میانوالی(8 اگست 2025): سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ 6 فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی میں کندیاں کے علاقے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 خطرناک دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے رائفلز، 2 دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، فرار ہونیوالے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے کندیاں کے قریب ناکہ بندی کرلی، دہشت گرد پولیس ودیگر اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔