Tag: #شاباش_جانباز

  • ’’بھارتی سفارتکار کلبھوشن کی بات سنے بغیر روانہ‘‘

    ’’بھارتی سفارتکار کلبھوشن کی بات سنے بغیر روانہ‘‘

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتکار نے کلبھوشن یادیو سے بات تک کرنا گوارا نہیں کیا اور اس کی بات سنے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے دو سفارتکاروں کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دی، بھارتی سفارتکار نے کلبھوشن سے بات تک کرنا گوارا نہیں کیا، کلبھوشن بھارتی سفارتکار کو پکارتا رہا اور وہ چلے گئے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی بدنیتی سامنے آگئی یہ قونصلر رسائی ہی نہیں چاہتے تھے، کلبھوشن کہتا رہا مجھ سے بات کریں اور سفارتکار چلے گئے، بھارتی سفارتکاروں کا رویہ حیران کن تھا، انہیں کلبھوشن سے بات ہی نہیں کرنی تھی تو رسائی کیوں مانگی تھی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی سفارتکاروں کو درمیان میں شیشے پر اعتراض تھا وہ بھی ہٹا دیا گیا تھا، سفارتکاروں نے آڈیو ویڈیو ریکارڈ پر اعتراض کیا وہ بھی نہیں کی، ان کی تمام خواہشات پوری کیں پھر بھی وہ چلے گئے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری بار قونصلر رسائی دے دی

    انہوں نے کہا کہ قونصلر رسائی کی ضرورت کے مطابق تمام اقدامات اٹھائے گئے، بھارتی سفارتکاروں نے کلبھوشن تک رسائی کی بجائے راہ فرار اختیار کیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلررسائی فراہم کردی، بھارت کی درخواست پر آج دوسری قونصلر رسائی دی گئی، کلبھوشن کو پہلی قونصلررسائی 2 ستمبر 2019 کو دی گئی تھی جبکہ 25 دسمبر2017 میں کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کرائی گئی تھی۔

    یاد رہے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016ء کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، کلبھوشن نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، باضابطہ مقدمہ چلایا گیا اور 2017ء میں فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔

  • شجر کاری مہم، سرعام کا 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مکمل، اگلا ٹارگٹ بھی سامنے آگیا

    شجر کاری مہم، سرعام کا 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مکمل، اگلا ٹارگٹ بھی سامنے آگیا

    کراچی: اے آر وائی کی ٹیم سرعام نے چودہ اگست سے قبل ہی ملک بھر میں 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مکمل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے پروگرام سرعام کے میزبان اور سینئر صحافی اقرار الحسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے سرعام کے جانبازوں کو شاباش دی۔

    اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ سرعام کے جانبازوں اور شہریوں نے شبانہ روز انتھک محنت کرتے ہوئے 14 لاکھ لگانے پودے کا ہدف جشن آزادی سے قبل پورا کرلیا مگر ابھی کام روکنا نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: 71 سیکنڈ میں 71 پودے لگانے کا ریکارڈ

    ویڈیو پیغام میں اُن کا کہنا تھا کہ چودہ اگست کا سورج طلوع ہونے تک شجر کاری مہم کو زور و شور سے جاری رکھنا ہے اور پھر دوپہر تین بجے ہم سب مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ پر جمع ہو کر اطمینان کے ساتھ بابائے قوم کو سلام پیش کریں گے کیونکہ ہم نے اپنا فرض مکمل کیا۔

    اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر قائد اعظم کو بتائیں گے کہ ہم نے اپنے حصے کا کام کرتے ہوئے ملک کو سرسبز و شاداب بنا دیا اور پھر سب مل کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگائیں گے۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی کے پروگرام سرعام کی ٹیم اور رضا کاروں نے 71ویں یوم آزادی سے قبل ملک بھر میں چودہ لاکھ درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا تھا جس میں معروف شخصیات سمیت عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

    یہ بھی پڑھیں: یوم آزادی سے قبل 14 لاکھ درخت لگانے کا عزم، سرعام کی شجر کاری مہم کا آغاز

    اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام ’’ سرعام ‘‘ کے اینکر اور سینئر صحافی اقرار الحسن اور اُن کی ٹیم نے چودہ اگست سے تک ملک کو 14 لاکھ درخت دینے کے عزم کا بیڑہ اٹھایا۔