Tag: سی اے اے

  • بدعنوانی کا الزام : سی اے اے کے ڈائریکٹراورایڈیشنل ڈائریکٹر جبری طور پر ریٹائرڈ

    بدعنوانی کا الزام : سی اے اے کے ڈائریکٹراورایڈیشنل ڈائریکٹر جبری طور پر ریٹائرڈ

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈائریکٹر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کو جبری طور پر ریٹائرڈ کردیا، سمیر سعید اور ریاض احمد پر ادارے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہےادارے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پر مبینہ بدعنوانی کا معاملہ پر سی اے اے نے دونوں عہدیداران کو جبری طور پر ریٹائرڈ کردیا۔

    ڈائریکٹر انجنیئرنگ سروسز سمیر سعید اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ریاض احمد کو فوری طور پر لازمی ریٹائرمنٹ دے دی گئی، دونوں افسران کو سروسز ریگولیشن2014 کے تحت ریٹائرڈ کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈائریکٹر سمیر سعید پر مبینہ طور پر ساڑھے چار کروڑ روپے ادارے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈائریکٹر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کو متعدد شوکاز نوٹس جاری کیے لیکن وہ انتظامیہ کو مطمئن نہ کرسکے۔

    ذرائع کے مطابق دونوں مذکورہ افسران کے خلاف رقم کی ریکوری کیلئے علیحدہ سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی، سول ایوی یشن اتھارٹی نے تاحال ادارے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے والے افسران کے کیس کو نیب نہیں بھیجا۔ افسران کے کیس کو نیب کے بجائے دفتری طور پر کارروائی کرکے جبری طور ریٹائرڈ کیا گیا۔

  • سی اے اے کو ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، غلام سرور خان

    سی اے اے کو ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، غلام سرور خان

    کراچی : وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سول ایویشن اتھارٹی کو باضابطہ طور پر ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ائیرپورٹ کے معاملات کو بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر رہی ہے تاکہ عالمی مروجہ قوانین( ایکاؤ) کی پاسداری کی جاسکے اور عوام دوست ایئرپورٹ انفراسٹرکچر بھی بنایا جا سکے۔

    غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ ایوی ایشن اتھارٹی کو ریگولیٹری باڈی اور ایئرپورٹ سروسز پاکستان میں تقسیم کیا جائے گا، ریگولیٹری باڈی کو کابینہ ڈویژن کی سپرد کیا جائے گا۔

    دوسری ڈویژن کی اٸیرپورٹ سروس پاکستان ایوی ایشن ڈویژن کے ماتحت ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے ہوابازی نے کہا کہ اس تقسیم کا مقصد مسافروں کو اچھی سروس دینا، دونوں ڈویژنوں کی افرادی قوت کو الگ کرنا، آمدن بڑھانا قومی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنا ہے۔

    غلام سرور خان کے مطابق یہ تقسیم نیشنل ایوی ایشن پالیسی2019 کے تحت کی جارہی ہے، یہ بین الاقوامی قانون ایکاٶ کا بھی ایک اہم نقطہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایٸرپورٹ سروس پاکستان، ایس ای سی پی سے رجسٹر ہوگی۔

    اس کے تحت 43 ایئرپورٹ ہوں گے اور ایٸرپوٹ سروس پاکستان کمرشل ماڈل پر چلائی جائے گی۔ اثاثوں کی تشخیص کے بعد دلچسپی لینے والی پارٹیوں کو ایک سبسیڈی کمپنی میں سرمایہ کاری کے لیے بلایا جائے گی۔

    یہ سبسڈی کمپنی تین ایئرپورٹ، لاہور، کراچی اور اسلام آباد پر کام کرے گی۔ دوسرے ماڈل کے تحت ان تین ایئرپورٹس پر اوپن ٹینڈر کے تحت آؤٹ سورسنگ کی جائے گی۔

    غلام سرور خان نے مزیدکہا کہ اگر دونوں ماڈل پر کام نہ ہوسکا تو کمپنی جوائنٹ وینچر میں بھی جا سکتی ہے اگر کسی بھی ماڈل پر کام نہ ہوسکا تو کمپنی ایئرپورٹ کو خود آپریٹ کرے گی۔

    اگست2019 تک مینجمنٹ کمیٹی کو بدلا جائے گا، رولز آف بزنس بنائے جاٸیں گے اور لیگل ریویو بھی کیا جائے گا۔30ستمبر2019 تک مالی علیحدگی ،مڈ پروسس ریویو، اسٹیک ہولڈر ریویو کیا جائے گا، دسمبر2019 تک آئی ٹی سیکٹر اور افرادی قوت پر کام ہوگا اور ستمبر2020 تک ایکاؤ آڈٹ ہوگا۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا

    کراچی:سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی سے آپریٹ ہونے والی حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا، نجی ایئر لائن کی پہلی حج پرواز 5 جولائی کو روانہ ہوگی۔ 

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، یہ شیڈول کراچی سے آپریٹ ہونے والی حج پروازوں کا ہے، پہلی پرواز پانچ جولائی کو روانہ ہوگی۔

    پی اے 1760 سے 180 سے زائد عازمین 5 جولائی کو جائیں گے، جب کہ پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 743 بھی 5 جولائی کی شام 7 بجے روانہ ہوگی، جس کے ذریعے 225 سے زائد عازمین مدینہ روانہ ہوں گے۔

    سعودی ایئر لائن کی پرواز 200 سے زائد عازمین کو لے کر 6 جولائی کو روانہ ہوگی، جب کہ کراچی سے 5 جولائی کو شروع ہونے والا حج آپریشن 6 اگست تک جاری رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی عرب نے حجاج کرام کی سہولت کیلئے اہم شرط ختم کردی

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ 95 پروازوں سے 25 ہزار 81 سے زائد عازمین کو جدہ اور مدینہ پہنچایا جائے گا، کراچی ایئر پورٹ پر عازمین کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ عازمین کی امیگریشن کے لیے الگ سے ایف آئی اے کاؤنٹر قایم کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے امیگریشن لینڈنگ کارڈ کی شرایط ختم کر دی ہیں، سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے حجاج کی سہولت کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کی تمام ایئر لائنز کو اس ضمن میں ہدایت جاری کر دی ہے۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایرو ناٹیکل چارجز ختم کر دیے

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایرو ناٹیکل چارجز ختم کر دیے

    کراچی: وزیر اعظم نے شعبہ ہوا بازی کی صنعت کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھا لیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی پالیسی کے تحت ایرو ناٹیکل چارجز ختم کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تمام ائیر پورٹس پر اندرون ملک آنے اور جانے والی پروازوں پر چارجز ختم کرنے کا نوٹم جاری کر دیا گیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنوں پر لینڈنگ چارجز صفر کر دیے، پارکنگ، بورڈنگ چارجز، جہازوں کو پاور سپلائی اور ٹرمنل نیوی گیشن چارجز بھی ختم کر دیے گئے۔

    سی اے اے کی جانب سے نوٹم کے ذریعے تمام ایئر لائنوں کو آگاہ کر دیا گیا۔

    ایرو ناٹیکل چارجز ختم ہونے سے پی آئی اے سمیت ڈومیسٹک پروازوں کو فائدہ ہوگا، سی اے اے کا کہنا ہے کہ چارجز ختم ہونے سے پی آئی اے کو 70 فی صد سے زائد فائدہ ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے سی ای او نے وزیراعظم کو نیا 5 سالہ بزنس پلان پیش کردیا

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کو سالانہ 4 ارب کی بچت ہوگی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان قومی اداروں کو فروغ دینے کے لیے عزم کا اظہار کر چکے ہیں، اور اس سلسلے میں نئی پالیسیاں لائی جا رہی ہیں۔

    15 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین پی آئی اے ایئر مارشل ارشد محمود ملک کی ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں پی آئی اے کے خسارے میں مزید کمی لانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا جب کہ وزیر اعظم نے ادارے میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

  • باچا خان ایئر پورٹ پر عملے کی فرض شناسی، زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا

    باچا خان ایئر پورٹ پر عملے کی فرض شناسی، زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا

    پشاور: باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سی اے اے کے عملے نے فرض شناسی دکھاتے ہوئے زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگو کا ایک رہایشی باچا خان ایئر پورٹ کے لاؤنج میں اپنا بیگ بھول گیا، تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے فرض شناسی برتتے ہوئے بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا۔

    شارجہ سے پشاور باچا خان ایئر پورٹ پہنچنے والا مسافر اپنا بیگ ایئر پورٹ کے لاؤنج ہی میں بھول گیا۔

    مسافر کا بیگ سی اے اے کے پورٹر قیصر خان کو لاؤنج میں پڑا ملا، پورٹر نے دیانت داری کے ساتھ بیگ ایئر پورٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج مسافروں کیلئے کھول دیا گیا

    بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں زیورات پائے گئے، ایئر پورٹ انتظامیہ نے بیگ پر لگے ٹیگ سے مسافر کا پتا چلایا، سی اے اے عملے نے مسافر کے گھر جا کر قیمتی سامان حوالے کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پورٹر قیصر خان کی فرض شناسی اور ایمان داری پر تعریفی اسناد اور اعزازیے کا اعلان کیا گیا۔

    دوسری طرف مسافر نے اپنا قیمتی سامان ملنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کا شکریہ ادا کیا، مسافر کا کہنا تھا کہ بچی کی شادی کے لیے زیوارات خریدے تھے جو بیگ میں موجود تھے، بیگ گم ہونے پر بہت پریشان ہو گیا تھا۔

  • علامہ اقبال ایئرپورٹ پرفضائی آپریشن دو گھنٹے بندش کے بعد بحال

    علامہ اقبال ایئرپورٹ پرفضائی آپریشن دو گھنٹے بندش کے بعد بحال

    لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ کے رن وے کو دو گھنٹے مرمت کے بعد ایک بار پھر پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، اس دوران متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح ایک پائلٹ کی جانب سے رن وے میں خرابی کی نشاندہی کی گئی تھی جس کے بعد ہنگامی طور پر رن وے کو مرمت کے لیے بند کیا گیا، اس دوران متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    سول ایوی ایشن کے انجینئرز نے رن وے کو صبح ساڑھے گیارہ بجے پروازوں کے لیے بند کیا تھا اور دو گھنٹے کی ریکارڈ مدت میں  مرمتی کام مکمل کرکے رن وے کو دوپہر ڈیڑھ بجے پروازوں کے لیے کھول دیا۔

    یاد رہے کہ رن وے بند ہونے سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اندرون اور بیرون ملک فضائی آپریشن معطل ہوگیا تھا۔ پیرس سے لاہورایئرپوٹ پرلینڈ کرنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے734کے کپتان نے ٹاور کو رپورٹ کی کہ رن وے پر کریک ہے، جس کے سبب طیارے کی لینڈنگ میں انتہائی مشکل پیش آئی۔

    کپتان کی نشاندہی پر سی اے اے نے لاہور ایئرپوٹ کا رن وے مکمل طور پر بند کردیا اورہنگامی بنیادوں پر رن وے کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا تھا۔

     اس دوران لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے303، لاہور سے اوسلو جانیوالی پی کے751، لاہور سے دبئی جانیوالی پرواز پی کے  203، اورلاہور سے مانچسٹر جانیوالی پرواز پی کے709 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس موقع پر تمام مسافروں کو لاؤنج منتقل کیا گیا تھا اور تمام ضروری سہولتیں فراہم کی  گئیں تھیں۔

  • پی آئی اے کی سکھر جانے والی پرواز ڈرون سے بال بال بچ گئی

    پی آئی اے کی سکھر جانے والی پرواز ڈرون سے بال بال بچ گئی

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی سکھر جانے والی پرواز ڈرون سے بال بال بچ گئی، ڈرون پی آئی اے کی پرواز سے 100 فٹ کی بلندی پر موجود تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی سکھر جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، ذرائع کے مطابق ڈرون پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے انتہائی قریب آگیا تھا، پرواز پی کے 536 شام 5 بج کر 24 منٹ پر سکھر کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

    [bs-quote quote=”ڈرون سپر ہائی وے کے اطراف سے اُڑایا گیا، سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے” style=”style-7″ align=”left” author_name=”ایس ایس پی ملیر”][/bs-quote]

    ذرائع کے مطابق طیارے، ڈرون کا سامنا کراچی سے 4.7 ناٹیکل مائل پر مشرق کی جانب ہوا، ایئر شپ کی شکل کا ڈرون گرے پرپل رنگ کا تھا، پی کے 536 شام 6 بج کر 10 منٹ پر باحفاظت سکھر اتر گئی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز واپس آئے گی تو پائلٹ سے ڈرون کے حوالے سے مزید معلومات لی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹ مارنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ

    سی اے اے ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں ڈرون اُڑانے پر پابندی ہے، سی اے اے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کردی۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق 5 بجکر 27 منٹ پر پی آئی اے طیارے کے قریب سے ڈرون گزرا، واقعے کی اطلاع سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے دی گئی تھی۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ڈرون سپر ہائی وے کے اطراف سے اُڑایا گیا، سپرہائی وے کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 27 دسمبر کو طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹیں مارنے کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا تھا، گزشتہ سال طیاروں پر لیزر لائٹیں مارنے کے 58 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظات کو خطرات لاحق ہوگئے۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ اور ہائی وے پر بنے ریسٹورنٹ پر لگی بڑی لائٹس بھی جہازوں کیلئے مشکلات کاسبب بنی، لیزر لائٹس کے واقعات کے حوالے سے کمشنر کراچی اور پولیس انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا۔

  • سی اے اے نے28 پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے

    سی اے اے نے28 پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی طریقے سے حاصل کیے گئے28سے زائد پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پی آئی اے سمیت مختلف نجی ایئرلائن کے 28سے زائد پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے بعض کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط سے ہٹ کر پائلٹس نے یہ لائسنس حاصل کئے تھے، پائلٹس نے اے ٹی پی ایل لائسنس کے حصول کیلئے مبینہ طور پر امتحان میں جعل سازی کی گئی تھی۔

    مشتبہ اے ٹی پی ایل کے حامل پائلٹس کو فوری طور پر لائسنس کے استعمال سے بھی روک دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پائلٹس کے پاس موجود اصل لائسنس بھی فوری طور پرسی اے اے کے شعبہ لائسنسز میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جواب نہ دینے کی صورت میں پائلٹس کے خلاف ضابطے کی کارروائی کے ساتھ متعلقہ پائلٹس کو وارننگ بھی جاری کردی گئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ روز 12پائلٹس کے لائسنس معطل کئے تھے، مجموعی طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے28پائلٹس کے لائسنس معطل کئے ہیں۔

    اے آروائی نیوز نے گزشتہ دنوں پائلٹس کے لائسنس سے متعلق خبر نشر کی تھی، واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کے پائلٹس کے لائسنس کی ازسر نو جانچ پڑتال کا عمل بھی جاری ہے۔

  • پائلٹس لائسنس بحالی کی درخواست،  سی اے اے نے جہاز اڑانے سے روک دیا

    پائلٹس لائسنس بحالی کی درخواست، سی اے اے نے جہاز اڑانے سے روک دیا

    کراچی : پی آئی اے کے پائلٹس اور فضائی میزبانوں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے معاملے پر ایئر لائن انتظامیہ نے36سے زائد پائلٹوں اور میزبانوں کے لائسنس بحالی کی درخواست کر دی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ارسال کیے گئے مراسلے کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، سی اے اے نے دو روز قبل ان پائلٹس اور میزبانوں کے لائسنس معطل کر دئیے تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی اسناد کی عدم فراہمی پر متعلقہ ملازمین کے لائسنس معطل کئے گئے، ایئر لائن مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اسناد متعلقہ اداروں کو تصدیق کے لئے روانہ کی جا چکی ہیں، تصدیقی خطوط موصول ہوتے ہی عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، متعلقہ تعلیمی اداروں کی رپورٹ ۤنے تک لائسنسز بحال کر دئیے جائیں۔

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تعلمی اسناد جمع نہ کرانے والے پی آئی اے کے21پائلٹس کو گزشتہ روز اڑان بھرنے سے روک دیا تھا،21پائلٹس نے میٹرک اور و انٹر میڈیٹ کی تعلیمی اسناد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فراہم نہیں کی تھیں۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق ان پائلٹس نے دوبارہ اپنے تعلیمی اسناد کی تصدیق کیلئے سی ا ے اے کو فراہم نہیں کیے تھے جس کی وجہ سے مذکورہ کپتانوں کو ڈیوٹیاں کرنے اور جہاز اڑانے پر مکمل طور پر روک دیا گیا تھا، ان پائلٹس کے نام فلائنگ ڈیوٹی شیڈول سے بھی نکال دیئے گئے ہیں۔

  • جسٹس گلزار کا سی اے اے کو اپنی حدود میں تجاوزات کے خاتمے کا حکم

    جسٹس گلزار کا سی اے اے کو اپنی حدود میں تجاوزات کے خاتمے کا حکم

    کراچی: جسٹس گلزار احمد نے سی اے اے (سول ایوی ایشن اتھارٹی) کواپنی حدود میں تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں جسٹس گلزار احمد کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکریٹری، ڈی جی کے ڈی اے، کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

    [bs-quote quote=”سپریم کورٹ نے کراچی میں بڑے پارک دوبارہ بنانے کا حکم دے دیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    جسٹس گلزار نے اداروں کو تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا امتیاز جاری رکھنے کا حکم دیا۔

    جسٹس گلزار نے سی اے اے کو بھی اپنی حدود میں تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا، کہا سی اے اے بھی تجاوزات کی نشان دہی کر کے کارروائی کرے۔

    سپریم کورٹ نے ساحلی پٹی کو عوامی تفریح کے لیے دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت کر دی ہے، جسٹس گلزار نے کہا کہ ساحلی پٹی پر تعمیرات نہ کی جائیں جس سے عوام کو مشکلات ہوں۔


    یہ بھی پڑھیں:  چیف جسٹس کا کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم


    سپریم کورٹ نے کراچی میں بڑے پارک دوبارہ بنانے کا بھی حکم جاری کر دیا، عدالت نے استفسار کیا کہ سی بریز پلازہ مخدوش ہو گیا ہے، اس کی بحالی یا مسمار کرنے کا کیا پلان بنایا گیا ہے۔ عدالت نے سی بریز پلازہ کی مخدوش حالت پر کنٹونمنٹ بورڈ سے رپورٹ طلب کر لی۔

    پاکستان کوسٹ گارڈ نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوسٹ گارڈ میس کے باہر سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔ دریں اثنا سپریم کورٹ نے رینجرز کو سڑکوں کے اطراف رکاوٹیں ہٹانے کا بھی حکم دیا۔