Tag: سی اے اے

  • سی اے اے نے پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑے جانے کا نوٹس لے لیا

    سی اے اے نے پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑے جانے کا نوٹس لے لیا

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی سائنس دان ڈاکٹر فیصل کا پاسپورٹ ملتان ایئرپورٹ پر پھاڑے جانے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے عملے کی جانب سے پاکستانی سائنس دان کے کھانسنے پر پاسپورٹ پھاڑنے کے معاملے کا سی اے اے نے نوٹس لے لیا، ایف آئی اے نے تحقیقات بھی شروع کر دی اور اے ایس ایف سے تفصیلات اور فوٹیج طلب کر لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ 19 دسمبر کو ملتان ائیرپورٹ پر پیش آیا تھا، ڈاکٹر فیصل اپنی فیملی کے ہم راہ عمرے سے واپس پاکستان پہنچے تھے، نوجوان سائنس دان کی کھانسی کو ایف آئی اے عملے نے اپنی شان میں گستاخی سمجھا، اور تلخ کلامی پر امیگریشن عملے نے ان کے پاسپورٹ سے ویزے والا صفحہ پھاڑ کر پاسپورٹ منہ پر مارا جس سے ان کی آنکھ کے اوپر نشان بھی بنا۔

    ایف آئی اے عملے نے کھانسنے پر پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا

    ڈاکٹر فیصل کا مؤقف تھا کہ کھانستے وقت منہ پر ہاتھ نہ رکھنا عملے کو اتنا ناگوار گزرا کہ ان کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا گیا، وہ بخار کی حالت میں تھے اس لیے کھانسی آئی تومنہ پر ہاتھ نہ رکھ سکے تھے۔

    بعد ازاں، ڈاکٹر فیصل نے ایئر پورٹ پر پیش آنے والے واقعے کو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا، وہ حال ہی میں جرمنی سے پی ایچ ڈی مکمل کر کے وطن لوٹے تھے، فیملی کے ہم راہ عمرہ بھی ادا کیا، جس سے واپسی پر ناخوش گوار واقعہ پیش آیا۔

  • پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں اہم ترین پیش رفت

    پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں اہم ترین پیش رفت

    کراچی: پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں اہم ترین پیش رفت سامنے آگئی، سی اے اے ایگزیکٹیو کمیٹی نے ایئرنیوی گیشن پلان 2025 کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ایئرنیوی گیشن پلان 2025 پر عمل درآمد شروع کردیا، ایئرنیوی گیشن پلان سے ریونیو میں 25سے30فیصد اضافہ ہوگا، سی اےاے نے بین الاقوامی ایوی ایشن قوانین کے تحت فلائٹ سیکٹر میں اضافہ کردیا۔

    پاکستانی فضائی حدود 7سیکٹر کے اضافے سے 14سیکٹر پر مشتمل ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپ، کینیڈا، سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی پروازوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ سی اے اے نے ایئر ٹریفک کے بڑھتے رحجان کی وجہ سے عمل درآمد شروع کیا، ایئرنیوی گیشن پلان کے تحت کنٹرول ٹاور کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جارہا ہے، سی اےاے نے 6جدید ریڈار سسٹم ایم او ڈی ایس بھی نصب کردیئے ہیں۔

    کراچی ایئرپورٹ پر 4 اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر 2جدید ریڈار سسٹم نصب کردیا گیا، ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مختلف ایئرپورٹس پر اے ڈی ایس بی سسٹم بھی نصب کیے گئے، عالمی قوانین کے تحت پاکستان کی فضائی حدود کو مزید وسیع کیا جارہا ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لیے کمشنر کو خط

    کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لیے کمشنر کو خط

    کراچی: طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر سامنے آ گیا، ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے کمشنر کراچی افتخار شالوانی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ائیر پورٹ کے اطراف موجود کچرا کنڈیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

    ایئر پورٹ منیجر نے خط میں لکھا کہ فضائی سفر اور جہازوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کچرا ایئرپورٹ کے اطراف نہ پھینکا جائے، گندگی کی وجہ سے پرندوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہو رہا ہے، جو جہازوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کو خطوط لکھے جا چکے ہیں۔ سی اے اے نے طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے بڑھتے واقعات کے لیے ضلعی انتظامیہ کو قصور وار قرار دیا تھا۔

    11 دسمبر کو پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا تھا، طیارے کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد انجن سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم بہ حفاظت طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔

    اگلے دن پی آئی اے کا ایک اور طیارہ اس وقت حادثے سے بال بال بچا جب لینڈنگ سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔

  • جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ

    جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ

    کراچی : جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں پی آئی اے ،سی اے اے ،اے ایس ایف سمیت ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہفتے کے روز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق (فل اسکیل ائیرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز)انجام دی۔

    اس مشق کا مقصد ہوائی اڈے پر مصروفِ کار تمام متعلقہ اداروں کی کسی بھی ممکنہ حادثے یا ناخوش گوار واقعے کی صورت میں باہمی اشتراک عمل کے ساتھ بروقت کارروائی کی استعدادکی جانچ پڑتال تھا۔

    قومی ائیرلائن پی آئی اے کے ایک طیارے کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔ اس مشق میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی, ائیرپورٹ سیکورٹی فورس، پی آئی اے اور دیگر ملکی ائیر لائنزکے ساتھ ساتھ ، ایدھی اور چھیپا کی ایمبولینسز نے بھی فعال کردار ادا کیا۔

    اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کے ائیرپورٹ منیجر عمران خان نے بتایا کہ یہ مشق ہوابازی کی عالمی انجمن (ایکائو) کے معیار کے مطابق ہردوسال بعد کی جاتی ہے اور اس کا مقصد ہنگامی حالات میں بچائو اور آتشزدگی پر قابوپانے والے کارکنوں کی عملی صلاحیت اور بروقت کارروائی کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔

    انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عام طور پر ایسے ہنگامی حالات میں دو منٹ کے اندر بروقت کارروائی کی توقع کی جاتی ہے تاہم آج کی مشق میں ہمارے کارکنوں نے ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں بروقت کارروائی کا آغاز کردیا تھا جو ان کی مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے اسسٹنٹ چیف سیکورٹی آفیسر عباس میمن نے بھی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشق کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بھرپور مشق صبح ساڑھے گیارہ بجے کراچی ائیرپورٹ پر شروع ہوئی ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی آگ بجھانے والی گاڑیاں آتشزدگی کے مقام پر صرف ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں پہنچیں اور بروقت آگ بجھانے کا مظاہرہ کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بچائو کارکنان (ریسکیو ورکرز)، ایدھی ، چھیپا کی ایمبولینسز ، ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے سمیت تمام متعلق افراد نے تیزی سے آتش زدہ طیارے پر پہنچ کر پیشہ ورانہ انداز میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا مظاہرہ کیا ۔

  • سول ایوی ایشن تھارٹی : افسران کی ترقیوں اور سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری دے دی گئی

    سول ایوی ایشن تھارٹی : افسران کی ترقیوں اور سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری دے دی گئی

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افسران کو ترقیاں دے دیں، مسافروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے سی اے اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں سٹیزن پورٹل کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی میں افسران کو ترقیاں دے دی گئیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ منیجر ظفر اعتماد کو ترقی دے کر ڈائریکٹر آپریشن تعینات کردیا گیا۔

    ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر عمران خان کو کراچی ایئرپورٹ پر چیف آپریٹنگ آفیسر تعینات کردیا گیا، ڈائریکٹر ایچ آر کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں مذکورہ افسران کی ترقیوں کی منظوری دی گئی، ذرائع کے مطابق ملک کے دیگر ائرپورٹس مینجر کے تبادلوں کا امکان ہے، اس کے علاوہ ملک کے دیگر ائیرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مسافروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم اقدام کیا ہے جس کے تحت مختلف ایئرپورٹس پر مسافر بلا تاخیر اپنی شکایات سی اے اے کے اعلیٰ حکام تک پہنچا سکیں گے۔

    عوام وزیر اعظم کی قائم کردہ سٹیزن پورٹل پر براہ راست اپنی شکایتیں درج کراسکتے ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سٹیزن پورٹل اپنی ویب سائٹ پر بھی آویزاں کردیا گیا، مسافروں کی شکایت کے ازالے کیلئے ڈی جی سی اے اے براہ راست نگرانی کریں گے

    سی اے اے کے مطابق اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کی جو بھی شکایتیں ہوں گی ان کا فوری ازالہ کیا جائے گا، شکایتوں کے ازالے کے حوالے سے کوئی بھی افسر غفلت کا مرتب پایا گیا تو اس کیخلاف ضابطے کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،۔

    علاوہ ازیں ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر اندرون و بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔

  • سی اے اے کا بارشوں سے متعلق الرٹ جاری، عید پر پاک فضائیہ کی شہریوں سے اپیل

    سی اے اے کا بارشوں سے متعلق الرٹ جاری، عید پر پاک فضائیہ کی شہریوں سے اپیل

    کراچی : سی اے اے نے بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کردیا، پاک فضائیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی آلائشیں مقرر کردہ جگہ پر پھینکیں تاکہ پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا، سی اے اے نے تمام ایئرلائنز کو بھی موسم کی صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ائیرپورٹ پر محکمہ فائر اور ایئرسائڈ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

    ایئرپورٹ منیجر کی جانب سے بھی کپتانوں کو کہا گیا ہے کہ رن وے پر طیاروں کی لینڈنگ کے وقت احتیاط کی جائے، اس کے علاوہ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کے ساتھ اضافی وزن لگائے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ کچھ طیاروں کو بارش اور تیزہواؤں سے بچانے کیلئے شیلٹرزمیں منتقل کیا جائے۔

    علاوہ ازیں پاک فضائیہ اور سی اے اے کی جانب سے شہریوں کی آگاہی کیلئے مہم شروع کردی گئی ہے جس کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر جہازوں سے پرندوں کے ٹکراؤ اور ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری گئی ہیں۔

    سی اے اے اور پاک فضائیہ حکام کا کہنا ہے کہ عید الاضحی پر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں آلائشیں مقرر کردہ جگہ پر پھینکیں تاکہ وہاں آنے والے پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے اور سفر محفوظ رہے۔

    آلائشوں پر آنے والے پرندے کسی بھی جہاز کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، شہریوں کی جانب سے پھینکے گئے فضلہ پر منڈلانے والے پرندوں کا جہازوں سے ٹکراوٴ ایک ناقابل تلافی نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

    ائیرپورٹس اور پاک فضائیہ کے بیس کے اطراف گندگی کے باعث پرندوں کی آمد کے سبب طیاروں کو لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فضائیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحی پر جانوروں کی آلائشوں کو سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے مختص کردہ جگہوں پر جمع کریں تاکہ پرندے راغب نہ ہوں۔

    لہٰذا شہری اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے جانوروں کی آلائشیں مقررہ مقامات پر ڈالیں تاکہ فضائی سفر کو محفوظ بنانے اور ملک کے قیمتی اثاثے بھی محفوظ رہ سکیں۔

  • بو ئنگ777 طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز،  سی اے اے نے پرواز کی منظوری دے دی

    بو ئنگ777 طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز، سی اے اے نے پرواز کی منظوری دے دی

    لاہور : پی آئی اے طیارے بوئنگ 777 کی اوورہالنگ کے کام کا آغاز لاہور میں کردیا گیا، طیارے کا چیک اے مکمل کرنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پرواز کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحاتی عمل جاری ہے، لاہور میں بو ئنگ777 طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کردیا گیا، ذرائع کے مطابق پہلے بوئنگ ٹرپل سیون (اے پی بی ایچ وی) پر چیک اے مکمل کر دیا گیا۔

    بوئنگ777 جو مقررہ گھنٹوں کی پرواز کے بعد ضروری مینٹینینس کا عمل مکمل ہونے پر قابل پرواز ہوگیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی منظوری دے دی ہے۔

    اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی میں دستیاب تھی،پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی انجینئر اور کارکنوں کو مبارکباد دی ہے۔

    سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ لاہور میں اس سہولت کے آغاز سے پی آئی اے کی تیکنیکی خود کفالت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نہ صرف اضافی اخراجات کی بچت ہو گی بلکہ پروازوں کے شیڈول میں آسانی اور مسافروں کو بروقت روانگی کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔

    ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ لاہور میں انجینئرنگ کی سہولت کا قیام پی آئی اے کے بزنس پلان کا حصہ ہے اس سے اضافی آمدنی کے حصول اورنقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

  • لاہور ریجن کے فضائی روٹس میں طیاروں کی بلندی کی حد میں اضافہ

    لاہور ریجن کے فضائی روٹس میں طیاروں کی بلندی کی حد میں اضافہ

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لاہور ریجن میں فضائی روٹس میں تبدیلی کر دی ہے، لاہور ریجن کے فضائی روٹس میں طیاروں کی بلندی کی حد میں اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ایک نوٹم جاری کرتے ہوئے لاہور ریجن میں فضائی روٹس میں تبدیلی کر دی، نوٹم میں کہا گیا ہے کہ لاہور ریجن میں غیر ملکی طیاروں کو 46 ہزار فٹ کی بلندی سے نیچے پرواز کی اجازت نہیں ہوگی۔

    نوٹم میں افغانستان سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے اور جانے والے طیاروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ سی اے اے کے نوٹم پر فوری اطلاق ہوگا، یہ پابندی 5 ستمبر تک لاگو رہے گی، نوٹم کے مطابق پابندی پر صبح 7 بج کر 45 منٹ سے شام 4 بجے تک عمل ہوگا۔

    روٹس میں تبدیلی کے سلسلے میں نوٹم کے ذریعے تمام ایئر لائنز کو آگاہ کر دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی فضائی حدود کھلنے کے بعد ائیرٹریفک میں اضافہ

    واضح رہے کہ پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد 27 فروری سے تمام پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کر دی تھیں، جسے بعد ازاں 16 جولائی کو کھول دیا گیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کھلنے کی اجازت دینے کے بعد ائیر ٹریفک میں اضافہ ہوا۔

    دنیا بھر کی فلائٹس پر نظر رکھنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق اجازت ملنے کے بعد 17 گھنٹوں کے دوران 533 پروازوں نے پاکستانی فضائی حدود کو استعمال کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت سے آنے والی 51 سے زائد پروازوں نے پاکستان کی فضائی حدود کو استعمال کیا۔

    فروری میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان نےاپنی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کر دی تھی جس کے بعد انڈیا کو کافی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

  • باچا خان ایئر پورٹ : طیارے پرسیڑھی لگانے والی گاڑی کو حادثہ، سی اے اے نے تحقیقات کا حکم دے دیا

    باچا خان ایئر پورٹ : طیارے پرسیڑھی لگانے والی گاڑی کو حادثہ، سی اے اے نے تحقیقات کا حکم دے دیا

    پشاور : باچا خان ایئر پورٹ پر طیارے پر سیڑھی لگانے والی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے، جس کے باعث بورڈنگ برج نمبر ایک کو نقصان پہنچا، واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا سی اے اے حکام نے رہورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر طیارے پر سیڑھی لگانے والی گاڑی بورڈنگ برج سے ٹکرا گئی، گاڑی ٹکرانے کی وجہ سے بورڈنگ برج نمبر ایک کو نقصان پہنچا۔

    تاہم خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے، گاڑی ٹکرانے کی وجہ سے بورڈنگ برج کو نقصان پہنچنے کے باعث اسے استعمال کرنے سے روک دیا گیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے چیف آپریٹنگ آفیسر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    غفلت کا مظاہرہ کرنے والے نجی کمپنی کے ڈرائیور کیخلاف کاروائی کا حکم دے دیا گیا ہے، دوسری جانب سی اے اے نے بورڈ نگ برج کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا ہے تاکہ ائیر پورٹ پر آپریشن متاثر نہ ہوسکے

  • ملک کے 3 ایئر پورٹس پر ڈیجیٹل ٹرمینل انفارمیشن سسٹم نصب

    ملک کے 3 ایئر پورٹس پر ڈیجیٹل ٹرمینل انفارمیشن سسٹم نصب

    کراچی: ملک کے مختلف ایئر پورٹس کو جدید آلات سے آراستہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، 3 ایئر پورٹس پر ڈیجیٹل ٹرمنل انفارمیشن سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے تین ایئر پورٹس پر جدید آلات نصب کر کے اپ گریڈ کیا ہے، ان میں کوئٹہ، سکھر اور فیصل آباد کے ایئر پورٹ شامل ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شہروں کے ایئر پورٹس پر ڈیجیٹل ٹرمنل سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔

    سسٹم کے تحت کپتانوں کو لینڈنگ سے قبل موسم کی صورت حال سے آگاہ رکھا جائے گا، ذرایع کے مطابق یہ جدید سسٹم ڈنمارک سے برآمد کیا گیا ہے، جس پر3 کروڑ سے زاید کی لاگت آئی ہے۔

    سی اے اے ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم موسم کی صورت حال سے کپتان کو 40 سے 60 ناٹیکل میل تک کی رہنمائی فراہم کرے گا، بتایا گیا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا نا ہموار ہونا اور لینڈنگ کے دوران مسائل پیدا ہوتے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکی سیکورٹی وفد کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

    موصولہ اطلاعات کے مطابق ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر بھی یہ جدید سسٹم نصب کیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق بوئنگ 777 اور دیگر طیاروں میں جدید سسٹم موجود ہوتا ہے، بعض طیاروں میں سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے کپتان کو پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔

    یاد رہےایک ہفتہ قبل امریکا کی ٹرانسپورٹ سیکورٹی اتھارٹی نے اسلام آباد کے بعد کراچی ایئر پورٹ پر بھی مسافروں کے سامان کی اسکریننگ اور دیگر سیکورٹی آلات کی جانچ کی تھی، جس کا مقصد پاکستان سے امریکا تک براہ راست پروازوں کے لیے سیکورٹی امور کا جائزہ لینا تھا۔

    رواں ماہ کے آغاز میں اے آر وائی نیوز کے نمایندے نے انکشاف کیا تھا کہ لاہور ایئر پورٹ کے بعد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے نصب اسکینر گزشتہ ایک سال سے خراب ہے۔