Tag: سی ٹی ڈی

  • پشاور میں سی ٹی ڈی کا آپریشن ،  کالعدم تنظیم  کے 2 دہشت گرد  ہلاک ، 3 فرار

    پشاور میں سی ٹی ڈی کا آپریشن ، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک ، 3 فرار

    پشاور : کاؤنٹر ٹررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک اور تین دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے علاقے تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود بھیگوانی میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک اور تین دہشت گرد فرار ہو گئے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے دو کلاشنکوف، دو ہینڈگرنیڈ، چھ میگزین برآمد ہوئے۔

    ترجمان نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اخترمنیراورعبدالعزیزکےناموں سے ہوئی، دہشت گرد متعدد سنگین اور دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

  • سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی ، پنجاب سے 12 دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی ، پنجاب سے 12 دہشت گرد گرفتار

    لاہور : سی ٹی ڈی پنجاب نے خفیہ آپریشن کے دوران لاہور سمیت تین شہروں سے بارہ دہشت گرد گرفتار کرلئے، جن کا تعلق القاعدہ اور کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی پنجاب نے بڑی کارروائی کی، سی ٹی ڈی نے خفیہ آپریشن کے دوران لاہور سمیت تین شہروں سے بارہ دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

    سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کی نشاندہی اکسٹھ مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران کی گئی، جس کے بعد لاہور سے تین دہشت گردوں کو حساس علاقے کے قریب سے گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق القاعدہ اور کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد اور خودکش جیکٹ بنانےکاسامان برآمد کیا گیا ہے، دہشت گردوں کے نیٹ ورک حساس اضلاع میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش جاری ہے۔

    حکام نے بتایا کہ رواں ہفتے سات سو سے زائد کومبنگ اور سرچ آپریشن کیے جن میں ایک سو انسٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے ریاست دشمن عناصرکو کیفر کردارتک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

  • خالد رضا کا قتل: ہائی پروفائل کیس سی ٹی ڈی کو بھجوانے کا فیصلہ

    خالد رضا کا قتل: ہائی پروفائل کیس سی ٹی ڈی کو بھجوانے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ماہر تعلیم خالد رضا کو قتل کیے جانے کا کیس محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 7 میں ماہر تعلیم خالد رضا کے قتل کے 2 روز بعد پولیس حکام نے کیس کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم کی جانب سے قبول کی گئی تھی، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا اشارہ بھی ملا تھا۔

    پولیس کے مطابق قتل کیس میں دہشت گردی کا معاملہ سامنے آنے پر کیس سی ٹی ڈی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، سی ٹی ڈی کی جانب سے اب جلد کیس پر کام شروع کردیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ 26 فروری کی رات خالد رضا کو ان کے گھر کی دہلیز پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، تفتیشی حکام کے مطابق اسلام آباد میں امتیاز عالم کا قتل، محمود آباد میں ظہور نامی شہری کا قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہوسکتی ہے۔

    تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ قتل کی تینوں وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس آفس پر ہونے والے حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی پولیس آفس میں حملے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں جمع کروا دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے 2 سہولت کار موجود ہیں جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس آفس میں 17 فروری کو دہشت گردوں نے حملہ کیا، شام 7 بج کر 15 منٹ پر وائر لیس کے ذریعے حملے کی اطلاع ملی، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں آپریشن ترتیب دیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، 2 دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے، مقدمہ 18 فروری کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر درج کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق حملے میں رینجرز اور پولیس کے 5 افراد شہید اور 18 زخمی ہوئے۔

    ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، 3 دہشت گرد گاڑی میں سوار ہو کر پولیس صدر لائن پہنچے تھے، صدر پولیس لائن کے قریب کھڑی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔

    کار سوار دہشت گردوں کے ساتھ مزید 2 دہشت گرد موٹر سائیکل پر بھی آئے تھے، موٹر سائیکل پر 2 دہشت گرد ان تینوں سے گلے مل کر فرار ہوگئے تھے، موٹر سائیکل پر آئے دہشت گردوں نے آفس کی نشاندہی کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں سے 5 دستی بم اور 2 خودکش جیکٹس ملی جنہیں ناکارہ بنایا گیا۔

    حملے کا مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، مقدمے میں دھماکہ خیز مواد 3 اور 4 کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، پولیس آفس میں موجود تمام افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

  • سی ٹی ڈی نے  سیاسی جماعت کا روپوش  ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا

    سی ٹی ڈی نے سیاسی جماعت کا روپوش ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا

    کراچی : سی ٹی ڈی نے سیاسی جماعت کاروپوش ٹارگٹ کلرمحمدبیگ عرف شیراز کو گرفتار کرلیا ، ملزم پولیس اورمذہبی شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کاروپوش ٹارگٹ کلرمحمدبیگ عرف شیراز کو گرفتار کرکے اسلحہ اوردستی بم برآمد کرلیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ پولیس اورمذہبی شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، ملزم کوسیاسی جماعت نے انعام کے طور پر کے ڈی اےمیں ملازمت بھی دے رکھی تھی۔

    دوران تفتیش ملزم نے دیگرساتھیوں کےہمراہ کراچی کےمختلف مقامات پروارداتوں کا انکشاف کیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزم نے نئی ٹیم تشکیل دی تھی ،شہرمیں قتل و غارت کی منصوبہ بندی کررکھی تھی تاہم ملزم کے دیگر روپوش ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزم نے12مئی 2017کوناتھاخان پل پرفائرنگ کرکےخوف و ہراس پھیلایا، 12مئی 2007 کو چیف جسٹس کو ایئرپورٹ تک محدودرکھا۔

    اس کے علاوہ ملزم نے جماعت اسلامی کے کارکن جمال طاہر کو لانڈھی میں قتل کیا، شیر آباد36سی میں فرحان زبیر نامی شخص کو قتل کیا جبکہ ساتھیوں کیساتھ ملکرایم کیوایم حقیقی کے کارکن کو بھی قتل کیا۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم نےمولاناسلیم نقشبندی کو ان کے گھرکےقریب فائرنگ کرکے قتل کیا جبکہ دارالعلوم کورنگی کے قریب نالے میں لاش پھینکنے اور لانڈھی نمبر 6کے قریب لسانی بنیاد پر 4افراد کے قتل میں ملوث ہے۔

    گرفتار ملزم ایم کیوایم حقیقی کےکارکن کوقتل کرنے کے بعدآگ لگانے اور لانڈھی میں سیاسی رہنماکی گاڑی پرفائرنگ میں بھی ملوث ہے، واقعےمیں 2پولیس اہلکار شہید اور3زخمی ہوئے تھے۔

  • لاہور سے کالعدم تنظیم کے 9 دہشت گرد گرفتار

    لاہور سے کالعدم تنظیم کے 9 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد گرفتار کیے ہیں۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ، دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرینیڈ، ڈیٹونیٹر، اسلحہ، ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور حساس مواد برآمد ہوا۔

    حکام کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت 26 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران ہوئی، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 10 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی کا مزید کہنا ہے کہ رواں ہفتے 564 کومبنگ آپریشنز میں 93 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

  • دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی

    دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی

    لاہور : سی ٹی ڈی نے پنجاب میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سی ٹی ڈی نے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔

    سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے ملتان، لاہور اور گوجرانوالہ سے کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

    سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیزمواد، اسلحہ، دستی بم بھی برآمد کرلیا گیا اور دہشت گردوں کےخلاف 4مقدمات درج کرلیے گئے۔

    حکام نے کہا کہ رواں ہفتے آئی جی پنجاب کی ہدایت پر 452 کومبنگ آپریشن کیے، آپریشنز کے دوران 208 مشتبہ افراد گرفتار کئے اور 138 مقدمات درج کیے گئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیوں کے دوران 22 ہزار 8 سو افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

  • پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر کومبنگ آپریشنز

    پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر کومبنگ آپریشنز

    لاہور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کی ہدایات پر صوبے کے مختلف اضلاع میں 70 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، اس دوران سینکڑوں مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کی ہدایات پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 70 کومبنگ آپریشنز کیے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران 14 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، آپریشنز کے دوران 12 سو 90 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی جبکہ 3 ہزار 432 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

    حکام کے مطابق گرفتار افراد میں سے 9 کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے، ملزمان سے اسلحہ، گولیاں اور لاؤڈ اسپیکر برآمد کیے گئے۔

  • پنجاب میں سینکڑوں دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں سینکڑوں دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے سینکڑوں دہشت گرد گرفتار کیے جبکہ شر انگیزی میں ملوث کئی سوشل میڈیا صفحات اور سائٹس بلاک کیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے سنہ 2022 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف اضلاع سے 244 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر انویسٹی گیشن ونگ نے مزید 246 دہشت گرد گرفتار کیے۔

    حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر شر انگیزی میں ملوث 114 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سی ٹی ڈی کی نشاندہی پر 74 ہزار سے زائد پیجز اور سائٹس بلاک کیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی آپریشن ونگ نے 12 سو 25 خفیہ آپریشن کیے جبکہ 64 کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔

  • پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی، 5 دہشت گرد گرفتار

    پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی، 5 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے آپریشنز کر کے 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ بنانے کا سامان، بارودی مواد، اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر بھی شامل ہے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حساس اضلاع میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔

    ترجمان کے مطابق رواں ہفتے 504 کومبنگ آپریشنز میں 21 ہزار سے زائد افراد کو چیک کیا، 153 مشتبہ افراد کی گرفتاری رواں ہفتے عمل میں لائی گئی۔

    علاوہ ازیں کارروائیوں کے دوران 67 افراد کو بھی بازیاب کیا گیا۔