم کی پابندیاں نافذ کی گئیں ہیں۔

    موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی خاص طور پر 9 اور 10 محرم کو نافذ کی جائے گی۔ دیگر تمام پابندیاں پورے 10 دن کی مدت میں نافذ رہیں گی۔

  • آسٹریلوی اخبار نے آئی پی ایل کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھادیے

    آسٹریلوی اخبار نے آئی پی ایل کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھادیے

    آسٹریلوی اخبار سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے آئی پی ایل کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھادیے۔

    آسٹریلوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی پی ایل شروع ہوا تو آسٹریلوی کھلاڑی بھارت جانے سے انکار کر سکتے ہیں اور میچز کا انعقادجنوبی بھارت میں ہوا تو بھارت جانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔

    آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھرم شالا میں سیکیورٹی خدشات کے باعث میچ کو روکا گیا، دھرم شالا میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو خطرہ تھا۔

    بھارت پر خوف طاری، آئی پی ایل میچ کے وینیو تبدیل

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملوں کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائیوں کے باعث بھارت نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ہی معطل کر دیا تھا تاہم اب جنگ بندی کے بعد بھارت بورڈ آئی پی ایل پر نظر ثانی کررہی ہے۔

    بھارتی میڈیا نے آئی پی ایل معطل سے متعلق کہا تھا کہ بھارتی بورڈ اور آئی پی ایل مینجمنٹ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں مختلف تجاویز پر غور کرنے کے بعد آئی پی ایل کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • اس سال کراچی مویشی منڈی کی سیکیورٹی کیسی ہوگی؟ اہم خبر

    اس سال کراچی مویشی منڈی کی سیکیورٹی کیسی ہوگی؟ اہم خبر

    عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل کراچی نادرن بائی پاس پر مویشی منڈی سج چکی ہے اس سال سیکیورٹی اقدامات کیا ہیں ڈی آئی جی ویسٹ نے بتا دیا۔

    ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے نادرن بائی پاس پر قائم کراچی کی مرکزی مویشی منڈی کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نادرن بائی پاس پر قائم کی گئی مویشی منڈی آنے والے راستوں پر چار پگٹس قائم کی جائیں گی جب کہ ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار، کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے۔

    عرفان بلوچ کا کہنا تھاکہ مویشی منڈی اور آنے والوں کی حفاظت کے لیے رینجرز بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی الرٹ رہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ مویشی منڈی آنے والے راستوں پر ایک بھی واردات نہ ہو۔ نادرن بائی پاس پر لگنے والی مویشی منڈی کو تیسرا سال ہے پچھلے سال بھی پولیس نے احسن اقدام کیے ایک بھی واردات نہیں ہوئی تھی۔

    ڈی آئی جی ویسٹ نے کہا کہ ایڈمنسٹریشن مویشی منڈی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ گلشن معمار، نادرن بائی پاس سمیت تمام راستوں پر سیکیورٹی تعینات ہوگی۔ ہم نے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ نادرن بائی پاس کو لگنے والے اضلاع کو بھی سیکیورٹی سسٹم میں شامل کریں گے۔

    اس موقع پر مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر شہاب علی نے کہا کہ ببرلو میں دھرنے کی وجہ سے بڑی تعداد میں جانوروں کے ٹرک راستے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اگلے جمعہ تک یہ مویشی منڈی نادرن بائی پاس اپنے جوبن پر ہوگی۔

  • کالعدم تنظیموں کی ہٹ لسٹ پر ہوں سیکیورٹی لےلی گئی ہے، مرکزی رہنما پی ٹی آئی

    کالعدم تنظیموں کی ہٹ لسٹ پر ہوں سیکیورٹی لےلی گئی ہے، مرکزی رہنما پی ٹی آئی

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے انکشاف کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی ہٹ لسٹ پر ہوں مجھ سے سیکیورٹی پہلے ہی لےلی گئی ہے۔

    اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ کل ایک جگہ بیٹھا ہوا تھا تو بڑی تعداد میں پولیس نفری آئی، کالعدم تنظیموں کی ہٹ لسٹ پرہوں، کل 3 ساڑھے 3 گھنٹے کیلئے بڑی تعداد میں اہلکاروں نے آکر سیکیورٹی دی۔

    حامد رضا نے کہا کہ جس آفس میں تھا یہاں سے کچھ عرصے پہلے ایم پی اے کو گرفتار کیا گیا تھا، حکومت کیساتھ مذاکرات ختم سمجھیں۔

    انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام آیا کہ جوڈیشل کمیشن نہیں بنتا تو مذاکرات نہ کریں، پہلی میٹنگ میں کہا تھا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادیں، حکومتی کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

    چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ تیسری میٹنگ تک ملاقات نہیں کرائی گئی، حکومتی کمیٹی سمجھ رہی تھی مطالبات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا لکھا ہوگا۔

    صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہم نے تو تحریری مطالبات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا نہیں لکھا، یہ لوگ تاثر بنانا چاہتے تھے تحریری مطالبات لہرائیں گے کہ این آر او مانگ لیا، تیسری میٹنگ کے بعد رانا ثنااللہ اور عرفان صدیقی کی پریس کانفرنس دیکھ لیں۔

    حیرت کی بات ہے کہ 9مئی کے مقدمات میں ایک شخص 3 جگہ پر موجود ہے، شاہ محمود قریشی کراچی میں تھے اور مقدمات میں کہا گیا راولپنڈی میں تھے،حکومت مذاکرات کے ذریعے جو تاثر بنانا چاہتی تھی وہ موقع ہم نےنہیں دیا۔

    حامد رضا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ آزاد کمیشن کے ذریعے 9مئی کی تحقیقات ہونے دیں، بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں ہمارے لوگ ملوث پائے گئے تو ان کی مذمت کرینگے

    9مئی کو جو لوگوں کو اکسا رہے تھے ان کی نشاندہی تو کرلیں، ہر میٹنگ میں کیوں کمٹمنٹ کرتے ہیں کہ بانی سے ملاقات کرائیں گے۔

    حامد رضا نے کہا کہ احتجاج کا راستہ ہمارے پاس موجود ہے، ایوانوں میں احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں، اسٹینڈنگ کمیٹی نے 40 منٹ میں اختلافی نوٹ لیے بغیر پیکا ایکٹ میں ترمیم منظور کی۔

  • چیمپئنز ٹرافی: تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی: محسن نقوی

    چیمپئنز ٹرافی: تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی: محسن نقوی

    چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین اور سابق سیکریٹری ای سی بی مبشر عثمانی نے ملاقات کی، اس موقع پر چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    محسن نقوی نے اس موقع پر اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پروجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے، شائقین چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے کے لیے بے تاب ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے، ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بیک ڈور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق جمعہ کو موخر ہونے والی آئی سی سی میٹنگ آج رات یا کل ہو سکتی ہے، ایونٹ وینیو اور شیڈول کے لیے معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

  • آئیڈیاز 2024 نمائش کا آغاز : پولیس کے 4 ہزار 800 جوان سیکیورٹی پر تعینات

    آئیڈیاز 2024 نمائش کا آغاز : پولیس کے 4 ہزار 800 جوان سیکیورٹی پر تعینات

    کراچی : بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے لئے پولیس کے 4 ہزار 800 جوان سیکیورٹی پر تعینات کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کا آغاز ہوگیا، کراچی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں

    کراچی پولیس کے 4ہزار 800جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ سیکیورٹی پر پولیس آفیسر،آفیشل اور لوکل پولیس تعینات ہوگی۔

    ایس ایس یو کمانڈوز،ریپڈ رسپانس فورس اور اسپیشل برانچ بھی فرائض انجام دے گی جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار مختلف اہم مقامات پر تعینات کردیے گئے ہیں۔

    ایکسپو سینٹر کے اطراف عمارتوں پر بھی نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیا ، ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے ایکسپو سینٹر تک بھی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

    رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار بھی بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔

    چار روزہ نمائش کے دوران صبح سات سے شام سات بجے تک ایکسپو سینٹر سے منسلک سڑکیں بند رہیں گی جبکہ ایکسپو سینٹر کی حدود میں موجود تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل اسٹیڈیم سڑک اور فلائی اوور بند رہیں گے جبکہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم سگنل سے دائیں جانب حسن اسکوائر جانیوالی سڑک بند ہوگی۔

    اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ نیپا سے ایکسپو سینٹر کے بائیں جانب جانیوالی سڑک بھی بند ہوگی جبکہ شاہراہِ فیصل سے ہیوی اور کمرشل گاڑیوں، واٹر ٹینکر کا کارساز روڈ پر داخلہ بند ہوگا۔

    یاد رہے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے موقع پر حفاظتی نکتہ نظر کے تحت کراچی بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، دفعہ 144 کا نفاذ 7دن کیلئے کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 18 نومبر سے 24 نومبر تک ہوگا، ان ایام میں جلسے، جلوس، ریلیاں نکالنے پر سخت پابندی ہوگی۔

  • کراچی: 12 ربیع الاوّل کے مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    کراچی: 12 ربیع الاوّل کے مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    کراچی: ٹریفک پولیس نے 12 ربیع الاوّل کے مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان جاری کردیا، اور اس سلسلے میں نکالنے جانے والے جلوسوں کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اس موقع پر ملک بھر میں مساجد، اہم عمارتوں اور گلیوں بازاروں میں چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ اہم مقامات کو بھی سجایا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں سمیت جلوس کی نگرانی و سیکیورٹی کیلئے پولیس کے 4 ہزار 332 پولیس افسران و جوان کو تعینات کیا گیا ہے۔

    پولیس اہلکار راستوں، گزر گاہوں سمیت مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر تعینات ہونگے، سیکیورٹی ڈویژن  اہلکاروں سمیت ایس ایس یو کے کمانڈوز بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے، ایس ایس یو کے ماہر اسنائپرز مرکزی جلوس کے اطراف، گزر گاہوں پر تعینات ہونگے۔

    ترجمان کراچی پولیس کے مطابق نشتر پارک کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر449 اہلکار فرائض سر انجام دیں گے، ٹریفک کے متبادل روٹس پر ٹریفک پولیس کے افسران و جوان تعینات ہیں۔

    دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایک جلوس شہید مسجد اور دوسرا جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگا، ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا جائے گا۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق کیماڑی سے جناح برج ٹاور کی جانب ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جلوس کے راستے اور اس سے منسلک گلیاں ٹریفک کیلئے بند رہیں گی، یونیورسٹی روڈ سے نیو ایم اے جناح روڈ کیلئے جیل فلائی اوور کے نیچے سے جانے کی اجازت نہ ہوگی، ٹریفک کو جیل فلائی اوور، کشمیر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

    ٹریفک کو گرو مندر سے ایم اے جناح روڈ آنا چاہیے، ٹریفک کو بنوری ٹاؤن سے سینٹرل جیل کی جانب موڑ دیا جائے گا، ٹریفک کو لسبیلہ پرنس ریکارڈر روڈ سے ایم اے جناح روڈ کی جانب آنے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، بنوری لائٹ سگنل سے نیو ایم اے جناح یا جیل کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ تمام گلیاں، بہادر یار جنگ، گرو مندر مکمل طور پر تمام ٹریفک کےلئے بند رہیں گی، شارع قائدین سے آنے والی ٹریفک کو سوسائی سگنل سے آگے آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ایم آرکیانی چوک سے ٹریفک کو کورٹ روڈ چورنگی کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو پریس کلب سےعبداللہ ہارون روڈ کی جانب بھیجا جائے گا، نشترروڈ، رنچھوڑ لائن سے کھارادر آنے والی ٹریفک کو لی مارکیٹ سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو موسیٰ لین، کھڈہ مارکیٹ کی جانب بھیجا جائے گا، تمام ایس پی ٹریفک اپنے اضلاع میں نکلنے والے جلوسوں کی خودنگرانی کریں گے۔

  • حکومت ان حالات میں غیر معمولی اقدامات کیلیے تیار ہے، سرفراز بگٹی

    حکومت ان حالات میں غیر معمولی اقدامات کیلیے تیار ہے، سرفراز بگٹی

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کیلئے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا جہاں انہیں موسیٰ خیل، قلات، بولان، بیلہ، کھڈ کوچہ، نوشکی کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

    اس موقعے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ سی ٹی ڈی، پولیس، لیویز کو جدید آلات، ساز و سامان سے لیس کیا جائیگا، حکومت غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کیلئے تیار ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کا جامع پلان مرتب دیں، کسی بھی افسوسناک واقعے کی صورت میں مؤثر اور فوری رد عمل دیا جائے، شاہراہوں کی حفاظت کے لئے گشت کو بڑھایا جائے۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت افسوسناک واقعات میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا، بدامنی اور انتشار پھیلانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔