Tag: سی ای او

  • پی آئی اے کے سی ای او کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی

    پی آئی اے کے سی ای او کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی

    لاہور : پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے سی ای او کا نام ای سی ایل میں ڈال کر ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے پی آئی اے کے سی ای او کا نام ای سی ایل میں دال کر بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ان کے خلاف ایف آئی اے انکوائری کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ایڈمن لاہور خواجہ حماد الرحمان کے دستخط سے جاری حکم نامہ ملک بھر کے ایئر پورٹس کو بھیج دیا گیا ہے جس میں سی ای او کے بیرون ملک سفر پر جانے کی پابندی سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے ایف آئی اے قومی ایئر لائن کے لیے مہنگے داموں طیارے خریدنے کی انکوائری کررہی ہے اور تفتیش کو شفاف اور حتمی انجام تک پہنچانے کے لیے جرمن سی ای او کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گی۔

    ای سی ایل میں نام آنے کے بعد پی آئی اے کے جرمن سی ای او برینڈ ہیلڈن طیاروں کی خریداری سے متعلق ہونے والی انکوائری مکمل ہونے تک بیرونِ ملک سفر نہیں کر سکیں گے۔

    واضح رہے جرمنی سے تعلق رکھنے والے برینڈ ہیلڈن 42 سال کا تجربہ رکھتے ہیں اور پی آئی اے سے قبل ایک بین الاقوامی نجی ادارے میں اسی عہدے پر کام کر رہے تھے۔

  • سعودی عرب: اہم کاروباری اداروں کی سربراہی خواتین کے سپرد

    سعودی عرب: اہم کاروباری اداروں کی سربراہی خواتین کے سپرد

    ریاض: سعودی عرب میں دو اہم کاروباری اداروں کے سربراہ کی حیثیت سے خواتین کا تقرر کردیا گیا۔

    سعودی عرب کے ایک بڑے بینک نے اپنے چیف ایگزیکٹو کے طور پر رانیہ محمود نشر کو تعینات کیا ہے۔ سامبا فنانشنل گروپ کا کہنا ہے کہ رانیہ محمود اس شعبے میں 20 سال کا تجربہ رکھتی ہیں اور وہ اس عہدے کی اہل ہیں۔

    سامبا کے مطابق رانیہ وہ پہلی سعودی خاتون ہیں جنہیں ایک معتبر امریکی ادارے نے اینٹی منی لانڈرنگ کی ماہر قرار دیا تھا۔

    مذکورہ بینک کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل سعودی اسٹاک ایکسچینج بھی اپنے بورڈ کے چیئرمین کے لیے سارہ السہیمی کا تقرر کر چکا ہے۔

    مزید پڑھیں: میں اپنی سرپرست خود ہوں، سعودی خواتین کا احتجاج

    ماہر اقتصادیات سارہ السہیمی بھی اس سے قبل ایک بینک کی سربراہ رہ چکی ہیں۔ وہ 2014 میں اس عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی سعودی خاتون تھیں۔

    سعودی عرب کے معاشرے میں گو کہ خواتین کے لیے بے حد حدود و قیود ہیں تاہم حالیہ معاشی بحران کی وجہ سے سعودی عرب اب اپنی افرادی قوت اور معیشت میں زیادہ سے زیادہ خواتین کی شمولیت چاہتا ہے۔

    سعودی عرب دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں خواتین کے گاڑی چلانے پر بھی پابندی عائد ہے۔

    کچھ عرصہ قبل سعودی شہزادے ولید بن طلال نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ڈرائیونگ سے محروم کرنا ایسا ہی ہے جیسے انہیں ان کے بنیادی حق سے محروم کردیا جائے۔

  • گوگل میں ملازمت کی خواہش مند 7 سالہ بچی کی درخواست

    گوگل میں ملازمت کی خواہش مند 7 سالہ بچی کی درخواست

    آپ نے گوگل کے دفاتر میں ملازمین کو شاندار اور حیرت انگیز سہولیات دیے جانے کے بارے میں تو ضرور سنا ہوگا، اور یہ بھی سنا ہوگا کہ دنیا بھر میں پھیلے گوگل کے دفاتر نہایت خوبصورتی سے بنائے گئے ہیں اور ان میں جھیلیں، آبشاریں، پہاڑ، تھیم پارک یہاں تک کھیلنے کودنے کے لیے سلائیڈ اور گیمنگ زونز بھی موجود ہیں۔

    یقیناً گوگل میں کام کرنا ہر شخص کا خواب ہوگا جہاں نہ صرف اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملے گا، بلکہ وہاں کے خوبصورت دفاتر میں زندگی کا صحیح لطف آئے گا۔

    شاید گوگل کے کسی دفتر میں موجود ایسے ہی کسی تھیم پارک کو دیکھ کر انگلینڈ کی رہائشی اس 7 سالہ معصوم بچی کے دل میں بھی وہاں کام کرنے کی خواہش جاگ اٹھی، اور اس نے گوگل کے سی ای او سندر پچائی کو نوکری کی درخواست لکھ کر اپنی معصومانہ خواہش کا اظہار بھی کر ڈالا۔

    letter

    اپنی درخواست میں اس نے لکھا، ’میں گوگل میں ملازمت کرنا چاہتی ہوں۔ میں کسی چاکلیٹ فیکٹری میں بھی کام کرنا چاہتی ہوں، اور اولمپک کے سوئمنگ پول میں تیراکی بھی کرنا چاہتی ہوں۔ مرے والد نے مجھے بتایا کہ اگر مجھے گوگل میں ملازمت مل جائے تو میں لوبیا جیسے تکیے پر بیٹھ سکتی ہوں، سلائیڈ لے سکتی اور جھولے جھول سکتی ہوں‘۔

    معصوم بچی کولے درخواست میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا بھی نہیں بھولی۔ ’مجھے کمپیوٹر بہت پسند ہیں۔ میرے پاس ایک ٹیبلیٹ ہے جس پر میں گیمز کھیلتی ہوں۔ اس میں ایک گیم ہے جس میں ایک روبوٹ کو حرکت دینی ہوتی ہے۔ میرے والد نے مجھ سے کہا ہے کہ میرے لیے کمپیوٹرز کے بارے میں جاننا اچھا ہے اور وہ جلد میرے لیے ایک کمپیوٹر بھی خریدیں گے‘۔

    ساتھ میں اس بچی نے گوگل کے سی ای او کو یہ بھی بتایا کہ وہ کس قدر قابل ہے، ’میرے استاد میرے امی ابو کو بتاتے ہیں کہ میں پڑھنے میں بہت اچھی ہوں۔ میری اسپیلنگ بھی اچھی ہے، اور میں ریاضی کے سوالات بھی اچھے طریقے سے حل کرتی ہوں‘۔

    اس بچی نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے گھر میں واحد فرد ہے جو اس ملازمت کے لیے نہایت موزوں ہے، ’میری ایک 5 سال کی بہن بھی ہے، وہ بہت چالاک ہے لیکن اسے صرف گڑیوں سے کھیلنے اور اچھے کپڑے پہننے کا شوق ہے‘۔

    جب یہ خط سندر پچائی کوموصول ہوا تو انہوں نے اس بچی کو جواباً نہایت خوبصورت خط لکھا، ’مجھے جان کر بہت خوشی ہوئی کہ آپ کمپیوٹرز اور روبوٹس کو پسند کرتی ہیں۔ اگر آپ اسی طرح محنت کرتی رہیں تو ایک دن ضرور آپ گوگل میں ملازمت حاصل کرنے کا خواب پورا کرلیں گی‘۔

    letter-2

    انہوں نے مزید لکھا، ’میں آپ کے اسکول کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد آپ کی ملازمت کی درخواست کا انتظار کروں گا‘۔

    بچی کو جب یہ خط موصول ہوا تو یہ اس کے لیے کسی گرین سگنل سے کم نہیں تھا۔ وہ گوگل میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے مزید پرجوش ہوگئی۔

    بچی کے والد نے بھی اس خوبصورت حوصلہ افزائی کے لیے گوگل کے سی ای او کا شکریہ ادا کیا۔

  • پی آئی اے افسران کے دوران ڈیوٹی ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد

    پی آئی اے افسران کے دوران ڈیوٹی ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد

    کراچی: پاکستان ایئر لائنز کے سی ای او نے تمام ڈائریکٹرز سمیت اعلیٰ افسران کے دوران ڈیوٹی ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد کردی۔

    پی آئی اے کے نئے جرمن سی ای او نے انوکھا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام ڈائریکٹرز سمیت اعلیٰ افسران کے دوران ڈیوٹی ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد کردی۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

    پی آئی اے کے طیاروں کی حالت نازک *

    یہ فیصلہ ان شکایتوں کے بعد کیا گیا ہے جن کے مطابق افسران پر الزام ہے کہ وہ ٹی وی دیکھتے ہوئے فرائض سے غفلت برتتے ہیں۔

    سی ای او کی جانب سے جاری کیا جانے والا فیصلہ جی ایم پبلک ریلیشن پر بھی لاگو کردیا گیا ہے جس کا کام ہی ٹی وی دیکھنا ہے۔ جی ایم پبلک ریلیشن ٹی وی دیکھ کر پی آئی اے کے حوالے سے چلنے والی خبروں سے آگاہ رہتا ہے۔

    جرمن سربراہ کی سیکیورٹی کلیئرنس کا معاملہ، پی آئی اے سے وضاحت طلب *

    علاوہ ازیں پی آئی اے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے بھی ٹی وی دیکھنا ضروری ہے۔

    سی ای او نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے تمام افسران کے کمروں سے ٹی وی ہٹانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

  • وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال کو ٹیلیفون

    وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال کو ٹیلیفون

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال کو ٹیلی فون کر کے اے آر وائی کے دفتر پر ہونے والے حملہ پر اظہار افسوس کیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال سے ٹیلی فون کے ذریعہ رابطہ کیا۔ چوہدری نثار نے کل اے آر وائی کے دفتر پر ایم کیو ایم کارکنان کے حملہ اور اس سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیر داخلہ نے واقعہ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت اے آر وائی نیوز کے تمام دفاتر اور ان کے ملازمین کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    کچھ شیشے ٹوٹ گئے تو کون سی قیامت آگئی؟ *

    وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز کا اے آر وائی نیوز کے دفتر کا دورہ *

    اے آر وائی کے دفتر پر حملہ کے خلاف سیاسی رہنماؤں کا اظہار مذمت *

    واضح رہے کہ کل شام ایم کیو ایم کے مسلح مشتعل کارکنان نے کراچی کے علاقہ صدر میں واقع اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کیا۔ حملہ میں ایک شخص جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

    مشتعل کارکنان نے اے آر وائی کے دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کر کے دفتر کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے سیکیورٹی گارڈز اور عملہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دفتر میں موجود خواتین کو بھی ہراساں کیا۔

    واقعہ کے بعد کراچی اور حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا اور متحدہ کے متعدد دفاتر سیل کردیے گئے۔ فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سمیت متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے کچھ کو رات گئے چھوڑ دیا گیا۔