Tag: سی سی ٹی وی فوٹیج

  • سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا ڈاکو پکڑا گیا

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا ڈاکو پکڑا گیا

    کراچی: گزشتہ شب تھانہ شاہراہ فیصل کے علاقے سے پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم کا مزید ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی ضلع شرقی کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت عبدالرحمٰن بلوچ ولد لعل بخش عرف لالو کے نام سے کی گئی ہے، ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل مع ایمونیشن، چلیدہ خولز، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کی گئی تھی۔

    عبدالرحمٰن بلوچ نے دوران تفتیش ڈالمیاں ٹوٹل پیٹرول پمپ پر اپنے ساتھی سمیت واردات کرنے کا انکشاف کیا، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، جس میں واضح طور پر ملزم کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ترجمان ضلع پولیس شرقی کے مطابق گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

    گرفتار ملزم سے اسٹریٹ کرائم کی مزید وارداتوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملزم کی شناخت بھی کروائی جائے گی۔

  • پیپلز پارٹی کے کونسلر کا قتل، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    پیپلز پارٹی کے کونسلر کا قتل، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی:کورنگی میں گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے کونسلر کی ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے چلتی موٹرسائیکل پرفائرنگ کی، عامر عباسی گولیاں لگتے ہی موٹرسائیکل سمیت سڑک پر گر پڑا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول عامر عباسی موٹرسائیکل خود چلا رہا تھا،جسے ایک گولی کان کے پیچھے دوسری گولی گردن پر لگی، مقتول عامر گولیاں لگتے ہی موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ کورنگی میں پیپلزپارٹی کے کونسلر کے قتل کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ٹیم قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات کرے گی۔

    چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی میں پیپلزپارٹی کے کونسلر کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بھٹائی کالونی سے منتخب کونسلر عامر عباسی کے قتل کی مذمت کرتاہوں، اہلخانہ کے غم میں برابرکاشریک ہوں، پوری پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور یقین ہے ملزمان کوجلدقانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

    ایس ایس پی کورنگی توحیدرحمان نے بتایا کہ تاجر وسیم کو 30 جون کو کورنگی نمبر 6 میں قتل کیا گیا تھا جبکہ کونسلر عامر عباسی کو گزشتہ روز نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا۔

    وکلا سے مذاکرات کے بعد ایس ایچ او گلستان جوہر کی تنزلی، مقدمہ بھی درج

    توحیدرحمان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایس ڈی پی او لانڈھی کریں گے، ٹیم میں ایس ایچ او زمان ٹاؤن اورعوامی کالونی شامل ہیں، اس کے علاوہ 2 انسپکٹرز سمیت 4دیگر ممبران کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

  • پولیس موبائل نے 8 سالہ لڑکے کو کچل دیا

    پولیس موبائل نے 8 سالہ لڑکے کو کچل دیا

    لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں پولیس کی گاڑی کی ٹکر سے 08 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں پولیس موبائل نے 8 سالہ لڑکے کو کچل دیا، حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی۔

    لڑکے کو ٹکر مارنے والی موبائل ایلیٹ فورس کی تھی جو سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز سیکیورٹی پر مامور تھی جبکہ جاں بحق لڑکے کی شناخت ریحان کے نام سے ہوئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ریحان گلی میں سائیکل چلا رہا تھاکہ تیز رفتار پولیس موبائل نے اسے کچل دیا، حادثہ کے بعد گلی میں موجود افراد بچے اور پولیس وین کے گرد جمع ہوئے اور ریحان کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    واقعے پر علاقہ مکین نے احتجاج کیا جس کے بعد پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ  گئے، لواحقین کے احتجاج کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

  • ججوں کو دھمکی آمیز خطوط  کس نے بھیجے ؟ بڑی  پیشرفت

    ججوں کو دھمکی آمیز خطوط کس نے بھیجے ؟ بڑی پیشرفت

    اسلام آباد: ججوں کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط کی تحقیقات میں چار کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سی ٹی ڈی کو مل گئی، ملزمان کی شناخت کیلئے ویڈیوز نادرا کوبھجوائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ججز کو دھمکی آمیزخطوط ملنے کے معاملے کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ 4 کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سی ٹی ڈی نے حاصل کرلی، سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوزکاجائزہ لیا جا رہا ہے۔

    ملزمان کی شناخت کیلئے ویڈیوزنادرا کوبھجوائی جائیں گی، سی ٹی ڈی نے تمام ریکارڈ نادرا کو بھجوادیا ہے۔

    یاد رہے ججوں کو موصول خطوں سے ملنے والا سفوف آرسینک زہر نکلا تھا ، فارنزک رپورٹ کے مطابق سفوف میں پندرہ فیصدآرسینک تھا،آرسینک زہرسانس میں جانےسے اعصاب شدیدمتاثرہوتےہیں۔

    خیال رہے لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس علی باقرنجفی کو بھی مشکوک خط موصول ملا،چیف جسٹس سمیت اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہورہائی کورٹ کے ججوں کوخط موصول ہوچکے ہیں۔

    بعد ازاں ڈی جی پاکستان پوسٹ نے ملک بھر کے پوسٹ ماسٹرز کو احتیاطی تدابیر کیلئےمراسلہ جاری کیا تھا ، جس میں اہم شخصیات کیلئے آنیوالے خطوں اورپارسلز پر نگرانی رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

  • سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کیسے قتل کیا گیا؟  سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی

    سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کیسے قتل کیا گیا؟ سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی

    کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی ’’سی سی ٹی وی فوٹیج‘ ریلیز کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی ’’سی سی ٹی وی فوٹیج‘‘منظرِ عام پر آگئی، ویڈیو میں 2 نوجوانوں کو ہردیپ سنگھ نجر پر گولیاں چلانے کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے جامع تحقیقات کے بعد قتل کی ’’سی سی ٹی وی فوٹیج‘‘ریلیز کی۔

    سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا ہے کہ اب کوئی شک وشبہ نہیں رہ گیا کہ ہردیپ سنگھ کےقتل کاحکم نریندر مودی نے دیا تھا ، قتل کیلئےبھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے سربراہ کو ہدایت دی تھی۔

    خالصتان تحریک کے اہم رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں 18 جون 2023 کو قتل کیا گیا تھا ، ہردیپ سنگھ نجر آزاد سکھ ریاست کےقیام کے پر زور حامی تھے۔

    مودی سرکار نے ہردیپ سنگھ نجرپردہشت گردی کےجھوٹےالزامات عائد کر رکھے تھے۔

    ہردیپ سنگھ نجرکےقتل کےبعدکینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی بیان جاری کیا تھا، کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قاتلوں کو پکڑنے کیلئے اقدامات کیےجائیں گے۔

    کینیڈین وزیراعظم نےہردیپ سنگھ کےقتل میں مودی سرکارکےملوث ہونےکاانکشاف کیاتھا ، جس کے بعد جسٹن ٹروڈوکےالزامات کی تصدیق فائیوآئیزانٹیلیجنس ایجنسی نے بھی کی تھی۔

    اب ’’سی سی ٹی وی فوٹیج‘‘میں بھی حقائق کھل کر سامنے آچکے ہیں کہ ہردیپ سنگھ نجرکےقتل میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی ملوث ہیں۔

    غیر ملکی سرزمین پر بھارتی دہشت گردی پہلے بھی کئی بار ثابت ہوچکی ہے جبکہ امریکہ میں گرپتونت سنگھ پنوں پرقاتلانہ حملے میں بھی مودی سرکار کا کردار ثابت ہوچکا ہے۔

    نکھل گپتانامی بھارتی ایجنٹ نے گرفتاری کے بعد خود اعتراف کیا تھا کہ اسے مودی سرکارکی جانب سےگرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کاحکم دیا گیا تھا۔

    مودی سرکاراپنی خفیہ ایجنسی’’را‘‘کیساتھ ملکردوسرےممالک میں خون کی ہولی کھیلتی رہی ہے۔

  • بی بی اے کے طالبعلم لاریب کو قتل کرنے والے ملزمان کون تھے؟ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    بی بی اے کے طالبعلم لاریب کو قتل کرنے والے ملزمان کون تھے؟ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : بی بی اے کے طالبعلم لاریب کو قتل کرنے والے ملزمان کی پہلی فوٹیج سامنے آگئی، سی سی ٹی وی فوٹیج کرائم سین کے قریب سے حاصل کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاون میں بی بی اے کے طالبعلم لاریب کو قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    لاریب کو قتل کرنے والے ملزمان کی پہلی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں 2ملزمان کو موٹر سائیکل پر دیکھا جاسکتا ہے پیچھے بیٹھے ملزم نے نیلی شرٹ اور جینز پہن رکھی تھی جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے ملزم نے بظاہرکالا جیکٹ پہن رکھا تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کرائم سین کے قریب سے حاصل کی گئی ہے، پولیس کی جانب سے مزید فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جیوفینسنگ سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے جبکہ کورنگی پولیس نے جلد اہم پیش رفت ہونے کا دعوی بھی کردیا۔

    اس سے قبل کورنگی پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لیا تھا ، جس کے قبضے سے مقتول لاریب کا موبائل فون بھی مل گیا۔

    زیر حراست شخص کے مطابق اسے موبائل فون پڑا ہوا ملا تھا جس سے پولیس حکام تفتیش کر رہے ہیں۔

    یاد رہے دو روز قبل اسٹریٹ کرمنلز نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرکرنے پر گولی مار کر قتل کردیا تھا۔

  • کراچی : ’سفید کرولا گینگ‘ کی دن دہاڑے واردات، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : ’سفید کرولا گینگ‘ کی دن دہاڑے واردات، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : شہر قائد میں درجنوں گھروں میں وارداتیں کرنے والے ڈاکوؤں کا گروہ ’وائٹ کرولا گینگ‘ ایک بار پھر سرگرم ہوکر خوف کی علامت بنتا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمرے کی ادائیگی کے بعد گھر پہنچنے والے خاندان کو کار سوار ملزمان نے گلی میں ہی لوٹ لیا اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے افضل خان کے مطابق گلشن اقبال میں بیرون ملک سے آنے والے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والا سفید کرولا کار گینگ دہشت کی علامت بن گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہو منے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلی میں کھڑی سرخ رنگ کی کار سے سامان کو نکال کر گھر میں لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران خاندان کے دیگر افراد جو سلور رنگ کی دوسری کار میں سوار تھے وہ بھی گھر پہنچتے ہیں۔

    اسی اثناء میں ان کے تعاقب میں آنے والی سفید رنگ کی کار بھی آکر رکتی ہے اور اس میں سے مسلح ڈاکو انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ سلور کار میں سوار افراد سے لوٹ مار کرتے ہیں بلکہ کار سے 2 بیگ بھی نکال کر اپنی سفید کار میں ڈال کر فرار ہو جاتے ہیں۔

    واردات کے دوران ڈاکوؤں کا ساتھی جو گاڑی چلا رہا تھا انتہائی مہارت کے ساتھ گاڑی کا رخ موڑ کر مخالف سمت کی جانب کرلیتا ہے جس کے بعد اس کے دیگر 3 ساتھی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوجاتے ہیں۔

  • کراچی: ڈاکوؤں نے آفس جانے والے شہری کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا، فوٹیج وائرل

    کراچی: ڈاکوؤں نے آفس جانے والے شہری کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا، فوٹیج وائرل

    کراچی : ڈاکوؤں نے آفس جانے والے شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا، ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 15 میں آفس جانے والے شہری کو ڈاکوؤں نے گھر کے باہر لوٹ لیا، موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان چند سیکنڈز میں واردات کر کے فرار ہوگئے۔

    اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے ار وائی نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں شہری کو گھر سے باہر موٹر سائیکل نکالتے دیکھا جاسکتا ہے، فوٹیج میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان کو آتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سے ملزم اترتا ہے موبائل  اور پرس لیتا ہے، پھر واپس شہری کے پاس آتا ہے اور موٹرسائیکل کی چابی نکال کر لے جاتا ہے، ملزمان نے شناخت چھپانے کیلئے ہیلمٹ، ماسک اور کیپ کا استعمال کیا۔

  • کراچی : اسپتال میں 2 بچوں کی لاشیں چھوڑ کر جانے والی خواتین کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : اسپتال میں 2 بچوں کی لاشیں چھوڑ کر جانے والی خواتین کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : اسپتال میں مبینہ طور پر 2 بچوں کی لاشیں چھوڑ کر جانے والی خواتین کی اسپتال سے فرار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو تلاش کررہے ہیں، جلد گرفتار کرلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے اسپتال میں کچرے دان سے2بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعے تحقیقات جاری ہے، ۔مبینہ طورپرلاشیں چھوڑ کر جانے والی خواتین کی اسپتال سے فرار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    فوٹیج میں مبینہ ملزمہ خاتون کو وہیل چیئر پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ دوسری خاتون وہیل چیئرچھوڑ کر کینٹین اور فارمیسی کی جانب گئی۔

    فوٹیج میں دیکھاجاسکتاہےساتھی خاتون نے ممکنہ طور پر کچھ سامان خریدا اور واپس آئی اور واپس آتے ہی وہیل چئیر لے کر رکنے والے رکشے کی جانب گئی، مبینہ ملزمہ خاتون وہیل چیئر سے کھڑی ہوئی اور خود رکشے میں بیٹھی۔

    دوسری جانب ساتھی خاتون بیٹھی اور دونوں اسپتال سے نکل گئے، فوٹیج میں2خواتین کو اسپتال کے باہر احاطے میں دیکھا جاسکتا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو تلاش کررہے ہیں، جلد گرفتار کرلیں گے۔

  • خواتین سے ڈھائی لاکھ نقدی اور زیورات کی ڈکیتی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دی

    خواتین سے ڈھائی لاکھ نقدی اور زیورات کی ڈکیتی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دی

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد میں خواتین سے ڈھائی لاکھ روپے نقدی اور زیورات کی ڈکیتی ہوئی ہے، متاثرہ شہری نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے واقعے کی اصل سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے واٹر پمپ چورنگی کے قریب گاڑی میں سوار خواتین سے ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    واردات کے دوران موٹر سائیکل سوار 2 لٹیرے گاڑی میں بیٹھی خواتین سے زیورات اور ڈھائی لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوئے، اس واقعے کا مقدمہ جوہر آباد تھانے میں گزشتہ روز اتوار کو درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے مطابق مدعی عادل نے بتایا کہ رات نو بجے کو وہ گاڑی میں والدہ، اہلیہ، بہن اور 3 بچوں کے ساتھ موجود تھے، جب وہ بیکری میں گئے تو ایک لٹیرے نے گن پوائنٹ پر طلائی انگوٹھیاں، ایک ڈائمنڈ انگوٹھی، موبائل فون اور ڈھائی لاکھ روپے نقد چھینے، جب کہ اس کے دو ساتھی موٹر سائیکل پر کھڑے رہے۔

    مدعی نے الزام لگایا کہ بیکری کے باہر لگے کیمروں کی فوٹیج انھوں نے حاصل کر لی ہے، لیکن اصل فوٹیج پولیس نے غائب کر دی ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ مزید فوٹیجز سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے کیمروں سے صبح حاصل ہوں گی۔

    مدعی نے بتایا کہ پولیس اہل کاروں نے ان سے کہا کہ فوٹیج ملنے کے بعد ملزمان کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔