Tag: شادی ہال

  • آزاد کشمیر میرپور کا بڑا شادی ہال زمیں بوس، مالک اور بیٹا جاں بحق

    آزاد کشمیر میرپور کا بڑا شادی ہال زمیں بوس، مالک اور بیٹا جاں بحق

    میرپور: آزاد کشمیر، میرپور کا سب سے بڑا شادی ہال اچانک زمیں بوس ہو گیا، حادثے میں مالک اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع میرپور کے علاقے چکسواڑی میں سب سے بڑا میرج ہال، روپیال میرج ہال مکمل طور پر زمین بوس ہو گیا، دیکھتے ہی دیکھتے اچانک پوری 3 منزلہ عمارت اپنی بنیادیوں پر ڈھیر ہو گئی۔

    ملبے تلے آ کر میرج ہال کا مالک اور ان کا بیٹا جاں بحق ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ 19 افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، ریسکیوآپریشن میں پاک فوج کی مدد بھی حاصل کر لی گئی ہے، چکسواری بازار حادثے کے بعد سوگ میں بند کر دیا گیا۔

    جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، ملبے میں پھنسے دیگر افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ریسکیو کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ اندازہ نہیں کہ حادثے کے وقت میرج ہال کے اندر کتنے لوگ تھے، تاہم کہا جا رہا ہے کہ تیس سے چالیس کے درمیان افراد اندر موجود تھے۔

    حادثے کے بعد لوگ بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے، لوگوں نے امدادی کارروائیوں میں بھی حصہ لیا۔

    واضح رہے کہ اس وقت ملک کے دیگر حصوں میں لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والے لاک ڈاؤن کے باعث غموں کی تصویر بن چکے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر کے میرج ہال بند پڑے ہوئے ہیں، حکومت سے شادی ہال کھلوانے کے لیے مذاکرات بھی کیے گئے ہیں لیکن ہال نہیں کھل سکے، جس پر اب شادی ہال ایسوسی ایشن نے احتجاج کا راستہ اپنا لیا ہے۔

  • وبا کے دنوں میں خوشیاں ماند، شادی ہالز مالکان کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

    وبا کے دنوں میں خوشیاں ماند، شادی ہالز مالکان کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

    کراچی: کرونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی خوشیوں کے مواقع کو گہن لگا دیا ہے، اب مختلف کاروباری شعبے تو کھل گئے ہیں لیکن شادی ہالز کا کاروبار تاحال بندش کا شکار ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں شادی ہالز کی بندش کا معاملہ سنگین ہو چکا ہے، اس سلسلے میں شادی ہالز مالکان کی ایسوسی ایشن نے ہنگامی اجلاس طلب کر کے 13 جولائی کو ملک بھر میں ایک ساتھ احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

    کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ملک بھر کے شادی ہالز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے آن لائن شرکت کی، جن سے شادی ہالز کھولنے کے معاملے پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر غور کیا گیا۔

    شادی ہالز کب کھلیں گے؟ نئی حکمت عملی تیار

    اجلاس میں ملک بھر میں احتجاج کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کی گئیں، فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں بہ یک وقت احتجاج کیا جائے گا، اور یہ احتجاج پریس کلبز کے باہر ہوگا۔

    شادی ہال ایسوسی ایشن کراچی کے صدر رانا رئیس نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کو بار بار درخواست کی گئی لیکن اس کے باوجود ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے، جس کے بعد مجبور ہوئے ہیں کہ ملک بھر میں ایک ساتھ احتجاج کی حکمت عملی اپنائی جائے۔

    کرونا وائرس : حکومتی احکامات کی خلاف ورزی، شادی ہال کا مالک گرفتار

    رانا رئیس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شہروں میں شادی ہال مالکان ریلیوں کی شکل میں پریس کلب جائیں گے، ہمارے مظاہروں میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے، پُر امن احتجاج کے ذریعے حکومت سے ہالز کھولنے کا مطالبہ ایک مرتبہ پھر کریں گے۔

    اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام شادی ہال مالکان احتجاج کے دوران ایس او پیز کا خیال رکھیں۔

  • کرونا وائرس: شادی ہالز بکنگ کی پیشگی رقم واپس کرنے کے پابند

    کرونا وائرس: شادی ہالز بکنگ کی پیشگی رقم واپس کرنے کے پابند

    ریاض: کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی عرب میں تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردیے جانے کے بعد شادی ہالز کو بکنگ کی پیشگی رقم واپس کرنے کا پابند بنا دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت سیاحت و تجارت نے کہا ہے کہ شادی ہالز اور فارم ہاؤسز انتظامیہ پیشگی بکنگ کی رقم واپس کرنے کی پابند ہے۔

    وزارت کے مطابق تقریبات پر عارضی بندش کا قانون 13 مارچ 2020 سے نافذ العمل ہوا ہے جس کے بعد متاثرین کی بڑی تعداد نے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے اس بارے میں دریافت کیا تھا کہ ادا کی گئی پیشگی رقم کا کیا ہوگا؟

    وزارت سیاحت نے ٹویٹر اکاونٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد نے تقریبات کے لیے شادی ہالز یا دیگر فارم ہاؤسز بک کروائے تھے وہ اپنی پیشگی رقم واپس لے سکتے ہیں۔

    وزارت نے اس حوالے سے ٹول فری نمبر 1900 بھی جاری کیا ہے جس پر رابطہ کر کے پیشگی رقم نہ ملنے کے بارے میں شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی حکومت نے بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی ہے، اس ضمن میں شادی ہال، ایسے ہوٹل جہاں تقریبات کا ہال ہو یا استراحہ جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوسکتے ہوں، ان سب پر وقتی طور پر پابندی لگا دی گئی۔

  • کراچی میں کل سے تمام شادی ہال بند رہیں گے، اعلامیہ

    کراچی میں کل سے تمام شادی ہال بند رہیں گے، اعلامیہ

    کراچی :سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کمرشل پلاٹس پر نوٹسز کے بعد صدر آل کراچی شادی ہال ایسوسی این نے اعلان کیا ہے کہ اتوار سے  شادی ہال بند کر رہے ہیں جبکہ شادی ہال مالکان کا کہنا ہے کہ3دن کانوٹس دیاہےہم کہاں کام کریں؟

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کےاحکامات پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کمرشل پلاٹس پرنوٹس کی کارروائی تیزکردی ہے، ایسٹ، سینٹرل میں 50  فیصد پلاٹس کو کمرشل سرگرمیاں ختم کرنے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی 28 جنوری پیر سے آپریشن کا آغاز کرے گی۔

    نوٹسز کے بعد شادی ہال مالکان ایس بی سی اے کے مرکزی دفترسوک سینٹرپہنچ گئے اور احتجاج کیا ، مالکان کا کہنا ہے کہ تین دن کانوٹس دیا ہے ہم کہاں کام کریں؟

    دوسری جانب صدر آل کراچی شادی ہال ایسوسی ایشن نے سخت احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے شہر بھرمیں کل سے شادی لان بند کرنے کا اعلان کیا اور کہا شادی لان میں تقریبات نہیں کی جائیں گی۔

    یاد رہے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے 930 رہائشی سے کمرشل کئے جانے والے پلاٹس کے اجازت نامے منسوخ کر دیئے تھے اور منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کرکے اشتہارات بھی شائع کرا دیئے ہیں۔

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے پلاٹوں اور عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مہلت دی کہ وہ ایسی تعمیرات منہدم کر دیں جبکہ رہائشی پلاٹس پر شادی ہالز، ہوٹلز، اسپتال ، اسکولز اور پٹرول پمپس کو غیر قانونی قرار دیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں 930 رہائشی پلاٹس سے کمرشل کئے جانے والے پلاٹس کے اجازت نامے منسوخ ، مالکان کو نوٹس جاری

    نوٹس میں کہاگیاہے شہر کی تمام زمینوں کو ان کے اصل استعمال کیلئے بحال کرنا لازمی ہے، ڈیڈ لائن پر عمل در آمد نہ کرنے والوں کے خلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کارروائی کرے گی۔

    اس سے قبل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت کراچی کے رہائشی پلاٹوں کی کمرشل پلاٹوں میں منتقلی کی بائیس صفحات پرمشتمل رپورٹ تیارکی تھی، رپورٹ میں اربوں روپے کے نوسوتیس رہائشی پلاٹوں کی نشاندہی کی گئی ، جو دو ہزار چار سے تاحال کمرشل سرگرمیوں کے لیے استعمال ہورہے ہیں ، کمرشل عمارتوں پر مشتمل پلاٹس طارق روڈ، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، پی ای سی ایچ ایس، شارع فیصل اور کارسازروڈ پر ہیں۔

    خیال رہے سپریم کورٹ نے رہائشی گھروں کےکمرشل مقاصد میں تبدیلی پر مکمل پابندی جبکہ رہائشی پلاٹوں پر شادی ہال، شاپنگ سینٹر اور پلازوں کی تعمیر پر بھی پابندی عائد کردی تھی اور حکم دیا تھا کراچی کی زمین کے اصل استعمال کے منصوبے کی بحالی رہائشی عمارتوں کا کمرشل استعمال تین روز میں ختم کیاجائے۔

  • بھارت میں شادی ہال کی دیوار گرنےسے26افراد ہلاک

    بھارت میں شادی ہال کی دیوار گرنےسے26افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی ریاست راجستھان میں شادی کی تقریب کےدوران ہال کی دیوار گرنےسے26افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق بھارت کی ریاست راجستھان میں شادی ہال کا حصہ منہدم ہونے کےنتیجے میں26افراد ہلاک جبکہ28افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ایس پی انیل ٹنک کےمطابق شادی کی تقریب کےدوران لوگ ہال میں موجود تھے جب اس کی ایک دیوار گرگئی۔

    آئی جی پولیس الوک واششتھ کا کہناتھاکہ شادی ہال کی دیوار آندھی کی وجی سےگری اور مرنے والوں میں 4بچوں سمیت 8خواتین بھی شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہناہےکہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افرادکی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور کل ان کا پوسٹ مارٹم کرکے لاشوں کو ورثا کے حوالے کیاجائےگا۔

    وزیراعلیٰ وسندھرا راجے نے حادثے پراظہار تعزیت کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کےبہترین علاج کو یقینی بنائیں۔


    بھارتی ریاست کانپور میں ٹرین حادثہ،142 افراد ہلاک


    واضح رہےکہ گزشتہ سال نومبر میں بھارت کی ریاست کانپور میں مسافر ٹرین حادثے کے نتیجے میں کم از کم 142 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • شادی میں پیسے لوٹنے پرگارڈ نے بچے کی جان لے لی

    شادی میں پیسے لوٹنے پرگارڈ نے بچے کی جان لے لی

    ڈسکہ : شادی ہال کے گارڈ نے بندوق کا بٹ مار کر معصوم بچے کو مار ڈالا۔ نو سالہ دانش بارات میں پیسے لوٹ رہا تھا، بچے نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، ملزم فرار ہوگیا، پنجاب کے وزیر برائے انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے اے آر وائی نیوز کی خبر کا نوٹس لے لیا۔ بچے کی والدہ نے رو رو کر برا حال کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ننھے طالب علم کو شادی میں پیسے لوٹنے کی سزا موت کی صورت میں ملی، ڈسکہ کا رہائشی نو سالہ دانش اسکول سے واپس گھر آرہا تھا کہ راستے میں ایک شادی ہال کے باہر بارات دیکھنے کھڑا ہوگیا۔

    اس دوران جب دولہا پر پیسے لٹائے جا رہے تھے تو وہ بھئی دیگربچوں کے ساتھ پیسے لوٹنے لگا۔ قریب کھڑے سیکیورٹی گارڈ نے غصے میں آکر دانش کے سر پربندوق کا بٹ دے مارا۔

    گن مین نے بچے کو دولہا کے قریب سے پیسے لوٹنے پر نشانہ بنایا، جس سے دانش کے سر پر گہرا زخم آیا اور زیادہ خون بہنے کی وجہ سے وہ موقع پر ہی چل بسا۔

    واقعے کے بعد ملزم گن مین صفدر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور بچے کی لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے دیگر شواہد لیے اور وہاں موجود لوگوں سے ابتدائی تفتیش بھی کی، آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔

    اپنے بچے کی موت کی اطلاع سنتے ہی اس کی ماں صدمے سے نڈھال ہوگئی، دانش کی والدہ نے رو رو کر متعلقہ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

    بعد ازاں بچے کی ہلاکت پر صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق نے نوٹس لے لیا، انہوں نے کہا کہ حکومت اس قسم کے انسانیت سوز واقعات پر کسی صورت چشم پوشی نہیں کرسکتی۔

    اس کے علاوہ صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے گوجرانوالہ میں شوہر کے ہاتھوں جلنے والی خاتون پر بھی آرپی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • سندھ حکومت کا شام 7 بجے شاپنگ سینٹرز بند کروانے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا شام 7 بجے شاپنگ سینٹرز بند کروانے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں شام 7 بجے شاپنگ سینٹرز اور رات 10 بجے شادی ہال بند کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فیصلہ پر یکم نومبر سے سختی سے عملدر آمد کروایا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں حکومتی فیصلوں کی سختی سے عملداری پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام فیصلوں سمیت شام 7 بجے شاپنگ سینٹرز اور رات 10 بجے شادی ہال بند کرنے پر یکم نومبر سے سختی سے عملدر آمد کروایا جائے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں شادیوں میں کھانے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ڈشوں کی تعداد کم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد اب شادیوں میں 3 سے زیادہ ڈشیں نہیں رکھی جاسکیں گی۔

    سندھ کیبنٹ نے دکانوں اور شاپنگ سینٹرز کو جلد بند کروانے کے فیصلے کی تائید کی تاہم انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس پر عملدر آمد کرنے سے قبل تاجروں اور مارکیٹ انتظامیہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

    اس سے قبل موسم گرما میں توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم نے بھی اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں شادی ہالز ،بازار اور ہوٹل جلدی بند کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

    وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد میں رات 10 بجے شادی ہالز، رات 8 بجے شاپنگ سینٹرز اور مارکیٹس، اور رات 11 بجے ہوٹلز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • شادی ہال کے واٹرٹینک سے چھ سالہ بچی کی لاش برآمد

    شادی ہال کے واٹرٹینک سے چھ سالہ بچی کی لاش برآمد

    کراچی : اورنگی ٹاوٴن میں پانچ روز قبل لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش شادی ہال کے پانی ٹینک سے مل گئی، مشتعل لواحقین نے احتجاج ہال میں توڑ پھوڑ کی، پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو طلب کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق پچیس تاریخ کو اورنگی ٹاؤن آٹھ نمبر کے علاقے سے شادی ہال سے چھ سالہ پاکیزہ لاپتہ ہوئی تھی جس کی اطلاع اورنگی ٹاون تھانے میں دی گئی ۔

     اہل خانہ کا کہنا ہے کہ آج اس بچی کی لاش اسی شادی ہال کے پانی کے ٹینک سے ملی ہے جس کو پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واقعہ کیخلاف بچی کے اہل خانہ نے شادی ہال کے باپر شدید احتجاج کیا اور ہال میں توڑ پھوڑ کرکے آگ لگانے کی کوشش کی جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو ہال کے اطراف میں تعینات کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ہال انتظامیہ کے آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • مخصوص شادی ہالز کیخلاف کارروائی قابل مذمت ہے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    مخصوص شادی ہالز کیخلاف کارروائی قابل مذمت ہے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن کی نگرانی میں کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر ایم کیوایم کے عہدیداروں،کارکنوں اورپارٹی سے وابستہ افرادکے شادی ہالز کومسمارکرنے کی شدیدمذمت کی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر ایم کیوایم سے وابستہ افرادکوخاص طورپر نشانہ بنارہے ہیں اوران شادی ہالزکوبھی مسمار کیا جارہا ہے جوگزشتہ 20سے 25سال حتیٰ کہ 30سال سے قانونی طورپرقائم ہیں۔

    بلدیہ سے باقاعدہ قانونی طورپر حاصل کئے گئے ہیں اور جن کاکرایہ باقاعدہ طور پر بلدیہ کواداکیاجاتاہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میںبے شمارشادی ہالزقائم ہیں جن میں مختلف اداروںکی جانب سے قائم کئے گئے ہالزبھی شامل ہیں لیکن صوبائی وزیربلدیات شرجیل میمن کی نگرانی میں صرف ان شادی ہالزکوڈھونڈڈھونڈکرمسمارکیاجارہاہے جن کاکسی بھی طرح سے ایم کیوایم کے کسی ذمہ دار ، یا کارکن سے کوئی تعلق ہے ۔

    حتیٰ کہ پرائیویٹ پراپرٹیزپربنے ہوئے ہال تک کوگرایاجارہاہے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ کارروائی سراسرجانبدارانہ اور امتیازی طورپرکی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

    صوبائی وزیربلدیات شرجیل میمن کی ہدایت پرآج نارتھ ناظم آبادمیں ایم کیوایم کے سابق سینیٹربابرغوری کے فلورینس گارڈن کوبھی گرادیاگیا جس کیلئے جگہ 29سال قبل باقاعدہ قانونی طورپر حاصل کی گئی تھی اور اس شادی ہال کاہرسال باقاعدہ انکم ٹیکس ادا کیاجاتاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کسی بھی جگہ کارروائی کیلئے پہلے سے کوئی نوٹس نہیں دیاجارہاہے بلکہ اچانک کارروائی کی جارہی ہے اور شادی ہالز کے مالکان کے ساتھ ساتھ شادی بیاہ اورتقریبات کیلئے بکنگ کرانے والے شہریوں کے ساتھ بھی کھلی زیادتی کی جارہی ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں تجاوزات کی بھرمار ہے،سینکڑوںغیرقانونی بستیاں آبادہیں جومنشیات،اسلحہ ،جرائم پیشہ عناصر اورغیرقانونی اسلحہ کاگڑھ بنے ہوئے ہیں جہاں طالبان کاقبضہ ہے، اندرون سندھ بلدیاتی نظام تباہ وبرباد ہوچکاہے لیکن شرجیل میمن کویہ سب کچھ نظرنہیں آرہاہے، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔

    اہوں نے کہا کہ خاص طورپرایم کیوایم کے ذمہ داروں اورکارکنوںکے شادی ہالزکونشانہ بنایا جارہا ہے جو سراسر زیادتی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ کراچی کی سڑکوںاورفٹ پاتھوںپر اربوںروپے کی رشوت لے کرسائن بورڈ اوربل بورڈزکاجنگل کس نے قائم کیاہے اور اس سے حاصل ہونے والی اربوں روپے کی رشوت کہاں جارہی ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر یہ انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں اورجن لوگوں کے نقصانات ہوئے ہیں ان کے نقصانات کاازالہ کیاجائے۔

  • شاد باغ : متوفیہ دلہن اوراسکے بھتیجے کی نماز جنازہ

    شاد باغ : متوفیہ دلہن اوراسکے بھتیجے کی نماز جنازہ

    لاہور: شاد باغ میں شادی ہال کی چھت گرنے سے مایوں بیٹھی دلہن شمائلہ اور اس کے بھتیجے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب شاد باغ کے شادی ہال کی چھت گرنے کے باعث دلہن سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں سے کراچی سے تعلق رکھنے والی دلہن شمائلہ اور اس کے بھتیجے علی عامر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی  ہے۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر اور ڈی سی او لاہور سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جب مایوں بیٹھی دلہن اور اس کے بھتیجے کا جنازہ اٹھا تو گھر میں ہر آنکھ اشک بار تھی ۔

    اس موقع پر ڈی سی او لاہور کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کمیٹی بنادی گئی ہے، شادی ہال میں مہندی کی تقریب بھی رات دیر تک جاری رہی، جس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق واقعے کا مقدمہ شادی ہال مالکان کیخلاف درج کر لیا گیا ہے۔ جبکہ اس سے قبل گزشتہ شب پولیس نے شادی ہال کے منیجر سمیت چار افراد کو ھراست میں لے لیا تھا۔