Tag: شائقین کرکٹ

  • چیمپئنز ٹرافی: پی سی بی کا شائقین کرکٹ کے لیے بڑا اعلان

    چیمپئنز ٹرافی: پی سی بی کا شائقین کرکٹ کے لیے بڑا اعلان

    چیمپئنز ٹرافی اب اختتام کی جانب گامزن ہے اور سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے پی سی بی نے شائقین کرکٹ کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی میزبانی میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ سے پاکستان کے باہر ہونے پر مایوس شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری ہے تاہم یہ خوشخبری خاص شائقین کرکٹ کے لیے ہی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے بارش سے متاثرہ ان میچوں کے ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس میں بارش کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہو سکا تھا۔

    پی سی بی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹاس سے قبل ختم ہونے والے میچ کے تمام انکلوژرز کے ٹکٹوں کی رقم ان کے خریداروں کو واپس کی جائے گی۔

    تاہم ہاسپٹلیٹی باکسز کے ٹکٹ (باکس اور پی سی بی گیلری) کے ٹکٹ ہولڈرز رقم کی واپسی کے اہل نہیں ہوں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈز نے مذکورہ میچز کے ٹکٹ ہولڈرز شائقین کو کہا ہے کہ وہ 10 سے 14 مارچ تک کوریئر کمپنی کی منتخب آؤٹ لیٹس پر اپنی رقم کی واپسی کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ تاہم شائقین کو رقم کی واپسی کے لیے اصل اور بغیر نقصان زدہ ٹکٹ پیش کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے راولپنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول دو میچز بارش کی نذر ہوئے تھے۔ ان میں 25 فروری کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا جب کہ 27 فروری کو بنگلادیش اور پاکستان کے مابین میچز شامل ہیں۔ ان میچز میں بارش کی وجہ سے ٹاس بھی نہیں ہو سکا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-india-more-matches-in-2025/

  • مقابلہ کرکے ہارتے تو اتنا دکھ نہ ہوتا، شائقین کرکٹ کا اظہار برہمی

    مقابلہ کرکے ہارتے تو اتنا دکھ نہ ہوتا، شائقین کرکٹ کا اظہار برہمی

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سب سے اہم میچ میں قومی ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد شائقین کرکٹ شدید برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔،

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شائقین کرکٹ نے کھلاڑیوں پر طنز کے نشتر چلادیے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں جیت کا جوش ہی نہیں تھا، مقابلہ کرکے ہارتے تو اتنا دکھ نہ ہوتا۔

    میچ دیکھنے میں بعد دبئی اسٹیڈیم کے باہر ایک پاکستانی شہری نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بُری کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میچ دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم اتنے مہنگے ٹکٹ لے کر اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلیے اسٹیڈیم آئے لیکن ہماری ٹیم  نے ہمیں بہت مایوس کیا اور اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔

    ایک خاتون نے شدید غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ ان سب کو ٹیم سے نکالیں اور کہیں کہ پہلے جا کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلو اور پھر بالکل نئی ٹیم بنائیں۔

    خیال رہے کہ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلےگئے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49اعشاریہ 4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جواب میں 242 رنز کا ہدف بھارت نے 43اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

    اس موقع پر شائقین کرکٹ کی جانب سے محمد رضوان کی کپتانی پر بھی شدید تنقید کی گئی اور ان کے فیصلوں اور ٹیم کی حکمت عملی کو ناقص قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اپنا افتتاحی میچ ہار چکا ہے۔

    علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیـٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن نے ایک مرتبہ پھر مایوس کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں بھارت اور پاکستان کے اہم میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ نے بہت مایوس کیا بھارت نے اپنی ٹیم بنائی ہے اور محنت کی ہے جو نظر بھی آرہا ہے۔

  • ’’ہم آج جو بھی ہیں ان شائقین کرکٹ کی وجہ سے ہی ہیں‘‘

    ’’ہم آج جو بھی ہیں ان شائقین کرکٹ کی وجہ سے ہی ہیں‘‘

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے شائقین کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آج جو بھی ہیں ان شائقین کرکٹ کی وجہ سے ہی ہیں۔

    اے آر وآئی نیوز کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی شاندار افتتاحی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہوتی ہے کہ شائقین کو انٹرٹین کرسکیں، شائقین ہرطرح کی صورتحال میں ہمیں سپورٹ کرتے ہیں۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی شاندار افتتاحی تقریب، شائقین کا ہجوم امڈ آیا

    اس موقع پر لیفٹ ہینڈ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کراچی والوں سے تشکر کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کا شکریہ آپ افتتاحی تقریب میں آئے۔

    شاہین آفریدی نے کہا کہ آپ کی سپورٹ اس طرح پورے ایونٹ میں چاہیے، یہ ٹیم آپ کی ہے اور ہم آپ کی سپورٹ سے ہی جیتیں گے۔

    اسٹار بیٹر فخرزمان نے کہا کہ عام طور پر کراچی کے لوگ اسٹیڈیم کا رخ نہیں کرتے،آج انھیں یہاں دیکھ کرخوشی ہوئی، پوری کوشش ہوگی اچھی کرکٹ کھیل کر شائقین کو خوشی دیں، انھیں خوشی دیں گے تاکہ وہ آج کی طرح بار بار اسٹیڈیم آئیں۔

    https://urdu.arynews.tv/babar-azam-complained-to-citizens-of-karachi/

  • ’بابر اعظم کو کھیلنا نہیں آرام کرنا چاہیے‘ شائقین بھڑک اٹھے

    ’بابر اعظم کو کھیلنا نہیں آرام کرنا چاہیے‘ شائقین بھڑک اٹھے

    پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں 120 رنز سے شکست پر شائقین کرکٹ بھڑک اٹھے۔

    ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی اور 34 سال بعد پاکستانی سرزمین پر کامیابی بھی حاصل کرلی۔

    پاکستان کو جیت کے لیے 178 رنز اور ویسٹ انڈیز کو صرف 6 وکٹیں درکار تھیں۔ لیکن پاکستانی بیٹرز نے فلاپ شو پیش کیا اور 6 کھلاڑی کل کے مجموعے میں صرف 58 رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ گئے۔ یوں میچ کا نتیجہ پہلے سیشن کے ابتدائی سوا گھنٹے میں ہی برآمد ہوگیا۔

    دوسرے میچ میں بابر اعظم، نہ شان مسعود، محمد رضوان نہ سلمان علی آغا اور نہ ہی سعود شکیل کوئی بڑا نام بڑا اسکور نہ کر سکا۔ ٹاپ اسکور بابر اعظم (31) رنز کے ساتھ رہے۔ محمد رضوان (25)، کامران غلام (19)، سلمان آغا (15) اور سعود شکیل (13) ڈبل فیگرز میں داخل ہونے والے دیگر کھلاڑی تھے۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے پانچ، کیون سنکلیئر نے تین جب کہ گوڈاکیش موتی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    پاکستان کی شکست پر شائقین کرکٹ آگ بگولہ ہوگئے اور اپنی بھڑاس سوشل میڈیا پر نکالی اور لکھا کہ بیٹرز کے پاس گیم اویئرنس کی کمی ہے، سینئرز کھلاڑی کیا کرنے آئے تھے۔

    شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو کھیلنا نہیں آرام کرنا چاہیے۔

  • پی سی بی کی شائقین کرکٹ اور سابق کرکٹرز سے اپیل

    پی سی بی کی شائقین کرکٹ اور سابق کرکٹرز سے اپیل

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شائقین کرکٹ سے قومی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی جانب سے جارہ کرد بیان میں کہا کہ پی سی بی آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں قومی ٹیم کی مسلسل تین شکستوں کے بعد شائقین کرکٹ کے جذبات سے واقف ہے لیکن اس مشکل وقت میں انتظامیہ امید کرتی ہے کہ شائقین بابر اعظم اور اپنی ٹیم کی حمایت جاری رکھیں گے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ابھی کچھ اہم میچز باقی ہیں، ہمیں امید ہے کہ ٹیم دوبارہ منظم ہوکر ناکامیوں پر قابو پالے گی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ دکھائے گی، امید ہے قومی ٹیم شکست کو بھول کر آنے والے مقابلوں میں مثبت اور اچھے کھیل کا مظاہرہ کرئے گی۔۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز اور میڈیا کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور ٹیم مینجمنٹ پر تنقید اور انھیں تبدیل کرنے پر کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی چوہدری ذکاء اشرف نے کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو ورلڈ کپ کے اسکواڈ کی تشکیل کے لیے مکمل آزادی دی تھی، اور ان کی مرضی کے مطابق ٹیم بنانے میں کسی قسم کی روکاوٹ نہیں بنے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں مستقبل میں  فیصلہ کرے گی، فی الحال پی سی بی شائقین، سابق کھلاڑی اور اسٹیک ہولڈرز ٹیم کو سپورٹ کرے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان کی بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان سے مسلسل شکست کے بعد قومی ٹیم پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ 23 اکتوبر کو ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے ایک اور بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو پہلی بار 8 وکٹوں سے بدترین شکست دی تھی، پاکستان اپنا اگلا میچ کل یعنی 27 اکتوبر کو چنئی میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گا۔

  • ٹی وی کے بجائے شائقین کرکٹ کی پہلی پسند کیا ہے؟

    ٹی وی کے بجائے شائقین کرکٹ کی پہلی پسند کیا ہے؟

    کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھنٹوں ٹی وی سے چپکے رہنا اب ماضی کا حصہ بن گیا ہے کیونکہ شائقین کرکٹ اب دوسری جانب متوجہ ہوگئے ہیں۔

    سروے رپورٹ کے مطابق ٹی وی کے بجائے موبائل فون پر کرکٹ سے لطف اندوز ہونے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، سروے کمپنی ڈیٹا اے آئی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں 15 اپریل سے 5 مئی تک 93 ملین ناظرین نے ٹی وی کے بجائے جبکہ موبائل فون پر میچ دیکھنے والوں کی تعداد 97 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔

    تاہم سروے میں دو سے 14 سال کی عمر کے بچوں کا ڈیجیٹل ڈیٹا شامل نہیں کیا گیا ہے اگر دو سال زائد عمر کے افراد کا ڈیٹا شامل کیا جائے تو یہ تعداد ٹی وی دیکھنے والوں کی تعداد سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

    سروے کے مطابق ٹی وی پر آئی پی ایل دیکھنے والوں کا 23 فیصد حصہ 2 سے 14 سال کے گروپ کا ہے جبکہ 15 سے 21 سال کی عمر کے افراد میں صرف 15 فیصد ہی ٹی وی پر میچ دیکھتے ہیں۔

    سروے میں بتایا گیا ہے کہ موبائل فون پر میچ دیکھنے کے جنون نے ٹی وی پر دکھائے جانے والے اشتہارات کو بھی متاثر کیا ہے اور ٹی وی پر دکھائے جانے والے اشتہارات میں 40 فیصد کمی آئی ہے۔

    آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں 98 مشتہرین تھے جبکہ رواں سیزن میں یہ تعداد کم ہوکر 59 رہ گئی ہے۔

    دوسری جانب ڈیجیٹل پر اشتہارات دینے والوں کی تعداد 400 کے لگ بھگ ہے اور ویور شپ کے لحاظ سے ٹیلی ویژن اس آئی پی ایل سیزن میں 4.46 کی ٹی وی آر پر ہے۔

  • پاکستان،انگلینڈ 20 ٹوئنٹی سیریز: میچ دیکھنے جانے والے شائقین کے لیے اہم خبر

    پاکستان،انگلینڈ 20 ٹوئنٹی سیریز: میچ دیکھنے جانے والے شائقین کے لیے اہم خبر

    کراچی: پاکستان انگلینڈ کرکٹ میچ دیکھنے آنے والے شائقین کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں، جس میں شناختی کارڈ ہمراہ لانا لازمی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز کے حوالے سے ترجمان سیکیورٹی ڈویژن نے بتایا ہے کہ سرشاہ سلیمان روڈ کے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں کھلی رہیں گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم آنیوالوں کیلئے پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے، پارکنگ پوائنٹس میں ایکسپوسینٹر،چائنہ گراؤنڈ،نیشنل کوچنگ سینٹر شامل ہیں۔

    سیکیورٹی ڈویژن نے مزید کہا کہ پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم تک خصوصی شٹل سے پہنچایا جائے گا تاہم شائقین کرکٹ کو شناختی کارڈاپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہوگا۔

    ترجمان نے ہدایت کی کہ شائقین انتظار سے بچنے کیلئےاسٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں۔

    سیکیورٹی ڈویژن کے مطابق اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیزمواد، پٹاخے،سگریٹ ، ماچس،لائٹر،چاقو،دھات یا لکڑی اسٹیڈیم لانے اجازت نہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ شائقین کوگراؤنڈ اور ساتھی تماشائیوں پرکوئی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • این سی او سی کا پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق بڑا فیصلہ

    این سی او سی کا پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے کراچی میچز 25 فی صد شائقین اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی ہوگی، جب کہ پی ایس ایل لاہور کے میچز سے متعلق فیصلہ فروری کے پہلے ہفتے میں ہوگا، این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پی سی بی کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مکمل ویکسینیٹڈ افراد ہی کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم عمر کی کوئی قید نہیں ہوگی اور تمام عمر کے افراد اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھ سکیں گے۔

    مراسلے میں وضاحت کی گئی ہے کہ اسٹیڈیم میں آنے کے لیے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازم ہوگی، پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے ایک میکنزم تیار کرے گا، اور پی سی بی سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ دار ہوگی۔

    پی ایس ایل 7: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی پی سی بی کی ہوگی، کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک، سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہوگا۔

    واضح رہے کہ تازہ مراسلے کے مطابق اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کے خواہش مند شائقین کی تعداد کم کی گئی ہے، این سی او سی نے 29 دسمبر کو 100 فی صد شائقین کو اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کی اجازت دی تھی۔

  • برہم شائقین کرکٹ نے ٹوئٹر پر انگلینڈ کو آئینہ دکھا دیا

    برہم شائقین کرکٹ نے ٹوئٹر پر انگلینڈ کو آئینہ دکھا دیا

    کراچی: انگلش ٹیم کے دورۂ پاکستان سے انکار پر شائقین کرکٹ بہت زیادہ برہمی کا اظہار کر رہے ہیں اور مختلف طریقوں سے انگلینڈ کے منافقانہ رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    ٹوئٹر پر برطانوی شاہی جوڑے کے دورۂ پاکستان کی تصاویر شیئر کر کے شائقین کرکٹ نے انگلینڈ کو آئینہ بھی دکھا دیا۔

    انگلش ٹیم کے دورۂ پاکستان سے انکار پر بلاشبہ شائقین غم و غصے سے نڈھال ہیں، کرکٹ فینز نے انگلش ٹیم کو آئینہ دکھاتے ہوئے ٹوئٹر پر پاکستان میں برطانوی شاہی جوڑے کی کرکٹ کھیلتی تصاویر شیئر کر دیں۔

    شائقین نے ٹوئٹ کیا کہ جینٹلمین گیم سیاست کی وجہ سے تباہ ہوگیا، شہزادہ ولیم بحفاظت پاکستان میں کرکٹ کھیل سکتے ہیں لیکن انگلینڈ اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتا۔

    انگلینڈ اور نیوزی لینڈ معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر

    خلیج میگزین نے شاہی جوڑے کی تصاویر کے ساتھ طنز کیا کہ مستقبل کے بادشاہ اور ملکہ پاکستان میں محفوظ ہیں، لیکن برطانوی کھلاڑیوں کے لیے ملک محفوظ نہیں۔

    ایک صارف نے شدید طنز کرتے ہوئے اسے پاکستان کے انگلینڈ سے ورلڈ کپ جیتنے کا بدلہ قرار دے دیا، پاکستانی کہتے ہیں کہ کیا شہزادہ شہزادی غیر محفوظ تھے؟ اُس وقت تو برطانیہ نے پاکستان کو محفوظ قرار دیا، ہمیں پاکستان پر فخر ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے ساتھ سیریز اور دورے کی منسوخی پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو اپنے ہی ملک کے معروف کالم نگاروں نے آڑے ہاتھوں لیا اور کہا دونوں ممالک نے غلط کیا، انگلینڈ نے منافقت کی۔

  • پی ایس ایل کا فائنل‘ ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

    پی ایس ایل کا فائنل‘ ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

    کراچی : پی ایس ایل کے فائنل کی ٹکٹس کی فروخت شروع ہوگئی ہے، دکانوں پر ٹکٹوں کی خریداری کے لیے شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 25 مارچ کو کھیلے جانے والے پاکستان سپرلیگ کے فائنل میچ کے ٹکٹس کی فروخت کا آغاز ہوگیا، فائنل کی ٹکٹس خریدنے کے لیے ٹی سی ایس کے سینٹرز کے باہر شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود ہے۔

    کراچی میں ٹی سی ایس کی مقرر کردہ 32 شاخوں پر پاکستان سپرلیگ کے ایک ہزار سے 12 ہزار روپے تک کے ٹکٹس دستیاب ہیں جبکہ شائقین کرکٹ ایک شناختی کارڈ پر5 ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔

    شائقین کرکٹ نیشنل اسٹیڈیم کے 15 انکلوژرز کے لیے ٹکٹس خرید سکیں گے اور سب سے کم قیمت کا ٹکٹ جنرل انکلوژر کا ہے جو ایک ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔


    پی ایس ایل فائنل: وزیراعلیٰ سندھ نے شٹل سروس چلانے کا اعلان کردیا


    فرسٹ کلاس انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 4 ہزار روپے، وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 8 ہزار روپے جبکہ وی وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مجھ سے کوئی بھی فری ٹکٹ کا مطالبہ نہ کرے، پی ایس ایل میچز کا مفت ٹکٹ نہیں ملے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپرلیگ کا فائنل 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، میچ کے موقع پر شاہراہ فیصل اور کارساز روڈ پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔