Tag: شادی

  • شادی میں بچوں کے گینگ کی فلمی کارروائی، لاکھوں کا سونا چوری کر لیا

    شادی میں بچوں کے گینگ کی فلمی کارروائی، لاکھوں کا سونا چوری کر لیا

    لاہور: لاہور میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں بچوں کے گینگ نے فلمی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا سونا چوری کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار میں شادی کی ایک تقریب میں بچو‍ں کے ایک گینگ نے مہمانوں کو لوٹ لیا، چور بچوں نے مہمانوں کو نہ صرف نقد رقم بلکہ زیورات سے بھی محروم کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب میں منظم بچوں کا گینگ تیار ہو کر داخل ہوا تھا، گینگ نے نہایت شاطرانہ انداز میں مہمانوں کو نشانہ بنایا اور مجموعی طور پر 21 تولہ سونا اور ایک لاکھ نقدی چوری کر کے فرار ہو گئے۔

    شادی میں شریک متاثرین نے پولیس کو درخواست دی ہے کہ انھیں تقریب میں لوٹا گیا۔

  • شادی کیوں نہیں کر رہیں؟ مہوش حیات کا دلچسپ جواب

    شادی کیوں نہیں کر رہیں؟ مہوش حیات کا دلچسپ جواب

    معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے شادی کے سوال پر دلچسپ جواب دے دیا، انہوں نے کہا کہ شادی کے علاوہ بھی زندگی میں اور بہت سے کام ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گھبرانا منع ہے میں معروف اداکاروں مہوش حیات اور شہریار منور نے شرکت کی۔

    پروگرام میں شہریار منور نے اپنی زندگی کی ساتھی کے بارے میں بتایا کہ وہ بااعتماد، حس مزاح سے بھرپور اور اچھی انسان ہونی چاہیئے۔

    مہوش حیات نے پرمزاح انداز میں کہا کہ یہ ساری خوبیاں ان میں موجود ہیں اور وہ سنگل ہیں لیکن شادی نہیں کرنا چاہتیں۔

    واسع چوہدری نے دریافت کیا کہ کیوں جس پر مہوش نے کہا کہ انہیں زندگی میں بہت کام ہیں۔ انہوں نے فیض احمد فیض کا مشہور زمانہ مصرعہ پڑھا کہ اور بھی دکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا۔

    شہریار نے کہا کہ ان دونوں کو آج تک ایک ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں مل سکا لیکن اگر موقع ملا تو وہ دونوں ضرور ساتھ کام کریں گے۔

  • ارطغرل غازی کے کردار نے پاکستان میں شادی کی خواہش کا اظہار کردیا

    ارطغرل غازی کے کردار نے پاکستان میں شادی کی خواہش کا اظہار کردیا

    پاکستان میں ترکی کے مشہور ترین ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے 3 کرداروں نے پاکستان کا دورہ کیا، ایک اداکار نے پاکستانی خاتون سے شادی کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی میں درویز اسحٰق، کلتجا اور گنکت ایلپ کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں نے پاکستان کا دورہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تینوں اداکاروں کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کا دورہ کر کے نہایت خوشی ہوئی۔

    گنکت ایلپ کا کردار ادا کرنے والے اداکار نے انکشاف کیا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ پاکستانی ڈراموں میں ضرور کام کریں گے اور اس حوالے سے جلد ایک سرپرائز بھی دیں گے۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں پاکستانی خواتین بہت اچھی لگیں اور وہ پاکستان میں شادی کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ ابھی تک سنگل ہیں۔

    تینوں اداکاروں نے پاکستان کا دورہ کرنے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔

  • بختاور بھٹو کی شادی کا لباس کس طرح تیار کیا گیا؟

    بختاور بھٹو کی شادی کا لباس کس طرح تیار کیا گیا؟

    سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کا لباس تیار کرنے والی ڈیزائنر وردہ سلیم کا کہنا ہے کہ لباس کی تیاری میں مقامی مارکیٹ میں موجود سب سے عمدہ اور نفیس معیار کا سامان استعمال کیا گیا۔

    بختاور بھٹو 29 جنوری کو صنعت کار محمود چوہدری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، ان کی شادی کا سنہری لباس پاکستانی ڈیزائنر وردہ سلیم نے تیار کیا تھا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے وردہ سلیم نے اس لباس کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ بختاور بھٹو کے لباس کی تیاری میں بھی مقامی مارکیٹ میں موجود سب سے عمدہ اور نفیس معیار کا سامان استعمال کیا گیا۔

    وردہ کا کہنا تھا کہ نکاح کے لباس کی تیاری میں پرلز، ریشم کی تار، سلور اور گولڈ زری کی تار، فرنچ ناٹس، زردوزی کا کام اور سلور اور گولڈ لیدر کا کام کیا گیا، جوڑے کا کپڑا بھی ہاتھ سے تیار کردہ شیفون ہے جو کہ مقامی سطح پر تیار کیا جاتا ہے۔

    بختاور کے نکاح کی تقریب کی تصاویر جاری ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر کہا جارہا تھا کہ بختاور بھٹو کے لباس پر سونے کی تاروں سے کام ہوا تھا اور اس میں ہیرے جڑے ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں یہ بھی کہا جارہا تھا کہ بختاور بھٹو کے نکاح کا لباس مہنگا ترین تھا اور اس کی قیمت کروڑوں میں تھی۔

    تاہم اب وردہ سلیم کا کہنا تھا کہ بختاور بھٹو کے لباس میں نہ سونے کی تار استعمال ہوئی اور نہ ہیرے جڑے ہیں، تاہم یہ جان کر خوشی ہوئی کہ کام ہی اتنا نفیس تھا کہ لوگوں کو یہ گمان ہوا اور یہ ایک طرح سے ہماری تعریف ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس لباس کی تیاری میں 45 کاریگروں نے حصہ لیا اور 7 ہزار گھنٹوں سے زائد وقت یعنی لگ بھگ 6 سے 7 ماہ لگے اور اس دوران 2 سے 3 ماہ ڈبل شفٹس میں 24 گھنٹے بھی کام کیا گیا۔

  • بختاوربھٹو کی مہندی کے دوپٹے پر کیا لکھا تھا؟

    بختاوربھٹو کی مہندی کے دوپٹے پر کیا لکھا تھا؟

    سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور زرداری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں اور اپنی زندگی کے اس اہم موقع پر وہ اپنی والدہ کو نہ بھول سکیں۔

    بختاور زرداری صوبہ پنجاب کے ایک صنعت کار محمود چوہدری سے 29 جنوری کو شادی کے بندھن میں بندھیں اور تب سے ان کی شادی کی مختلف تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

    بختاور کی شادی کے ملبوسات بھی اس وقت زیر بحث ہیں۔

    نکاح کے موقع پر بختاور نے فیشن ڈیزائنر وردہ سلیم کا تیار کردہ لباس پہنا تھا، جو گولڈن اور پنک رنگوں کے امتزاج سے تیار کیا گیا تھا، نکاح کی تصاویر ان کے بھائی بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹر پر جاری کیں۔

    اب بختاور نے خود بھی اپنے انسٹاگرام پر نکاح اور مہندی کی تقریب اور اس میں پہنے جانے والے ملبوسات کی تصاویر شیئر کی ہیں اور ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر بختاور نے اپنی والدہ کو بے حد یاد کیا۔

    بختاور کی مہندی کا لباس ڈیزائنر زارا شاہجہاں نے تیار کیا تھا، ان کے دوپٹے پر ایک اردو نظم وہ لڑکی لال قلندر تھی کے اشعار سنہری دھاگوں سے کڑھے ہوئے تھے، یہ نظم ان کی والدہ نے نظیر بھٹو کے لیے پڑھی جاتی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Zara Shahjahan (@zarashahjahan)

  • کرونا وائرس کے دوران شادی کی تقریبات کے لیے گائیڈ لائنز جاری

    کرونا وائرس کے دوران شادی کی تقریبات کے لیے گائیڈ لائنز جاری

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا وائرس کے دوران شادی کی تقریبات کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردیں، تقریب صرف 2 گھنٹے پر محیط ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے دوران شادی کی تقریبات کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گائیڈ لائنز کا نفاذ 20 نومبر سے مخصوص شہروں اور شہری علاقوں میں ہوگا۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 7، سندھ کے 2 اور بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے ایک ایک شہر میں شادی گائیڈ لائنز نافذ ہوں گی۔ ان شہروں میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات، بہاولپور، فیصل آباد، کراچی و حیدر آباد کے شہری علاقوں، گلگت، مظفر آباد، پشاور اور سوات شامل ہیں۔

    این سی او سی کی تیار کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق تقریب کا انعقاد اور جگہ کا انتخاب لوکل ہیلتھ اتھارٹی کی مشاورت سے ہوگا، شادی کی ان ڈور تقریب پر پابندی عائد کردی گئی ہے صرف آؤٹ ڈور کی اجازت ہوگی۔

    این سی او سی کے مطابق مرکیز میں شادی کی تقریب کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی، شادی کی آؤٹ ڈور تقرہب میں کنوپی ٹینٹ کا استعمال بھی ممنوع ہوگا۔ آؤٹ ڈور شادی کی تقریب میں ایک ہزار مہمان شرکت کرسکیں گے۔

    گائیڈ لائنز کے مطابق شادی کی تقریب میں شرکا کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا، تقریب کا میزبان کرونا ایس او پیز پر عمل کا ذمے دار ہوگا، تقریب کا دورانیہ صرف 2 گھنٹے ہوگا اور رات 10 بجے تک تقریب ختم کرنی ہوگی۔

    گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ تقریب کے ہر مہمان کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا، ہر مہمان کو ماسک اور سینی ٹائزر فراہم کرنا میزبان کی ذمہ داری ہوگی۔ شادی کی تقریب میں کاغذ والا تولیہ اور جراثیم کش دواؤں کا استعمال ہوگا۔

    تقریبات میں شامل گاڑیوں کی ڈس انفیکشن کروانا لازم ہوگا، تقریب میں استعمال سے قبل کیمرہ اور فون بھی ڈس انفیکٹ کروانا ہوگا، تقریب میں کارپٹس اور میٹس کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، تقریب میں شریک ہر فرد کا بخار چیک کرنا لازم ہوگا۔

    این سی او سی کے مطابق تقریب میں بوفے ڈنر یا لنچ کی اجازت نہیں ہوگی، صرف لنچ باکس یا ٹیبل سروس کی اجازت ہوگی۔ ولیمے کی تقریب میں مہمانوں کے لیے فوڈ باکسز کا استعمال کیا جائے گا۔ ولیمے میں مہمانوں کو ٹیبل پر کھانا دینے کی اجازت ہوگی۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ تقریب میں مصافحہ اور گلے ملنے پر پابندی ہوگی، ایک ہزار مہمانوں کی تقریب 36 ہزار مربع فٹ جگہ پر ہوگی، 250 مہمانوں کی تقریب 9 ہزار مربع فٹ اور 100 مہمانوں کی تقریب 3600 مربع فٹ جگہ پر ہوگی، تقریب میں ہر فرد مربع 6 فٹ رقبے میں بیٹھے گا۔

    گائیڈ لائنز کے تحت شادی کی تقریب میں 4 فٹ والی گول میز کے گرد صرف ایک فرد بیٹھے گا، 5 فٹ والی گول میز کے گرد 2 افراد اور 7 فٹ والی گول میز کے گرد 3 افراد بیٹھ سکیں گے۔

    شادی کے مہمانوں کے نام اور رابطوں کی تفصیلات محفوظ رکھنا ہوں گی، ایونٹ مینیجر مہمانوں کی تفصیلات 15 دن تک محفوظ رکھے گا، مینیجر بوقت ضرورت ہیلتھ اتھارٹی کو مہمانوں کی تفصیلات فراہم کرے گا۔

  • امریکا: شادی کی تقریب سے متعدد علاقوں میں کرونا وائرس پھیل گیا

    امریکا: شادی کی تقریب سے متعدد علاقوں میں کرونا وائرس پھیل گیا

    واشنگٹن: امریکا میں ایک شادی کی تقریب متعدد علاقوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن گئی، مذکورہ تقریب کی وجہ سے 177 افراد وائرس کا شکار جبکہ 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی شمال مشرقی ریاست میئن کے مضافات میں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کرنے والے 177 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے جن میں سے 7 ہلاک ہوگئے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب اگست کے اوائل میں ہوئی تھی جس میں 50 افراد کی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 65 افراد شریک ہوئے، چرچ میں تقریب کے بعد مہمانوں کو عشائیہ دیا گیا۔

    10 روز بعد تقریب میں شریک 2 درجن سے زائد افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے تفتیش بھی شروع کردی۔

    سی ڈی سی کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد شادی کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ تقریب سے ریاست کے کئی علاقے کرونا وائرس کے مرکز بن گئے اور اسی طرح اس علاقے میں 370 کلومیٹر دور ایک جیل میں بھی 80 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق اس جیل کا گارڈ بھی شادی کی تقریب میں شریک تھا۔

    اسی علاقے میں واقع ایک چرچ میں بھی 10 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والے 6 افراد اور 39 متاثرین مذکورہ قصبے سے 160 کلو میٹر دور نرسنگ ہوم میں تھے۔

    ٹاؤن کونسل کے سربراہ کوڈی مک ایون کا کہنا ہے کہ ہم نے جب وبا پھیلنے کی خبر سنی ہم پریشان ہوگئے، جیسے جیسے وبا پھیلتی گئی ہم نے قصبے کو مکمل طور پر دوبارہ بند کردیا۔

    واقعے کے بعد شہریوں کی جانب سے بھی شدید غصے کا اظہار کیا گیا اور مذکورہ مقام کے منتظمین پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا جبکہ حکام نے مذکورہ ہوٹل کا لائسنس بھی منسوخ کردیا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے امریکا دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی اموات 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔

    اب تک امریکا میں کرونا وائرس کے 69 لاکھ 25 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 25 لاکھ 30 ہزار 876 ہے۔ ملک میں زیر علاج 14 ہزار 179 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ملک میں 41 لاکھ 91 ہزار 894 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • دھوم دھام سے شادی کرنے پر دولہا، دلہن اور باراتی گرفتار

    دھوم دھام سے شادی کرنے پر دولہا، دلہن اور باراتی گرفتار

    رباط: مراکش میں کرونا وائرس کے خلاف عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کرنے والے دولہا، دلہن اور بارات کے شرکا کو گرفتار کر لیا گیا، ملک بھر میں شادیوں کی تقاریب منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مراکشی پولیس نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر پابندیوں کی خلاف ورزی پر دولہا، دلہن اور باراتیوں کو گرفتار کر لیا، شادی ملک کے شمالی شہر تطوان میں منعقد کی گئی تھی۔

    میڈیا کے مطابق دولہا دلہن نے شادی کے موقع پر باقاعدہ بارات کا انتظام کیا، شہر کے مرکزی علاقے میں ایک مشہور سیاحتی مقام تک بارات لے گئے تاکہ وہاں یادگاری تصاویر بنوا سکیں۔

    تاہم جلد ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، مراکشی پولیس نے دولہا، دلہن کے ساتھ بارات میں شامل تمام مہمانوں کو بھی گرفتار کرلیا۔ پوری بارات کو علاقے کے تھانے لے جایا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ دولہا دلہن نے شادی خاموشی سے کی تھی تاہم تصویر بنانے کے شوق نے سارا معاملہ خراب کردیا۔

    مقامی حکام نے دولہا اور دلہن سمیت تمام باراتیوں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

    خیال رہے کہ مراکشی شہر تطوان سمیت 8 بڑے شہروں میں جولائی کے آخر میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا جہاں کرونا وائرس کے مریض کثیر تعداد میں سامنے آئے تھے۔

    حکام نے کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں شادیوں کی تقاریب منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: لاک ڈاؤن میں شادیوں کی شرح میں اضافہ

    متحدہ عرب امارات: لاک ڈاؤن میں شادیوں کی شرح میں اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں لاک ڈاؤن کے دوران شادیوں کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا، لاک ڈاؤن میں مقامی شہری اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 2 ہزار 354 شادیوں کا اندراج ہوا ہے۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ نکاح کا سب سے زیادہ اندراج فروری کے مہینے میں ہوا ہے جس کے دوران 327 افراد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، اپریل میں صرف 26 شادیاں ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق دبئی میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران بھی نکاح کا اندراج جاری رہا۔

    دبئی کی عدالتوں سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2020 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 810 اماراتی جوڑوں نے شادیاں کی ہیں۔ اماراتی شوہر اور غیر اماراتی دلہن پر مشتمل 414 جوڑوں کے نکاح ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق غیر ملکیوں میں شادیوں کی تعداد 1 ہزار 130 ریکارڈ کی گئی جو کہ کل نکاح ناموں کا 48 فیصد ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں طلاقوں کی شرح میں بھی اضافہ دیکھا گیا، سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 466 طلاقیں ہوئیں تاہم اپریل اور مئی کے دوران کوئی طلاق نہیں ہوئی۔

  • بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

    بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

    بیروت: لبنانی دارالحکومت بیروت میں قیامت خیز دھماکے کے وقت ایک دلہن کی ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے جو عین دھماکے کے وقت اپنے فوٹو شوٹ میں مصروف تھیں۔

    وہ دن 29 سالہ اسرا صبلانی کی شادی کا دن تھا اور وہ سفید لباس میں ملبوس تصاویر کھنچوا رہی تھیں جب ویڈیو میں قیامت خیز دھماکے کی آواز آتی ہے۔ دھماکے سے پس منظر میں ہوٹل کی شیشے کی کھڑکیاں ٹوٹتی ہوئی نظر آتی ہیں جبکہ زمین پر مختلف اشیا کا مبلہ بکھر جاتا ہے۔

    صبلانی امریکا میں بطور ڈاکٹر اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور واقعے کے روز وہ بیروت کے 34 سالہ بزنس مین سے شادی کرنے جارہی تھیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ 2 ہفتوں سے اپنی شادی کی تیاریاں کر رہی تھیں اور اس دن کے لیے بے حد خوش تھیں۔ دھماکے کی آواز سن کر انہیں پہلا خیال یہی آیا کہ وہ مرنے والی ہیں۔

    صبلانی اس دن دھماکے کے مقام سے قریب تھیں اور دھماکے کے بعد انہوں نے وہاں پہنچ کر کچھ زخمیوں کو چیک بھی کیا۔

    ان کے شوہر کہتے ہیں کہ وہ اس دھماکے سے اب تک صدمے کی حالت میں ہیں، وہ زندگی میں پہلے کبھی ایسی صورتحال سے نہیں گزرے۔

    صبلانی اور ان کے شوہر نے اس دن دھماکے کے بعد افسردہ دلی سے شادی کی رسومات مکمل کیں، صبلانی کا کہنا ہے کہ وہ اس دھماکے سے متاثر لوگوں کے لیے بے حد افسردہ اور پریشان ہیں۔