Tag: سی سی ٹی وی

  • مصطفی عامر کے قتل  کی ایک اور  اہم سی سی ٹی وی سامنے آگئی

    مصطفی عامر کے قتل کی ایک اور اہم سی سی ٹی وی سامنے آگئی

    کراچی : مصطفی عامر قتل کیس سے متعلق ایک اور سی سی ٹی وی سامنے آگئی ، جس میں گرفتار ملزمان ارمغان اور شیراز کی موقع واردات سے واپسی کو دیکھا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصطفی عامر قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ، گرفتارملزمان ارمغان اور شیراز کی موقع واردات سے واپسی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    دونوں ملزمان نے مصطفی عامر کو دریجی کے مقام پر قتل کیا تھا، تفتیشی حکام کو ملنے والی نئی سی سی ٹی وی میں ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے کہ قتل کے بعد دونوں کئی گھنٹے پیدل چلے اور ایک مقام پر سوزوکی میں سوار ہوئے اور کھلی سوزوکی میں بیٹھ کر کراچی واپس آئے۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ارمغان اور شیراز کو ہمدرد چوکی روڈ سے گاڑی میں بیٹھ کر گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان ارمغان اور شیراز کی گاڑی ہمدرد چوکی سے فور کے چورنگی کی جانب روانہ ہوئی۔

    یاد رہے کہ کراچی کے رہائشی 23 سالہ مصطفیٰ عامر رواں برس چھ جنوری کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے لاپتہ ہوئے تھے اور پولیس کے مطابق اُن کی جھلسی ہوئی لاش بلوچستان میں حب کے علاقے دہریجی سے ملی تھی۔ مصطفی کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

    اس واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان ارمغان اور شیراز کو گرفتار کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس کیس میں مرکزی ملزم ہیں۔

    شیراز نے عدالت کو بتایا تھا کہ ‘وہ اس کیس میں واحد چشم دید گواہ ہیں۔ ملزم ارمغان نے ان کی موجودگی میں مصطفی کو قتل کیا لیکن وہ اس وقت بے یار و مددگار تھے۔

    شیراز نے دعویٰ کیا تھا کہ ارمغان نے مصطفیٰ کو لوہے کے ڈنڈے سے مارا اور مجھے زبردستی گن پوائنٹ پر بلوچستان لے گئے جہاں مصطفیٰ کی گاڑی کو نذرِ آتش کیا گیا۔

  • دکاندار سے فراڈ : ایزی لوڈ کیلیے آنے والا ملزم ڈیڑھ لاکھ روپے کا چونا لگا گیا

    دکاندار سے فراڈ : ایزی لوڈ کیلیے آنے والا ملزم ڈیڑھ لاکھ روپے کا چونا لگا گیا

    کراچی : گلشن جمال بلاک سی میں گاہک بن کر آنے والے چور نے دکاندار سے فراڈ کرتے ہوئے اس کی آنکھوں کے سامنے ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان پہنچا دیا، پورا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن جمال بلاک سی میں ایزی لوڈ کی دکان پر گاہک بن کر آنے والے ایک شخص نے دکاندار سے فراڈ کرتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ روپے سے محروم کردیا۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز  نے حاصل کرلی، سی سی ٹی فوٹیج میں چور کو ایزی لوڈ کی دکان پر گاہک بن کر آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ملزم نے دکاندار کو کام میں مصروف دیکھا اور موقع پاتے ہی آن لائن رقم ٹرانسفر کرنے والا موبائل فون اٹھایا اور وہاں سے رفو چکر ہوگیا۔

    متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ موبائل فون میں ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم موجود تھی، ملزم نے فوری طور پر تین مختلف نمبروں پر پچاس پچاس ہزار روپے ٹرانسفر بھی کردیئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکاندار کو چور کے پیچھے موٹر سائیکل پر تعاقب میں جاتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

  • اے ٹی ایم سے رقم چرانے والا سی سی ٹی وی کی مدد سے فوراً ہی پکڑا گیا

    اے ٹی ایم سے رقم چرانے والا سی سی ٹی وی کی مدد سے فوراً ہی پکڑا گیا

    بھارت میں چور اے ٹی ایم سے رقم چرانے کی کوشش کرتا رہا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ چور کو گرفتار کرلیا۔

    ریاست تلنگانہ کے ضلع نرمل میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں اے ٹی ایم سے رقم چرانے کی کوشش پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا، مذکورہ ملزم کی شناخت گنگادھر کے نام سے ہوئی ہے۔

    نرمل ٹاؤن میں کینرا بینک کے منیجر نے ڈائل 100 پر کال کرکے اطلاع دی کہ ایک نامعلوم شخص اے ٹی ایم سے رقم چرانے کی کوشش کررہا ہے۔

    گشت پر موجود پولیس نے اس اطلاع پر فوراً ایکش لیا اور اے ٹی ایم سینٹر پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، فوٹیج کی مدد سے پولیس نے قریبی علاقے سے ایک شخص کو گرفتار کیا۔

    پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے تاکہ پتا لگایا جاسکے کہ آیا اس شخص نے پہلے بھی ایسی کوئی واردات کی ہے یا کسی اور واردات میں بھی ملوث ہے۔

  • ویڈیو: پیٹرول ڈلوانے کے دوران اسکوٹی سوار لڑکی کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: پیٹرول ڈلوانے کے دوران اسکوٹی سوار لڑکی کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    بنگالورو: بھارت میں پیٹرول ڈلوانے کے دروان آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 18 سالہ اسکوٹر سوار لڑکی ہلاک ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی کی ریاست کرناٹک کے تماکورو کے ضلع میں پیش آیا ہے، جہاں ایک پیٹرول پمپ پر 18 سالہ لڑکی اس وقت ہلاک ہوگئی  جب وہ اپنی اسکوٹی میں پیٹرول بھروارہی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھاویہ نامی نوجوان لڑکی موٹر سائیکل پر بیٹھی ہوئی تھی اور اس کی والدہ پاس کھڑی تھی، اس دوران لڑکی اپنے فون کو استعمال کررہی تھی کہ آگ بھڑک اٹھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر یہ کہا جارہا ہے کہ آگ موبائل فون کی وجہ سے لگی ہے، اس حادثے میں بھاویہ ہلاک ہوگئی جبکہ اس کی ماں شدید زخمی ہے۔

  • کراچی پولیس نے شہر میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کردیں

    کراچی پولیس نے شہر میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کردیں

    کراچی: انویسٹی گیشن پولیس نے شہر قائد میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس شرقی نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی تلاش تیز کردی۔

    پولیس نے بتایا کہ 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کرنے والے شرپسند ملزمان کی شناخت کے لیے نادرا سے بھی مدد لی جائے گی، ملزمان کیخلاف دہشت گردی ایکٹ اور دیگر سنگین مقدمات قائم ہیں۔

    کراچی میں بدامنی اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کیخلاف کارروائی، 286 افراد گرفتار

    پولیس نے بتایا کہ ملزمان ٹیپو سلطان، فیروز آباد اور مبینہ ٹاؤن  انویسٹی گیشن پولیس کو مطلوب ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان پیپلز ریڈبس، پولیس وین، واٹر بائوزر، رینجرز چوکی کو آگ لگانے میں ملوث ہیں۔

    خیال رہے کہ 9مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

    کراچی میں عمران خان کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کیا گیا ، اس دوران پیپلز بس سروس کی بسوں کو نقصان بھی پہنچایا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی جبکہ ریڈ بس کو بھی آگ لگا دی گئی تھی۔

  • شرارتی بلی نے درجنوں انڈے توڑ دیے

    شرارتی بلی نے درجنوں انڈے توڑ دیے

    بلیاں نہایت شرارتی ہوتی ہیں جو کبھی جان بوجھ کر اور کبھی اپنی معصومیت میں کوئی نہ کوئی نقصان کر بیٹھتی ہیں۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بلی نے انگڑائی لیتے ہوئے اچھا خاصا نقصان کر ڈالا۔

    ایک سپر اسٹور میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی اس فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بلی کاؤنٹر پر آرام کر رہی ہے۔

    بلی نہایت مزے سے انگڑائیاں لے رہی ہیں، اس کے بالکل قریب ایک ٹرے میں درجنوں انڈے رکھے ہیں۔

    انگڑائی لیتے ہوئے بلی کا پنجہ ٹرے کو لگتا ہے اور اس کے ساتھ ہی پوری ٹرے انڈوں سمیت نیچے گرتی ہے اور ساتھ ہی بلی بھی اس کے ساتھ نیچے گر جاتی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین یہ ویڈیو دیکھ کر بلی کی معصومیت سے نہایت لطف اندوز ہوئے، کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اس میں بلی کا کوئی قصور نہیں، وہ بیچاری صرف آرام کر رہی تھی۔

  • سعودی عرب: سیکیورٹی کیمروں کے حوالے سے اہم ہدایات

    سعودی عرب: سیکیورٹی کیمروں کے حوالے سے اہم ہدایات

    ریاض: سعودی حکام نے سی سی ٹی وی کیمروں کے حوالے سے قوانین کی وضاحت کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کی ہیں، قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی حکومت نے کہا ہے کہ سیکیورٹی سی سی کیمروں کی ریکارڈنگ منتقل کرنا، جاری کرنا یا اس میں رد و بدل کرنا قابل سزا جرم ہے، اس پر 20 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔

    وزارت داخلہ نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص بھی سکییورٹی سی سی کیمرے کے استعمال کے ضوابط کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا، جس میں ریکارڈنگ منتقل کرنا، جاری کرنا، تلف کرنا، کیمروں کے آلات میں تخریب کاری کرنا یا ریکارڈنگ میں رد و بدل کرنا مقررہ قوانین کی خلاف ورزی شمار ہوگا اور اس پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    حکومت کی جانب سے مقررہ قوانین و ضوابط کے مطابق مختلف مقامات پر نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جاتے ہیں، ان میں ایسے کیمرے بھی ہوتے ہیں جو اپنی جگہ پر ایک ہی سمت میں فٹ ہوتے ہیں۔

    کیمروں میں وہ شامل نہیں جو عام افراد عمارتوں، ہاؤسنگ کمپلیکس یا مکانات وغیرہ میں اپنی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے نصب کرتے ہیں۔

    سیکیورٹی کیمروں کے استعمال کے حوالے سے باقاعدہ قانون موجود ہے، اس کے تحت عام افراد کی پرائیویسی کا خیال رکھا جاتا ہے۔ ان کی ریکارڈنگ دیکھنے کا اختیار وزارت داخلہ کی اجازت کے بغیر کسی کو حاصل نہیں ہوتا۔

    ریاستی سلامتی کی پریذیڈنسی یا عدلیہ سیکیورٹی کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھنے کی اجازت دے سکتی ہے، اس کے بعد ہی اس قسم کے کیمروں کی ریکارڈنگ تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔

    سیکیورٹی کیمرے بنانا، درآمد کرنا، فروخت کرنا، نصب کرنا، آپریٹ کرنا یا اس کی اصلاح و مرمت کرنا قانونی طور پر منع ہے۔ وزارت داخلہ کی منظوری کے بغیر مذکورہ امور میں سے کسی کی بھی اجازت نہیں۔

  • جامعہ کراچی واقعے کی تفتیش میں پیش رفت کیسے ممکن ہوئی؟

    جامعہ کراچی واقعے کی تفتیش میں پیش رفت کیسے ممکن ہوئی؟

    کراچی: جامعہ کراچی میں 26 اپریل کو ایک وین پر خود کش حملے کے واقعے کے سلسلے میں سابق کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز خان نے یونیورسٹی میں نصب کیمروں کی تفصیلی رپورٹ وائس چانسلر کو جمع کرا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے سے متعلق ہونے والی پیش رفت ان کیمروں ہی کی بدولت ممکن ہوئی ہے، یہ رپورٹ گزشتہ روز قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون کوجمع کرائی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی میں گزشتہ چند سالوں سے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں تمام داخلی اور خارجی دروازوں پر کیمروں کی تنصیب کی گئی۔

    جامعہ کراچی خود کُش حملہ: لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل

    جامعہ کراچی میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمد و رفت کے لیے 4 دروازے مختص ہیں، جن میں سلور جوبلی گیٹ، شیخ زید اسلامک سینٹر، مسکن اور میٹروول گیٹ شامل ہیں، جب کہ ایوب گوٹھ کی طرف سے صرف ایک گیٹ ہے، جو صرف پیدل آمد و رفت کے لیے ہے، ان تمام گیٹس پر چار چار کیمرے نصب ہیں جو مکمل طور پر فعال ہیں۔

    جامعہ کی مرکزی سڑکوں اور سڑکوں سے متصل شعبہ جات پر بھی جگہ جگہ کیمرے نصب ہیں، جن کے ذریعے سڑکوں کی کوریج کی جاتی ہے، مسکن گیٹ پر 4 کیمرے، اس کے ساتھ ساتھ آئی بی اے بوائز ہاسٹل، کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول، کنفیوشس انسٹیٹیوٹ، آئی بی اے کے مرکزی دروازے پر اور گیٹ نمبر ایک پر بھی کیمرے نصب ہیں۔

    فارمیسی چوک پر 4 کیمرے نصب ہیں، شعبہ ٹرانسپورٹ، ایچ ای جے، فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، مسجد ابراہیم، سردار یاسین ملک پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر، کراچی یونیورسٹی کلینک، سیکیورٹی آفس، مجید ہوٹل، گرلز ہاسٹل، آزادی چوک، یو بی ایل بینک، مائیکرو بائیولوجی، فارمیسی، ماس کمیونیکیشن اور میٹروول گیٹ پر کیمرے نصب ہیں اور حادثے والے دن یہ تمام کیمرے فعال تھے، ماسوائے فارمیسی چوک کے 4 کیمروں کے۔

    جامعہ کراچی دھماکا: خصوصی ویڈیوز اور تصاویر دیکھیں

    واضح رہے کہ ان تمام کیمروں کا الگ سے کوئی کنٹرول روم نہیں بلکہ ہر جگہ کا ریکارڈنگ سسٹم وہیں نصب ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ جامعہ کا طویل رقبہ ہے، مسکن گیٹ سے شیخ زید تک 3 کلو میٹر کا طویل راستہ ہے، اگر اتنی لمبی تاروں کا سسٹم ڈالا جائے تو اس میں آئے دن خامیاں آتی رہیں گی، جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر ریکارڈنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کیمروں کے فعال نہ ہونے اور کیمروں کی عدم تنصیب کے حوالے سے مختلف ذرائع ابلاغ پر چلنے والا پروپیگنڈا خلاف حقیقت اور مبنی بر قیاس ہے، جو قابل مذمت ہے۔

  • سی سی ٹی وی کیمرے نے وہ منظر قید کر لیا جسے دیکھ کر خوف سے رونگٹے کھڑے ہو گئے (ویڈیو)

    سی سی ٹی وی کیمرے نے وہ منظر قید کر لیا جسے دیکھ کر خوف سے رونگٹے کھڑے ہو گئے (ویڈیو)

    بھارت میں ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے دیکھنے والوں کے خوف سے رونگٹے کھڑے کر دیے، یہ بھارت کے کسی شہر کی ایک گلی کا منظر ہے جس میں کھڑی موٹر سائیکل اچانک خود بخود چل پڑی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں کھڑی موٹر سائیکل اچانک خود بخود چل پڑی اور پھر گر پڑی، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے وائرل ہوئی، اور بڑی تعداد میں لوگوں نے اسے دیکھا اور شیئر کیا۔

    سوشل میڈیا پر آئے دن ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں، انھی میں سے کچھ ویڈیوز مافوق الفطرت سرگرمیوں پر بھی مبنی ہوتی ہیں جنھیں دیکھ کر صارفین اس کی توجیہہ نہیں کر پاتے، کبھی حیران ہوتے ہیں اور کبھی خوف زدہ، یہ بھی ایسی ہی ایک ویڈیو ہے۔

    اس ویڈیو میں گلی میں کھڑی بائیک خود بخود چل پڑتی نظر آتی ہے، یہ 30 سیکنڈز کی فوٹیج ٹوئٹر پر ایک صارف نے شیئر کی تو دیکھنے والوں کو اپنی ریڑھ کی ہڈی میں سنسنی دوڑتی محسوس ہوئی۔

    فوٹیج کے مطابق گلی میں ایک گھر کے سامنے دو بائیکس کھڑی ہیں، چند سیکنڈز کے بعد ایک بائیک نے خود سے حرکت شروع کر دی، بائیک دائرے میں تھوڑی سے گھومی اور پھر اچانک زمین پر گر پڑی، ویڈیو میں کوئی انسان نظر نہیں آتا۔

    ویڈیو شیئر کرنے والی صارف نے کیپشن لکھا کہ یہ منظر کیمرے میں قید ہو گیا ورنہ کوئی یقین نہ کرتا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی اس پر مختلف تبصرے کیے، کسی نے اسے ناقابل یقین قرار دیا اور کسی نے مافوق الفطرت واقعات کو مذاق کا نشانہ بنایا۔

    ایک صارف نے لکھا بھوت نے پی رکھی تھی اس لیے گر گیا، ایک اور نے لکھا بھوتوں کو بھی ڈرائیونگ لائسنس پاس کرنا پڑتا ہے، تیسرے صارف نے لکھا یہ کس کی روح گھس گئی بائیک میں۔

  • کچن میں لگے کیمرے نے آنجہانی بیٹے کی روح کی تصویرماں کو میسج کردی

    کچن میں لگے کیمرے نے آنجہانی بیٹے کی روح کی تصویرماں کو میسج کردی

    بیٹے سے جدائی کا صدمہ سہنے والی ماں پر اس وقت حیرتوں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے جب اس کے گھرمیں لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے اس کے  مردہ بیٹے کی شباہت والے سائے کی تصویر کھینچ لی۔

    تفصیلات کے مطابق دو بچوں کی ماں ، 57 سالہ  جینیفر ہوج کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنی 21 سالہ بیٹی کے ہمراہ بستر میں لیٹی ٹی وی دیکھ رہی تھیں ، کہ انہیں ایک میسج موصول ہوا کہ گھر کے داخلی راستے پر کسی کودیکھا گیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ان کے گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں سنسر لگے ہوئے ہیں اور وہ معمولی سے معمولی حرکت یا آوازکو بھی ریکارڈ کرکے ان کے فون پر میسج بھیج دیتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک میسج ایک ہفتہ قبل انہوں نے اپنے فون پر موصول ہوا جب وہ ٹی وی دیکھنے میں مشغول تھیں۔ تصویر کھولی تو اس میں ایک مرد کی دھندلی شبیہہ تھی۔ وہی داڑھی ،وہی قد قامت اور سب کچھ بالکل ویسا ہی جیسا کہ ان کے بیٹے روبی کا تھا ، جو کہ دو سال قبل منشیات کی اوور ڈوز کے سبب موت کے منہ میں چلا گیا تھا۔

    مسز ہوج کا کہنا ہے کہ  وہ ابھی تک حیرت زدہ ہیں اور کچھ گھبرائی ہوئی بھی ہیں کہ یہ انہوں نے کیا دیکھ لیا ہے ، لیکن انہیں اس واقعے سے اطمینان بھی ہوا ہے کہ ان کا بیٹا جہاں ہے وہاں سکون سے ہے۔

    خاتون نے مزید بتایا کہ وہ بس سونے ہی والی تھیں ، جب یہ میسج انہیں موصول ہوا۔ ان کی بیٹی نے یہ میسج دیکھا اور کہا کہ ماں ! کچن میں کوئی ہے اور اس کے بعد وہ چلائی کہ اوہ خدایا ! یہ تو روبی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹی کے کہنے پر جب میں نے دیکھا تو وہ واقعی روبی جیسا ہی تھا ۔

    خاتون نے بتایا کہ روبی ان کا بیٹا تھا  جو کہ 23 سال کی عمر ڈرگ اوور ڈوز کے سبب  29 نومبر 2016 کو موت کے منہ میں چلا گیا تھا۔ انہوں نے بتا یا کہ وہ ایک مہربان اور خیال کرنے والا انسان تھا ۔ اس نے اپنے آخری دنوں میں منشیات سے چھٹکارے کی بھی کوشش کی اور ساتھ ہی وہ ایسے لوگوں کی مدد کرنے کے لیے بھی کام کررہا تھا۔