Tag: سیکیورٹی سخت

  • 8 محرم الحرام: لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی

    8 محرم الحرام: لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے سلسلے میں جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین اندرون موری گیٹ سے برآمد ہو گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

    جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی گئی ہیں، جلوس میں شریک عزادار ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کریں گے، شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اندرون موری گیٹ سے ہوتا ہوا کوچہ چراغاں سے گزرے گا، جلوس جامعہ رضویہ، بخاری چوک، لوہاری گیٹ سے ہوتا ہوا انار کلی پہنچے گا۔

    ترجمان لاہور پولیس کے مطابق پنجاب بھر میں 58 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، لاہور میں 3600 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج 1365 جلوس اور 3940 مجالس کا انعقاد ہوگا جبکہ لاہور میں آج 86 جلوس، 416 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، 27 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار سیکیورٹی میں معاونت کررہے ہیں۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے، ہوائی فائرنگ، اسلحہ نمائش، اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی ہوگی۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر طے شدہ مقامات پر مجالس وجلوس کی اجازت نہیں ہوگی،  سیف سٹیز اتھارٹی وضلعی کیمروں سے مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی نگرانی اور کارروائی جاری ہے، تمام اضلاع کےکنٹرول رومز مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہے۔

  • 5 دن تک شادی ہالز اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے ؟  اہم خبر آگئی

    5 دن تک شادی ہالز اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے ؟ اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : حکومت نے 5 دن تک شادی ہالز، کیفے، ریسٹورنٹ اور اسنوکر کلب بند کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کانفرس کی تیاریاں جاری ہے، جڑواں شہروں میں سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پلان پر عملدرآمد شروع کردیا گیا۔

    جس بعد 12 سے 16 اکتوبر تک شادی ہالز، کیفے، ریسٹورنٹ اور اسنوکر کلب بند کرنے کا حکم دے دیا ، اس حوالے سے پولیس نے تاجروں، ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

    پولیس نے تاجروں،ہوٹل مالکان سے شورٹی بانڈز طلب کر لئے اور کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنےوالوں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    جڑواں شہروں میں ایس سی اوکانفرنس کے پیش نظر 14 سے 16اکتوبر تک عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

    ایس سی او سمٹ کے لیے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج بھی تعینات کی گئی ہے جو 17 اکتوبر تک تعیناتی رہے گی۔

    بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں، وہ15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

  • کراچی:دہشت گردی کے واقعات، سی اے اے اور پی آئی اے دفاتر کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ

    کراچی:دہشت گردی کے واقعات، سی اے اے اور پی آئی اے دفاتر کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ

    کراچی : شہر قائد میں بڑھتے دہشت گردی کے واقعات کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے دفاتر کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دھماکوں کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے دفاتر کی سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ، سی اے اے ہیڈکوارٹرز اور تمام شعبوں کی سیکورٹی سخت کرنے اور ویجلنس بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ بلا ضرورت آنے والے وزیٹرز کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے سی اے اے اور پی آئی اے دفاتر میں ویلجنس کو ہر وقت تیار رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    پی آئی اے اور سی اے اے کے تمام شعبوں میں کام کرنے والے عملے کو لازمی آئی ڈی کارڈ پہننے کی ہدایت دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سی اے اے اور پی آئی اے کے دفاتر کے اطراف مشتبہ باکس یا بیگز پر بھی نظر رکھنے اور سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی مکمل فنکشل رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

    ائیرپورٹ کے اطراف پی آئی اے سی اے اے کی ویجلنس ٹیموں کو پٹرولنگ کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

  • فضل الرحمان کی دھمکیاں ، وزیراعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر سیکیورٹی سخت

    فضل الرحمان کی دھمکیاں ، وزیراعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر سیکیورٹی سخت

    اسلام آباد : جے یو آئی ف کے سربراہ فضل الرحمان کی دھمکیوں اور معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی کے پیش نظر وزیر اعظم کی بنی گالہ رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ فضل الرحمان کی دھمکیوں اور معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ، اس خدشے کے پیش نظر  وزیر اعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    بنی گالہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینر لگا دیے گئے اور ایف سی جوان بھی تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ بکتر بند بھی پہنچا دی گئی اور مری روڈ سے بنی گالہ انصاف چوک تک 3مقامات پر کنٹینر پہنچا دیے ہیں اور اسلام آباد پولیس سمیت ایف سی،ایلیٹ اہلکار بھی بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔

    یاد رہے آزادی مارچ کے شرکا کا ڈی چوک کی طرف مارچ کا امکان ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے بلیوایریا میں ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : آزادی مارچ کے شرکا کا ڈی چوک کی طرف پیش قدمی کا امکان

    ذرائع کے مطابق شرکا کی پیش قدمی کے پیش نظر انتظامیہ نے تمام علاقوں سے نفری ڈی چوک بلیو ایریا تعینات کرنےکافیصلہ کیا ہے ، جس کے بعد ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا  کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، بلیو ایریا اور ڈی چوک کے اطراف رینجرز، ایلیٹ فورس کی مزید نفری بھی تعینات کی جارہی ہے۔

    وزارتِ داخلہ کے حکام کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بکتر بند گاڑیاں بھی پہنچا دی گئیں جبکہ حساس علاقے میں مزید نفری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

    واضح رہے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان کا اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت دو روز میں استعفیٰ دے ورنہ آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، یہ مجمع قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر سے گرفتار کرلے، ادارے 2دن میں بتادیں موجودہ حکومت کی پشت پر نہیں کھڑے۔

  • ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

    اسلام آباد / کراچی / لاہور : حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، مختلف شہروں میں موبائل فون کی بندش کے ساتھ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔

    کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوا، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

    یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے،جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

    کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگاکر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

    سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح سے ہی بند ہوگئی جبکہ انٹرنیٹ وائی فائی سروس بھی متاثر ہے، سندھ اور پنجاب کے بڑے شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

    یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے،  نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کے لیے سربلند کردیا.

    حق و باطل کے اس معرکے کی یاد میں آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں علم،شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جن کی سیکیورٹی کے لئے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں بلکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

    عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کرکے اپنے غم کا اظہار کررہے ہیں، یوم عاشور پر سیدہ کےلعل کا پرسہ دینے کے لئے عزداران شاہراہوں پر ہیں، حسین ابن علی اور اہل بیت کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

     : کراچی
    کراچی میں یوم عاشور کامرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر منزل کی جانب رواں دواں ہے، جلوس کے شرکاء نوحہ خوانی، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔ جلوس کی گزرگاہوں پرسبیل لگائی گئیں ہیں اور لنگرتقسیم کیا جارہا ہے۔

     : لاہور
    لاہور کا مرکزی جلوس نثارحویلی سے نکالا گیا جو مقرر کردہ راستوں پر گامزن ہے، عزاداران حسین نے جلوس کے راستے میں سینہ کوبی کی اور زنجرر زنی کی ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے ہر داخل ہونے والے ہر شخص کی میٹیل ڈیٹیکٹو کے ذریعے جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔

     : ملتان اور جھنگ
    ملتان میں امام بارگاہ ہیرا حیدری اور جھنگ میں امام بارگاہ حسینیہ سےمرکزی جلوس نکلے، ملتان میں عزاداران کے تین بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے ہیں جلوسوں کی نگرانی کیلئے پچاس سے زائد کیمرے نصب کئے گئے ہیں، سیکیورٹی اور کنڑول روم کی مانیٹرنگ علاقائی کمشنر اورڈپٹی کمشنر خود کر رہے ہیں۔

     : مظفر آباد
    مظفر آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس کے راستے میں آنے والے تجارتی مراکز کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے، جلوس کے لئے ریسکیو ادارے، بم ڈسپوزل اسکواڈ، محکمہ صحت، ٹریفک پولیس کا عملہ خصوصی طور پر اپنی فرائض سر انجام دے رہا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

     : گوجرانوالہ  
    یوم عاشورہ کے جلوس چوک گھنٹہ گھر پہنچ چکے ہیں ، جہاں وہ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد زنجیر زنی کر رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور آنے والے تمام افراد کی چیکنگ کی جاری ہے

    علاوہ ازیں شہدائے کربلا کی یاد میں کوئٹہ میں علمدار روڈ سے جلوس برآمد ہوا، پشاور میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، جہلم، ڈسکہ، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی جامشورو سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چھوٹے بڑے جلوس رواں دواں ہیں۔ گلگت بلتستان کے بھی مختلف شہروں میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔

  • آج کا دن ہمیں تاریخ میں شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

    آج کا دن ہمیں تاریخ میں شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں تاریخ میں شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، صوبے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جام کمال نے آئی جی بلوچستان آفس میں سیکیورٹی سے متعلق قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صحافیوں سے بات چیت کی۔

    انہوں نے کہا کہ آج مذہبی لحاظ سے مسلمانوں کے لیے بڑا دن ہے، صوبے بھر میں یوم عاشور کے لیے بہتر سیکیورٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بہت سے ناخوشگوار واقعات گزرے ہیں، آج کا دن امن وامان اور بہتر طریقے سے اختتام پذیر ہوگا۔

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، سیکیورٹی سخت

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی بلوچستان آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں سے سیکیورٹی کی نگرانی کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگاکر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

  • سیکیورٹی خدشات: چینی شہریوں‌ کو ویزا دینے کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ

    سیکیورٹی خدشات: چینی شہریوں‌ کو ویزا دینے کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے انہیں ویزا دینے کے طریقہ کار میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، مستقبل میں ویزوں کی توسیع صرف امیگریشن و پاسپورٹ آفسز کریں گے، پاکستانی سفارت خانے اور مشنز صرف ایک سال کا ملٹی پل ویزا جاری کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں چینی شہریوں کو پاکستان کا ویزا دینے کے طریقہ کار سے متعلق غور کیا گیا۔

    اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، وزارت خارجہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور ویزا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر داخلہ نے نادرا اور ایف آئی اے کو ضروری اقدامات کرنے کے احکامات دیے، چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے وزارت داخلہ نے کئی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور بہتر سیکیورٹی کے لیے وزارت نئی پالیسی پر غور شروع کردیا ہے۔

    مستقبل میں چینی شہریوں کو دعوت نامے،اسائنمنٹ پر ویزا جاری کیا جائے گا، بزنس ویزا اورانٹری ویزا تصدیق شدہ دعوت ناموں پر جاری ہوگا، دعوت نامے چینی حکومت،ایوان صنعت و تجارت سے تصدیق شدہ ہوں گے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بزنس ویزا میں توسیع کو بھی ریگولیٹ کیا جائے گا، ریجنل پاسپورٹ آفسز کو ویزوں میں توسیع دینے کے اختیارات ختم کردیے جائیں گے، مستقبل میں ویزوں میں توسیع صرف وزارت امیگریشن و پاسپورٹ کرے گی اور پاکستانی سفارتخانے اور مشنز صرف ایک سال کا ملٹی پل ویزا جاری کرسکیں گے۔

    اجلاس ذرائع کے مطابق ویزوں کا اجرا چینی حکام کی سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔

  • ’را ‘کے حملوں کا خدشہ، سندھ بلوچستان کی سرحد پر سیکیورٹی سخت

    ’را ‘کے حملوں کا خدشہ، سندھ بلوچستان کی سرحد پر سیکیورٹی سخت

    تفصیلات کے مطابق بھارتی خفیہ ادارے را کی جانب سے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر سندھ بلوچستان بارڈر پر حفاظتی اقدامات سخت کردیے گئے۔

    Terror threats from Indian spy agency by arynews
    خدشہ ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را بلوچستان کی قوم پرست اور سیاسی جماعت کے دہشت گردوں کو استمعال کر سکتی ہے، کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد بلوچستان بارڈر سے سندھ میں داخل ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر رینجرز اور پولیس کی چیک پوسٹوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    اطلاعات ہیں کہ حب چوکی سے لے کر سپرہائی وے تک سات نئی چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں جن کا مقصد سیکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط کرنا ہے، چیک پوسٹوں پر رینجرز اور پولیس کی نفری تعنیات کر دی گئی ہے جو گزرنے والی ہر گاڑی کی چیکنگ کرے گی۔

    اس ضمن میں ناردرن بائے پاس پر متصل باڈرر ایریا میں ڈی آئی جی ویسٹ نے حفاظتی اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔

  • کراچی میں‌عبادت گاہوں پر حملوں کا خطرہ، الرٹ جاری

    کراچی میں‌عبادت گاہوں پر حملوں کا خطرہ، الرٹ جاری

    کراچی : شہر قائد میں مختلف فرقوں اور اقلیتی عبادت گاہوں پر حملوں کا خطرہ ہے جس کے سبب حساس اداروں نے سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سانحہ کے بعد کراچی بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، حساس اداروں کی جانب سے ایک تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان بیسڈ کالعدم تنظیم نے کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی یوپی موڑ کے قریب ایک عبادت گاہ پر حملے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

    علاوہ ازیں مختلف فرقوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کو بھی ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے جس پر کراچی میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور تمام مذہبی عبادت گاہوں اور اہم مقامات کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔

    گزشتہ ماہ حساس اداروں نے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ القاعدہ برصغیر کے دہشت گردوں نے شہر قائد میں پولیس، ٹریفک پولیس اور رینجرز پر حملے کی منصوبہ بندی کی ہے۔


    Intelligence agencies issue red alert over… by arynews

     

  • مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے گھروں کی سیکیورٹی سخت

    مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے گھروں کی سیکیورٹی سخت

    کراچی: سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے گھروں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

    ایم کیو ایم کے سابق رہنماؤں کی دھماکہ خیز انٹری کے بعد کراچی اور حیدرآباد میں دونوں رہنماؤں کے گھروں کی سیکیورٹی میں اضافہ، حیدرآباد میں انیس قائم خانی کے گھر کے باہر بھی سیکیورٹی میں اضافہ کرکے پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے اور عوام کو ان کے گھر سے دور رکھا جارہا ہے۔

    کراچی میں مصطفی کمال کے گھر کے اندر ا ور باہر پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے، گھر کی بیرونی دیوار پر خار دار تاریں لگائی گئی ہیں اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔

    کراچی میں بھی سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور ایس ایس یو کمانڈوز کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔