Tag: سیہون دھماکہ

  • حکومت سندھ لاشوں کےاوپر اپنی کارکردگی گنوا رہی ہے‘خواجہ اظہارالحسن

    حکومت سندھ لاشوں کےاوپر اپنی کارکردگی گنوا رہی ہے‘خواجہ اظہارالحسن

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کےرہنماخواجہ اظہارالحسن کاکہناہےکہ لاشوں کےاوپر سیاست کی جارہی ہےحکومت لاشوں کےاوپر اپنی کارکردگی گنوا رہی ہے۔

    تفصیلات کےمطابق سندھ اسمبلی کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتےہوئے ایم کیوایم پاکستان کےرہنما خواجہ اظہارالحسن نےکہاکہ پہلے کے وزیراعلیٰ بھی اپنی سناتے تھے سننے میں دلچسپی نہیں ہوتی تھی۔

    خواجہ اظہارالحسن نےکہاکہ لوگ قتل ہورہے ہیں،درگاہوں پرحملے ہورہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ سندھ اپنی حکومت اور قیادت کی تعریف کرتے رہتے ہیں۔

    ایم کیوایم پاکستان کےرہنماکاکہناتھاکہ آج تواسپیکر نے بھی حکومت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔اسپیکرنےوعدہ کیا تھا سب کو بولنے کاموقع دیا جائے گا۔انہوں نےکہاکہ پورے صوبے میں بھانجے،بھتیجے چیئرمین،نائب چیئرمین بھرتی ہیں۔

    خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ سیہون کےواقعے پر آج بہت سی باتیں کرنی تھی اس دن حادثے کےبعد 90کی جگہ 9ڈاکٹرتھے،4چھٹی پرتھے۔انہوں نےکہاکہ سندھ میں اسپتال ناکارہ،تعلیم ادارے تباہ حال ہیں۔

    ایم کیوایم پاکستان کے رہنما نےکہاکہ لوگ پرائیوٹ ایمبولینس میں میتیں سیہون سے کراچی لائے،زخمیوں کوسرکاری ہیلی کاپٹرسے منتقل کرنا چاہیےتھالیکن ہیلی کاپٹر تو ان لوگوں نے اپنے آرام کے لیے رکھے ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں:سیکیورٹی لیپس تھا‘ ممکن نہیں کہ دھمال کے دوران بجلی بند کی جائے‘ وزیرا علیٰ سندھ

    شکار پور میں جاں بحق ہونے والے افراد سے متعلق خواجہ اظہارالحسن نےکہاکہ آج تک ان لوگوں کو امدادنہیں ملی۔امداد والی فہرست میں بھی اپنے لوگوں کےنام ڈال دیےگئے۔

    انہوں نےکہاکہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سیہون دھماکے پرازخودنوٹس لیں، دھماکے کے بعد حیدرآباد کے تین لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔خواجہ اظہارالحسن نےکہاکہ سندھ کے لوگ بیزار ہی نہیں ہوئے،نفرت کرنے لگے ہیں،ہر لاش پرحکومت سیاست کرتی ہے۔

    ایم کیوایم پاکستان کےرہنما نےکہاکہ وفاداریاں تبدیل کرنے کےلیے کارکنوں پردباؤ ڈالاجارہا ہےہماری خاموشی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔انہوں نےکہاکہ حکومت اپنا قبلہ درست کرے،ایوان میں کل بھی ریاستی جبرپربات کریں گے۔

    خواجہ اظہارالحسن نےکہاکہ بات نہ سنی گئی توجیل میں دھرنا،وزیراعلیٰ ہاؤس کاگھیراؤ کریں گے،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم دھرنا دے سکتے ہیں۔انہوں نےکہاکہ بظاہرسیاسی وفاداری تبدیل کی جاسکتی ہے،دلوں کونہیں بدلاجاسکتا۔

    واضح رہےکہ ایم کیوایم پاکستان کےرہنما خواجہ اظہارالحسن نےکہاکہ جبری طور پرکوئی کراچی پرقبضہ نہیں کرسکتا ہے،جوکچھ ہورہا ہے یہ ملک اور شہر کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔

  • سیہون دھماکہ: وزیر اعظم اور آرمی چیف کی زخمیوں کی عیادت

    سیہون دھماکہ: وزیر اعظم اور آرمی چیف کی زخمیوں کی عیادت

    نواب شاہ: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواب شاہ پہنچ گئے۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف نے سیہون دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ بعد ازاں وزیر اعظم سیہون پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر ہونے والے خودکش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے لیے پیپلز میڈیکل اسپتال پہنچے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن ہمارے ارادے پسپا نہیں‌ کرسکتا ہے۔ ہم جناح کے پاکستان کی رونقیں بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ترقی کی جانب تیزی سے بڑھتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا ہے۔ نا عاقبت اندیش دہشت گرد جلد ہی نشانہ عبرت بنیں گے۔

    آرمی چیف نے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دشمن کے گرد گھیرا تنگ ہے، جلد ہی گرفت میں آئے گا۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

    گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی زخمیوں کی عیادت کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دھمال کے دوران خودکش حملہ ہوا تھا جس میں شہدا کی تعداد 80 ہوچکی ہے۔

    دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے 3 روزہ سوگ کے اعلان کے بعد سندھ کی تمام اہم عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔