Tag: سی اے اے

  • اندرون ملک پروازیں، سی اے اے نے نئے ایس او پیز جاری کر دیے

    اندرون ملک پروازیں، سی اے اے نے نئے ایس او پیز جاری کر دیے

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 20 جولائی سے 31 اکتوبر تک نئے ایس او پیز جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اقدامات جاری ہیں، اکتیس اکتوبر تک نئے ایس او پیز جاری کر دیے گئے، جو کہ ڈومیسٹک پروازوں، چارٹرڈ اور پرائیوٹ ایئر کرافٹ کے لیے ہیں۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئر لائنز ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، اور رش سے بچنے کے لیے ایئر لائنز پروازوں کے اوقات کار پر عمل کریں۔

    سی اے اے کے مطابق ایئر پورٹ پر ماسک کے ساتھ صرف ایک فرد کے داخلے کو یقینی بنایا جائے گا، ڈرائیور مسافر کو ڈومیسٹک ڈپارچر تک چھوڑ سکتا ہے، پروٹوکول پر پابندی ہوگی، ایئر پورٹ منیجرز ایئر پورٹ پر سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں گے۔

    سی اے اے نوٹیفکیشن میں کاؤنٹرز پر سینیٹائزر رکھنے اور مسافروں کو بھی دینے کی ہدایت کی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ مسافر کو سینیٹائزر نہ مل سکا تو کیبن کریو ان کو فراہم کرے گا، مسافر کے پاس فیس ماسک نہیں ہوا تو بھی ایئر لائن انھیں ماسک دے گی۔

    مسافروں کو سوار کرنے سے پہلے طیارے کو ڈس انفیکٹ کرایا جائے گا، سی اے اے نے ایئر کرافٹس میں کٹس، این 95 ماسک، گلوز اور دیگر اشیا رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

    سی اے اے کے نوٹیفکیشن میں اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ مسافروں کو پیکڈ کھانا دینے کی اجازت دے دی گئی ہے، پروازوں سے متعلق نئے ایس او پیز کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی پیکڈ اشیا دوران پرواز مسافروں کو پیش کی جا سکتی ہیں۔

    مسافروں کے لیے سینیٹائزر کا بندوست ایئر لائن کے ذمہ ہوگا، دوران پرواز ماسک لازمی پہنا جائے گا، پرواز کے دوران مسافروں کی ماسک کے ساتھ تصاویر لی جائیں گی، یہ تصاویر سی اے اے کے متعلقہ سیکشن کے حوالے کی جائیں گی، مسافروں اور کیبن کریو کے موبائل نمبر اور تفصیلات کا ڈیٹا بھی محفوظ رکھا جائے گا۔

    واضح رہے کہ یہ نئے احکامات 31 اکتوبر 2021 تک قابل عمل ہوں گے۔

  • ایئر عربیہ کو پاکستان کے دو شہروں کے لیے 4 پروازوں کی اجازت

    ایئر عربیہ کو پاکستان کے دو شہروں کے لیے 4 پروازوں کی اجازت

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر عربیہ کو فیصل آباد اور ملتان کے لیے 4 پروازوں کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے متحدہ عرب امارت کی فضائی کمپنی ایئر عربیہ کو فیصل آباد اور ملتان کے لیے مجموعی طور پر چار پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ اجازت نامہ جاری کر دیا، پروازیں ابوظبی، فیصل آباد اور ملتان کے درمیان آپریٹ ہوں گی۔

    پاکستان سے عراق کیلیے ہفتہ وار 4 پروازیں چلانے کا اعلان

    فضائی کمپنی ایئر عربیہ ہفتہ وار 2 پروازیں ابوظبی سے فیصل آباد کے لیے، جب کہ 2 پروازیں ابوظبی سے ملتان کے لیے آپریٹ کرے گی۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل فلائی بغداد نے بھی پاکستان سے عراق ہفتہ وار 4 پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا، ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن 16 جولائی سے شروع کیا جائے گا اور پاکستان سے ‏عراق ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    فلائی بغداد ایئر لائن لاہور اور کراچی سے فلائٹ آپریشن شروع کرے گی، پہلے مرحلے میں کراچی ‏سے نجف فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں لاہور سے نجف فلائٹ شیڈول کا ‏آغاز کیا جائے گا۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہائی الرٹ جاری کر دیا

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہائی الرٹ جاری کر دیا

    کراچی: ممکنہ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کی پیش گوئی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایئر سائیڈ کے منیجر کی جانب سے ہنگامی اقدامات کے لیے سرکلر جاری کیا گیا ہے، جس میں فوری احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ فکس ونگ طیاروں اور روٹری ونگ ہیلی کاپٹرز کے ساتھ اضافی وزن لگایا جائے، جب کہ کچھ طیاروں کو ہواؤں کی شدت سے بچانے کے لیے ہینگر میں منتقل کیا جائے۔

    سرکلر میں ہلکے آلات کو بھی موسم کی خرابی کے باعث محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ حکام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    سی اے اے نے کہا ہے کہ محفوظ ہوائی سفر کے لیے بارشوں کے دوران ایم یو میٹر پارٹی تیار ہوگی، محفوظ سفر کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بارشوں کے دوران مختلف اقسام کے پرندوں کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے، اس لیے ایئر پورٹس کی حدود میں برڈ شوٹرز کی تعیناتی یقینی بنانے اور فیومیگیشن کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

  • سول ایوی ایشن نے بیرون ملک سے پروازوں میں کمی سے متعلق نوٹم جاری نہیں کیا

    سول ایوی ایشن نے بیرون ملک سے پروازوں میں کمی سے متعلق نوٹم جاری نہیں کیا

    کراچی: بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی تعداد میں کمی کے فیصلے سے متعلق این سی او سی کی گائیڈ لائن پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم تاحال جاری نہیں کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل اینڈ کمانڈ آپریشن سینٹر نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا تھا، این سی او سی اجلاس میں 80 فی صد انٹرنیشنل پروازوں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    تاہم اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تاحال نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جا سکا، 5 مئی سے پروزاوں کی تعداد 20 فی صد تک محدود کرنے سے متعلق ایئر لائنز بھی لا علم نکلی ہیں۔

    پاکستان آمد کے لیے ایئر لائنز، مسافر پروازوں کی بکنگ سے متعلق ابہام کا شکار ہیں، دوسری طرف مختلف ممالک کے مسافروں کو کرونا ٹیسٹ رپورٹ کے حصول میں مشکلات کا بھی سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ایئر پورٹس پر صرف 20 فی صد پروازوں کی لینڈنگ کی اجازت ہوگی، این سی او سی کے مطابق ایئر ٹریول پلان 4 اور 5 مئی کی شب سے 19 سے 20 کی شب تک مؤثر ہوگا، اس ٹریول پلان پر 18 مئی کو دوباہ غور کیا جائے گا۔

    سی اے اے شعبہ ٹرانسپورٹ کی یکم مئی (آج) کی چھٹی بھی منسوخ کی جا چکی ہے اور ملازمین کو آج طلب کیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز این سی او سی نے فیصلے میں کہا تھا کہ کیٹگری سی ممالک کی فہرست میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کو روایتی طریقہ کار کے مطابق استثنیٰ حاصل ہوگا، اور ان کو ملک کے سفر کی اجازت ہوگی، تاہم ملک میں داخل مسافروں کے لیے اسٹینڈرڈ ہیلتھ کو وِڈ پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا۔

  • پاکستان میں نیا سفری ہدایت نامہ جاری، بھارت پر سفری پابندی عائد

    پاکستان میں نیا سفری ہدایت نامہ جاری، بھارت پر سفری پابندی عائد

    کراچی: کرونا وائرس کی تیسری خطر ناک لہر کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیا سفری ہدایت نا مہ جاری کر دیا ہے، برطانیہ کے بعد پاکستان نے بھی بھارت پر سفری پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافے کے ساتھ 23 ممالک کی نئی فہرست جاری کر دی ہے، نئی فہرست کے مطابق بھارت کو بھی سی کیٹیگری ممالک میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    سفری پابندیوں کی مدت میں 24 اپریل تک توسیع کر دی گئی، کٹیگری سی میں جنوبی افریقا، برازیل، زمباوے، بھارت، کینیا، تنزانیہ، روانڈا، موزمبیق سمیت 23 ممالک کے مسافروں کی آمد کو این سی او سی کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ این او سی کے بغیر کرونا کیٹیگری سی میں شامل ممالک کے مسافروں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، ان ممالک میں موجود پاکستانی پاسپورٹ، نائیکوپ اور پی او سی کارڈ ہولڈرز بھی وطن واپس نہیں آ سکیں گے۔

    دوسری طرف کیٹیگری اے کے ممالک کی تعداد 20 کر دی گئی ہے، کٹیگری اے میں شامل آسٹریلیا، بھوٹان، چین، جاپان ،سعودی عرب، سنگاپور اور سر ی لنکا سمیت دیگر ممالک کے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کروانا لازمی نہیں۔

    برطانیہ کا بھارت کو ریڈلسٹ میں شامل کرنےکا اعلان

    کٹیگری بی ممالک کے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ 72 گھنٹے ہوگا، اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

  • پاکستان میں حفاظتی اقدامات، بین الاقوامی ہوا بازی تنظیم کے تحفظات برقرار

    پاکستان میں حفاظتی اقدامات، بین الاقوامی ہوا بازی تنظیم کے تحفظات برقرار

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان کے سیفٹی اقدامات پر بین الاقوامی ایوی ایشن آرگنائزیشن کے تحفظات برقرار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایکاؤ کے تحفظات پر کی جانے والی اصلاحات اور پیش رفت کے حوالے سے سی اے اے نے رپورٹ ایکاؤ کو پیش کی تھی، جس پر ہوا بازی تنظیم نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    ایکاؤ نے سی اے اے کے پرسنل لائسنسنگ اور ٹریننگ کے شعبوں پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم پرسنل لائسنسنگ پر ایکاؤ نے سب سے زیادہ ریٹنگ 97.4 فی صد میں 83 فی صد اقدامات کی توثیق کی، جب کہ ایکاؤ کی جانب سے لائسنسنگ پر لگائی جانے والی MIR کو بند کر دیا گیا ہے۔

    ایکاؤ کی جانب سے رپورٹ میں شامل 3 شعبوں پر اظہار اطمینان کیا گیا ہے، جب کہ 5 شعبوں میں سی اے اے کو مزید اصلاحات اور پیش رفت کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی تنظیم ہوا بازی نے پاکستان کا اہم دورہ ملتوی کر دیا

    جن شعبوں میں اصلاحات پر ایکاؤ نے اظہار اطمینان کیا ہے، ان میں آرگنائزیشن ، پرائمری ایوی ایشن اور آپریٹنگ پروسیجر لائسنسگ شامل ہیں، جب کہ بہتری کی ہدایت والے شعبوں میں فلائٹ اسٹینڈرڈ اور ایئر وردینس شامل ہیں۔

    ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ ،ایئر نیوی گیشن سروسز، اور ڈارک ایئرو ڈروم کے شعبے بھی مزید اصلاحات کے متقاضی قرار دیے گئے۔

    واضح رہے کہ سی اے اے اقدامات پر جولائی میں ایکاؤ کی آڈٹ ٹیم کی آمد کرونا کے باعث نومبر تک ملتوی کی گئی ہے۔

  • رمضان میں اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    رمضان میں اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رمضان المبارک میں اندرون ملک جانے والی پروازوں کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی اے اے نے رمضان المبارک کے دوران ملک کے اندر پروازوں میں مسافروں کو افطاری باکس فراہمی کی اجازت دے دی ہے۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے این سی او سی کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ این سی او سی اجلاس میں مسافروں کو رمضان المبارک میں کھانے کی فراہمی کی اجازت دی گئی ہے۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں ایئر لائنز کو روزہ داروں کے لیے خاص انتظامات کر نے کی اجازت دی گئی ہے، سی اے اے نے ہدایت جاری کی ہے کہ ایئر لائنز روزہ داروں کے لیے افطاری باکس چیک ان کاؤنٹر پر افطاری کے وقت فراہم کریں گی۔

    سی اے اے کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں کھانے کی فراہمی ماہ مقدس کے اختتام پر ختم ہو جائے گی، خیال رہے کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث اندرون ملک فلائٹس میں دوران پرواز اشیائے خور و نوش کی فراہمی پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ رمضان المبارک میں بھی دوران پرواز مسافروں کو فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

  • بین الاقوامی تنظیم ہوا بازی نے پاکستان کا اہم دورہ ملتوی کر دیا

    بین الاقوامی تنظیم ہوا بازی نے پاکستان کا اہم دورہ ملتوی کر دیا

    کراچی: بین الاقوامی تنظیم ہوا بازی (ایکاؤ) نے پاکستان کا اہم دورہ ملتوی کر دیا جو سول ایوی ایشن کے آڈٹ کے سلسلے میں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کی آڈٹ ٹیم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے سیفٹی اقدامات پر تحفظات کی کلیئرنس کے سلسلے میں شیڈول دورہ ملتوی کر دیا ہے۔

    ایکاؤ آڈٹ ٹیم کو 5 جولائی کو پاکستان پہنچنا تھا، تنظیم نے پاکستان میں کرونا کی تیسری لہر میں اضافے کی وجہ سے دورہ ملتوی کیا، سی اے اے نے ایکاؤ کا دورہ ملتوی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

    سی اے اے کے ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری نادر شفیع ڈار نے بتایا کہ ایکاؤ سے ہم نے درخواست کی ہے کہ آن لائن بھی آڈٹ کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں اتھارٹی نے ایکاؤ کو ای میل ارسال کی ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں کرونا وائرس کو کنٹرول کر نے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے، سی اے اے نے مخلتف شعبوں پر اکاؤ کے تحفظات کو دور کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

    نادر شفیع کا کہنا تھا کہ ایکاؤ کی جانب سے سی اے اے کے اقدامات پر مبینہ طور سے 80 فی صد اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈی جی نے کہا کہ عالمی ہوا بازی کی تنظیم نے کہا ہے کہ رواں سال نومبر دسمبر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کا خصوصی آڈٹ کیا جائے۔

  • اندرون و بیرون ملک پروازوں کے لیے ایس او پیز کی مدت میں توسیع

    اندرون و بیرون ملک پروازوں کے لیے ایس او پیز کی مدت میں توسیع

    کراچی: ملک کے تمام ایئر پورٹس پر مسافروں کے لیے کرونا ایس او پیز کی مدت میں توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندورن و بیرون ملک پروازوں کی آمد و رفت کے لیےکرونا ایس او پیز کی مدت میں توسیع کر دی۔

    کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے جاری سفری ہدایت نامہ 5 جولائی تک نافذالعمل رہے گا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    کرونا ایس او پیز کا نفاذ چارٹرڈ، پرائیوٹ پروازوں سمیت بین الاقوامی پروازوں کے لیے یکساں طور پر جاری رہے گا۔

    ایس او پیز کا اطلاق 4 اپریل کو بین الاقوامی مسافروں کی آمد کے حوالے سے جاری کیٹیگریز میں شامل ممالک کے مسافروں پر بھی ہوگا۔

    وبا کی تیسری لہر، ایئر پورٹس پر اقدامات سخت

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ملک کے ایئر پورٹس پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سی اے اے کی جانب سے سخت اقدامات جاری ہیں، گزشتہ دنوں مختلف ایئر پورٹس پر 70 سے افراد پر جرمانے اور ایئر پورٹ پاسز ضبط کیے گئے۔ جرمانے نہ صرف مسافروں بلکہ محکمے کے عملے پر بھی کیے گئے۔

    ڈپٹی ڈی جی ایئر پورٹ سروس عامر محبوب کے مطابق مسافروں اور عملے پر 500 روپے فی کس جرمانہ کیا گیا تھا، اے این ایف کے اہل کاروں پر ماسک نہ پہننے پر جرمانہ کیا گیا۔

  • ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے پر کتنا جرمانہ کیا جائے گا؟

    ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے پر کتنا جرمانہ کیا جائے گا؟

    کراچی: اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافر اب ہوشیار ہو جائیں کیوں کہ کرونا وبا ایس او پیز عمل نہ کر نے پر جرمانے ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی تیسری لہر اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی، علامہ اقبال اور ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

    کسی بھی مسافر یا عملے نے ماسک استعمال نہیں کیا تو 1 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، این سی او سی کی ہدایات پر مسافروں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل در آمد کرایا جا رہا ہے۔

    سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر ملتان ایئر پورٹ مبارک شاہ نے بتایا کہ ملتان ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے والے مسافر اور عملے کے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔

    جناح انٹرنیشل ایئر پورٹ کے سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران خان نے بتایا کہ مسافروں کی آمد کے موقع پر سامان کو وصول کر نے والی بیلٹ پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کسی بھی مسافر یا عملے کے فرد نے ماسک استعمال نہیں کیا تو 1 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

    حفاظتی اقدامات کے تحت ایئر پورٹس پر کنکورس ہال میں سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے 3 سیٹر صوفوں میں سے ایک درمیانی سیٹ نکال دی گئی ہے۔

    لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر اسپیشل کرونا ٹاسک فورس بھی بنا دی گئی ہے، یہ ٹاسک فورس مسافروں کے سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے گی۔

    لاہور ایئر پورٹ پر مسافروں اور امیگریشن عملے کے مابین سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے کاؤنٹرز پر شیشے لگا دیے گئے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی مکمل طبی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، مسافروں کو اترنے کے بعد جہاز کو مکمل طور پر ڈس انفیکٹ بھی کیا جا رہا ہے۔