Tag: سی اے اے

  • کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی، سول ایوی ایشن کا اہم فیصلہ

    کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی، سول ایوی ایشن کا اہم فیصلہ

    کراچی: کشمیر یوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے طور پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر یوم سیاہ منائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 27 اکتوبر کو ملک بھر میں یوم سیاہ کشمیر کے طور پر منایا جائے گا، اس سلسلے میں ترجمان سی اے اے سعد بن ایوب نے بتایا کہ ایئر پورٹس پر بھی خصوصی طور پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ ملک کے چھوٹے بڑے ہوائی اڈوں پر بینرز اور ہورڈنگز کی نمائش کی جائے گی، تمام لاؤنجز میں یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے دستاویزی فلمیں بھی دکھائی اور گیت بجائے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جابرانہ قبضے کو 73 برس بیت گئے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اس تناظر میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر مناتے ہیں۔

    73 برس قبل 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں جس کے بعد سے بھارت نے آج تک کشمیر کے ایک بڑے حصے پر جابرانہ قبضہ قائم کر رکھا ہے۔

    اس دن کی مناسبت سے آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کی جانب سے قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔

  • ایئرپورٹس پر ایک سے زائد وزیٹرز کے سلسلے میں نئے اقدامات

    ایئرپورٹس پر ایک سے زائد وزیٹرز کے سلسلے میں نئے اقدامات

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل، خیبر کے باچا خان اور بلوچستان کے کوئٹہ ایئر پورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    چند دن قبل سول ایوی ایشن نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک سے زائد وزیٹرز پر پابندی عائد کی تھی۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر پر پابندی عائد

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کو لینے والے حضرات اپنی گاڑیوں ہی میں ان کا انتظار کریں گے، جب کہ ایئر پورٹ کی حدود میں ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق کسی بھی وزیٹر کو کنکورس ہال میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، ایئر پورٹ کی حدود میں سماجی فاصلے کے ضابطے پر بھی عمل درآمد ہوگا۔

    سی اے اے اور ایئر پورٹ پر کام کرنے والا دیگر عملہ بھی غیر ضروری طور پر نقل و حرکت نہیں کرے گا۔

    خیال رہے کہ نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس کو وِڈ 19 کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز کے عملے کو کوویڈ ٹیسٹ سے استثنیٰ دے دیا

    سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز کے عملے کو کوویڈ ٹیسٹ سے استثنیٰ دے دیا

    کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئر لائنز کے عملے کو کرونا وائرس ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دے دیا، کیٹگری اے میں شامل 30 ممالک کے علاوہ بقیہ ممالک سے پہنچنے والے مسافروں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی شرط تاحال برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئر لائنز کے عملے کو کرونا وائرس ٹیسٹ سے استثنیٰ دے دیا، کیٹگری بی میں شامل ممالک کے کریو پر بھی عائد کرونا وائرس ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی۔

    سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے احکامات جاری کردیے جس کے مطابق کیٹگری بی میں شامل ممالک کے جہازوں کے کپتان اور فضائی میزبان سمیت دیگر عملے کے لیے کرونا وائرس ٹیسٹ اسی وقت لازمی ہوگا اگر وہ جہاز سے اترتا ہے اور قیام کرتا ہے۔

    سی اے اے کے مطابق کریو کو ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پر لازمی معلومات درج کرنا ہوں گی۔

    پاکستان نے کیٹگری اے کے تحت 30 ممالک سے آنے والے شہریوں اور جہاز کے عملے کے لیے کرونا وائرس ٹیسٹ کی شرط پہلے ہی ختم کر دی تھی، اب کیٹگری بی میں شامل ممالک سے آنے والے جہاز کے عملے کے لیے بھی یہ شرط ختم کردی گئی۔

    سی اے اے کا مزید کہنا ہے کہ کیٹگری بی کے ممالک سے پہنچنے والے مسافروں کے لیے ٹیسٹ کی شرط تاحال برقرار ہے۔

  • بیرون ممالک سفر کرنے والوں کے لیے آپریشنل ایس اوپیز جاری

    بیرون ممالک سفر کرنے والوں کے لیے آپریشنل ایس اوپیز جاری

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بین الاقوامی سفر کرنے والوں کے لیے آپریشنل ایس او پیز جاری کردیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ آپریشنل ایس او پیز 5 اکتوبر سے 31 دسمبر تک نافذ العمل ہوں گی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کے لیے پاس ٹریک ایپ کا آغاز کیا گیا ہے، 5 اکتوبر سے مسافروں کو پاس ٹریک ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی ہوگا، سفر سے قبل مسافر ایپ میں اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے۔

    سی اے اے حکام کے مطابق جن مسافروں کے پاس جدید فون کی سہولت موجود نہیں وہ روانگی سے قبل ویب سائٹ پر ڈیٹا اپ لوڈ کریں گے۔

    ایوی ایشن ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ پاس ٹریک ایپ میں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی اپ لوڈ کرنا ہوگی۔

    سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کیٹیگری بی میں شامل ممالک کے مسافروں کو 96 گھنٹے پہلے منفی ٹیسٹ دکھانا ہوگا جبکہ کورونا کیٹیگری اے میں شامل ممالک کے مسافروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    مزید پڑھیں: سی اے اے نے مسافروں کی سہولت کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا

    واضح رہے کہ اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا گیا تھا۔

    سی اے اے کے مطابق نئے ایس او پیز کا اطلاق 31 اکتوبر تک ہوگا، اطلاق ڈومیسٹک، انٹرنیشنل پروازوں، چارٹر، پرائیویٹ طیاروں پر یکساں ہوگا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ پروازوں پر مسافروں کو مختص نشست تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، انٹرنیشنل پرواز پر بورڈنگ پاس ایک نشست کے وقفے سے جاری کیے جائیں گے، آف ڈیوٹی عملے کو بھی نشستیں ایک نشست کے فاصلے سے الاٹ کی جائیں گی۔

  • بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری

    بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری

    کراچی: پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے جاری کردہ نئی ٹریول ایڈوائزری 31 دسمبر تک نافذ العمل رہے گی۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق مسافروں کے لیے کورونا ٹریکنگ موبائل ایپ انسٹال کرنا لازمی ہوگا، مسافر ملک سے باہر جائیں یا واپس وطن آئیں، موبائل ایپ لازم ہوگی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹریکنگ ایپ پلس ٹریک گوگل پلے اسٹور پر اپ لوڈ کردی۔

    سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر سفر سے پہلے پاس ٹریک موبائل ایپ یا ویب سائٹ پر اپنا کورونا سے متعلق ڈیٹا اپ لوڈ کریں گے، موبائل ایپ کے ذریعے مسافروں کی قرنطینہ کے دنوں میں نگرانی کی جائے گی۔

    حکام کے مطابق 12 سال سے کم عمر بچوں اور اعلیٰ سطحی غیرملکی وفد موبائل ایپ سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کورونا سے متاثرہ کیٹیگری بی ممالک سے آنے والے مسافروں کو چھیانوے گھنٹے تک پرانا کورونا ٹیسٹ رزلٹ جمع کروانا بھی لازم ہوگا۔

  • بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر، اہم شرط ختم

    بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر، اہم شرط ختم

    کراچی: بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، بین الاقوامی مسافروں کے لیے سماجی فاصلے کی شرط ختم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کرونا وائرس کے سلسلے میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دیں، سی اے اے کی جانب سے سفری سہولتوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔

    سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تبدیل شدہ سفری سہولتوں کے ہدایت نامے میں کہا ہے کہ یہ ہدایات نامہ عام مسافروں کے علاوہ چارٹر پرائیوٹ ایئر کرافٹ پر بھی لاگو ہوگا۔

    کرونا وائرس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نئی سفری پالیسی کی میعاد اب 31 اکتوبر تک ہو گئی ہے، بورڈنگ پاس جاری کرنے سے قبل کرونا ٹیسٹ نیگیٹو کی شرط پر عمل درآمد کرنے والی ایئر لائنز پر سیٹ کا وقفہ رکھنے کی شرط ختم کر دی گئی۔

    سول ایوی ایشن کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ کے بغیر بورڈنگ کارڈ جاری کرنے والی پروازوں پر سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا، جہاز میں مسافروں کو بٹھانے سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔

    بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں پر بھی جراثیم کش اسپرے پر عمل درآمد کا طریقہ کار مذکورہ بالا ہوگا، جہاز کے کپتان کا انتظامات پر تسلی لازمی قرار دی گئی ہے، حفاظتی سوٹ، دستانے، سرجیکل ماسک، چشمے، اور N-95 ماسک وغیرہ پر مشتمل ضروری لوازمات طیارے میں موجود ہوں گی۔

  • بارش میں اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت گرنے پر نوٹس، تین دن میں مستقل حل کی ہدایت جاری

    بارش میں اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت گرنے پر نوٹس، تین دن میں مستقل حل کی ہدایت جاری

    اسلام آباد: نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھت بارش سے گرنے سے متعلق اے آر وائی نیوز کی خبر پر وفاقی و زیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان اور ڈی جی سی اے اے نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر غلام سرور اور ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر بارش سے نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامی افسران سے واقعے کی جامع رپورٹ طلب کر لی۔

    ایوی ایشن ڈویژن کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار کھوکھر کا کہنا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے پروجیکٹ منیجر اور ایئر پورٹ منیجر سے رپورٹ کے ساتھ ڈی جی نے 3 دن کے اندر ایئر پورٹ کی چھت کی ناقص تعمیر کا مسئلہ مستقل حل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جس میں ایئر پورٹ میں پانی کی نکاسی اور نالوں کا ڈیزائن تبدیل کرنا شامل ہے۔

    نئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بارش سے گرتی سیلنگ کی ویڈیو منظر عام پر

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کل 17 اگست کو ایئر پورٹ کا دورہ بھی کریں گے۔

    ایوی ایشن ڈویژن ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز 14 اگست کی صبح تیز بارش کے دوران 90 منٹ سے بھی کم وقت میں 56 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، طوفانی بارش سے ایئر پورٹ کا ڈومیسٹک آمد کا لاؤنج، سی آئی پی لاؤنج اور بین الاقوامی روانگی لاؤنج کے مختلف مقامات پر پانی کے بھاری رساؤ کے باعث سیلنگ گر گئی تھی۔

    یاد رہے کہ آج اے آر وائی نیوز نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر بارش کے دوران نقصانات کی خبر اور ویڈیو نشر کی تھی۔

  • سی اے اے افسران کو 7 ماہ میں 6 کروڑ سے زائد ٹی اے ڈی اے ادائیگیوں کا انکشاف

    سی اے اے افسران کو 7 ماہ میں 6 کروڑ سے زائد ٹی اے ڈی اے ادائیگیوں کا انکشاف

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران کو 7 ماہ کے دوران ٹی اے ڈی اے کی مد میں 6 کروڑ سے زائد ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی اے اے افسران کو محض سات ماہ کے دوران ٹی اے ڈی اے مد میں 6 کروڑ سے زائد ادائیگیاں کی گئی ہیں، یہ اعداد و شمار سی اے اے کی جا نب سے جاری کیے گئے ہیں۔

    ٹی اے ڈی اے کی مد میں کی گئی ادائیگیوں کا تعلق صرف 2 بڑے ایئر پورٹس کراچی اور اسلام آباد سے ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اگست 2020 تک کراچی انٹرنیشل ایئر پورٹ پر افسران کو 4 کروڑ 84 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں، جنوری میں کراچی ایئر پورٹ پر افسران کو 1.12 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی۔

    فروری میں 48.58 لاکھ روپے، مارچ میں 1.50 کروڑ روپے کی ادائیگی سامنے آئی، اپریل میں 59.78 لاکھ روپے، جب کہ مئی میں 20.73 لاکھ روپے کی ادائیگی ہوئی۔

    جون میں 28.22 لاکھ روپے، جولائی میں 57.79 لاکھ اور اگست میں 68.4 لاکھ روپے ٹی اے ڈی اے کی مد میں ادا کیے گئے۔

    جنوری سے 10 اگست تک اسلام آباد ایئر پورٹ پر بھی افسران کو ٹی اے ڈی اے کی مد میں 1 کروڑ 82 لاکھ روپے ادا کیے گئے، جنوری میں 50 لاکھ روپے، فروری میں 12.22 لاکھ روپے، مارچ میں 20 لاکھ روپے، اپریل میں 21.81 لاکھ روپے، مئی میں 15.95 لاکھ روپے، جون میں 59.69 لاکھ روپے اور اگست میں 11.9 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔

  • طیاروں کو نقصان سے بچانے کے لیے سول ایوی ایشن کی آگاہی مہم

    طیاروں کو نقصان سے بچانے کے لیے سول ایوی ایشن کی آگاہی مہم

    کراچی: عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں پھینکے جانے کے پیش نظر سول ایوی ایشن نے آگاہی مہم شروع کردی، سی اے اے کا کہنا ہے کہ آلائشوں کے پڑے رہنے سے پرندوں کی آمد بڑھ جاتی ہے جس سے طیاروں کو نقصان کا خطرہ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے طیاروں اور ہوائی سفر کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے کوئٹہ، ملتان اور لاہور ایئر پورٹ پر آگاہی مہم شروع کردی۔

    سول ایوی ایشن کی جانب سے اہم شاہراہوں پر بینر آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ شہر میں پمفلٹ کی تقسیم بھی جاری ہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کچرے کے باعث آنے والے پرندوں سے طیاروں کو نقصان نہ پہنچے، آلائشوں کے پڑے رہنے سے پرندوں کی آمد بڑھ جاتی ہے۔

    سی اے اے نے اپیل کی ہے کہ قومی اثاثوں اور فضائی سفر محفوظ بنانے کے لیے شہریوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، عید الاضحیٰ پر جانوروں کی باقیات اور کچرا مقررہ جگہوں پر ہی پھینکیں۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ کے اطراف میں رہائشی آبادیوں میں کچرے کی وجہ سے پرندوں کا ایئر پورٹ پر آنا معمول بن گیا ہے، پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے طیاروں کو بے تحاشہ نقصان پہنچتا ہے جس کے بعد طیاروں کی مرمت پر خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔

    عید الضحیٰ کے موقع پر جگہ جگہ آلائشیں پھینکے جانے کے باعث بھی پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

  • ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والی ایئر لائنز اور اداروں کو وارننگ جاری

    ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والی ایئر لائنز اور اداروں کو وارننگ جاری

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والی ایئر لائنز، اداروں اور کمپنیوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنز، سفارت خانوں اور آپریٹرز کی جانب سے تاحال پیڈ ٹیکس چالان اور سرٹیفکیٹ جمع نہیں کروایا گیا ہے، جس پر سی اے اے نے انھیں وارننگ جاری کر دی ہے۔

    ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والوں کی فہرست میں 397 ایئرلائنز، فلائنگ کلبز، سفارت خانے اور ایوی ایشن سروسز شامل ہیں۔

    سی اے اے کے مطابق ایئر لائنز کی فہرست میں ایئر فرانس، چارٹر، برٹش ایئر، ایئر کینیڈا، قطر ایئر، ایمریٹس، اتحاد ایئر، گلف ایئر، ترکش ایئرلائن سر فہرست ہیں، ایئر زمبابوے، آسٹرین ایئر لائن، بحرین ایئر، چائنا ایئر لائن، مالنڈو ایئر، ڈی ایچ ایل ایوی ایشن، فلائی دبئی، فلائی ناز سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔

    بنگلہ دیش، ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چائنا، کوریا، انڈونیشیا، عراق، کویت کے سفارت خانے بھی اس فہرست میں شامل ہیں، دیگر سفارت خانوں میں جاپان، قطر، کرغیزستان، ناروے، سری لنکا، تھائی لینڈ، ساؤتھ افریقہ، ایتھوپیا، روس، نیوزی لینڈ، جرمن اور اسپین کے سفارت خانے شامل ہیں۔

    فلائنگ کلبز میں لاہور فلائنگ کلب، ملتان فلائنگ کلب، کراچی ایرو کلب، پشاور فلائنگ کلب، فیصل آباد شاہین فلائنگ کلب شامل ہیں جب کہ دیگر اداروں میں ایدھی فاؤنڈیشن، سیرین ایئر، ایئر بلیو، عسکری ایئر، پنجاب حکومت، سندھ حکومت اور بلوچستان حکومت بھی شامل ہیں۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اداروں کی جانب سے مالی سال 20-2019 کے بلز کے ٹیکس پیمنٹ چالان جمع نہیں کروائے گئے، متعلقہ ادارے مالی سال 20-2019 کے ٹیکس پیمنٹ چالان جلد از جلد جمع کروائیں، اس سلسلے میں ڈائریکٹر فنانس سی اے اے شاہد علی کی جانب سے متعلقہ نادہندہ اداروں کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔