Tag: سی ای او کے الیکٹرک

  • کرنٹ سے 2 بھائیوں کی ہلاکت : سی ای او کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    کرنٹ سے 2 بھائیوں کی ہلاکت : سی ای او کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی : شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے 2 بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    ہلاکتوں کے واقعہ کا مقدمہ سی ای او کے الیکٹرک اور دیگر افسران کے خلاف درج کرلیا گیا، مقدمہ بچوں کے اہل خانہ کی مدعیت میں شاہ فیصل تھانے میں درج کیا گیا۔

    اہل خانہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ گھر کے باہر کےالیکٹرک کی انڈر گراؤنڈ وائر سے کرنٹ آرہا تھا، جس سے ہمارے دونوں بچوں کو کرنٹ لگا۔،

    کرنٹ لگنے پر چھوٹا بیٹا سراج خان موقع پر دم توڑ گیا تھا، بڑا بیٹا اصرار خان روڈ پر بارش کے پانی کے باعث رکشے میں چل بسا۔

    ہلاک شدگان کے اہل خانہ نے پولیس حکام سے استدعا کی ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل کالونی میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، متوفیان کے خاندان سے دلی ہمدری ہے۔

    اپنے جاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں متعلقہ مقام پر بجلی کے انفراسٹرکچر سے لیکیج کے شواہد نہیں ملے، علاقے میں دیگر سروسز کے تار ٹیلیفون کھمبوں پر موجود ہیں جن کی ارتھنگ نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی 4 نمبر میں کرنٹ لگنے سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے تھے، واقعے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دکھایا گیا ہے کہ بارش کے دوران گلی میں دونوں بھائی سڑک پر جمع پانی میں گرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جنہیں موقع پر موجود افراد نے سخت جدوجہد کے بعد دونوں کو کھینچ کر باہر نکلا۔

    اس حوالے سے شاہ فیصل کالونی پولیس نے بتایا کہ کرنٹ لگنے کا واقعہ منگل کی دوپہر پیش آیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں سگے بھائی ہیں اور ان کی شناخت 21 سالہ مراد اور 12 سالہ سراج ولد سلطان کے نام سے کی گئی۔

  • سی ای او کے الیکٹرک نے 25 لاکھ روپے جرمانہ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا

    سی ای او کے الیکٹرک نے 25 لاکھ روپے جرمانہ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا

    کراچی : خاتون ہراسانی کیس میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے 25 لاکھ روپے جرمانہ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خاتون کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی نے عدالت کے حکم پر 25 لاکھ روپے جرمانے کی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ مونس علوی نے یہ رقم 7 اگست کو نیشنل بینک آف پاکستان میں جمع کرائی۔

    یاد رہے صوبائی محتسب برائے انسداد ہراسانی نے سی ای او کے ای مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    تاہم سندھ ہائیکورٹ نے محتسب کے حکم نامے کو جزوی طور پر معطل کرتے ہوئے مونس علوی کو ہدایت دی تھی کہ وہ جرمانے کی رقم عدالت کے ناظر کے پاس جمع کرائیں۔

    مزید پڑھیں : عہدے سے ہٹانے کا حکم معطل! کے الیکٹرک کے سی ای او کو بڑا ریلیف مل گیا

    عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے مونس علوی  نے جرمانے کی رقم ادا کر دی ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر متوقع ہے۔

    یاد رہے کہ صوبائی محتسب نے خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر یہ کارروائی عمل میں لائی تھی، جس کے خلاف مونس علوی نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

  • سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو سزا سنا دی گئی، عہدے سے ہٹانے کا حکم

    سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو سزا سنا دی گئی، عہدے سے ہٹانے کا حکم

    کراچی : صوبائی محتسب اعلیٰ نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے ان پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی محتسب اعلیٰ جسٹس (ر) شاہ نواز طارق نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو سزا سنادی۔

    صوبائی محتسب اعلیٰ نے سی ای او مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے ان پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

    صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سی ای او کے ای پر الزام ثابت ہوتاہے ، وہ ایک ماہ جرمانے کی رقم اداکریں۔

    صوبائی محتسب اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مونس علوی کے خلاف سابق چیف مارکیٹنگ مہرین زہرہ نے شکایت درج کرائی تھی، انھوں نے شکایت کنندہ مہرین زہرہ کو ہراساں کیا، ذہنی اذیت دی۔

    مزید پڑھیں : مونس علوی دوبارہ کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر

    صوبائی محتسب اعلیٰ نے مزید کہا کہ مونس علوی جرمانہ ادا نہ کریں تو منقولہ ،غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے اور جرمانہ ادا نہ کرنے پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیا جائے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ کو 2019 میں کے الیکٹرک نے کنسلٹنسی کیلئےکام پر رکھا تھا۔

  • طے ہوا تھا رات کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی تو شیڈول کیسے تبدیل ہوا؟ اراکین سی ای او کے الیکٹرک پر برہم

    طے ہوا تھا رات کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی تو شیڈول کیسے تبدیل ہوا؟ اراکین سی ای او کے الیکٹرک پر برہم

    کراچی : سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے اراکین نے سی ای اوکے الیکٹرک مونس علوی پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا طے ہوا تھا رات کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی تو شیڈول کس کی اجازت سے تبدیل ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس چیئرمین خصوصی کمیٹی فیاض بٹ کی زیر صدارت ہوا۔

    اجلاس میں اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ ، سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی سمیت دیگر شریک ہوئے جبکہ حیدرآباد و سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

    سی ای او کے الیکٹرک کے پہنچنے سے قبل اجلاس میں گرما گرمی رہی، کمیٹی ارکان نے کہا کہ سی ای او کے الیکٹرک نہ پہنچتے تو شوکاز دیتے۔

    کمیٹی اراکین نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے سوال کیا قانون کیا ہے؟ کس قانون کے تحت لوڈشیڈنگ ہوتی ہے؟ رولزکےتحت آپ کس طرح لوڈ شیڈنگ کرتے ہیں قانون بتائیں،سی ای او کےالیکٹرک نے بتایا کہ ہم لائن لاسزکی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کرتے ہیں۔

    جس پر کمیٹی اراکین نے کہا کہ لائن لاسزکوچھوڑیں قانون بتائیں ؟ تو دونوں اداروں کےسربراہان جواب دینے سے قاصررہے۔

    اجلاس میں لیاقت آباد سے منتخب ایم پی اے معاذ محبوب نے سی سی او مونس علوی سے مکالمے میں کہا کہ جب لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا اس کے بعد بجلی بند کرنے کا جواز نہیں، غیر قانونی لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک حکام کیخلاف ایف آئی آرہونی چاہیے۔

    مونس علوی نے سوال کیا کہ کیا آپ بجلی کی چوری کےخلاف بھی ایف آئی آر درج کرائیں گے؟ تو معاذمحبوب کا کہنا تھا کہ بجلی کی چوری کے خلاف آپ کےساتھ ہیں ، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ توروکیں۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہا کہ تمام کمپنیوں کو لوڈشیڈنگ کا شیڈول دینا ہوگا۔

    دوران اجلاس اراکین اسمبلی نے سی ای او کے ای مونس علوی پر برہمی کا اظہار کیا ، محمد فاروق نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں طے ہوا تھا کہ رات کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، شیڈول کب اور کیسے کس کی اجازت سے تبدیل ہوا۔

    مونس علوی نے بتایا کہ ہیٹ ویو 45 ڈگری پر لوڈ شیڈنگ نہیں کرتے تو محمد فاروق کا کہنا تھا کہ کراچی میں 45 ڈگری درجہ حرارت کب ہوا ہے۔

    سی ای او کے ای نے کہا کہ جماعت اسلامی والوں کو ہم سےکچھ زیادہ محبت ہے، جس پر ، محمد فاروق نے بتایا کہ جماعت اسلامی غور کررہی ہے کہ ڈسٹری بیوشن کمپنی لے آئیں۔

    خصوصی کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس میں سی ای او کےالیکٹرک مونس علوی کے غیر سنجیدہ رویے پر اراکین نے برہمی کا اظہار کیا۔

    بلقیس مختار نے کہا کہ کے الیکٹرک کا سی ای او سنجیدہ نہیں اور پوائنٹ نوٹ نہیں کررہے، سجاد سومرو کا کہنا تھا کہ آپ بار بار موبائل استعمال کررہے ہیں اب مت کیجیے گا۔

    سعدیہ جاوید کا بھی کہنا تھا کہ گزشتہ اجلاس میں کے الیکٹرک حکام نے ایم پی اے پرسخت جملے استعمال کئےتھے، اس عمل پر معافی مانگیں یا ورنہ اجلاس سے باہر نکالیں۔

    مونس علوی نے ادارے کی طرف سے اراکین اسمبلی سے معذرت کی۔

    سی ای او کے الیکٹرک نے بجلی چوری روکنے میں اپنی ناکامی تسلیم کرلی اور کہا جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں کارروائی کی جائے، ہم وہاں کنکشن نہیں کاٹ پاتے۔

  • سی ای او کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ صفر کرنے کا فارمولا بتادیا

    سی ای او کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ صفر کرنے کا فارمولا بتادیا

    کراچی : سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ صفر کرنے کا فارمولا دے دیا اور300 فیڈرز پر بجلی چوری کو لوڈشیڈنگ کی بڑی وجہ قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے 300 فیڈرز پر بجلی چوری کو کراچی میں لوڈشیڈنگ کی بڑی وجہ قرار دے دیا۔

    سی ای او کے ای کا کہنا تھا کہ کراچی میں 2129 فیڈرز میں 300 پر 87 فیصد کی چوری اور نقصان ہے، 300 فیڈرز پر بجلی چوری اور نقصان کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی بڑی وجہ ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ حکومت ہم سے 300 فیڈرز لے لے تو کراچی کو لوڈ شیڈنگ فری کرسکتےہیں ، 300 فیڈرز پر بجلی دینے کو تیار ہیں، حکومت ہمیں اس کی ریکوری کر دے۔

    مونس علوی نے کہا کہ کراچی میں 70 فیصد علاقے لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں، کے الیکٹرک کے ملٹی ایئرٹیرف سےعام صارف متاثر نہیں ہوگا، ملٹی ایئرٹیرف پر عملدرآمد سے 2030 تک کراچی کو 90 فیصد تک لوڈشیڈنگ فری کیا جائے گا، 2030 تک شہرمیں صارفین کی تعداد 50 لاکھ، بجلی کی ترسیل 5 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ ، کے الیکٹرک کا 70 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ فری ہونے کا دعویٰ

    سی ای او کے ای نے مزید بتایا کہ فیڈر سے بجلی چوری کی روک تھام کے لئے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر کام کررہے ہیں، نئے سسٹم میں پی ایم ٹی کو چھیڑا گیا تو فنی خرابی درست کرنے میں 3دن لگ سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پیشکش کی ہے، بجلی چوری والے علاقوں میں اندرون نظام چلانے میں معاونت کرے، کیپٹوپاور پر چلنے والی صنعتوں کو گرڈ سے منسلک کر کے بجلی دینے کو تیار ہیں۔

    کے الیکٹرک سی ای او نے کہا کہ معاشی صنعتی سرگرمی بڑھنے سے کراچی میں بجلی کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، کے ای اس وقت شہر میں 4500 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

  • قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے  سی ای او کے الیکٹرک کو باہر نکال دیا گیا

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے سی ای او کے الیکٹرک کو باہر نکال دیا گیا

    اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت کے اجلاس سے سی ای او کے الیکٹرک کو باہر نکال دیا گیا، ارکان نے مونس علوی کی معذرت مسترد کر دی اور مزید سننے سے بھی انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حفیظ الدین کی زیر صدارت قومی اسمبلی صنعت وپیداوار کا اجلاس ہوا، چیئرمین کمیٹی نے سیکریٹری صنعت وپیداوار کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جوائنٹ سیکریٹری سے استفسار کیا آپ کے سیکریٹری کہاں ہیں؟

    جوائنٹ سیکریٹری نے بتایا کہ سیکریٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کےاجلاس میں گئےہیں، جس پر چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ یہاں اتنےارکان اسمبلی بیٹھےہیں سیکریٹری کوپیغام بھجواکربلائیں، نیپرا کے لوگ کمیٹی میں کیوں نہیں ہیں۔

    جس پر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ نیپرا کے لوگ شائد کابینہ اجلاس میں گئےہیں، تو چیئرمین کمیٹی سید حفیظ الدین کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے آپ کی نیپرا سےبہت قربت ہے ، مونس علوی نے کہا کہ جی بالکل ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے۔

    چیئرمین کمیٹی کا سی ای او کے الیکٹرک سے مکالمے میں کہا کہ آپ کا تعلق عوام کے ساتھ نہیں نیپرا کے ساتھ ہے،شاباش ہے آپ پر، ہماری سفارشات کو اہمیت نہیں دی جا رہی،اپنی سفارشات پر عملدرآمد کیلئےہر حد تک جائیں گے، ہم یہاں عوام اور اسمبلی کے نمائندے ہیں۔

    اجلاس کے دوران سی ای او کے الیکٹرک اور رکن سیف رضا علی گیلانی میں تلخ جملوں کاتبادلہ ہوا، سید رضا علی گیلانی نے سی ای او کے ای کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ انسان کمیٹی میں ہےمیں یہاں نہیں بیٹھوں گا۔

    ممبران اسمبلی ، کراچی چیمبرز کو زوم پر بلانے پر سی ای اوکے ای نے اعتراض کرتے ہوئے کہا ان کو زوم کی سہولت دی مجھے کراچی سے یہاں کیوں بلایا گیا، جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کیا عدالت سے کراچی صنعت کرونا سبسڈی کا کیس واپس لیاہے، ہم نے آپ کو کیس واپس لینے کی ہدایت کی تھی۔چیئرمین کمیٹی حفیظ الدین

    سی ای او کے الیکٹرک نے کہا کہ ہم کیس واپس نہیں لے سکتے، سی ای او کے جواب پر ممبران نے برہمی کا اظہار کیا۔

    سید رضا علی گیلانی کا کہنا تھا کہ سی ای او کے ای کمیٹی کو ہدایت کیسے دے سکتے ہیں،یہ کیا رویہ ممبران اور کمیٹی کے ساتھ رکھا جا سکتا ہے۔

    عبدالحکیم بلوچ نے بتایا کہ مونس علوی نے سندھ اسمبلی کے ممبران کے ساتھ بھی یہی رویہ رکھا،ممبران کے ساتھ یہ رویہ ہے تو عام عوام کا کیا حال کرتے ہونگے۔

    کمیٹی ممبران نے سی ای او کے الیکٹرک کی معذرت مسترد کر دی اور مونس الہی کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا مطالبہ کیا۔

    ممبران کی رائے پر چیئرمین کمیٹی نے سی ای او کیخلاف تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ اور ممبران نے سی ای او کو مزید سننے سے انکار کر دیا

    ممبران کے اصرار پر سی ای او کے الیکٹرک کو کمیٹی اجلاس سے باہر نکال دیا گیا۔

    صحافی نے مونس الہی سے سوال اجلاس میں جھگڑے کی کیا وجہ بنی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا باقی لوگوں کو زوم پر بلایا مجھے کراچی سے بلایا، میں نے کوئی کیس واپس لینے کا وعدہ نہیں کیا تھا، انہوں نے کمیٹی بنائی ہے اس کی میٹنگز ہو رہی ہیں وہ ان کو رپورٹ کرے گی،میں کچھ نہیں کہہ سکتا یہ پارلیمنٹ ہے وہ سنیں گے تو پھر ناراض ہو جائیں گے۔

    سی ای او مونس الہی کیخلاف مؤثر کارروائی کی تجویز نہ ماننے پر سید رضاعلی گیلانی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ممبران اوراپنی عزت پرسمجھوتانہیں کر سکتا، اس شخص کی موجودگی تک میں اجلاس میں نہیں بیٹھ سکتا۔

  • ہرطرح کے امتیازی سلوک، ہراسگی کیخلاف کھڑے ہونگے، سی ای او کے الیکٹرک

    ہرطرح کے امتیازی سلوک، ہراسگی کیخلاف کھڑے ہونگے، سی ای او کے الیکٹرک

    چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا ہے کہ ہرطرح کے امتیازی سلوک اور ہراسگی کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

    کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے سی ای او مونس علوی کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں کام کرنے والی باصلاحیت اور قابل خواتین پر فخر ہے، خواتین کی پیشہ ورانہ صلاحیت توانائی کے شعبے کو نئی منزل کی راہ دکھاتی ہے۔

    مونس علوی نے کہا کہ ہماری ساتھی کی غیرموجودگی میں بعض افراد نے ریمارکس دیے، ایسے ریمارکس منتخب شخص کے شایان شان نہیں ہیں۔

    سی ای او کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ریمارکس منتخب شخص کے اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں، برابری کے اصولوں کو فروغ دینے اور متعصب رویوں کو توڑنے کے لیے کوشاں ہیں۔

  • ’’کراچی کو جلد ہائیڈرو بجلی بھی دستیاب ہوگی‘‘

    ’’کراچی کو جلد ہائیڈرو بجلی بھی دستیاب ہوگی‘‘

    کراچی : کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی نے متبادل توانائی کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے جس پر عمل درآمد نیپرا کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

    کراچی میں منعقدہ فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مونس علوی نے میڈیا کو بتایا کہ اگلے2سے3سال میں 500میگا واٹ متبادل توانائی نصب کرنے کا پلان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی میں پاکستان کا کردار کم ہے، کم کردار کے باوجود پاکستان شدید متاثر ہوا، متبادل توانائی کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری کے منتظر ہیں۔

    سی ای او کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ بجلی میں مکمل طور پر متبادل پر انحصار نہیں کیا جاسکتا، بیس لوڈ کے لئے تھرمل ذرائع سے بجلی بھی درکار ہے۔ مونس علوی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کو جلد ہائیڈرو بجلی بھی دستیاب ہوگی۔

  • اگر بل ادا نہ کیے تو….. سی ای او کے الیکٹرک نے کراچی والوں کو خبردار کردیا

    اگر بل ادا نہ کیے تو….. سی ای او کے الیکٹرک نے کراچی والوں کو خبردار کردیا

    کراچی : سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کراچی والوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر بل ادا نہ کیے تو بجلی نہیں ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کراچی میں عملے پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرتشدد واقعات والے علاقے میں فالٹ پرلمبےعرصےبجلی بندش کا سامنا ہوسکتاہے۔

    مونس علوی کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت وفاقی حکومت طے کرتی ہے ، کے الیکٹرک کا اس سے کوئی تعلق نہیں ، اگر بل ادا نہ کیے تو شہر کو بجلی کی عدم فراہمی کا سامنا کرنا ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ شہری بل ادا نہیں کرینگے تو کے الیکٹرک کی بجلی بنانے کی صلاحیت کم ہوسکتی ہے اور ایسے واقعات کا نقصان کراچی کو بجلی کی پیدوار میں کمی کی صورت میں ہوسکتا ہے۔

    کے الیکٹرک کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے بجلی کی بڑھتی قیمتوں سے عوام ناخوش ہیں لیکن پُرتشدد اور اشتعال سے صورتحال میں قطعاً بہتری نہیں آئی گی۔

    مونس علوی نے مزید کہا کہ بل ادا نہ کرنا مسئلے کا حل نہیں ، بجلی کے نرخ کے تعین کا اختیار نیپرا اور وزارت توانائی کے پاس ہے اور کسی مذہب، معاشرے میں چوری جیسے خراب عمل کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔

  • سی ای او کے الیکٹرک کے خلاف پاکستان انجینئرنگ کونسل میں شکایت

    سی ای او کے الیکٹرک کے خلاف پاکستان انجینئرنگ کونسل میں شکایت

    کراچی: سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کے خلاف پاکستان انجینئرنگ کونسل میں شکایت موصول ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کے خلاف پاکستان انجینئرنگ کونسل میں موصول ہونے والی شکایات میں کہا گیا ہے کے الیکٹرک کی ویب سائٹ کے مطابق مونس علوی چارٹرڈ اکاونٹنٹ ہیں۔

    شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ مونس علوی جون 2018 میں بطور سی ای او کے الیکٹرک تعینات ہوئے،قانون کے تحت سربراہ کے الیکٹرک مستند انجینئر ہی ہو سکتا ہے،کونسل مونس علوی کے خلاف پی ای سی قوانین کے خلاف ورزی پر کارروائی کرے۔

    شکایت کنندگان کے مطابق مونس علوی پی ای سی ایکٹ 1975 کے تحت کے الیکٹرک کے سربراہ نہیں بن سکتے۔انہوں نے کونسل سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے سربراہ مونس علوی کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

    مونس علوی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم

    خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں کراچی میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کرنٹ لگنے سے اموات پر سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس گلزار احمد نے سماعت کے دوران کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کرنٹ لگنےسے اموات پر کے الیکٹرک کا مکمل آڈٹ اور سی ای او کے الیکٹرک کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا۔