Tag: سی پیک

  • خوش خبری، سی پیک کا ایک اور بڑا منصوبہ مکمل ہو گیا

    خوش خبری، سی پیک کا ایک اور بڑا منصوبہ مکمل ہو گیا

    کراچی: چین پاکستان اقتصادی راہ داری (سی پیک) کا ایک اور منصوبہ مکمل ہو گیا ہے، 660 کلو واٹ مٹیاری – لاہور ٹرانسمیشن لائن نے بجلی کی ترسیل شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سی پیک کے فلیگ شپ منصوبے چھ سو ساٹھ کے وی ایچ وی ڈی سی مٹیاری۔لاہور ٹرانسمیشن لائن نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) اور پاک مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کمپنی (پی ایم ایل ٹی سی) کے مابین طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق آج یکم ستمبر 2021 سے کمرشل بنیادوں پر بجلی کی ترسیل شروع کر دی ہے۔

    کمرشل آپریشن ڈیٹ (COD) کے حصول سے پہلے مختلف وولٹیج لیولز پر بجلی کی ترسیل کے 8 مختلف کامیاب ٹیسٹ کیے گئے، ٹرائل آپریشن کا 168 گھنٹوں پر مبنی آخری ٹیسٹ اور صلاحیت کے مظاہرے کا ٹیسٹ 18 اگست کو کیا گیا۔

    واپڈا ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی اعزاز احمد نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر چینی کمپنی پی ایم ایل ٹی سی کی خدمات کو سراہا، انھوں نے کہا اس منصوبے سے اب این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں مزید استحکام آئے گا۔ تقریب میں چینی کمپنی کی خاتون صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مس ژانگ لی (Zhang Lei) بھی شریک تھیں۔

    پاور منصوبہ

    واضح رہے کہ 878 کلومیٹر، 4000 میگا واٹ کا یہ منصوبہ پاک مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے 25 سال کی مدت کے لیے بلٹ اون آپریٹ ٹرانسفر (BOOT) کی بنیاد پر مکمل کیا ہے، اس منصوبے سے ملک کے جنوبی حصوں میں واقع بجلی گھروں سے بجلی کی ترسیل کی جائے گی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 25 جولائی 2017 کو سیکیورٹی پیکج دستاویزات یعنی نفاذ کا معاہدہ (ایل اے) اور ٹرانسمیشن سروسز معاہدہ (ٹی ایس اے) کی منظوری دی تھی، جو بعد میں 14 مئی 2018 کو عمل میں لائی گئی۔ اس معاہدے کے تحت این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن کے آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوگی۔

    ایچ وی ڈی سی ٹیکنالوجی ملک کے قومی گرڈ میں پہلا اضافہ ہے، جو دنیا بھر میں طویل عرصے سے وسیع پیمانے پر استعمال ہو رہی ہے، یہ منصوبہ این ٹی ڈی سی کے لیے بھی ایک سنگ میل ہے۔

  • عالمی معیار کی چینی کمپنیاں سی پیک میں سرمایہ کاری کی خواہاں

    عالمی معیار کی چینی کمپنیاں سی پیک میں سرمایہ کاری کی خواہاں

    لاہور : چیئر مین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک میں عالمی معیار کی چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنا چاہ رہی ہیں ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کوہر طرح کی سہولت دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے چینی سرمایہ کاری سے قائم ٹیکسٹائل مل کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر عاصم سلیم باجوہ نے کہا سی پیک کے تحت پاکستان میں 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگئی ہے اور 12 ارب ڈالر کی مزید سرمایہ کاری پائپ لائن میں ہے۔

    چیئر مین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سی پیک میں اکنامک زون بن رہے ہیں ،مزید چینی سرمایہ کاری ہوگی، چیلنج گروپ نے عالمی معیار کی فیکٹری قائم کی ہے دیکھ کر خوشی ہوئی۔

    انھوں نے بتایا کہ چینی سرمایہ کاروں کے ویزے کی مدت بڑھا رہے ہیں، سرمایہ کاروں کےویزے کی مدت 3ماہ سےبڑھاکر2سال کی جائے گی۔

    عاصم سلیم باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں معاشی انقلاب آرہا ہے ، گوادر جا کر دیکھیں سی پیک کے ثمرات نظر آئیں گے ، سی پیک میں عالمی معیار کی چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنا چاہ رہی ہیں ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کوہر طرح کی سہولت دیں گے۔

  • سی پیک: پاکستان کی تیونس کو بڑی پیش کش

    سی پیک: پاکستان کی تیونس کو بڑی پیش کش

    اسلام آباد: پاکستان نے تیونس کو سی پیک کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کی پیش کش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان اور تیونس کے درمیان سیاسی مشاورت کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستان کے وفد کی قیادت کی، جب کہ تیونس کے سفیر محمد علی تقی نے وفد کی قیادت کی۔

    پاکستان نے ورچوئل اجلاس میں تیونس کو پاک چین اقتصادی راہ داری کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کی پیش کش کی۔

    اجلاس میں پاکستان اور تیونس نے مجموعی معاشی تعلقات کو اپ گریڈ کرنے، اور معاشی تعلقات کو بہترین سیاسی تعلقات کے ہم پلہ بنانے پر اتفاق کیا۔

    سیکریٹری خارجہ سہیل محمود

    سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اجلاس میں کہا پاکستان کی توجہ جیو اکنامکس پر مرکوز ہے، وزیر اعظم عمران خان کی توجہ کا محور امن، ترقی اور روابط کی استواری ہے۔

    سیکریٹری خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی روابط کو مزید گہرا کرنے، دو طرفہ تعاون کو بڑھانے اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطے کو مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

    سہیل محمود نے کہا کہ انگیج افریقا کا اقدام سیاسی و معاشی روابط کے فروغ کے لیے ہے۔

    واضح رہے کہ انگیج افریقا پالیسی کے تحت پاکستان تمام افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ افریقی ممالک میں اپنے سفارتی مشنز میں اضافہ کرے گا، اس سلسلے میں افریقی خطے کی بڑھتی ہوئی معاشی اور سیاسی اہمیت کی وجہ سے جبوتی میں پاکستان کا سفارت خانہ بھی کھولا جا رہا ہے۔

  • سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں: عمران خان

    سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں: عمران خان

    کولمبو: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں، سری لنکا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کے ذریعے اپنے اقتصادی و علاقائی روابط کو فروغ دے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سری لنکا میں سری لنکن وزیر اعظم مہندرا راجا پکسا سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں باہمی دل چسپی کے امور اور خطے کی صورت حال پر بات چیت کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

    قبل ازیں، کولمبو ایئر پورٹ پر وزیر اعظم عمران خان کا شان دار استقبال کیا گیا، سری لنکا کے وزیر اعظم نے انھیں خوش آمدید کہا، اور سری لنکن فوج کے دستوں نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔

    ون آن ون ملاقات کے بعد کولمبو میں وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا سری لنکا کے دورے کی دعوت اور شان دار میزبانی پر میں وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں، سری لنکا کا پہلا دورہ اس وقت کیا جب کرکٹ کیریئر شروع کیا، سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس دلانے میں کردار آج بھی یاد ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا پاکستان سی پیک کا اہم جزو ہے جو علاقائی روابط کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا، سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں، سری لنکا کو دعوت دیتا ہوں وہ پاکستان کے ذریعے اپنے اقتصادی و علاقائی روابط کو فروغ دے۔

    وزیراعظم عمران خان کی سری لنکا آمد پر شانداراستقبال ، توپوں کی سلامی پیش

    انھوں نے کہا پاکستان 10 سال بد ترین دہشت گردی کا شکار رہا، 70 ہزار جانوں کی قربانی دی، سری لنکا بھی بد ترین دہشت گردی کا شکار رہا ہے، پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا کی بہت مدد کی، پاکستان اور سری لنکا مل کر تجارتی و اقتصادی ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا پاکستان اور سری لنکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جنھیں مواقع میں بدلنا ہے، کرونا کی صورت حال میں پاکستان، سری لنکا جیسے ترقی پذیر ملکوں کے لیے ایک بڑا چیلنج سامنے آیا ہے، وزیر اعظم مہندرا راجا پکسا کے ساتھ مل کر وبا سے نمٹنے سے متعلق بات چیت ہوئی۔

    وزیر اعظم نے کہا پاکستان دنیا میں کئی قدیم تہذیبوں کا امین ملک ہے، گندھارا کی صورت میں ہمارے پاس انتہائی قدیم بدھ مت کی تہذیب موجود ہے، وزیر اعظم مہندا راجا پکسا کو بدھ مت کے تاریخی مقامات کے دورے کی دعوت دیتا ہوں۔

    پریس کانفرس سے خطاب میں سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجا پکسا نے کہا وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور سری لنکا میں آزادانہ تجارتی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔

    راجا پکسا کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان سے جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق ہوا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے سمیت علاقائی امن کے لیے مشترکہ کاوشوں پر بھی اتفاق ہوا۔

    سری لنکن وزیر اعظم نے کہا کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کے تعاون پر مشکور ہیں، وزیر اعظم عمران خان کا سری لنکا میں تجارت اور سرمایہ کاری فورم سے خطاب اہم پیش رفت ہے، اس خطاب سے دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

  • سی پیک کے تحت بجلی کے 9 منصوبے مکمل

    سی پیک کے تحت بجلی کے 9 منصوبے مکمل

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت توانائی کے شعبے میں بڑی پیش رفت جاری ہے، منظور شدہ 22 توانائی کے منصوبوں میں سے 9 منصوبے مکمل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جو 22 توانائی کے منصوبے منظور کیے گئے تھے ان میں سے 9 توانائی کے منصوبے مکمل کر لیے گئے۔

    منصوبوں کا مقصد بجلی کی ضروریات پوری کرنا ہے، مکمل شدہ 9 منصوبوں سے 5 ہزار 320 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

    ان منصوبوں میں کوئلے کے 13 سو 20 میگا واٹ کے ساہیوال، پورٹ قاسم اور چائنا حب منصوبے شامل ہیں۔ 660 واٹ کا اینگرو تھر اور 400 میگا واٹ قائد اعظم سولر پارک منصوبے بھی مکمل ہوچکے ہیں۔

    مزید 4 ہزار 470 میگا واٹ کے 8 منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، ان کے علاوہ کوہالہ، تھر اور آزاد پٹن سمیت 5 منصوبے بھی پائپ لائن میں شامل ہیں۔

    مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے ملکی ضروریات پوری ہونے سمیت بجلی برآمد بھی کی جاسکے گی، سی پیک منصوبوں میں توانائی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

  • بڑی بھارتی توانائی کمپنیاں سی پیک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں: رحمان ملک

    بڑی بھارتی توانائی کمپنیاں سی پیک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں: رحمان ملک

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے انکشاف کیا ہے کہ بڑی بھارتی توانائی کمپنیاں سی پیک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں، اس لیے سی پیک کے حوالے سے خدشات ہیں۔

    سینیٹر رحمان ملک نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ سی پیک کے حوالے سے انھیں کچھ خدشات ہیں، بھارت کی توانائی کے شعبے کی کچھ کمپنیاں اس میں دل چسپی لینے لگی ہیں تاہم بھارتی کمپنیوں کے سی پیک میں داخل ہونے سے متعلق الگ بریفنگ دوں گا۔

    انھوں نے کہا پاکستان کو اب بھارت کے ساتھ سفارتی محاذ پر فرنٹ فٹ پر بات کرنی چاہیے، بھارت ہر محاذ پر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، حکومت کو بھارت سے متعلق پالیسی تبدیل کرنا پڑے گی۔

    سینیٹر رحمان ملک نے کہا میں بھارت کے خلاف ثبوت کے ساتھ بات کرتا ہوں، پلوامہ حملے کے فوری بعد کہہ دیا تھا کہ یہ حملہ بھارت نے خود کرایا، واقعے کے بعد بھارت میں مسلمان مخالف سوچ پروان چڑھی، مودی سرکار نے سرحدوں پر کشیدگی کو بھی فروغ دیا، مودی کے دوبارہ آنے پر کشمیریوں سے برے سلوک کی پیش گوئی کی تھی، بھارت مجھے عدالت میں لے جائے جو کہا سب ثابت کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا بھارت پاکستان کے خلاف دوبارہ فیٹف میں جا رہا ہے، پارلیمنٹ میں بھارت کے خلاف مشترکہ قرارداد منظور کی جائے، پاکستانی معیشت کو تباہ کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے حملے ہو رہے ہیں، بھارت کے تمام سیاست دان یک زبان ہو کر پاکستان کے خلاف لڑ رہے ہیں، عمران خان سے درخواست ہے سیاسی قیادت کو اکٹھا کریں، بلاول بھٹو نے بھی کہا چارٹر آف اکانومی کیا جائے، عمران خان سیاسی استحکام کے لیے آصف زرداری کو کردار ادا کرنے کا موقع دیں، وہ سیاسی انتشار ختم کر دیں گے۔

    رحمان ملک نے کہا عمران خان سے اپیل ہے پلوامہ سمیت بھارت کے 2 معاملات کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائیں، یو این سے رجوع کریں، ہمت پکڑیں اور دفاع تک محدود نہ رہیں، ہم نے دفاعی انداز اختیار کیے رکھا تو حالات یہی رہیں گے جو اس وقت ہیں، وزیر اعظم عمران مودی کے خلاف مجھے ساتھ لے کر چلیں میں حقیقت سامنے لے کر آؤں گا، اور اسے بے نقاب کر دوں گا۔

    سینیٹر کا کرونا ویکسین سے متعلق کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا ویکسین کی بہت ضرورت ہے، لیکن آپ افورڈ نہیں کر سکتے اس لیے چین سے لے لیں وہ ویکسین دینے کو تیار ہے، میڈیا ورکرز کو ویکسین دی جائے اور میڈیا ورکرز کو فرنٹ لائن ورکرز قرار دیا جائے، کرونا ویکسین کے بارے میں جلد معاون خصوصی صحت کو خط بھی لکھوں گا۔

  • بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے: منیر اکرم

    بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے: منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔

    مستقل مندوب منیر اکرم نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کی جانب سے ڈوزیئر پیش کرنے کے بعد ورچوئل کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارتی دہشت گردی یو این چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    مندوب نے کہا پاکستان اور چین نے بھارت کو سی پیک معاہدے میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، لیکن بھارت مسلسل سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، بھارت پاکستان کی معیشت کو مفلوج کرنا چاہتا ہے، وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے۔

    پاکستان نے بھارت کے خلاف ڈوزیئر اقوام متحدہ کو پیش کر دیا، اہم نکات جانیے

    منیر اکرم کا کہنا تھا سی پیک منصوبے کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے، اور خطے میں دہشت گردی کوسپورٹ کر رہا ہے، امید ہے عالمی برادری بھارت کو پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں سے روکے گی۔ انھوں نے کہا سیکورٹی کونسل کی ٹیم بھارتی دہشت گرد کارروائیوں کی تحقیق کر رہی ہے، پاکستان کی جانب سے پیش کیاگیا ڈوزیئر یو این تفتیش میں شامل ہوگا۔

    منیر اکرم نے کہا کہ بھارت روزانہ ایل او سی پر بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ہم نے سیکریٹری جنرل سے بھارتی دہشت گردی ختم کرانے کی درخواست کی ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سیکریٹری جنرل نے سراہا۔

  • اقوام متحدہ میں وزیر اعظم کے خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے: عاصم باجوہ

    اقوام متحدہ میں وزیر اعظم کے خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے: عاصم باجوہ

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے، ان کی تقریر میں سراہنے کے لیے بہت کچھ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان نے جامع خطاب کیا جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔

    عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے حقیقی معنوں میں پاکستان کی ترجمانی کی اور کشمیر، فلسطین اور خطے میں امن پر دو ٹوک مؤقف پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھارت کو سنگین نتائج کی وارننگ دی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے عوام کو غربت سے نکالنے کا عہد کیا، ان کی تقریر میں سراہنے کے لیے بہت کچھ تھا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشت گرد فورسز جعلی مقابلوں میں سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل کرچکی ہیں۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے، سیکیورٹی کونسل نے گزشتہ سال 3 بار کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بھارتی حکومت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کی فسطائی حکومت نے پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت کی تو قوم بھرپور جواب دے گی۔

  • سی پیک کے خلاف بھارتی غلیظ پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

    سی پیک کے خلاف بھارتی غلیظ پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک چین وزرائے خارجہ ڈائیلاگ کے مشترکہ اعلامیے پر پاکستان بھارت کا بیان سختی سے مسترد کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا بھارتی وزارت خارجہ کا جموں و کشمیر کو خود ساختہ اٹوٹ انگ قرار دینا مضحکہ خیز ہے، بھارتی بیان سلامتی کونسل کی قراردادوں اور حقائق کے بر خلاف ہے، بھارتی دعوؤں کی کوئی بنیاد نہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہم سی پیک کے خلاف بھارتی غلیظ پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے مایوس کن حد تک کوششیں کر رہا ہے، بھارت کا اس ایشو پر کوئی تاریخی، قانونی یا اخلاقی جواز نہیں، بھارت کے جھوٹے دعوے حقائق نہیں جھٹلا سکتے۔

    سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری کی اعلیٰ مثال ہے، چینی صدر

    انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا، بھارت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب کیے ہوئے ہے۔

    پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے، کشمیر کے عوام کو عالمی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دے، کشمیریوں سے آزادانہ و غیر جانب دارانہ استصواب رائے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

  • سی پیک کے اثرات ہر پاکستانی تک پہنچیں گے،عاصم سلیم باجوہ

    سی پیک کے اثرات ہر پاکستانی تک پہنچیں گے،عاصم سلیم باجوہ

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ سی پیک کے اثرات ہر پاکستانی تک پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی سی پیک کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 10وفاقی وزرا، سیکریٹریز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ نے سی پیک پر کابینہ کمیٹی کو بریفنگ دی۔کمیٹی نے سی پیک منصوبوں میں پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔وزرا نے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تعاون کا اظہار کیا۔

    چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق ہوا،سی پیک کی کامیابی کے لیے اقدامات،ترجیحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سی پیک کے اثرات ہر پاکستانی تک پہنچیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ گوادر اور بلوچستان میں غیر معمولی اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے اور ان میں مقامی افراد کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔