Tag: شادی ہالز

  • دو ماہ شادی ہالز بند ہوں گے؟  اہم خبر آگئی

    دو ماہ شادی ہالز بند ہوں گے؟ اہم خبر آگئی

    لاہور : نومبر اور دسمبر میں شادی ہالز بند کرنے کی تجویز سامنے آگئی ، حکومت نے عدالت کو اس حوالے سے آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدراک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔

    عدالتی حکم پر ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحق عدالت کے روبرو پیش ہوئے، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ آپ کو پریشان نہیں کرنا چاہتے تھے، آپ کسی اور کیس میں مصروف ہوں گے مگر میری نظر میں اس وقت سب سے اہم کیس سموگ کا ہے، ہم نے حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف کی ہے۔

    پنجاب کے دفاتر میں 50 فیصد عملے کو آن لائن کام کرنے کا حکم

    جسٹس شاہد نے کہا مگر حکومت کو اسموگ کے حوالے سے مستقل پالیسی بنانا ہوگی ، حکومت کو مستقل پالیسی لانا ہوگی ایسے کام نہیں چلے گی، اس مرتبہ ستمبر میں سموگ آچکی تھی اگلے برس یہ اگست میں آئے گی۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جج کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر 70 سے 80فیصد آلودگی کا سبب ہے، وفاقی حکومت کو بھی اس معاملے میں ان بورڈ ہونا پڑے گا، بیجنگ نے تمام صنعتیں شہر سے باہر منتقل کیں، اسموگ سے نمٹنے کے لیے ہمیں دس سال کی پالیسی بنانا ہوگی، سوچنا پڑے گا کہ لاہور شہر کے اندر موجود انڈسٹری کا کیا کرنا ہے۔

    جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ جب عدالت کو پتہ چلتا ہے تو پھر کارروائی ہوتی ہے، لاہور میں بڑے تعمیراتی پراجیکٹ کو روکنا پڑے گا، پرائیویٹ تو چھوڑیں حکومت کی سپیڈو بسیں کتنا دھواں چھوڑ رہی ہیں آپ کو بتا نہیں سکتا، اب جو اسموگ آگئی ہے یہ ختم نہیں ہوگی جنوری تک رہے گی۔

    جج نے ریمارکس دیئے اسلام آباد سے جیسے شہر میں دیکھیں کیا حال ہے، یہ حکومت کےلیے جاگنے کا وقت ہے، اب ہمیں اگلے سال کےلیے ابھی سے سوچنا پڑے گا، یہ حکومت کے کرنے کے کام ہیں ہم اس میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔

    ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیا کہ اس سال یہ نہیں ہوسکتا کہ شادی ہالز والوں کو جا کہ کہوں کہ کل سے ہال بند ہوگا، ہم پلان بنا رہے ہیں کہ اگلے سال نومبر دسمبر میں شادی ہال بند ہوں گے۔

    جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ حکومت سے کہیں کہ دو مہینے کی پالیسی سے فائدہ نہیں لانگ ٹرم پالیسی بنائیں، کل کی سماعت کے بعد بہت سے نوٹیفکیشن جاری کیے، یہ کام عدالت کی آبزرویشن سے پہلے ہونا چاہیے تھا، سڑکوں پر ٹریفک پولیس کے علاؤہ ڈولفن اہلکار بھی تعینات کریں۔

    ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا جو گاڑی دھواں چھوڑے گی وہ سڑک پر نہیں آئے گی، ہم نے ٹاسک فورس بنا دی ہے، سخت کارروائی ہوگی۔

    جسٹس شاہد کریم نے کہا میں کوئی آرڈر نہیں کروں گا سب کچھ آپ پر چھوڑتا ہوں، میں تسلیم کرتا ہوں کہ اسموگ کے حوالے سے موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومت کی نسبت بہتر کام کیا ہے، دوسرا اہم مسئلہ سکول بسوں کا ہے، اگر ہم سکول بسوں کا معاملہ حل کر کردیں تو بہت آلودگی ختم ہو جائے گی، پرائیویٹ سکولز کے پاس بچوں کے لیے اپنی بسیں ہونی چاہیے۔

    عدالت نے نجی تعلیمی اداروں میں بسیں فراہم کرنے کے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی۔

  • شادی ہالز بند کرنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا

    شادی ہالز بند کرنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا

    راولپنڈی : شادی ہالز بند کرنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا، یونین نے ہالز بند کرانے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر راولپنڈی میں 30 سے زائد شادی ہالز 5 دن بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ہالز کو 12 سے 16 اکتوبر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ہالز مالکان سے متعلقہ تھانوں نے شورٹی بانڈز پر دستخط کرالئے ہیں۔

    شادی ہالز یونین نے ہالز بند کرانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبر پیک سیزن کامہینہ ہوتا ہے، لوگوں کی بکنگ بھی ہے۔

    مالکان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج اورجلسوں کے باعث بھی کام متاثر ہوا ، انتظامیہ سے اپیل ہے شادی ہالز کیلئے کوئی رعایت نکالے۔

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

    ایس سی او سمٹ کے لیے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج بھی تعینات کی گئی ہے جو 17 اکتوبر تک تعیناتی رہے گی۔

    بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں، وہ15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا

  • 5 دن تک شادی ہالز اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے ؟  اہم خبر آگئی

    5 دن تک شادی ہالز اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے ؟ اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : حکومت نے 5 دن تک شادی ہالز، کیفے، ریسٹورنٹ اور اسنوکر کلب بند کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کانفرس کی تیاریاں جاری ہے، جڑواں شہروں میں سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پلان پر عملدرآمد شروع کردیا گیا۔

    جس بعد 12 سے 16 اکتوبر تک شادی ہالز، کیفے، ریسٹورنٹ اور اسنوکر کلب بند کرنے کا حکم دے دیا ، اس حوالے سے پولیس نے تاجروں، ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

    پولیس نے تاجروں،ہوٹل مالکان سے شورٹی بانڈز طلب کر لئے اور کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنےوالوں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    جڑواں شہروں میں ایس سی اوکانفرنس کے پیش نظر 14 سے 16اکتوبر تک عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

    ایس سی او سمٹ کے لیے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج بھی تعینات کی گئی ہے جو 17 اکتوبر تک تعیناتی رہے گی۔

    بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں، وہ15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

  • شادی ہالز سے متعلق اہم خبر

    شادی ہالز سے متعلق اہم خبر

    شادی ہالز کی لائسنس فیس کتنی ہوگی اور یہ اب آن لائن کس طرح بنوائی جاسکتی ہے، اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات بتائی ہیں۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبے میں کھانے کے معیار کو یقینی بنانے کے حوالےل سے شادی ہالز سمیت کھانے کے کاروبار کے لیے لائسنس جاری کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے، محکمنے نے اب کاروبار کو آن لائن رجسٹر کرنا آسان بنا دیا ہے۔

    نئی سروس کے تحتب، شادی ہال مالکان یا کھانے سے کاروبار سے منسلک حضرات ایک فارم کا استعمال کرتے ہوئے اہم کاروباری رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

    پنجاب میں میرج ہال کے لیے پی ایف اے لائسنس فیس کا حساب بھی باآسانی لگایا جاسکتا ہے، درخواست دہندہ آن لائن فارم میں کاروبار سے متعلق تفصیلات فراہم کرکے شادی ہال کے لائسنس کی فیس کا حساب بھی لگا سکتا ہے۔

    درج ذیل تفصیلات کو فارم میں درج کرنا ہوگا جیسے کاروباری کیٹیگری، سرمایہ کاری/ اسٹاک پوزیشن، فی دن اوسط فروخت، کرایہ، ملازمین کی تعداد، مقام اور یوٹیلیٹی بلز کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

    شادی ہال لائسنس کی فیس کتنی ہوگی؟
    اگر کسی نے شادی ہال میں 3,000,000 روپے تک کی سرمایہ کاری اور اس میں 75 سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تو آن لائن فارم بھرنے کے بعد شادی ہال لائسنس کی فیس 50,000 روپے ظاہر ہورہی ہے،

    اسی طرح اگر شادی ہال میں زیادہ رقم کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اس میں لوگوں کے بیٹھنے کی زیادہ گنجائش رکھی گئی ہے تو اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہال کی لائسنس فیس لی جائے گی۔

  • شادی ہالز جلدی بند کرنے سے متعلق اہم خبر آگئی

    شادی ہالز جلدی بند کرنے سے متعلق اہم خبر آگئی

    لاہور : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شادی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شادی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے پابندی پرسختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا۔

    کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو شادی تقریبات میں ون ڈش، اوقات کارکی پابندی کیلئے ہدایات جاری کردی، محسن نقوی نے کہا کہ ون ڈش اور رات 10بجے کے اوقات کار پر عملدرآمد کرایا جائے، پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

    یاد رہے گذشتہ سال پنجاب میں شادی ہالز اور تقریبات میں ون ڈش کی پابندی لاگو کردی گئی تھی ، شادی ہالزایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ شادی ہالز بند کرنے کا وقت بھی 10 بجے مقرر کیا گیا ہے۔

  • شادی ہالز اور تقریبات پر بڑی پابندی عائد

    شادی ہالز اور تقریبات پر بڑی پابندی عائد

    لاہور : شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی پابندی عائد کرتے ہوئے شادی ہالز بند کرنے کا وقت  10 بجے مقرر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں شادی ہالز اور تقریبات میں ون ڈش کی پابندی لاگو کردی گئی ، شادی ہالزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہمیں نوٹی فکیشن مل گیا ہے جبکہ شادی ہالز بند کرنے کا وقت بھی 10 بجے مقرر کیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے شادیوں پر ون ڈش کی پابندی کے قانون پر سختی سےعملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ون ڈش پابندی کے قانون پر عمل کرایا جائے۔

    حمزہ شہباز نے خلاف ورزی پر قانون کےمطابق کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ون ڈش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے عام آدمی اور سفید پوش طبقے کو ریلیف ملے گا، ہماری حکومت عام آدمی کی حکومت ہے، ہروہ قدم اٹھائیں گےجس سے عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا ہوں۔

    انھوں نے ہدایت کی تھی کہ انتظامیہ ون ڈش پر پابندی یقینی بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرے، ون ڈش کی پابندی پرعملدرآمد کا روزانہ کی بنیاد پر خود جائزہ لوں گا۔

  • شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی لگ گئی، تفصیلات جاری

    شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی لگ گئی، تفصیلات جاری

    لاہور: پنجاب حکومت نے شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی ہوگی، شادی و دیگر تقریبات کی اجازت صرف کھلی جگہوں پر ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 300 افراد کی اجازت ہوگی، عوامی اجتماعات میں 300 سے زائدافراد کے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھلی جگہ پر تقریبات میں ایس او پیز پر عمل درآمد لازم ہوگا، تقریبات کے علاوہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا بھی لازم ہوگا۔

    ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 36 مریض جاں بحق

    یہ پابندی پنجاب انسدادِ وبائی امراض آرڈیننس کے تحت لگائی گئی ہے، اور اس پابندی کا اطلاق 20 نومبر (آج ) سے ہوگا، اور 31 جنوری تک لاگو رہےگا۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس وبا کی دوسری لہر میں ایک بار پھر ملک بھر میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کرونا انفیکشن کے باعث اموات کی تعداد بھی بڑھنے لگی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 738 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 ہو گئی ہے۔

  • وبا کے دنوں میں خوشیاں ماند، شادی ہالز مالکان کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

    وبا کے دنوں میں خوشیاں ماند، شادی ہالز مالکان کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

    کراچی: کرونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی خوشیوں کے مواقع کو گہن لگا دیا ہے، اب مختلف کاروباری شعبے تو کھل گئے ہیں لیکن شادی ہالز کا کاروبار تاحال بندش کا شکار ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں شادی ہالز کی بندش کا معاملہ سنگین ہو چکا ہے، اس سلسلے میں شادی ہالز مالکان کی ایسوسی ایشن نے ہنگامی اجلاس طلب کر کے 13 جولائی کو ملک بھر میں ایک ساتھ احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

    کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ملک بھر کے شادی ہالز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے آن لائن شرکت کی، جن سے شادی ہالز کھولنے کے معاملے پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر غور کیا گیا۔

    شادی ہالز کب کھلیں گے؟ نئی حکمت عملی تیار

    اجلاس میں ملک بھر میں احتجاج کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کی گئیں، فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں بہ یک وقت احتجاج کیا جائے گا، اور یہ احتجاج پریس کلبز کے باہر ہوگا۔

    شادی ہال ایسوسی ایشن کراچی کے صدر رانا رئیس نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کو بار بار درخواست کی گئی لیکن اس کے باوجود ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے، جس کے بعد مجبور ہوئے ہیں کہ ملک بھر میں ایک ساتھ احتجاج کی حکمت عملی اپنائی جائے۔

    کرونا وائرس : حکومتی احکامات کی خلاف ورزی، شادی ہال کا مالک گرفتار

    رانا رئیس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شہروں میں شادی ہال مالکان ریلیوں کی شکل میں پریس کلب جائیں گے، ہمارے مظاہروں میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے، پُر امن احتجاج کے ذریعے حکومت سے ہالز کھولنے کا مطالبہ ایک مرتبہ پھر کریں گے۔

    اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام شادی ہال مالکان احتجاج کے دوران ایس او پیز کا خیال رکھیں۔

  • شادی ہالز کب کھلیں گے؟ نئی حکمت عملی تیار

    شادی ہالز کب کھلیں گے؟ نئی حکمت عملی تیار

    پشاور: خیبرپختونخوا میں شادی ہالز کے لیے ایس اوپیز تیار کرنے سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں شادی ہالز سے متعلق ایس او پیز تیاز کی جائے گی جس کے بعد ہالز کھولنے کے حوالے سے معاملہ زیرغور آئے گا، مشروط اجازت کے تحت ممکنہ طور پر صوبے میں ہالز کھل جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ محمود خان سے شادی ہالز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، اس دوران شادی ہالز کی صنعت سے وابستہ لوگوں کو درپیش مشکلات پر بات چیت ہوئی۔ وفد نے مخصوص اوقات کار کے تحت شادی ہالز کو مشروط طور پر کھولنے کی استدعا کی جس پر شادی ہالز کے لیے ایس اوپیز تیار کرنے سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    کرونا وائرس : حکومتی احکامات کی خلاف ورزی، شادی ہال کا مالک گرفتار

    محمود خان کا کہنا ہے کہ ایس اوپیز کے بعد شادی ہالز کھولنے کا معاملہ این سی سی میں اٹھاؤں گا، شادی ہالز پر فیصلہ این سی سی کے اجلاس میں وفاق کی مشاورت سے ہوگا، وبا کی وجہ سے ہالز سمیت تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے۔

    وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ صوبائی بجٹ میں شادی ہالز کو ٹیکسز میں خاطر خواہ ریلیف دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر ملک بھر میں شادی ہالز پر پابندی ہے، کسی بھی ہالز میں شادی بیاہ یا پھر دیگر سماجی تقریبات کی اجازت نہیں ہے۔ البتہ اب حکومت اس معاملے پر لچک دکھا رہی ہے۔

  • کرونا وائرس: شادی ہالز بکنگ کی پیشگی رقم واپس کرنے کے پابند

    کرونا وائرس: شادی ہالز بکنگ کی پیشگی رقم واپس کرنے کے پابند

    ریاض: کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی عرب میں تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردیے جانے کے بعد شادی ہالز کو بکنگ کی پیشگی رقم واپس کرنے کا پابند بنا دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت سیاحت و تجارت نے کہا ہے کہ شادی ہالز اور فارم ہاؤسز انتظامیہ پیشگی بکنگ کی رقم واپس کرنے کی پابند ہے۔

    وزارت کے مطابق تقریبات پر عارضی بندش کا قانون 13 مارچ 2020 سے نافذ العمل ہوا ہے جس کے بعد متاثرین کی بڑی تعداد نے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے اس بارے میں دریافت کیا تھا کہ ادا کی گئی پیشگی رقم کا کیا ہوگا؟

    وزارت سیاحت نے ٹویٹر اکاونٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد نے تقریبات کے لیے شادی ہالز یا دیگر فارم ہاؤسز بک کروائے تھے وہ اپنی پیشگی رقم واپس لے سکتے ہیں۔

    وزارت نے اس حوالے سے ٹول فری نمبر 1900 بھی جاری کیا ہے جس پر رابطہ کر کے پیشگی رقم نہ ملنے کے بارے میں شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی حکومت نے بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی ہے، اس ضمن میں شادی ہال، ایسے ہوٹل جہاں تقریبات کا ہال ہو یا استراحہ جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوسکتے ہوں، ان سب پر وقتی طور پر پابندی لگا دی گئی۔