کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، ملزم پولیس اہلکاروں سمیت دیگر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی انویسٹی گیشن نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے انتہائی مطلوب دہشت گرد خواجہ فیصل کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ خواجہ فیصل ٹارگٹ کلنگ کی متعدد واردارتوں میں ملوث ہے، ملزم نے سنہ 2005 میں گلبرگ کے علاقے میں پولیس پر حملہ کیا۔ حملے میں اے ایس آئی اقبال نیازی اور ایک شہری جاں بحق ہوئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کی کلنگ ٹیم میں ذاکر، عرفان سندھی، ابو عرفان، یامین اور آصف بڈھا نامی ملزمان شامل تھے۔ ٹیم نے سنہ 2010 میں رسالہ تھانے کی حدود میں 2 مخالفین کو قتل کیا۔
سنہ 2008 میں ڈی ایس پی رحیم بنگش شہید کیس میں ملزم کا چالان ہوا، بعد ازاں ایس پی جیل امان اللہ شہادت کیس میں بھی ملزم کا چالان ہوا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم ایس ایچ او بریگیڈ ناصر الحسن شہادت کیس میں بھی ملوث تھا، ڈی ایس پی نواز رانجھا کیس میں بھی ملزم پولیس کو ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جس کا فارنزک کروایا جا رہا ہے، سی ٹی ڈی کی مزید بھی تفتیش جاری ہے۔
کراچی: ایم کیو ایم لندن کے کارندے واحد حسین نے جے آئی ٹی کے سامنے مزید سنسنی خیز انکشافات کر دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے کہا ہے کہ گرفتار ایم کیو ایم لندن کے کارندے واحد حسین عرف سوداگر سے تحقیقات میں عارف آجاکیا اور سلیم بیلجیئم کے سلسلے میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے اس کے ساتھ پہلا سیشن مکمل کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم واحد حسین نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو بتایا کہ عارف ایم کیو ایم لندن کا بیلجیئم میں اہم کارندہ ہے، عارف لوگوں کو ایم کیو ایم کا کارکن ظاہر کر کے جعلی دستاویزات تیار کرواتا تھا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ عارف رقم دے کر یورپی پارلیمنٹ کے باہر پاکستان مخالف احتجاج کراتا تھا۔
واحد حسین نے جے آئی ٹی کے سامنے انکشاف کیا کہ سلیم بیلجیئم کا رُکن ہے، وہ پہلے نارتھ ناظم آباد میں ٹارگٹ کلنگ ٹیم چلاتا تھا، حوالہ ہنڈی سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے لیے رقم بھی بھیجا کرتا تھا۔
عارف آجاکیا کی تصویر اور سلیم بیلجیئم کا شناختی کارڈ
سی ٹی ڈی کے مطابق سلیم بیلجیئم کے بھارتی کاروباری شخصیات سے تعلقات ہیں، جن میں دہلی کی کاروباری شخصیت سنجے بھی شامل ہے۔ واحد حسین نے انکشاف کیا کہ سلیم بیلجیئم نے عارف کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر ملک مخالف مظاہرہ کروایا۔
ملزم نے بتایا کہ ایم کیو ایم گلستان جوہر آفس میں بم دھماکا سلیم بیلجیئم گروپ سے ہی کروایا گیا تھا، جس کے لیے بھاری رقم دی گئی تھی، تاہم ایم کیو ایم لندن قیادت اس حملے سے ناخوش تھی، گلستان جوہر دھماکے میں کوئی مشہور شخصیت نہیں ماری گئی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق سلیم بیلجیئم کی ٹیم کے ذریعے گلبہار میں پی ایس پی کے دفتر پر بھی حملہ کروایا گیا تھا، نیو کراچی متحدہ دفتر پر بھی ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ سلیم بیلجیئم گروپ ہی نے کروایا تھا۔
مزید انکشافات
ملزم واحد حسین ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد سلیم بیلجیئم کا قریبی ساتھی ہے، وہ سلیم بیلجیئم کے احکامات پر دہشت گردی کرتا تھا، وہ آپریشنل چیف کے طور پر کام کرتا رہا، اور سلیم بیلجیئم یورپ سے پاکستان مخالف سرگرمیاں انجام دیتا رہا، سلیم نے بانی ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر جائیدادیں بھی بنا رکھی ہیں۔
واحد حسین نے اعتراف کیا کہ ایم کیو ایم لندن کے دہشت گردوں کو ہتھیار اورگولہ بارود فراہم کیا، دہشت گردی کی کارروائیوں کے شواہد مٹانے کی ذمہ داریاں نبھائیں، کارروائیوں کے لیے ہتھیار پہنچانے اور چھپانے کا کام کرتا رہا، جب کہ سلیم بیلجیئم یورپ سے ٹارگٹ کلرز کی ٹیموں کو لیڈ کرتا رہا، سلیم دہشت گردوں سے سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے رابطہ کرتا ہے۔
واحد حسین نے بتایا کہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنے پر انعامات سے نوازا جاتا ہے، سلیم نے 2018 میں ایم کیو ایم پاکستان کے میلاد کانفرنس پر بم حملہ کرایا، میلاد میں خواجہ اظہار، عامر خان، فیصل سبزواری کو نشانہ بنایا گیا، سلیم بیلجیئم کے حکم پر 23 دسمبر 2018 کو پی ایس پی پر حملہ کیا، جس میں کارکن نعیم ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔
ملزم نے مزید بتایا کہ سلیم بیلجیئم یورپ میں غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے، اس نے کاپی رائٹس اور منی لانڈرنگ کی، ہوائی جہازوں کے جعلی ٹکٹ بھی فروخت کرتا رہا، حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم کی ترسیل بھی کرتا رہا۔
کراچی : کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے 4 سال بعد دہشت گردوں سے متعلق معلومات پر مبنی ریڈ بک تیار کرلی ، ریڈ بک میں انتہائی مطلوب اور ہیڈ منی والے دہشت گردوں کے نام شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں کے معاملے پر کاونٹرٹیرارزم ڈپارٹمنٹ نے 4 سال بعد ریڈ بک تیار کرلی، ریڈ بک کا نواں ایڈیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
حکام نے کہا ہے کہ کتاب میں دہشت گردوں سے متعلق معلومات کویکجا کیا گیا ہے، سی ٹی ڈی حکام نےاس بارریڈبک میں مزید اضافہ کیا ہے، قوم پرست جماعت کےدہشت گردوں ، بی ایل اے، بے آر اے، ایس آر اے سمیت دیگر تنظیموں کے نام بھی ریڈ بک میں شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ریڈ بک میں انتہائی مطلوب اور ہیڈ منی والے دہشت گردوں کے نام شامل ہیں ، ریڈ بک تمام متعلقہ اداروں سے شیئر کی جائے گی، اس سے قبل 2017 میں ریڈ بک جاری کی گئی تھی۔
سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی تفصیلات پر مبنی ریڈ بک کا آٹھواں ایڈیشن جاری کیا تھا ، ریڈ بک کا آٹھواں ایڈیشن دو حصوں پر مشتمل تھا ، جس کے پہلےحصے میں داعش سے وابستہ دہشت گردوں کی تفصیلات مو جود تھیں جب کہ القاعدہ کے 9، کالعدم تحریک طالبان کے 16، کالعدم جند اللہ کے 8 کالعدم لشکر جھنگوی کے 11 جب کہ ددیگرکالعدم تنظیموں کے 16 دہشت گردوں کے کوائف موجود تھے۔
کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک کارروائی میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ایم کیو ایم لندن کا دہشت گردگرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے گلستان جوہر کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ لندن کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، ایس ایس پی عارف عزیز نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گرد واحد حسین عرف گڈو عرف سوداگر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد واحد حسین کے قبضے سے دستی بم برآمد کیے گئے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے دہشت گرد واحد حسین سے متعلق جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لیے آئی جی سندھ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔
ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق گرفتار دہشت گرد ایم کیو ایم لندن کے سلیم عرف سلیم بلوچ عرف سلیم بیلجئیم کا ساتھی ہے، اور سلیم بیلجیئم کے کہنے پر پارٹی کے دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرتا تھا۔
گرفتار ملزم واحد، سلیم بیلجئیم کے ساتھ دہشت گردی کی تخریب کاریوں میں بھی ملوث رہا، حوالہ ہنڈی سے رقوم کی ترسیل کا دھندہ بھی کرتا رہا۔
ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پارٹی کے لیے جلاؤ گھیراؤ، بد نظمی اور دیگر کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم کے تربیت یافتہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، ملزم نے پڑوسی ملک سے دہشت گردی کی تربیت لی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے حساس ادارے کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تربیت یافتہ دہشت گرد عباس جعفری کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم انتہائی مطلوب دہشت گرد یاور عباس کا ساتھی ہے، یاور عباس کا نام ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق گرفتار شدہ عباس جعفری نے سنہ 2014 میں پڑوسی ملک سے دہشت گردی کی تربیت لی، ملزم نے دوران ٹریننگ میڈیکل ایڈ انٹیلی جنس سروس بھی سیکھی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو خود کار ہتھیاروں میں مہارت حاصل ہے، گرفتار ملزم ذہن سازی کر کے کچھ افراد کو پڑوسی ملک تربیت کے لیے بھی لے جا چکا ہے، ملزم سے برآمد اسلحے کا معائنہ کروایا جارہا ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نے کراچی میں ہونے والی اہم واراتوں کی ریکی کی، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 14 جنوری کو کیماڑی پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار دہشت گرد کی شناخت منصور علی عرف انیل کے نام سے ہوئی تھی۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا جانوری کے مطابق ملزم سے ایک کلو دھماکہ خیز مواد، 2 ریسیور، بونا وائر،بارودی سرنگ اور ایک پستول برآمد ہوا تھا۔
ملزم منصور عرف انیل ایس آر اے کا سرگرم کارکن تھا اور اس نے باقاعدہ را سے بھارت میں تربیت حاصل کی تھی۔
کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی معروف انجینیئرنگ یونیورسٹی کے طالبعلم کو دہشت گردوں کی فنڈنگ کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم شام اور پاکستان میں داعش کے دہشت گردوں سے رابطے میں تھا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیم کی فنڈنگ میں ملوث مرکزی ملزم عمر بن خالد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کراچی کی معروف انجینیئرنگ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کو عمر بن خالد کے موبائل فونز سے اہم شواہد ملے تھے، ملزمان شام اور پاکستان میں داعش کے دہشت گردوں اور ان کے اہلخانہ سے رابطے میں تھا جبکہ مختلف ذرائع سے داعش کی فنڈنگ کرتا تھا۔
سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز فرانزک رپورٹ کے بعد مقدمہ درج کیا جس کے بعد آج ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کے ساتھیوں جنید، ضیا اور اویس کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمر بن خالد کو اس سے قبل گزشتہ برس طارق روڈ سے حراست میں لیا گیا تھا تاہم ملزم کے خلاف ثبوت نہ ہونے پر ذاتی مچلکے پر اسے رہا کر دیا گیا تھا۔
سی ٹی ڈی نے ملزم سے 2 موبائل فونز قبضے میں لے کر فارنزک کے لیے بھیجے تھے جہاں سے رپورٹ موصول ہوجانے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
لاہور: کاؤئنٹر ٹیرارزم ڈیپارنمنٹ نے ملک میں دہشت گردی پھیلانے والے افغان انٹیلی جنس ایجنسی اور را کے مبینہ نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور سول سیکرٹریٹ کو نشانہ بنانےکا منصوبہ خاک میں ملاتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دہشت گردوں کو شاہدرہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
سی ٹی ڈی کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشت گرد دو ماہ قبل افغاستان سے آئے تھے، افغان انٹیلی جنس ایجنسی کےانڈر کور نے انہیں جلال آباد میں ٹاسک دیا تھا، اس موقع پر بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کا نمائندہ ملاقات میں موجود تھا، ان دہشت گردوں کو فنڈز بھی را کےافسر نےفراہم کیےتھے، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے دستی بم ، اسلحہ، افغان کرنسی، موبائل فونز اور حساس مقامات کی ویڈیوز برآمد کی گئیں ہیں، دہشت گردوں نے سول سیکرٹریٹ کو نشانہ بنانےکا منصوبہ بنا رکھا تھا، گرفتار دہشت گردوں کی شناخت ثمرقند، عبدالرحمان ، وزیرگل، عصمت اللہ اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے گذشتہ ماہ جنوبی پنجاب کے علاقے راجن پور میں کارروائی کرتے ہوئے 5 خطرناک دہشتگردوں کو گرفتار کرکے کالعدم تنظیم کا نیٹ ورک تباہ کردیا تھا۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے راجن پور میں کارروائی کر کے 5خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، گرفتار دہشت گردوں میں اعجاز، صغیر ،جابر، انور اورکامران شامل ہیں، دہشت گردوں سےخودکش جیکٹ، ہینڈگرنیڈ،بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمدکیاگیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گردوں نےچندماہ قبل بلوچستان سےنیٹ ورک راجن پور منتقل کیا تھا اور اب کارروائی کے بعد اس نیٹ ورک کو تباہ کردیا گیا ہے۔
سکھر: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا کہنا ہے کہ ایک مقابلے میں پولیس نے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، دہشت گرد خود کش جیکٹ بنانے کے ماہر تھے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر سکھر میں جعفرآباد روڈ پر ایک اہم کارروائی کی جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تھی جس پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، تاہم جوابی فائرنگ میں دونوں دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق زخمی دہشت گردوں نے اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑا، انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد خود کش جیکٹ بنانے کے ماہر تھے، جن سے خود کش جیکٹ بنانے کا سامان، 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوا۔
انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، 10-2008 کے دوران ان دہشت گردوں نے متعدد حملے کیے تھے۔
ادھر گزشتہ رات سندھ پولیس نے کراچی کے دو علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ڈکیتوں کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا ہے، گلشن اقبال بلاک 7 سے متصل یونی ورسٹی روڈ پر پولیس نے ناکہ لگایا جس کے دوران موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔
موٹر سائیکل پر سوار افراد نے اسنیپ چیکنگ دیکھ کر اہل کاروں پر فائرنگ کی، جس پر پولیس کے جوانوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار زخمی ہوئے۔
کراچی: شہر قائد کے علاقے پہلوان گوٹھ میں پولیس مقابلے میں ٹارگٹ کلر نعمان عرف نومی مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں پولیس مقابلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ٹارگٹ کلر نعمان عرف نومی ہلاک ہو گیا۔
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ نعمان عرف نومی جرائم پیشہ اور ٹارگٹ کلر تھا،ہلاک ملزم اے ایس آئی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔
راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ تھانہ صدر کی حدود میں اے ایس آئی غلام محمدکو قتل کیاگیا تھا،ٹارگٹ کلنگ کے بعد ملزم اے ایس آئی کا اسلحہ لے کر فرار ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کیس کی انٹیلی جنس بنیاد پر تفتیش کی گئی،مسلسل نگرانی کے بعد ملزم تک رسائی حاصل ہوئی، مقابلے میں ہلاک ملزم سے آلہ قتل اور چھیناگیا اسلحہ برآمد کیا گیا۔
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
ساہیوال: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں عباد اللہ اور رضا اللہ شامل ہیں،دونوں دہشت گردوں سےدستی بم،پستول، گولیاں ،نقدی برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔دہشت گردوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گرد کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹ، دستی بم اور بارودی سامان برآمد کیا تھا۔دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اسٹیشن کے قریب بارودی مواد سمیت خودکش حملہ آور کے انتظار میں تھا، دہشت گردوں نے حساس دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔