Tag: سی پیک منصوبے

  • پاک چین دوستی کی لازوال مثال، سی پیک منصوبے کو 10 دس سال مکمل

    پاک چین دوستی کی لازوال مثال، سی پیک منصوبے کو 10 دس سال مکمل

    بیجنگ نے سی پیک کی 10ویں سالگرہ پر تاریخی بی آرآئی کا جائزہ لینے کیلئے ایک جامع دستاویزجاری کی ، بی آرآئی21ویں صدی کاایک طویل المدتی،بین الاقوامی اورمنظم منصوبہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین دوستی کی لازوال مثال سی پیک منصوبے کو 10 دس سال مکمل ہوگئے ، 2013 میں پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں پر لے جانے کے لئے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی گئی اور سال 2023 میں سی پیک منصوبے کو ایک دہائی مکمل ہو چکی ہے۔

    بیجنگ نے اس سال سی پیک کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر تاریخی بی آر آئی (بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو) کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع دستاویز جاری کیا۔

    بی آر آئی 21 ویں صدی کا ایک طویل المدتی، بین الاقوامی اور منظم منصوبہ ہے، بی آر آئی پراجیکٹس کے تحت چین نے قرضوں کی فراہمی کے علاوہ ماحولیاتی اور سماجی فوائد کو بھی اولین ترجیح دی۔

    سال 2013 سے 2022 تک چین اور مختلف ممالک کے بی آر آئی پارٹنر کے درمیان درآمدات اور برآمدات کی مجموعی قدر % 6.4 کی اوسط سالانہ شرح نمو کے ساتھ، US$19.1 ٹریلین تک پہنچ گئی ہے۔

    پاکستان میں سی پیک کے زیرِ اہتمام بڑے منصوبے جاری ہیں جن میں پشاور کراچی موٹروے (سکھر – ملتان سیکنڈ)، قراقرم ہائی وے فیز 2 (حویلیاں – بتھاکوٹ سیکنڈ)، اور لاہور اورنج لائن میٹرو کے منصوبے شامل ہیں۔

    سی پیک کے تحت ساہیوال، پورٹ قاسم، تھر اور حب میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کے منصوبے مستقل کام کر رہے ہیں، رشکائی اسپیشل اکنامک زون جامع ترقی کے مراحل پر پہنچ چکا ہے۔

    سی پیک کے تحت پاکستان میں گوادر پورٹ ترقی کی نئی منازل طے کررہا ہے، چینی انٹرپرائز پاکستان کی معاشی بحالی اور ترقی میں بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔

    سی پیک کی مد میں چین نے پاکستان اور دیگر شراکت دار ممالک کے ساتھ ایک "سنگل ونڈو” آپریشن کا آغاز کیا ہے، جس سے سرحدی بندرگاہوں پر کسٹم کلیئرنس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے، چین کی ہوالونگ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے K2 اور K3 یونٹ مکمل ہو چکے ہیں۔

  • ملتان پولیس ٹریننگ کالج میں58ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب

    ملتان پولیس ٹریننگ کالج میں58ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب

    ملتان : پولیس ٹریننگ کالج میں اٹھاون ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایک ہزار اڑتالیس جوانوں نے حصہ لیا یہ جوان سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس ٹریننگ کالج میں58 ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے ایک ہزار اڑتالیس جوان شریک ہوئے۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل آئی جی پولیس ٹریننگ پنجاب طارق مسعود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ جدید سسٹم کے تحت تربیت مکمل کرنے والے فیلڈ میں جا کر بہترین کام کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے مرزا احمد علی کی رپوٹ کے مطابق اس موقع پر چھ ماہ کا اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کا کورس مکمل کرنے والے جوانوں نے پریڈ کے دوران مارشل آرٹ، ویپن ہینڈلنگ سمی دہشت گردوں کے حملے سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا۔

    تربیت حاصل کرنے والے پرعزم جبکہ اساتذہ مطمئن دکھائی دیئے، تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

  • چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں، نواز شریف

    چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں، نواز شریف

    اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور ہمسائے ہیں جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری نے اس دوستی کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔

    یہ گفتگو وزیر اعظم نواز شریف نے آج چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے وائس منسٹر ژینگ ژیاو سانگ سے ہونے والی ملاقات میں کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے و الے چینی بھائیوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں جس کے لیے چینی ورکرز کی سیکیورٹی کےلیے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف نے چینی رہنما کو بتایا کہ اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن 15 ہزار فوج و سول اہلکاروں پر مشتمل ہے جو پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور گذر گاہوں کی حفاظت پر مامور ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی کے باعث دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور دہشت گردوں کے مابین قیام نیٹ ورک بھی توڑ دیا گیا ہے ،دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں۔

    ملاقات کے دوران چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے وائس منسٹر ژینگ ژیاو سانگ نے کہا کہ موجودہ حکومت میں دونوں ملکوں کی دوستی نئی بلندیوں تک پہنچی اور اس سال دو طرفہ تجارت 18 ارب ڈالر کی سطح عبور کر گئی ہے۔

    چینی رہنما ژینگ ژیاو سانگ نے وزیراعظم پاکستان کو بتایا کہ آپ پاکستان کے ساتھ ساتھ چین میں بھی کافی مقبول ہیں اور بین الاقوامی رہنماؤں میں چینی افراد سب سے زیادہ آپ کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔

    چینی رہنما نے وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان میں موجود چینی انجینیئرز کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

  • مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں‌ ہورہی، شہبازشریف

    مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں‌ ہورہی، شہبازشریف

    لاہور : وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہرزہ سرائی سے ثابت ہو گیا ہے کہ ہمسائے میں بیٹھے دشمنوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کر لیا ہے۔ مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں ہو رہی لیکن تمام تر مخالفت کے باوجود یہ منصوبہ کامیاب ہو گا۔

    یہ بات انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے تعلیمی دورے پر جانے والے 130 طلباء و طالبات پر مشتمل وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے مخالفین نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے، اس کے باوجود یہ منصوبہ آگے بڑھے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ راہداری منصوبے پر مستقبل میں مزید اربوں ڈالر سرمایہ کاری ہو گی۔

    اقتصادی راہداری کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں سے آگاہ ہیں، مودی نے بلوچستان کے خلاف جو زبان درازی کی ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ کی جانب سے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر حکم امتناعی کے باوجود چینی قیادت کو یقین ہے کہ یہ منصوبہ شفافیت کے ساتھ بروقت مکمل ہو گا۔

    اس موقع پر لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل یو برنٹ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے معاونت فراہم کرتا رہے گا۔

    تقریب کے اختتام پر وزیراعلٰی پنجاب نے نویں جماعت میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور اعلٰی تعلیم کیلئے اسکالرشپس پر بیرون ملک جانے والوں میں اسناد اور لیپ ٹاپس بھی تقسیم کئے۔

    انہوں نے کہا کہ پجاب حکومت اپنے خرچ پر طلبہ کو اسکالر شپ پروگرام پر چین بھجوا رہی ہے اور چین کی جانب سے ان طلباء کو سہولتیں دینے پر ان کے شکرگزار ہیں۔