Tag: شادی

  • دلہا دلہن نے شادی میں شرکت نہ کرنے والے مہمانوں سے اخراجات طلب کرلیے

    دلہا دلہن نے شادی میں شرکت نہ کرنے والے مہمانوں سے اخراجات طلب کرلیے

    شادی کرنے والے افراد اپنے قریبی دوستوں اور عزیز و اقارب کو مدعو کر کے انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرتے ہیں اور ان کے لیے بہترین انتظامات کرتے ہیں، لیکن اگر وہ عزیز اقارب اس موقع پر شریک نہ ہوں تو یہ امر افسوس ناک بھی ہوسکتا ہے۔

    امریکا میں ایسے ہی ایک جوڑے نے سخت کبیدہ خاطر ہو کر شادی میں شرکت نہ کرنے والے مہمانوں کے ساتھ انوکھی حرکت کر ڈالی۔

    امریکی شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والے نوبیاہتا جوڑے نے شادی کی تقریب میں شرکت کا وعدہ کرنے کے باوجود نہ آنے والوں مہمانوں سے اخراجات مانگ لیے ہیں۔

    دلہا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر تقریب کے اخراجات کا 240 ڈالرز کا بل پوسٹ کیا اور شرکت نہ کرنے والے مہمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخراجات کے اس بل کو دیکھ کر ناراض مت ہوں، میں یہ آپ کو بذریعہ ای میل بھی ارسال کروں گا تاکہ آپ یہ عذر پیش نہ کر سکیں کہ ہمیں تو یہ موصول ہی نہیں ہوا۔

    بل میں لکھا ہے کہ یہ بل آپ کو اس لیے بھیجا جا رہا ہے کیونکہ آپ نے تقریب میں شرکت کا وعدہ کیا تھا۔ بل میں درج رقم آپ کے لیے خالی رکھی جانے والی نشستوں کی ہے کیونکہ آپ نے تقریب میں شریک نہ ہونے کے لیے اطلاع نہیں دی تھی۔

    مہمانوں کو کہا گیا ہے کہ یہ رقم آپ پر واجب الادا ہے، آپ اسے پے پال کے ذریعے ادا کرسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے ایک امریکی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جوڑے کا کہنا تھا کہ مہمانوں کے لیے بہترین انتظامات کرنے کے لیے ان کی یہ رقم ضائع ہوئی لہٰذا اب یہ رقم مہمانوں کو ہی ادا کرنی ہوگی۔

  • شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی کے کیک کا ٹکڑا لاکھوں روپے میں نیلام

    شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی کے کیک کا ٹکڑا لاکھوں روپے میں نیلام

    لندن: برطانیہ کی آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا اور ولی عہد شہزادہ چارلس کی شادی کے کیک کے ایک ٹکڑے کی 4 لاکھ روپے میں نیلامی ہوئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ میں آنجہانی لیڈی ڈیانا اور ولی عہد شہزادہ چارلس کی شادی کے کیک کے ایک ٹکڑے کی تقریباً 4 لاکھ روپے میں نیلامی ہوئی ہے تاہم خبردار کیا گیا ہے کہ اسے کھانا منع ہے۔

    بدھ کو ہونے والی اس نیلامی میں توقع کی جا رہی تھی کہ یہ 40 برس پرانا کیک 3 سے 5 سو ڈالر میں فروخت ہوگا، لیکن اس کے برعکس یہ 25 سو 58 ڈالرز میں نیلام ہوا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم حیران ہیں اس کیک کی نیلامی میں لوگوں کی بڑی تعداد حصہ لینا چاہتی تھی۔ برطانیہ، امریکا اور مشرقی وسطیٰ کے ممالک سے بہت سے لوگوں نے اس نیلامی کے بارے میں پوچھا۔

    انتظامیہ کے مطابق نیلامی جیتنے والے شخص کا تعلق برطانیہ کے شہر لیڈز سے ہے۔

    یہ کیک سب سے پہلے ملکہ ایلزبتھ دوئم کی والدہ کے لیے کام کرنے والی مویرا سمتھ کو دیا گیا تھا، لیکن ان کی وفات کے بعد 2008 میں ان کے خاندان نے اسے ایک ہزار پاؤنڈز میں فروخت کر دیا تھا۔

    اس کیک کو خریدنے والے نے اب اسے منافعے میں بیچا ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 1996 میں شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کی علیحدگی کے بعد کیک کے ٹکڑے کئی بار فروخت ہوئے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ اب بھی لیڈی ڈیانا میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

    شہزادی ڈیانا سنہ 1997 میں پیرس میں 36 برس کی عمر میں ایک کار حادثے میں اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئی تھیں۔

  • شادی کے دوران عجیب واقعہ، دلہا دلہن حیران

    شادی کے دوران عجیب واقعہ، دلہا دلہن حیران

    بھارتی شادیاں نہایت بڑے پیمانے پر منعقد کی جاتی ہیں جن میں تمام انتظامات بہترین طریقے سے کیے جاتے ہیں، ایسی ہی ایک شادی میں نہایت دلچسپ واقعہ پیش آیا جس نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران اور پھر ہنسنے پر مجبور کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کچھ ویڈیوز میں ایک شادی کا منظر ہے جہاں دلہا دلہن اور ان کے رشتے دار عمارت سے باہر آرہے ہیں۔ دلہا دلہن سے کچھ فاصلے پر فوٹوگرافر بھی موجود ہے جو تمام لمحات کو عکس بند کر رہا ہے۔

    اچانک فوٹو گرافر کا پاؤں پھسلتا ہے اور وہ پیچھے موجود سوئمنگ پول میں جا گرتا ہے جس کے ساتھ ہی دلہا دلہن سمیت وہاں موجود تمام افراد کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔

    تاہم فوٹوگرافر جلدی سے خود کو سنبھالتا ہے اور پانی سے باہر نکل آتا ہے۔

    اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہوئی، کچھ صارفین نے فوٹوگرافر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا تو کچھ اس پر ہنسے بھی، دلہا دلہن کے تاثرات بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنے۔

  • شادی کب کریں گی؟ سونیا حسین نے بتا دیا

    شادی کب کریں گی؟ سونیا حسین نے بتا دیا

    کراچی: معروف اداکارہ سونیا حسین نے بتا دیا کہ وہ کب تک شادی کریں گی، مداحوں کی جانب سے اس سوال پر کہ کیا وہ کسی اداکار سے شادی کریں گی؟ انہوں نے دلچسپ جواب دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ سونیا حسین نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے نہ صرف مستقبل میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں بلکہ یہ بھی بتایا کہ ان کا کرکٹر شعیب اختر کے ساتھ کیا تعلق ہے اور وہ کن ہولی وڈ اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

    ایک مداح کے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے انتہائی کم عمری یعنی 17 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا جبکہ دوسرے سوال پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سائیکالوجی میں بیچلر کر رکھا ہے۔

    سونیا حسین نے ایک مداح کو بتایا کہ وہ جلد ہی عدنان صدیقی کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی جب کہ ان کے تقریباً تمام ڈرامے سماجی مسائل پر بنے ہوئے ہیں۔

    اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ ہولی وڈ سپر اسٹار جونی ڈیپ، ٹام کروز اور ول اسمتھ کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔ شعیب اختر سے رشتے داری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ وہ صرف بہترین دوست ہیں۔

    شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سونیا حسین نے بتایا کہ وہ جنوری 2023 تک شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں جب کہ اپنے ہونے والے شوہر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ خدا نہ کرے کہ ان کا ہونے والا ساتھی اداکار ہو.

  • بھارت: دلہا اخبار نہ پڑھ سکا، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

    بھارت: دلہا اخبار نہ پڑھ سکا، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک دلہن نے شادی کی تقریب میں دلہا کو ہندی اخبار پڑھنے کے لیے کہا جس کے نہ پڑھ پانے پر دلہن نے شادی سے انکار کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں دلہا کے ہندی اخبار نہ پڑھ سکنے پر شادی منسوخ ہوگئی۔

    دراصل دلہا ناخواندہ نہیں تھا، بلکہ اس کی بصارت کمزور تھی جس کی وجہ سے وہ اخبار نہیں پڑھ پایا۔

    شادی کی تقریب میں جب دلہا چشمہ پہن کر آیا تو دلہن اور اس کے گھر والوں کو یہ بات عجیب لگی، انہوں نے کسی سے سنا کہ چشمے کے بغیر دلہا کو کچھ دکھائی نہیں دیتا جس پر دلہن نے اسے آزمانے کا سوچا۔

    اس نے دلہا کو ایک ہندی اخبار دے کر کہا کہ اسے بغیر چشمے کے پڑھو، جس میں دلہا بری طرح ناکام ہوگیا، جس کے بعد لڑکی والوں نے شادی کینسل کردی۔

    دلہن کے والد کا کہنا تھا کہ رشتہ طے ہونے سے قبل انہوں نے لڑکے کو چشمہ لگائے دیکھا تھا اور انہیں خیال گزرا کہ شاید وہ اسٹائل کے لیے چشمہ پہنے ہوئے ہو، لیکن جب وہ شادی کی تقریب میں بھی عینک پہن آیا تو ہمیں شک ہوا۔

    ان کی جانب سے دلہے کو موٹر سائیکل اور نقد رقم بھی دی گئی تھی جو واپس لے لی گئی۔

    یہی نہیں دلہن کے گھر والوں کی جانب سے دلہا اور اس کے گھر والوں کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ بھی درج کروا دیا۔

  • ناخوش گوار شادی سے متعلق محققین کا دل دہلا دینے والا انکشاف

    ناخوش گوار شادی سے متعلق محققین کا دل دہلا دینے والا انکشاف

    محققین نے ایک ریسرچ کے بعد انکشاف کیا ہے کہ ناخوش گوار رشتے مردوں کے لیے تمباکو نوشی سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، سائنسی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ مجبوری اور ناخوش گوار رشتے تمباکو نوشی سے زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔

    اس سلسلے میں محققین نے 30 برسوں کے دوران 10 ہزار مردوں کی صحت اور موت کے اعداد و شمار کا مطالعہ کیا، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ شادی سے ناخوش رہنا، یا شادی کو برا سمجھنا مردوں کو امراض قلب، فالج اور شریانوں کے بند ہونے سے اسی طرح موت کی طرف لے جاتا ہے، جیسے تمباکو نوشی اور جسمانی سرگرمی کی کمی، اور ان ان اموات کی تعداد 69 فی صد ہے۔

    مطالعے کے مصنفین کا کہنا ہے کہ مردوں کی صحت کو بہتر بنانے اور طویل عمر تک ان کی مدد کرنے کے لیے میرج تھراپی کو فروغ دینا ضروری ہے۔

    تل ابیب یونیورسٹی کے محققین کے مطابق مطالعے سے دیکھا گیا کہ شادی کے معیار اور فیملی لائف سے زندگی کی طوالت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں، ریسرچ میں شامل جن مردوں نے بتایا کہ ان کی شادی ناکام ہے، وہ کامیاب شادی والے مردوں کے مقابلے میں کم عمر میں مر گئے۔

    یاد رہے کہ جولائی 2018 میں نیواڈا اور مشیگن کی یونیورسٹیز کے محققین نے ایک تحقیق کے نتائج میں کہا تھا کہ ناخوش گوار شادی سے جسمانی صحت پر بے تحاشا منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس تحقیق کے دوران ماہرین نفسیات نے 373 جوڑوں کو 16 برس تک مانیٹر کیا۔

  • منال خان کی شادی کب ہوگی؟

    منال خان کی شادی کب ہوگی؟

    معروف پاکستانی اداکارہ منال خان حال ہی میں احسن محسن اکرام کے ساتھ منگنی کے بندھن میں بندھی ہیں اور اب ان کے مداح ان کی شادی کا بے تابی سے انتظار کرر ہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق منال خان کے منگیتر احسن محسن اکرام کی جانب سے گزشتہ شام سوالات پوچھنے کا سیشن رکھا گیا، احسن محسن اکرام کی جانب سے سیشن کے شروع ہوتے ہی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے ہزاروں سوالات کا انبار لگ گیا۔

    مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے احسن نے بتایا کہ وہ کراچی میں رہتے ہیں، ان کا گھر کراچی میں ہے اور انہیں لاہور شہر بھی پسند ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی بار منال خان سے شوٹنگ کے دوران ایک سیٹ پر ملے تھے اور وہ جلد ہی اپنی محبت کی مکمل کہانی بھی سب کو سنائیں گے۔

    شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں احسن کا کہنا تھا کہ وہ ابھی سوچیں گے کہ انہوں نے شادی 2021 میں کرنی ہے یا 2022 میں۔

    خیال رہے کہ منال خان کی بہن ایمن خان کی شادی سنہ 2018 میں ہوئی تھی جس کی بے شمار تقریبات کئی روز تک چلتی رہیں جس پر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

  • جیسنڈا آرڈرن نے شادی سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا

    جیسنڈا آرڈرن نے شادی سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے باضابطہ طور پر شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کےمطابق جیسنڈا آرڈرن نے باضابطہ طور پر شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جیسنڈا آرڈرن اپنی شادی روایتی دھوم دھام سے کرنے کی بجائے سادگی سے کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

    40 سالہ جیسنڈا 44 سالہ ٹی وی شو کے میزبان کلارک گیفولڈ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی، جیسنڈا آرڈرن اور کلارک گیفولڈ کی ملاقات 7 سال قبل اُس وقت ہوئی تھی جب کلارک پارلیمان میں کسی قانونی تبدیلی کے حوالے سے اپنی شکایت درج کروانے آئے تھے۔

    مقامی میڈیا نے بدھ کے روز بتایا کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن گرمیوں کے دوران شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن تاریخ ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    انتخابی وعدے پورے: وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ایک بار پھر دل جیت لئے

    جیسنڈا نے مقامی ریڈیو کو بتایا انھوں نے مل کر شادی کی تاریخ طے کر لی ہے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم نے ابھی کسی کو اس کے بارے میں بتایا ہے، ہاں مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہمیں شاید کچھ دعوت نامے بھیجنے چاہئیں۔

    واضح رہے کہ جیسنڈا آڈرن نیوزی لینڈ کی سب سے کم عمر وزیر اعظم بن گئی تھیں جب انھوں نے 2017 میں اقتدار سنبھالا، وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے ماں بننے والی چند رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔

  • ونیزہ احمد کی شادی کس طرح ہوئی؟

    ونیزہ احمد کی شادی کس طرح ہوئی؟

    ماضی کی معروف ماڈل  اور اداکارہ ونیزہ احمد کی شادی کی خبر انکے مداحوں اور دوستوں کو اچانک ملی تھی، کئی سالوں بعد ونیزہ احمد نے اس  معاملے پرخاموشی توڑدی ہے۔ 

    تفصیلات کے مطابق ونیزہ احمد نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں میزبان ندا یاسر سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی شادی کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کو 25 سال سے جانتی تھیں، اس وقت انہوں نے شادی کرنے کا سوچا لیکن حالات سازگار نہیں تھے۔

    اس کے بعد وہ امریکا چلے گئے جبکہ ونیزہ اپنے کیریئر میں مصروف ہوگئیں۔

    ونیزہ کے مطابق بہت سالوں بعد وہ واپس آئے تو انہوں نے پھر سے شادی کی پیشکش کی اور اس بار ونیزہ نے ہاں کردی۔

    ونیزہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف 3 دن بعد ہی شادی کی تاریخ رکھ لی تھی کہ کہیں وہ پھر سے اپنا فیصلہ نہ بدل لیں، کیونکہ وہ شادی سے بہت خوفزدہ تھیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سادگی سے شادی کرنا ان کی ترجیحات میں شامل تھا لہٰذا یہ شرط تھی جو انھوں نے رکھی۔

  • انسٹاگرام کی محبت، بھارتی لڑکی عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں پہنچ گئی

    انسٹاگرام کی محبت، بھارتی لڑکی عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں پہنچ گئی

    نئی دہلی: بھارت کے شہر میرٹھ کی رہائشی عائشہ محبت کی خاطر سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اپنے محبوب کے گاؤں پہنچی اور عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں کی زندگی بسر کرنے لگی، دونوں کی دوستی انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کی رہائشی عائشہ اور بہار کے صدام کا رابطہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے ہوا، پہلے ان دونوں میں دوستی ہوئی اور پھر جلد ہی یہ دوستی محبت میں بدل گئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

    صرف 5 ماہ قبل محبت کے رشتے میں بندھنے والی عائشہ اپنے شہر میرٹھ سے تن تنہا دہلی اور پھر صدام کے گاؤں ارریہ پہنچ گئی۔

    عائشہ کا تعلق ایک متمول گھرانے سے تھا تاہم محبت کی خاطر اس نے عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر صدام کے لیے گاؤں کی زندگی بسر کرنے کو ترجیح دی۔

    اس واقعے کا علم جیسے ہی مقامی رکن اسمبلی وجے کمار منڈل کو ہوا، انہوں نے اس جوڑے کو اپنی رہائش گاہ پر بلا کر دونوں کی مرضی معلوم کی، پھر صدام کے اہل خانہ کی رضا مندی اور عائشہ کے بالغ ہونے کے مصدقہ کاغذات دیکھ کر اپنی رہائش گاہ پر ہی دونوں کا نکاح کروا دیا۔

    عائشہ کے اہل خانہ اس شادی کے لیے راضی نہیں تھے لیکن عائشہ نے محبت کی خاطر سب کو چھوڑ دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس ماحول میں عائشہ کی پرورش ہوئی ہے اس کے لیے ایک اجنبی مقام کی زبان اور تہذیب و ثقافت بالکل مختلف ہے لیکن اس نے اپنے شوہر صدام اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔