Tag: سی این جی سلنڈر

  • گیس کی دکان میں دن دہاڑے ڈکیتی، فوٹیج سامنے آ گئی

    گیس کی دکان میں دن دہاڑے ڈکیتی، فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کی ایک اور واردات نے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا ہے، اس واردات میں ڈاکوؤں نے ایف بی ایریا کی ایک گیس دکان کو دن دہاڑے لوٹا، اور بہ آسانی موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں 3 ڈاکوؤں نے سی این جی سلنڈر کی دکان پر دھاوا بول کر لوٹ مار کی، واردات کے دوران دکان میں موجود افراد کو یرغمال بنایا گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

    فوٹیج میں ڈاکوؤں کو واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے اور ڈاکوؤں کے چہرے بھی واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، جس سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کراچی میں مجرموں کو پکڑے جانے کا خوف کیوں نہیں ہے، کیا پولیس پکڑنے میں ناکام رہتی ہے یا ان کی سرپرستی حاصل ہے۔

    اس واردات میں ڈاکوؤں نے سلنڈر کی دکان پر موجود افراد سے، جو کھانا کھا کر اٹھ رہے تھے، 4 موبائل فون اور 30 ہزار روپے لوٹے، ڈاکو واردات کے بعد ایک ہی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فرار ہوتے ڈاکوؤں کو دکان دار نے اینٹ اٹھا کر ماری جس سے اس کے غصے اور مایوسی کا اظہار ہوتا ہے۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں سے شہری مایوسی کی گہری کھائی میں اترتے جا رہے ہیں، کیوں کہ شہر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس کا عملاً کوئی وجود نظر نہیں آتا۔

  • پشاور:سی این جی سلنڈر پھٹنے سے 4افراد جاں بحق

    پشاور:سی این جی سلنڈر پھٹنے سے 4افراد جاں بحق

    پشاور: چمکنی روڈ پر گاڑی میں سی این جی سلنڈر پھٹنے سے چارافراد جاں بحق ہوگئے۔

    واقعہ صبح پانچ بجے سی این جی اسٹیشن پر پیش آیا، جب گاڑی میں گیس بھری جارہی تھی کہ اچانک دھماکے کی آواز آئی اور چار زندگیوں کا چراغ گل ہوگیا۔

    جس گاڑی میں دھماکہ ہوا وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکے کے نتیجے میں سی این جی اسٹیشن اور قریب ہی کھڑی مسافر ویگن کو بھی جزوی نقصان پہنچا، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    واقعہ کی تحقیقات کے لئے پمپ انتظامیہ سے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔