Tag: سی اے اے

  • سعودی ایئرلائن کی 7 خصوصی پروازوں کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دیدی گئی

    سعودی ایئرلائن کی 7 خصوصی پروازوں کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دیدی گئی

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سعودی ایئرلائن کی 7 خصوصی پروازوں کو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی اے اے نے سعودی ایئرلائن کی 7 خصوصی پروازوں کو ملک میں لینڈنگ کی اجازت دے دی، خصوصی پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور پاکستانیوں کو لے کر پہنچیں گی۔

    سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے باضابطہ اجازت نامہ جاری کردیا، سی اے اے نے سعودی ایئرلائن کی درخواست پر اجازت دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ایئرلائن کی خصوصی پروازیں 16 جون سے 20 جون تک پروازیں آپریٹ کریں گی، مجموعی طور پر 1700 سے زائد پاکستانی مسافر وطن پہنچیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق 16 جون کو ریاض سے 250 سے زائد پاکستانیوں کو لے کر پرواز اسلام آباد پہنچے گی، دوسری پرواز کے ذریعے 16 جون کو جدہ سے 250 سے زائد مسافر لاہور پہنچیں گے۔

    اسی طرح تیسری پرواز کے ذریعے 17 جون کو جدہ سے 240 سے زائد پاکستانی اسلام آباد پہنچیں گے، چوتھی پرواز 17 جون کو ریاض سے 250 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔

    پانچویں پرواز 18 جون کو جدہ سے 250 مسافروں کو لیکر پشاور پہنچے گی، چھٹی پرواز 20 جون کو ریاض سے 240 مسافروں کو لیکر پشاور پہنچے گی، 20 جون کو ساتویں پرواز کے ذریعے جدہ سے 250 مسافر اسلام آباد پہنچیں گے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سعودی ایئرلائن کے عملے کو ائیرپورٹ پر جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی، طیارے واپسی پر کارگو یا خالی روانہ ہو نگے۔

  • ایئرپورٹ کارگو میں کرپشن، ملوث اہل کاروں کو سزائیں مل گئیں

    ایئرپورٹ کارگو میں کرپشن، ملوث اہل کاروں کو سزائیں مل گئیں

    لاہور: ایئر پورٹ کارگو میں سروس چارجز کی مد میں کرپشن کے انکشاف پر ہونے والی انکوائری کے بعد سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ملوث اہل کاروں کو سزائیں مل گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرپشن میں ملوث سی اے اے کے اہل کاروں کو سزائیں دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، اہل کاروں نے لاہور ایئرپورٹ کارگو میں سروس چارجز کی مد میں 7 کروڑ روپے کی کرپشن کی تھی۔

    کرپشن کے معاملے کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے آ گئی، سی اے اے گریڈ ٹو کے آفیسر فرحان احمد کو نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ گریڈ ٹو کے آفیسر بختاور گل کو ایک گریڈ تنزلی کی سزا دی گئی۔

    انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کارگو سروس چارجز کی مد میں سی اے اے اہل کاروں نے سات کروڑ کا فراڈ کیا تھا، اہل کاروں نے سروس چارجز کے پیسے خزانے میں جمع نہیں کرائے، ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے پکڑا گیا۔

    انکوائری رپورٹ کے مطابق فراڈ میں ملوث اہل کاروں نے 2 کروڑ روپے کی رقم بھی خزانے میں جمع کرا دی ہے۔

  • کرونا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم

    کرونا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم

    کراچی: ملک میں کرونا وبا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے ملک کے اندر پروازوں پر پابندی ختم ہو گئی ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے کی پہلی پرواز آج ایک بجے کراچی سے لاہور کے لیے شام 4 بجے روانہ ہوگی۔

    ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق سی اے اے نے کراچی ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک پروازوں کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، ایئرپورٹ ڈومیسٹک لاؤنج میں ایس او پیز سے متعلق آگاہی بینرز بھی نصب کر دیے گئے۔

    مسافروں کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ رکھنے کے لیے لاؤنج میں نشانات لگائے گئے ہیں، بینچز پر ایک ساتھ بیٹھنے کی ممانعت کے سائن بھی لگائے گئے، لاؤنج میں داخل ہوتے ہی مسافروں کو ماسک لگانا ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    خیال رہے اندرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے حکومت نے علاقائی پروازیں گزشتہ روز کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے مطابق 20 فی صد جزوی فلائٹ آپریشن بحال کیا گیا ہے، جزوی ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن کے لیے پی آئی اے اور نجی ایئرلائن نے فلائٹ شیڈول بھی جاری کر دیا تھا، یہ علاقائی آپریشن 5 بڑے ایئرپورٹس سے کیا جا رہا ہے، جن میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس شامل ہیں۔

    اس سلسلے میں سول ایوی ایشن نے باضابطہ اجازت نامہ بھی جاری کر دیا تھا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری جزوی بحالی کے نوٹم کے مطابق یہ اجازت 30 جون 2020 تک دی گئی ہے۔ کراچی سے ہفتہ وار 68 پروازیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد اور لاہور سے 32 پروازیں، پشاور سے 4 اور کوئٹہ سے 6 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    ایس او پی کے تحت ڈومیسٹک پروازوں پر مسافروں کا لوڈ کم ہوگا، دوران پرواز مسافروں میں سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا، مسافروں کو ماسک کا استعمال کرنا لازمی ہوگا، اندرون ملک جانے اور آنے والے تمام مسافروں کی مکمل طبی جانچ ہوگی۔

  • سی اے اے نے امریکا کے 6 چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی

    سی اے اے نے امریکا کے 6 چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکا کے 6 چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی، اومنی ایئر کے 6 خالی طیارے آج سے 25 اپریل تک پاکستان پہنچیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی اے اے نے امریکی چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی، امریکی سفارت خانے کی جانب سے چارٹر طیاروں کی لینڈنگ کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

    سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا، اومنی ایئر کے 6 خالی طیارے آج سے 25 اپریل تک پاکستان پہنچیں گے، امریکی شہری اور سفارتی عملہ ان طیاروں کے ذریعے پاکستان سے واپس امریکا جائے گا۔

    سی اے اے کے مطابق پہلی پرواز آج صوفیہ بلغاریہ سے اسلام آباد پہنچے گی، شارجہ سے آنے والی پرواز کل مسافروں کو اسلام آباد سے فرینکفرٹ لے جائے گی، 23 اپریل کو 2 پروازیں صوفیہ سے اسلام آباد اور کراچی آئیں گی۔

    25 اپریل کو بھی 2 پروازیں صوفیہ سے اسلام آباد اور کراچی آئیں گی، ان پروازوں کے پائلٹس اور دیگر عملے کو طیاروں سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    امریکا میں پھنسے پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن اِن چیف کی حکومت سے مدد کی اپیل

    یاد رہے کہ اتوار کو امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے جانے کے معاملے پر امریکا نے بھی خصوصی پرواز کے لیے پاکستان کو اجازت دی تھی، امریکا میں 750 سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں، ذرایع کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے متعدد ایئر لائنز کے آپشن پر غور کیا۔

  • تمام عالمی اور علاقائی پروازوں کے لیے نئی ہدایات جاری

    تمام عالمی اور علاقائی پروازوں کے لیے نئی ہدایات جاری

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عالمی اور علاقائی پروازوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کردیے، جہاز کو اڑان بھرنے سے پہلے جراثیم سے پاک کرنے کا سرٹیفکیٹ جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عالمی اور علاقائی پروازوں کے لیے نئے ایس او پی جاری کردیے، سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

    نئے ایس او پیز 18 سے 30 اپریل تک کے لیے جاری کیے گئے ہیں، ایس او پیز تمام کمرشل اور پرائیوٹ طیاروں کی پروازوں پر لاگو ہوں گے، پرواز کی پاکستان آمد یا روانگی سی اے اے کی اجازت سے مشروط ہے۔

    ایس او پی کے مطابق جہاز کو اڑان بھرنے سے پہلے جراثیم سے پاک کرنے کا سرٹیفکیٹ جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جہاز میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کا ضروری ذخیرہ لازمی ہونا چاہیئے۔

    سی اے اے کے مطابق مسافروں کے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پر کروانا بھی کمرشل و پرائیوٹ فضائی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔ مسافروں اور جہاز کے عملے کو ذاتی حفاظت اور سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہداہت کی گئی ہے۔

    جہاز میں دوران پرواز مسافروں کا سٹنگ پلان تصاویر کی صورت میں سی اے اے کو بھجوایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے مطابق پرواز کی ایئر پورٹ لینڈنگ کے بعد مسافروں کا سامان جراثیم سے پاک کر کے دیا جائے گا، بین الاقوامی پرواز کے مسافروں کو پاکستان آمد پر 7 سے 14 روز تک قرنطینہ کیا جائے گا، پرواز کے مسافروں کو ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی جمع کروانا ہوگا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی اتھارٹی نے تمام بڑے ایئرپورٹس کے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک لاؤنجز میں خود کار تھرمل اسکینرز بھی نصب کر دیے ہیں، اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے تمام مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی۔

  • بھارتی طیاروں کو راستہ دینے کے لیے پاکستان ایئر ٹریفک کی فراخ دلی

    بھارتی طیاروں کو راستہ دینے کے لیے پاکستان ایئر ٹریفک کی فراخ دلی

    کراچی: مشترکہ دشمن کرونا وائرس سے نبردآزما دنیا میں پاکستان ایئر ٹریفک نے اپنے روایتی حریف ملک بھارت کے طیاروں کو فراخ دلی کے ساتھ راستہ فراہم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرونا متاثرین کے لیے امداد لے کر فرینکفرٹ جانے والے 2 بھارتی طیاروں کی رہنمائی کی، یہ طیارے کراچی ریجن کی فضائی حدود سے گزر رہے تھے۔

    پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بھارتی طیاروں کو خیر سگالی کا پیغام دیا، اہل کار نے بھارتی پائلٹ کو سلام بھی کیا، کراچی کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بھارتی پائلٹ کو پیغام دیا کہ آپ اچھا کام کر رہے ہیں۔ جس پر بھارتی پائلٹ نے جواب دیا کہ آپ کا بہت بہت شکریہ!

    ذرایع کے مطابق ایک بھارتی طیارے نے ممبئی، دوسرے نے نئی دہلی سے اڑان بھری تھی، بھارتی پروازیں کرونا وائرس ریلیف امدادی سامان لے کر جا رہی تھیں، تاہم بھارتی بوئنگ 777 اور 787 طیارے کا ایرانی ایئر ٹریفک سے رابطہ نہیں ہو رہا تھا، سول ایوی ایشن کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بھارتی طیاروں کو مدد فراہم کی۔

    پاکستانی اے ٹی سی نے ایران کے اے ٹی سی سے لینڈ لائن پر رابطہ کیا اور کہا کہ وہ انڈین طیاروں سے رابطہ قائم کریں، جس کے بعد ایرانی اے ٹی سی نے بھارتی طیاروں کو 1 ہزار کلو میٹر کا ڈائریکٹ روٹ فراہم کیا، بھارتی پائلٹ نے پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولر کے تعاون کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ سی اے اے کے ایئر ٹریفک کنٹرولر بھارتی طیاروں کو ڈائریکٹ روٹ دیا تھا، جب کہ عام دنوں میں کسی طیارے کو براہ راست روٹ فراہم نہیں کیے جاتے۔

  • کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام

    کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کرونا وائرس کے پیش نظر ملازمین کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ سی اے اے ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہیڈکوارٹرز، جنرل ڈیوٹی والے ملازمین 6گھنٹے کام کریں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی اےاے ملازمین صبح 10سے شام 4 بجےتک ڈیوٹی انجام دیں گے، جمعہ کوصبح 10بجےتا دوپہر ایک بجے تک ڈیوٹی ہوگی۔

    حکومت پاکستان کا کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بڑا فیصلہ

    یاد رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے بعد تمام علاقائی پروازیں بھی منسوخ کردی تھیں۔

    ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے علاقائی پروازوں کی منسوخی سے متعلق نوٹم جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت پاکستان نے تمام ایئر لائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا۔

    قبل ازیں حکومت پاکستان کی ہدایات کے بعد پاکستان انٹرنیشل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنی تمام بین الاقوامی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔

  • کرونا: سی اے اے کے 6 کنٹرولر مشتبہ قرار، پی آئی اے ملازمین کا بائیومیٹرک حاضری سے انکار

    کرونا: سی اے اے کے 6 کنٹرولر مشتبہ قرار، پی آئی اے ملازمین کا بائیومیٹرک حاضری سے انکار

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 6 ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو کرونا وائرس کے سلسلے میں مشتبہ قرار دے دیا گیا، دوسری طرف پی آئی اے ملازمین نے بائیو میٹرک حاضری سے انکار کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان سی اے اے نے تصدیق کر دی ہے کہ چھ ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے، ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر کے قریبی عزیز کرونا وائرس سے متاثر تھے، ملازم کے ماموں کی ٹریول ہسٹری بھی ایران سے بتائی جاتی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی والدہ اپنے بھائی کے ہمراہ ایران گئی تھیں، اے ٹی سی اہل کار اپنی والدہ سے ملنے کے بعد ڈیوٹی پر گیا تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر کے طور پر رابطے میں آنے والے شفٹ میں موجود تمام اے ٹی سیز کو قرنطینہ میں بھیج دیا۔

    جناح ایئرپورٹ کراچی پر مشتبہ مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے کی تیاری

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس او پی کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طو ر پر پوری شفٹ کو ڈیوٹی پر 14 دن تک ڈیوٹی سے مستشنیٰ رکھا جائے گا۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے ریڈار کنٹرول اے سی سی ایریا کو خالی کرا لیا ہے، اور ریڈار کنٹرول سمیت دیگر دفاتر میں خصوصی اسپرے کیا جا رہا ہے۔ ایئر پورٹ کے مختلف ایریاز، کارگو، ایپرن اور رن وے ایریا میں بھی اسپرے شروع کر دیا گیا ہے، تمام دفاتروں میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال بھی کیا جانے لگا ہے۔

    ادھر کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پی آئی اے ملازمین نے بائیو میٹرک حاضری سے انکار کر دیا ہے، پیپلز یونٹی آف پی آئی اے نے اس سلسلے میں انتظامیہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، ایئرلائن ملازمیں خطرے میں ہیں، کرونا وائرس متعدی بیماری ہے، بائیو میٹرک سے وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ ملازمین کو کم از کم ایک ماہ بائیو میٹرک حاضری سے استثنیٰ دے، ملازمین میں بائیو میٹرک حاضری سے خوف بڑھ رہا ہے، مشین کی وجہ سے وائرس ایک سے دوسرے شخص کو منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔

  • سی اے اے کے غریب پورٹر نے ایمان داری کی مثال قائم کر دی

    سی اے اے کے غریب پورٹر نے ایمان داری کی مثال قائم کر دی

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے غریب پورٹر نے ایمان داری کی مثال قائم کر دی، 1 لاکھ 30 ہزار روپے مالیت کی گم شدہ رقم مالک کو لوٹا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ابوظبی سے پرواز پی کے 262 کے ذریعے اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے والا مسافر محمد اختر اپنا وائلٹ ٹرالی میں چھوڑ کر چلا گیا تھا، جو سی اے اے کے پورٹر زار قریشی کے ہاتھ لگا۔

    مسافر کے بٹوے میں 2940 یو اے ای درہم اور 1450 پاکستانی روپے موجود تھے، تاہم پورٹر زار قریشی نے ایمان داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بٹوہ ڈیوٹی ٹرمینل کے حوالے کر دیا۔ بعد ازاں ڈیوٹی ٹرمینل منیجر نے مسافر محمد اختر سے رابطہ کر کے اسے واپس بلایا اور امانت ان کو لوٹا دی۔

    مسافر محمد اختر نے رقم واپس ملنے پر سی اے اے کے پورٹر اور افسران کا شکریہ ادا کیا۔

    خاتون لاکھوں مالیت کے زیورات ایئرپورٹ ہی پر بھول کر دبئی پہنچ گئیں

    یاد رہے کہ رواں ماہ 4 فروری کو بھی کراچی ایئر پورٹ پر ایک خاتون لاکھوں مالیت کے زیورات بھول کر دبئی پہنچ گئی تھیں، عائشہ اعجاز نامی خاتون مسافر اپنے شوہر کے ہم راہ پرواز EK 609 سے آسٹریلیا براستہ دبئی جا رہی تھیں، تاہم جہاز پر سوار ہونے سے قبل کراچی ایئر پورٹ کے کاؤنٹر پر بیش قیمت زیورات سے بھرا بیگ بھول گئیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے فرض شناسی اور ایمان داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذکورہ بیگ اس کی مالک خاتون کے رشتہ داروں کو بلا کر حوالے کیا۔

  • ائیر ٹریفک کنٹرولرز ٹوٹی کرسیوں پر اہم فرائض انجام دینے پر مجبور

    ائیر ٹریفک کنٹرولرز ٹوٹی کرسیوں پر اہم فرائض انجام دینے پر مجبور

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی سروسز سے متعلق اہم شعبے کو نظر انداز کر دیا، ائیر ٹریفک کنٹرولرز ٹوٹی پھوٹی کرسیوں پر اہم فرائض انجام دینے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جہازوں کو راستہ بتانے اور سنگین حادثات سے بچا نے والے ائیر ٹریفک کنٹرولرز خود بد حالی کا شکار ہیں، ائیر ٹریفک کنٹرولرز ٹوٹی پھوٹی کرسیوں پر بیٹھ کر اپنے فرائض انجام دینے پر مجبور نظر آتے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اے ٹی سی کو دفاتروں میں بنیادی سہولت کے علاوہ چپڑاسی (آفس بوائے) بھی فراہم نہں کیا گیا، بین الاقوامی قوانین کے مطا بق ائیر ٹریفک کنٹرولر کو ڈیوٹی کے دوران 2 گھنٹے کا ریسٹ اور سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔

    ادھر گلڈ کی جانب سے حکام کو متعدد بار آگاہ کیا جا چکا ہے کہ موجودہ صورت حال سے ایئر ٹریفک کنٹرولز میں بے چینی پائی جاتی ہے، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت متاثر ہو رہی ہے، اور اس سے پاکستان کی فضائی حدود میں فلائٹ سیفٹی مسائل جنم لے رہے ہیں.

    اے ٹی سی کے صدر نے کہا ہے کہ ائیر ٹریفک کنٹرولر اس سلسلے میں وفاقی محتسب کو خط ارسال کر چکی ہے۔

    پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرولرز گلڈ کے صدر کا کہنا ہے کہ فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ائیر ٹریفک کنٹرولر کا کردار انتہا ئی اہم ہوتا ہے، فضاؤں میں کچھ دوری اور بلندی پر اڑنے والے جہازوں کو فضائی روٹ پر متحرک رکھنا مہارت کا کام ہے، جہازوں کی آمد و رفت بالخصوص ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران فضائی حدود کا خیال رکھنا ایک کنٹرولر کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔