Tag: سی ٹی ڈی

  • ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس مقابلے میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس مقابلے میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد ہلاک

    ڈی آئی خان: خیبرپختونخوا میں پولیس مقابلے کے دوران تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی نے بگوانی گاؤں میں مکان پر چھاپہ مارا اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے 2دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں مقابلہ تاحال جاری ہے، بکتربند گاڑی اور مزید نفری روانہ کردی گئی، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت وقار اور نوید کے نام سے ہوئی۔

    ٹی ٹی پی خودکش اسکواڈ کا سربراہ افغانستان میں مارا گیا

    دہشت گردوں سے وائر لیس سیٹ، کلاشنکوف، دستی بم اور بارودی مواد برآمد ہوئی، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کھیارہ گروپ سے تھا، مارے گئے دہشت گرد پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث تھے۔

    آر پی او کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اغوا برائے تاوان اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملے میں بھی مطلوب تھے۔

  • سی ٹی ڈی کی فیصل آباد میں کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی فیصل آباد میں کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: پنجاب میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے فیصل میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے سیفٹی فیوزز، 3ڈیٹو نیٹرز ، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مبینہ دہشت گردوں عبداالسلام،مائودود چشتی، علی خان کا تعلق کلعدم تنظیم سے ہے، دہشت گردوں نے حساس اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

    سی ٹی ڈی کی کارروائی، بہاولنگر ہارون آباد سے 3 دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب کے شہر بہاولنگر ہارون آباد بائی پاس سے سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مبینہ دہشت گردوں نے بہاولنگر میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا، ملزمان سے 2 تھیلوں میں 869 اور 613 گرام دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔

  • دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 2 دہشت گرد ہلاک

    دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 2 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا، انسداد دہشت گردی فورسز(سی ٹی ڈی) سے مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نواں کلی بائی پاس پر سی ٹی ڈی اور مبینہ دہشتگردوں میں مقابلہ ہوا، دہشتگردوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کی گاڑی کو نقصان بھی پہنچا البتہ جوابی کارروائی میں دہشت گرد مارے گئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہناہے کہ دہشت گرد شہر میں دہشتگردی کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے، نواں کلی بائی پاس آپریشن مکمل کرلیا گیا، دہشت گردوں سے برآمد موٹر سائیکل میں نصب بم بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

    کراچی، مومن آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

    6 سے 7کلو ریموٹ کنٹرول بم موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکا خیز مواد میں بال بیرنگز اور نٹ بولٹ بھی شامل ہے، دہشت گردوں کی شناخت  حکمت اور کفایت کے نام سے ہوگئی، مبینہ دہشت گرد شہر میں ہونے والے 3دھماکوں میں ملوث تھے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے گزشتہ برس ڈبل روڈ پر آر آر جی کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے مومن آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے، ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرید کالونی میں عبداللہ الیکٹرانکس پر ڈاکو واردات کے لیے آئے تھے، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے عبداللہ الیکٹرانکس کے مالک کو زخمی کیا۔

  • نوکری سے برخاست ہونے والے انسپکٹر کی سپریم کورٹ سے اپیل

    نوکری سے برخاست ہونے والے انسپکٹر کی سپریم کورٹ سے اپیل

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ پولیس کو نوکری سے برخاست کیے جانے والے سی ٹی ڈی انسپکٹر کے حوالے سے دوبارہ تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نوکری سے برخاست کرنے کے خلاف سی ٹی ڈی انسپکٹر کی اپیل پر سماعت کی۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر طارق اسلم کے شہری کو تاوان کی غرض سے اٹھانے کے شواہد ہیں، جس علاقے میں واقعہ ہوا سی ٹی ڈی انسپکٹر وہاں کا انچارج تھا۔

    پراسیکیوٹر نے کہا کہ جو اہلکار شہری کو اٹھا کر لائے انسپکٹر کا ان سے رابطہ ثابت ہوتا ہے، شواہد کی بنا پر انسپکٹر طارق اسلم کو نوکری سے برخاست کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی انسپکٹر نے کہا کہ تحقیقات میں مجھے سنا گیا نہ ہی صفائی کا موقع دیا گیا۔ طارق اسلم نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ تحقیقات کالعدم کر کے نوکری پر بحال کیا جائے۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ پولیس کو معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال یکم اگست کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردی اور دھماکا خیزمواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں ملزم کو 14،14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

  • سی ٹی ڈی کا ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ

    سی ٹی ڈی کا ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبے بھر کے ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف ایئرپورٹس پر دہشت گردوں کی نگرانی کے لیے دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، نواب شاہ، حیدر آباد اور سکھر ایئرپورٹس پر دفاتروں کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے جگہ مانگ لی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے سندھ پولیس نے سول ایوی ایشن حکام کو خط لکھ دیا ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بھی پولیس چیف کو نوٹی فیکیشن جاری کرنے کے لیے خط لکھ دیا۔ خط میں سی ٹی ڈی کے نئے یونٹ کو سی ٹی ڈی واچ برانچ کا نام دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی انسداد دہشت گردی کے معاملات دیکھ رہی ہے، واچ برانچ سندھ بھر کے ایئرپورٹس کے حدود میں دہشت گرد ونگز اور جرائم پیشہ عناصر کے معاملات کی نگرانی کرے گی۔

  • القاعدہ کے 5 دہشت گرد گرفتار، پرنٹنگ مشین برآمد

    القاعدہ کے 5 دہشت گرد گرفتار، پرنٹنگ مشین برآمد

    لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گرد گرفتار کر لیے، جن سے ایک پرنٹنگ مشین بھی برآمد کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے گوجرانوالہ میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹ، اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے دہشت گردوں سے لیپ ٹاپ، پرنٹنگ مشین سمیت دیگر مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق حساس ادارے کئی ماہ سے ان دہشت گردوں سے متعلق معلومات جمع کر رہے تھے، یہ دہشت گرد القاعدہ کا میڈیا سیل چلا رہے تھے، اور افغانستان میں القاعدہ کی مرکزی قیادت کو فنڈز بھجوایا کرتے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے کراچی سے گوجرانوالہ میں اپنا نیٹ ورک منتقل کیا تھا، جہاں وہ دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ گرفتار دہشت گردوں میں عاصم اکبر، عبداللہ عمیر، احمد عرف قاسم، محمد یوسف اور محمد یعقوب شامل ہیں۔

  • کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار

    کراچی سے کالعدم تنظیم کا کمانڈر گرفتار

    کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی انویسٹی گیشن کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان بونیر گروپ کا کمانڈر گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے کمانڈر رحمت شاہ کو کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

    انچارج کا کہنا ہے کہ رحمت شاہ کے سر پر 20 لاکھ کا انعام تھا، پختونخواہ حکومت نے اشتہاری ملزم کی گرفتاری پر انعام رکھا تھا۔ ملزم نے دوران تفتیش بونیر میں دہشت گردی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    چوہدری صفدر کے مطابق سنہ 2009 میں مذکورہ دہشت گرد نے بونیر میں پولیس چوکی پر حملہ کیا تھا اور اسلحہ لے کر فرار ہوا تھا۔ ملزم نے اسی سال ایف سی کیمپ پر حملہ کر کے قبضہ کیا تھا۔ چوکی پر ایک ماہ تک قبضہ کر کے اسلحہ استعمال کرتے رہے۔

    انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے آپریشن پر دہشت گرد کیمپ کا قبضہ چھوڑ کر فرار ہوئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم کی حوالگی کے لیے پختونخواہ پولیس سے رابطہ کر لیا گیا۔

  • سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ٹارگٹ کلرز کے سنسنی خیز انکشافات

    سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ٹارگٹ کلرز کے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی: شہر قائد میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے 2 ٹارگٹ کلرز کے ایم سی اور واٹربورڈ کے سالوں پرانے ملازم نکلے، ملزمان نے وارداتوں کے لیے دکان حاصل کر رکھی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے 2 ٹارگٹ کلرز نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، دونوں ٹارگٹ کلرز کے ایم سی اور واٹربورڈ کے سالوں پرانے ملازم نکلے۔

    ملزم اسداللہ انقلابی کا کہنا ہے کہ وارداتوں کے لیے دکان حاصل کر رکھی تھی، بکرا پیڑی، پرندہ مارکیٹ کا ہفتہ شریف آباد تھانے وسیکٹر پر دیتا تھا، عباسی شہید اسپتال میں میں نوکری دی گئی، 3 افراد کو ہوٹل سے اغوا کر کے لیاقت آباد کی دکان میں رکھا۔

    دوسری جانب گرفتار ٹارگٹ کلر عدنان جانو نے بتایا کہ قتل کے لیے اغوا کیے گئے افراد کی رکھوالی میری زمہ داری تھی، مجھے پارٹی کی طرف سے واٹربورڈ میں ملازمت دی گئی۔

    کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلر گرفتار

    واضح رہے کہ کراچی میں سی ٹی ڈی نے 6 افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان ایم کیو ایم لندن کے حماد صدیقی کے قریبی ساتھی ہیں، گرفتار افراد نے 6 افراد کو اغوا کرکے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

  • سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    چنیوٹ: پنجاب میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم سے بارودی مواد برآمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورسز کی جانب سے یہ اہم کارروائی شہر چنیوٹ کے علاقے جھنگ روڈبائی پاس کے قریب عمل میں آئی، سی ٹی ڈی نے خالد ضیا نامی کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے دہشت گرد سے 2دستی بم، بارودی سامان اور ممنوعہ لٹریچر برآمد ہوئے، ساہیوال کا رہائشی خالدضیا لشکرجھنگوی سے تعلق رکھتا ہے، خالدضیا بڑی کارروائی کے لیے یہاں آیا تھا۔

    دہشت گرد کے خلاف دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مچھر کالونی سے گرفتار ہونے والے ملزم طفیل نے گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑنے کا اعتراف کیا تھا، ملزم طفیل کے مطابق اس نے مارچ 2019 میں ساتھیوں کے ہمراہ گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑا، اور کمپلیکس سے 3 ایس ایم جی رائفل لے کر فرار ہوئے۔

    گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑنے والا ملزم سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار

    جبکہ دو روز قبل سی ٹی ڈی اہل کاروں نے ڈیرہ غازی خان میں چھاپا مار کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار کر لیے تھے، چھاپا دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع موصول ہونے پر مارا گیا تھا، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ ہند سے ہے۔

  • گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑنے والا ملزم سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار

    گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑنے والا ملزم سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار

    کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہاتھوں مچھر کالونی سے گرفتار ہونے والے ملزم طفیل نے گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑنے کا اعتراف کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ملزم طفیل نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے مارچ 2019 میں ساتھیوں کے ہمراہ گوادر جوڈیشل کمپلیکس توڑا، اور کمپلیکس سے 3 ایس ایم جی رائفل لے کر فرار ہوئے۔

    ملزم طفیل نے تفتیش کے دوران بتایا کہ انھوں نے جوڈیشل کمپلیکس سے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ بھی کی جس سے ایک سپاہی زخمی ہوا، فرار ہونے کے بعد سمندر کے راستے اسپیڈ بوٹ پر سوار ہو کر ایران گئے، 5 ماہ ایران میں رہنے کے بعد کراچی لیاری میں کافی عرصہ روپوش رہا۔

    ملزم نے بتایا کہ وہ 2018 میں منشیات کے کیس میں بھی گوادر سے گرفتار ہوا تھا، 300 کلو گرام چرس برآمدگی کیس میں پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈیرہ غازی خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 2 دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی اہل کاروں نے ڈیرہ غازی خان میں چھاپا مار کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار کر لیے تھے، چھاپا دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع موصول ہونے پر مارا گیا تھا، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ ہند سے ہے۔

    ترجمان انسداد دہشت گردی کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد حساس ادارے کے دفتر کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، دونوں دہشت گردوں کی شناخت اسماعیل اور ولی محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔