Tag: سیکیورٹی پلان

  • پی ایس ایل 10: کراچی میچز کیلیے سیکیورٹی پلان تیار، کون کون سی سڑکیں بند ہوں گی؟

    پی ایس ایل 10: کراچی میچز کیلیے سیکیورٹی پلان تیار، کون کون سی سڑکیں بند ہوں گی؟

    پی ایس ایل 10 کا آج سے آغاز ہو رہا ہے ٹورنامنٹ کے 5 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے اس حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 10) کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پانچ میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہیں جو 12، 15، 18، 20 اور 21 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

    کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے حوالے سے سیکیورٹی پلان تیاری کر لیا گیا ہے میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے والے شائقرین کرکٹ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    سیکیورٹی اقدامات:

    میچز کے دوران کراچی میں سیکیورٹی اداروں کے مجموعی طور پر 6700 سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ یہ اہلکار اسٹیڈیم، ایئرپورٹ، ٹیموں کے روٹس، پارکنگ پوائنٹس اور ہوٹلز پر تعینات ہوں گے جبکہ جدید تربیت یافتہ کمانڈوز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں گے۔

    شہریوں کیلیے آگہی:

    میچز ے دوران اسٹیڈیم کے اطراف تمام سڑکیں ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھلی رہیں گی تاہم سر شاہ سلیمان روڈ استعمال کرنے والے شہریوں کو میچ کے دوران متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    پارکنگ ایریاز:

    نیشنل بینک اسٹیڈیم میچ دیکھنے آنے والے شائقین کے لیے پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ چائنا گراؤنڈ اور نیشنل کوچنگ سینٹر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلیے مختص کیے گئے ہیں۔

    وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی گئی ہے۔ صرف وی آئی پیز اور اسٹیکر،پاسز کی حامل گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہو سکیں گی۔

    اسٹیڈیم آنے والے شائقین کیلیے خاص ہدایات:

    پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ مرکزی گیٹ کے علاوہ 04، 05، 12، 13 اور 14 نمبر کے دروازوں سے اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔

    اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی ہوگی جب کہ اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلنڈر نصب شدہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

    نیشنل بینک اسٹیڈیم کے تمام گیٹ میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے۔ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔

    تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کھانے پینے اور ریفریشمنٹ کی تمام اشیا اسٹیڈیم کے اندر لگے اسٹالز پر دستیاب ہوں گی۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ آج شروع ہو رہا ہے۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔

    PSL 10- پی ایس ایل  کی تمام خبریں

    6 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
    لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچز کی میزبانی کرے گا جن میں 2 ایلیمنیٹر اور فائنل بھی شامل ہے۔

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے جس میں 13 مئی کو ہونے والا پہلا کوالیفائر بھی شامل ہیں جبکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم 5، پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔

    بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی قیادت جاری رکھیں گے، جب کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بالترتیب ڈیوڈ وارنر اور سعود شکیل کے ساتھ نئے کپتان ہوں گے۔

  • کراچی : یوم علیؓ کے جلوس کا شیڈول جاری، سیکیورٹی پلان تیار

    کراچی : یوم علیؓ کے جلوس کا شیڈول جاری، سیکیورٹی پلان تیار

    کراچی میں یوم علیؓ کے جلوس کا شیڈول جاری کردیا گیا، جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ امام بارگاہ علی رضا کے سامنے ادا کی جائے گی۔

    کراچی میں یوم علی کے مرکزی جلوس کے سلسلے میں روٹ پر کنٹینر لگنا شروع ہوگئے، دکانوں کو تلاشی کے بعد سربمہر (سیل) کیا جا رہا ہے۔ مرکزی جلوس سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک ،ٹاور سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

    یوم علیؓ کے جلوس کی آمد سے قبل اطراف کے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا جائے گا، سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے جلوس کے راستوں کی نگرانی کی جائے گی۔

    کراچی پولیس نے یومِ علی کے موقع پر مرکزی جلوس کے تحفظ کیلیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے یومِ علیؑ کے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مرکزی جلوس کے روٹ اور اس سے متصل گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 5367 پولیس افسران اور جوان حفاظتی ڈیوٹی پرمامور ہیں، جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ جلوس میں آنے والے شرکاء کی تلاشی کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

    قبل ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اعلیٰ پولیس افسران کے ہمراہ یومِ علی کے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    پولیس حکام نے ایڈیشنل آئی جی کو جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی، حساس مقامات پر پولیس تعیناتی، اسنائپرز کی پوزیشننگ، اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

  • محرم الحرام : سیکیورٹی پلان اور پیپلز بس سروس سے متعلق اہم اعلان

    محرم الحرام : سیکیورٹی پلان اور پیپلز بس سروس سے متعلق اہم اعلان

    کراچی : پولیس نے محرم الحرام سے متعلق سیکیورٹی پلان جاری اور سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کی جزوی معطلی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران پولیس کے 17 ہزار 947 افسران اور اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کیے جائیں گے۔

    ترجمان کے مطابق محرم کے دوران 1 ہزار 49 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 4 ہزار 664 مجالس ہوں گی، مجالس پر 4 ہزار 392 جبکہ جلوسوں پر 11 ہزار 628 اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

    کراچی پولیس ترجمان کے مطابق انتہائی حساس مقامات پر 1 ہزار 927 افسران اور جوان سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

    ترجمان کے مطابق محرم کی ڈیوٹی کےلیے ٹریفک پولیس کے 987 افسران اور جوان موجود رہیں گے۔

    پیپلز بس سروس معطل 

    علاوہ ازیں سندھ حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں 9اور10محرم الحرام کو پیپلز بس سروس جزوی طور پر معطل رہے گی جبکہ ملیرہالٹ سے سپرہائی وے جانے والی بس سروس جاری رہے گی۔

    کراچی میں محرم کے مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات جاری ہیں، جلوس کے روٹس پر موجود تمام گلیوں، گزرگاہوں،روڈ کو سیل کیا جارہا ہے۔

    پولیس کے مطابق تمام متعلقہ گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کیا جارہا ہے، سولجر بازار،ایم اے جناح روڈ، صدر، ریگل چوک کو سیل کردیا گیا۔

    اس کے علاوہ تبت سینٹر، جامع کلاتھ مارکیٹ، لائٹ ہاؤس کی گلیوں کو سیل کردیا گیا، بولٹن مارکیٹ اورکھارادر کے مقامات پرگلیوں کو بھی سیل کیا گیا ہے، مرکزی جلوس کے روٹ پر بیشتر راستے3روز تک بند رہیں گے۔

  • عید الفطر: سندھ میں پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

    عید الفطر: سندھ میں پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

    کراچی: صوبہ سندھ میں عید الفطر کے موقع پر 33 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں عید الفطر سے دوران پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا، آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں 33 ہزار 560 اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    آئی جی سندھ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں 9 ہزار 825 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، حیدر آباد میں 8 ہزار 222 اہلکار، لاڑکانہ میں 6 ہزار 811 اہلکار اور سکھر میں 4 ہزار اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    علاوہ ازیں میر پور خاص میں 1690 اور شہید بے نظیر آباد میں 313 اہلکار سیکیورٹی دیں گے۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور نماز عید کے کھلے مقامات پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور مختلف علاقوں میں پولیس گشت کو بڑھایا جائے گا۔

    انہوں نے ٹریفک پولیس کو بلا تعطل ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔

  • سعودی ولی عہد کی آمد، ٹریفک پلان جاری، ڈبل سواری بند رہے گی

    سعودی ولی عہد کی آمد، ٹریفک پلان جاری، ڈبل سواری بند رہے گی

    اسلام آباد: شہر اقتدار میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے موقع پر ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، دو دن تک کسی قسم کا ہیوی ٹریفک شہر میں داخل نہیں ہوسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کے متبادل راستوں کا پلان جاری کردیا گیا ہے، 16 فروری صبح دس بجے سے 17 فروری رات دس بجے تک یہ ٹریفک پلان نافذ العمل رہے گا۔

    ٹریفک کی بروقت اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لیےشہریوں کو چاہیے کہ اپنی گاڑیوں میں ٹریفک پولیس کا ریڈیو اسٹیشن ایف ایم 92.4 ٹیون کرکے رکھیں اور ان دو دنوں میں بلا مقصد سفر سے گریز کریں۔

    ٹریفک ذرائع کے مطابق روات ٹی کر اس سے ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا، کاک پل سے بجانب کرال چوک اسلام آباد ایکسپریس وے ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔

    اسی طرح 26 نمبر چنگی سے اسلام آباد کشمیر ہائی وے پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔ کٹاریاں پل اور نائنتھ ایونیو آئی جے پی روڈ سے بجانب فیض آباد ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔ سترہ میل ٹول پلازہ سے بجانب بجانب اسلام آباد مری روڈ اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔

    دوسری جانب اسلام آباد میں ان دو دنوں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کیے جانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے، پابندی کا اطلاق 16 سے 17 فروری تک ہوگا۔

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اسلام آباد آمد کے موقع پر استقبال کے بعد انہیں وزیراعظم ہاؤس لایا جائے گا، جہاں ولی عہد کوگارڈ آف آنر پیش کیاجائےگا۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرسعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کل دو روزہ دورے پاکستان آئیں گے، محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں آئل ریفائنری سمیت بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے استعمال کے لئے سامان اور لگژری گاڑیاں وزیر اعظم ہاؤس پہنچا دی گئیں ہیں ، اس کے علاوہ شاہی مہمانوں کی رہائش کیلئے آٹھ ہوٹلوں میں ساڑھے سات سو کمروں کی بکنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے میں40رکنی وفد اور شاہی گارڈ کا دستہ ہمراہ ہوگا۔

  • پاکستان میں چینی باشندوں کاسیکیورٹی پلان تبدیل کرنے کا فیصلہ

    پاکستان میں چینی باشندوں کاسیکیورٹی پلان تبدیل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد پاکستان میں چینی باشندوں کا سیکیورٹی پلان تبدیل کرنے اور سیکیورٹی کے لیے پروجیکٹس کی نگرانی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد پاکستان میں چینی باشندوں کا سیکیورٹی پلان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، سی پیک اور دیگر منصوبوں پرکام کرنے والوں کا سیکیورٹی پلان تبدیل کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبوں پرکام کرنےوالےچینی باشندوں کی سیکیورٹی اسکریننگ کی جائےگی جبکہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے پروجیکٹس کی نگرانی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سیکیورٹی پلان کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں کےساتھ کوآرڈینیشن کرے گی۔

    مزید پڑھیں : چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام ‘ 2 پولیس اہلکار شہید ‘ 3 دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے گذشتہ روز چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دوپولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

    بعد ازاں بھارت نواز کالعدم تنظیم بی ایل اے نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    دوسری جانب چینی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت ہوئی تھی، ایک حملہ آور کی شناخت خاران کے رہائشی رزاق کے نام سے دوسرے کی ازل خان مری عرف سنگت دادا کے نام سے جبکہ تیسرے حملہ آور کی شناخت رئیس بلوچ کے نام سے ہوئی تھی۔

  • ضمنی انتخابات کے لئے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے، آئی جی سندھ کلیم امام

    ضمنی انتخابات کے لئے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے، آئی جی سندھ کلیم امام

    کراچی : آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے ضمنی انتخابات کے لئے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے، سیکیورٹی اقدامات کو ہرسطح پر غیر معمولی بنایا جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، آئی جی سندھ نے کہا کہ پولینگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی انتہائی ٹھوس اور مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کردی گئیں ہیں.

    اداروں کے درمیان روابط مضبوط اور پائیدار بنائے جائیں اور سیاسی قائدین و رہنماؤں سمیت کارکنان سے تعاون ممکن بنایا جائے۔

    کلیم امام نے مزید کہا کہ بیلٹ باکسز کی ترسیل کے اقدامات کو ہر لحاظ سے محفوظ بنایا جائے گا، حساس پولنگ اسٹیشنز پر کمانڈوز کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے پینتیس حلقوں میں ضمنی انتخاب کا میدان آج بروز اتوار چودہ اکتوبر کو سجے گا۔ ضمنی انتخابات کیلئے641 امیدوار میدان میں ہیں۔ ایک ہزار سات سو استائیس پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دے دئیے گئے ہیں۔

    کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولنگ اسٹیشنزپر فوج تعینات ہوگی، فوج کی تعیناتی کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت کیا گیا ہے، انتخابات کیلئے اسلام آباد انتظامیہ نے رینجرز کی مدد طلب کرلی۔

  • کراچی  شہر میں الیکشن کے روز32 ہزار 849 اہلکار تعینات ہوں گے

    کراچی شہر میں الیکشن کے روز32 ہزار 849 اہلکار تعینات ہوں گے

    کراچی: شہرقائد میں الیکشن کے روز 32 ہزار 849 اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ 1181 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 2670 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں عام انتخابات کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 32 ہزار 849 اہلکار الیکشن کے روز تعینات ہوں گے جب کہ 10 ہزار قومی رضاکار یا سیکیورٹی گارڈز کی خدمات لی جاسکتی ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق سیکیورٹی پلان میں ضلع شرقی میں 112 پولنگ بلڈنگز اور 254پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار جب کہ 117 پولنگ بلڈنگز اور 220 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    ضلع ملیر میں 18 پولنگ بلڈنگز اور 24 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار جب کہ 105 پولنگ بلڈنگز اور 138 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    ضلع کورنگی میں 138 پولنگ بلڈنگز اور 262 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار جب کہ ضلع کورنگی کی 206 پولنگ بلڈنگز اور 363 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیئے گئے۔

    ضلع وسطی میں 63 پولنگ بلڈنگز اور 223 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار جب کہ ضلع وسطی کی 278 پولنگ بلڈنگز اور 747 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا۔

    ضلع غربی میں 123 پولنگ بلڈنگز اور 215 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار جب کہ ضلع غربی کی 440 پولنگ بلڈنگز اور745 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

    ضلع جنوبی کی تمام پولنگ بلڈنگز اور پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

    ضلع سٹی میں 84 پولنگ بلڈنگز اور 138 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار جب کہ 236 پولنگ بلڈنگز اور 363 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    سیکیورٹی پلان بی کے مطابق شہر میں 633 پولنگ بلڈنگز اور 991 پولنگ بوتھ نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی پلان تیار

    پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی پلان تیار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی پلان طے پایا گیا ہے جس کے تحت غیر ملکی کھلاڑیوں اور وی آئی پیز کی حفاظت پر ایلیٹ فورس کو مامور کیا جا ئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو پی ایس ایل کے فائنل کے لیے لاہور میں سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں سیکیورٹی پلان کی منظوری لی گئی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر کے اہم مقامات پر 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جب کہ قذافی اسٹیڈیم آنے والے راستوں پر چار مقامات پر چیکینگ کی جائے گی اور تمام راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی بھی کی جا تی رہے گی۔

    جب کہ اسٹیڈیم میں موجود ہر شخص پر کیمرے کی نظر ہو گی جس کے لیے اسٹیڈیم کے اندر 70 کیمرے نصب کردیے گئے ہیں جب کہ اسٹیڈیم کے بیرونی دروازوں پر 30 سے 40 کیمرے نصب کیے جائیں گے اس طرح اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے ہر شخص پر نگاہ رکھی جا سکے گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں اور وی آئی پیز کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ایلیٹ فورس کو سونپی جائے گی جب کہ پورے شہر کی اور بالخصوص اسٹیڈیم کے باہر سیکیورٹی پاک فوج اوراسپیشل برانچ پولیس سنبھالیں گی۔

    دریں اثناء اجلاس میں یکم مارچ کو نشتر اسپورٹس کمپلیکس کو بند ہوگا اور سینٹر پوائنٹ سے لبرٹی چوک تک کا راستہ عام تریفک کے بند ہوگا اس لیے شہریوں کو متبادل گذر گاہیں استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

  • سی پیک منصوبہ : ایف آئی اے نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا

    سی پیک منصوبہ : ایف آئی اے نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا

    اسلام آباد : پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی تعمیر کیلیے آنے والے چینی ماہرین کی مؤثر حفاظت کے پیش نظرایف آئی اے نے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی پیک کے مختلف منصوبوں پر کام کے لئے آنے والے چینی شہریوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے آنے والوں کی مکمل تفصیلات کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔

    سی پیک کے لئے آنے والے شخص کی جگہ کوئی دوسرا شخص کہیں بھی سفر نہیں کر سکے گا ،ایف آئی اے ملک بھر کے تمام انٹری پوائنٹس پر خصوصی کاونٹرز قائم کرے گی

    ۔ذرائع کے مطابق پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے مختلف اقدامات کے ضمن میں ایف آئی اے کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے جس کے تحت چاروں صوبوں میں سی پیک کے مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے کے لیئے آنے والے چائنیز شہریوں کے لیئے ملک بھر کے26انٹری پوائنٹس پر ایف آئی اے کی جانب سے علیحدہ امیگریشن کاونٹرز بنائے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی آڑ میں کوئی دوسرا شخص سفر نہیں کر سکے گا، جبکہ سی پیک کے علاوہ دیگر منصوبوں پر تعینات چینی شہریوں کے حوالے سے محکمہ پولیس کی اسپیشل برانچ ریکارڈ مرتب کرنے کے علاوہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے کو آرڈنیشن بھی کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کے کسی بھی انٹری پوائنٹ سے داخل ہونے والے سی پیک منصوبے کے چینی کارکن کی جانب سے بذریعہ سڑک یا ہوائی جہاز کے ذریعے اندرون ملک کسی بھی سفر کی صورت میں بھی اسکی تفصیلات کی فراہمی بھی اسپیشل برانچ کی ذمہ داری ہو گی ۔

    ذرائع کا مذید کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کا مقصد متعلقہ چینی شہری کی آڑ میں کسی دوسرے شخص کی ملک میں آمد کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے، جس کی بنیادی وجہ دشمن ملک کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لئے اقدامات کو ناکام بنا نا ہے ۔

    ذرائع کے مطابق اسی ضمن میں اس منصوبے پر کام کرنے والے افراد کے لئے پولیس ،ایف آئی اے،اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں کی مشاورت سے سیکورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت منصوبے پر کام کرنے والے افراد کی ایک صوبے سے دوسرے صوبے یا شہر آمد کے لیئے ایک سینٹرل ڈیسک بھی بنایا جائے گا جو تمام اداروں سے کو آرڈینیشن کرے گا۔