Tag: شادی

  • فون پر دوستی اور شادی کا ڈراپ سین، لڑکی سامان لے کر فرار

    فون پر دوستی اور شادی کا ڈراپ سین، لڑکی سامان لے کر فرار

    کراچی: شہر قائد میں موبائل فون پر دوستی کے بعد شادی کا فلمی ڈراپ سین سامنے آیا ہے، لڑکی زیور اور نقدی لے کر گھر سے فرار ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ایک نوجوان کی خاتون کے ساتھ موبائل فون پر دوستی ہوئی جس کے بعد دونوں شادی پر رضا مند ہوئے اور پھر انہوں نے شادی بھی کی تاہم اب اس کا فلمی ڈراپ سین سامنے آیا۔

    شوہر کے مطابق بیوی نے ایک رات فون کر کے جلدی گھر آنے کا کہا اور جب میں گھر پہنچا تو دروازے پر تالا لگا ہوا تھا، جس پر میں نے اہلیہ کو فون کیا تو اُس کا موبائل بند تھا۔

    شوہر کا کہنا ہے کہ انہوں نے گھر میں داخل ہوکر دیکھا تو الماری اور درازیں کھلی ہوئی تھیں اور اُن میں سے سامان باہر نکلا پڑا تھا۔ شوہر کے مطابق اہلیہ گھر سے اہم دستاویزات، ایک لاکھ روپے کے زیورات لے کر غائب ہوئی۔

    شوہر نے متعلقہ تھانے میں مقدمے درج کرنے کے لیے درخواست دائر کی جس میں یہ بھی بتایا گیا کہ فرار ہونے سے ایک روز قبل اُس کی اہلیہ نے دونوں کے موبائل سے تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی تھیں۔ درخواست میں بتایا گیا کہ دونوں نے دسمبر میں کورٹ میرج کی اور دو ماہ ساتھ رہنے کے بعد فروری میں لڑکی سامان لے کر فرار ہوگئی۔

  • فیس بک کی دوستی : چینی دولہا دیسی دلہنیا لینے پاکستان پہنچ گیا

    فیس بک کی دوستی : چینی دولہا دیسی دلہنیا لینے پاکستان پہنچ گیا

    جہلم : فیس بک کی دوستی پیار میں بدل گئی، چینی دولہا دیسی دلہنیا لینے پاکستان پہنچ گیا، نکاح کی سادہ تقریب میں قریبی عزیزوں نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم کی رہائشی سونیا کی دوستی چھ ماہ پہلے فیس بک پر چینی نوجوان سے ہوئی اورپھر یہ تعلق بڑھتا گیا یہاں تک کہ چینی دوست نے مشرقی لڑکی کو شادی کا پیغام دے ڈالا۔

    پہلے تو سونیا نے انکار کیا جو بعد میں اقرار میں بدل گیا، چینی نوجوان نے خوابوں کی شہزادی کو پانے کیلئے حلقہ بگوش اسلام ہونا بھی قبول کرلیا۔

    چینی باشندے کا اسلامی نام احمد رکھا گیا، پھردونوں نے اپنے بزرگوں کی اجازت سے شادی کا پروگرام بنا لیا، احمد اپنی برات لے کر جہلم پہنچ گیا ۔

    بعد ازاں سادہ تقریب میں اس کی سونیا کےساتھ شادی ہو گئی، مقامی ہوٹل میں ہونے والی شادی کی تقریب میں دلہا دلہن کےاہل خانہ شریک ہوئے۔

  • نابینا دلہن کے لیے خوبصورت تحفہ

    نابینا دلہن کے لیے خوبصورت تحفہ

    اپنی شادی کی تصاویر دیکھنا ہر شخص کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے جس میں وہ اپنی زندگی کے یادگار لمحوں کو ایک بار پھر سے یاد کرتا ہے۔ لیکن کیسا محسوس ہوگا اگر کوئی شخص ان یادگار لمحات کو نہ دیکھ سکے۔

    سڈنی کی ایک نابینا دلہن کو شاید زندگی بھر یہی افسوس رہتا تاہم اس کے فوٹوگرافر نے اسے ایک سرپرائز دے دیا۔

    جیمس ڈے نامی ایک فوٹوگرافر نے جوڑے کی شادی کو عکس بند کیا تھا لیکن اسے افسوس تھا کہ اس کی کھینچی ہوئی تصاویر دلہن اسٹیف نہیں دیکھ سکے گی کیونکہ وہ نابینا تھی۔

    اسٹیف ایک حادثے میں اپنی بینائی سے محروم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد وہ روب سے ملی جو اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ اسٹیف شادی کے لیے تیار نہیں تھی تاہم روب نے اسے قائل کرلیا۔

    مزید پڑھیں: وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ کھینچ لی

    اسٹیف ہمیشہ سے پریوں کی کہانی جیسی شادی منعقد کرنا چاہتی تھی جن کی خوبصورت تصاویر زندگی بھر کے لیے یادگار رہتیں، لیکن اب وہ ایسا کر بھی لیتی تو اس سب کو دیکھ نہیں سکتی تھی۔

    فوٹوگرافر جیمس بھی چاہتا تھا کہ اس کی بنائی ہوئی تصاویر خود دلہن ضرور دیکھے اور اس کے لیے وہ کچھ منفرد انداز اپنانا چاہتا تھا۔

    بالآخر ایک سال کی محنت کے بعد اس نے ایک منفرد فوٹو البم تشکیل دیا۔ اس نے تصاویر کو بریل (ابھرے ہوئے نقطوں) اور خوبصورت دھاگوں میں تبدیل کردیا۔

    اس کے ساتھ اس نے اس البم میں خوشبوؤں، موسیقی اور اس موقع کی آوازوں کا بھی اضافہ کیا جو دیکھنے والے کو واپس ان لمحات میں لے جاتا ہے۔

    اسٹیف کو یہ خوبصورت تحفہ بے حد پسند آیا، اس کا کہنا تھا کہ وہ ان تصاویر کو دیکھ نہیں سکتی لیکن انہیں چھوتے ہی وہ پھر سے ان لمحات میں واپس پہنچ جاتی ہے۔

  • برطانیہ میں خاتون نے کمبل سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا

    برطانیہ میں خاتون نے کمبل سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا

    دنیا بھر میں خواتین شریک حیات کیلئے بہترین مرد کا انتخاب کرتی ہیں لیکن برطانوی خاتون نے اپنے کمبل سے بے پناہ محبت باعث اسے جیون ساتھی بنانے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 49 سالہ پاسکل سلیک نامی خاتون نے عروسی کی تقریبات منعقد کرنے والے ادارے کی مدد سے اپنے ’کمبل‘سے شادی کا اعلان کرکے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنی شادی میں دعوت عام دی ہے جو چاہے پاسکل کے ساتھ ان کی خوشی میں شریک ہوسکتا ہے۔

    پاسکل سلیک نامی خاتون کا کہنا ہے کہ ’میرا کمبل بڑاطاقتور اور بہترین ہے جس کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہوں گے اور یہ بے وفائی بھی نہیں کرتا‘۔

    پاسکل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے کمبل سے بہت محبت کرتی ہوں، میں نے لوگوں کو اس لیے اپنی شادی میں مدعو کیا ہے تاکہ وہ میرے مستقل اور آرام دہ جیون ساتھی کے ساتھ تعلق کے گواہ رہیں۔

    مزید پڑھیں: قدیم محل کا بھوت اسی کا گارڈ نکلا

    مزید پڑھیں : ’بھوت‘ سے شادی کرنے والی خاتون نے علیحدگی کا اعلان کردیا

    عروسی کی یہ عجیب و غریب تقریب 10 فروری کو منعقد ہوگی جس میں پاسکل سلیک نائٹ گاؤن زیب تن کریں گیں اور پاؤں میں چپّل پہنیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ خاتون نے شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں سے بھی گاؤن پہننے اور ہاتھوں‌ میں‌ گرم پانی کی بوتل یا بھالوں رکھنے کی درخواست کی ہے۔

  • شادی کے ریسیپشن پر دپیکا کی سنہری ساڑھی نے سب کا دل جیت لیا

    شادی کے ریسیپشن پر دپیکا کی سنہری ساڑھی نے سب کا دل جیت لیا

    بالی ووڈ کی معروف جوڑی دپیکا اور رنویر اٹلی کے خوبصورت مقام لیک کومو پر ازدواجی بندھن میں بندھ کر واپس بھارت آچکے ہیں، انہوں نے اپنا پہلا ریسیپشن بنگلور میں منعقد کیا جہاں دپیکا کی سنہری ساڑھی نے سب کا دل جیت لیا۔

    دپیکا اور رنویر کی شادی 14 نومبر کو ہوئی تھی جس کے بعد بھارت واپس آ کر جوڑے نے پہلا رییسپشن گزشتہ رات منعقد کیا۔ ریسیپشن بنگلور کے لیلا محل میں منعقد کیا گیا۔

    اس موقع پر بھی دونوں نے مشہور بھارتی ڈیزائنر سبیاسچی کے ڈیزائن کردہ لباس زیب تن کیے۔ رنویر اور دپیکا نے اپنی شادی کی تمام تقریبات میں اسی ڈیزائنر کے لباس پہنے تھے۔

    تقریب میں دونوں کے قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔

    دونوں اسی ماہ 28 تاریخ کو ممبئی میں ایک اور ریسیپشن کی میزبانی کریں گے جس میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔

  • دپیکااوررنویرکی شادی کی تقاریب کا آغاز

    دپیکااوررنویرکی شادی کی تقاریب کا آغاز

    معروف بھارتی اداکار دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے گھروں میں شادی کی تقاریب کا آغاز ہوگیا ہے ، شادی رواں ماہ کے و سط میں انجام پائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق شادی کی تقاریب کا آغاز دپیکا کے گھر سے ہوا ، جہاں شادی سے قبل انجام دی جانے والی مذہبی رسومات انجام دی گئیں ، اس کے بعد رنویر سنگھ کے گھر ان کی ہلدی کی رسم انجام دی گئی۔

    دونوں ہی اداکار فلم انڈسٹری کے مانے ہوئے ستارے ہیں اور ان کے کروڑوں مداح بے چینی سے اپنی پسندیدہ شخصیات کو شادی کے بندھن میں جڑتا دیکھنے کے انتظار کررہے ہیں، شادی کی مرکزی تقریب 14 اور 15 نومبر کو انجام پائے گی۔

    ہلدی کی رسم کے موقع پر رنویر سنگھ روایتی آف وائٹ کرتے میں ملبوس ہوئے ، جو کہ برصغیر میں عموماً اس موقع پر پہنا جاتا ہے ۔ اپنے گھر کی بالکونی میں سیلفیز لیتے رنویر کے انگ انگ سے خوشی جھلک رہی ہے۔

    دپیکا نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے موقع پرنارنجی رنگ کا سوٹ زیب تن کیا تھا جو کہ ان کے لیے خصوصی طور پر سبیاساچی نامی ڈیزائنر لمپنی نے تیار کیا ہے ، جبکہ ان کی شادی کا خصوصی لباس بھی یہی تیار کررہے ہیں۔پوجا کی رسم میں دپیکا نے بالوں میں جوڑا باندھا ہوا تھا جبکہ اُن کے کانوں میں جھمکے بھی تھے۔

    دپیکا پڈو نے چند روز قبل ممبئی میں واقع سُنار کی دکان پر پہلے سے منتخب کی جانے والی جیولری لی تھی ، جس میں اداکارہ کے پوجا کی رسم میں پہنے جانے والے جھمکے بھی شامل ہیں ، مجموعی طور پر جیولری کی قیمت ایک کروڑ روپے ہے جبکہ دپیکا نے رنویر سنگھ کو شادی کا تحفہ دینے کے لیے جو سونے کی چین اور لاکٹ خریدا ،اُس کا وزن 200 گرام اور قیمت 20 لاکھ روپے ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز سے ہی دپیکا اور رنویر کی شادی کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھی البتہ دونوں نے اس پر خاموشی اختیار کی ہوئی تھی تاہم باجی راؤ مستانی اورپدما وتی کے اداکاروں نے 21 اکتوبر کو اپنی شادی کی تاریخ کا خود ہی اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر دعوت نامہ شیئر کیا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Deepika Padukone (@deepikapadukone) on

  • نیپال میں ہندو پجاری کم عمری کی شادیوں کے خلاف ڈٹ گئے

    نیپال میں ہندو پجاری کم عمری کی شادیوں کے خلاف ڈٹ گئے

    کھٹمنڈو: نابالغ اور کم عمر بچیوں کی شادیاں ایک بڑا معاشرتی مسئلہ ہے اور یہ انہیں شمار طبی و نفسیاتی مسائل میں مبتلا کرنے کا سبب بنتا ہے۔ نیپال میں بھی اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے کچھ ہندو پجاری اپنی مذہبی حیثیت کو استعمال کرتے ہوئے والدین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنی کم عمر بچیوں کی شادی نہ کریں۔

    نیپال میں کام کرنے والے ایک سماجی ادارے کے مطابق ملک میں 38 سے 50 فیصد لڑکیاں 18 سال کی عمر سے قبل بیاہ دی جاتی ہیں۔ یہ شادیاں لڑکی کے خاندان والوں کی خواہش پر ہوتی ہیں اور کم عمر لڑکیوں کو انتخاب کا کوئی حق نہیں ہوتا۔

    یاد رہے کہ نیپال میں گزشتہ 54 سالوں سے کم عمری کی شادی پر پابندی عائد ہے لیکن دور دراز دیہاتوں کے لوگ اب بھی اپنی لڑکیوں کی شادیاں جلدی کردیتے ہیں۔ یہ ان کی قدیم خاندانی ثقافت و روایات کا حصہ ہے اور ان دور دراز علاقوں میں قانون بھی غیر مؤثر نظر آتا ہے۔

    مزید پڑھیں: افریقی ممالک میں کم عمری کی شادی غیر قانونی قرار

    دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کم عمری کی شادی لڑکیوں کو بے شمار طبی مسائل میں مبتلا کردیتی ہے۔ کم عمری کی شادی کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ لڑکیاں چاہے جسمانی اور ذہنی طور پر تیار نہ ہوں تب بھی وہ حاملہ ہوجاتی ہیں۔

    کم عمری کے حمل میں اکثر اوقات طبی پیچیدگیاں بھی پیش آتی ہیں جن سے ان لڑکیوں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔

    اسی مسئلے کو دیکھتے ہوئے نیپال کے مغربی حصے میں واقع ایک گاؤں میں ہندو مذہبی رہنماؤں اور پجاریوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس برائی کو روکنے کی کوشش کریں گے۔

    ان ہی میں سے ایک پجاری 66 سالہ دیو دت بھٹ کہتے ہیں کہ ان کے پاس ایک نو عمر لڑکی کے والدین اس کی شادی کے سلسلے میں مشورہ کرنے کے لیے آئے۔ اس لڑکی کی عمر صرف 16 برس تھی۔

    nepal-3

    دیو دت نے ان پر زور دیا کہ وہ کم از کم اپنی لڑکی کو 20 سال کی عمر تک پہنچنے دیں اس کے بعد اس کی شادی کریں۔

    انہوں نے بتایا کہ اکثر والدین ان کے پاس آکر اپنی لڑکی کی عمر کے بارے میں جھوٹ بولتے ہیں، جس کے بعد وہ اس لڑکی کا پیدائشی ’چینا‘ دیکھتے ہیں جس سے انہیں اس کی صحیح عمر کے بارے میں علم ہو جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کم عمری کی شادیاں پائیدار ترقی کے لیے خطرہ

    نیپالی زبان میں چینا دراصل ماہرین نجوم کی جانب سے بنایا گیا مستقبل کی پیش گوئی کرتا چارٹ ہے جو نیپالی ثقافت کے مطابق ہر پیدا ہونے والے بچے کا بنایا جاتا ہے۔ اس چارٹ میں درج کی جانے والی معلومات بشمول تاریخ پیدائش اور سنہ بالکل درست ہوتا ہے جس سے کسی کی بھی درست عمر کو چھپایا نہیں جاسکتا۔

    دیو دت نے بتایا کہ وہ اکثر والدین کو یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ بے شک اپنی لڑکیوں کا رشتہ طے کردیں مگر شادی کو چند سالوں کے لیے مؤخر کردیں۔

    اس کام میں دیو دت اکیلے نہیں ہیں۔ گاؤں میں ان جیسے کئی مذہبی پجاری ہیں جو اس کام میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں ڈیڑھ کروڑ شادیاں ایسی ہوتی ہیں جن میں دلہن کی عمر 18 سال سے کم ہوتی ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں ہر 3 میں سے 1 لڑکی کی جبراً کم عمری میں شادی کر جاتی ہے۔

  • ’مائیکل‘ کی وجہ سے ائیرپورٹ پر شادی

    ’مائیکل‘ کی وجہ سے ائیرپورٹ پر شادی

    فلوریڈا: امریکا میں آنے والا سمندری طوفان ’مائیکل‘ کی وجہ سے امریکی جوڑے نے اپنی شادی منسوخ نہیں کی بلکہ ائیرپورٹ پر رسم رکھ کر ازدواجی بندھن میں بندھ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں آنے والے سمندری طوفان نے شدید تباہی مچا رکھی ہے جس کے باعث نظام زندگی بری طرح سے مفلوج ہوا مگر  مقامی جوڑے نے اس کی پرواہ نہیں کی اور ایک نئی تاریخ رقم کرڈالی۔

    فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی لوری اور جم بیری نے اپنی رسم کی تاریخ پہلے ہی مقرر کردی تھی طوفان کی پیش گوئی کے بعد انہیں خدشہ تھاکہ ’مائیکل‘ اُن کی تقریب کو متاثر کرسکتا ہے، محبت کی شادی کرنے والے جوڑے نے اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے طوفان سے ٹکر لی اور ائیرپورٹ کے محفوظ مقام پر ازدواجی بندھن میں بندھ گئے۔

    امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوبیہاتا جوڑے کا کہنا تھا کہ انہیں نے شادی کے لیے 10 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی، طوفان نے سارے پروگرام کو خراب کیا مگر ہم دونوں نے اپنے عزم پر قائم رہتے ہوئے اُسی روز شادی کا فیصلہ کیا جبکہ ہمارے دماغ میں کوئی بھی محفوظ مقام نہیں تھا۔

    مزید پڑھیں: امریکا: سمندری طوفان ’مائیکل‘ بموں کی ’ماں‘ قرار

    لوری کا کہنا تھا کہ 10 اکتوبر کو ہی شادی کرنے کی ایک اہم وجہ یہ تھی کہ اسی روز ہماری دوستی ہوئی جسے اب 10 سال اور 10 مہینے گزر چکے۔

    دلہن کا کہنا تھا کہ اُس نے کورٹ ، چرچ سب جگہ پر معلوم کیا کہ ہماری شادی آج کے دن ممکن ہے مگر ہنگامی حالات کی وجہ سے تمام مقامات کو بند کیا گیا تھا اسی دوران ٹی وی پر دیکھا کہ ایک صحافی ائیرپورٹ پر کھڑے ہوکر رپورٹ کررہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نے فوراً جیری کو فون کر کے بتایا کہ فلوریڈا ائیرپورٹ پر ہم شادی کرسکتے ہیں، جس کے بعد ہم نے پلان کیا اور گھر سے شادی کا جوڑا پہن کر نکلے‘۔

    لوری کا کہنا تھاکہ ’ائیرپورٹ انتظامیہ ہمیں دیکھ کر مسافر سمجھی اور بتایا کہ موسم کی خرابی کے باعث پروازیں منسوخ ہیں پھر ہم نے وہاں پر وکیل کو بلایا اور رسم کی‘۔

    انوکھی شادی میں ائیرپورٹ پر موجود اسٹاف نے شرکت کی اور اسے یادگار بنایا۔ دلہن کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہمارے اپنے اہل خانہ شرکت نہیں کر سکے مگر غیر لوگوں نے اس کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیا۔

  • برطانوی شہزادی یوجین کی شادی، شاہی بیگوں کی آن لائن فروخت

    برطانوی شہزادی یوجین کی شادی، شاہی بیگوں کی آن لائن فروخت

    لندن : برطانوی شہزادی یوجین اور عام شہری جیک بروکس بینک کی شادی میں شریک مہمانوں نے شاہی محل سے تحفے میں ملنے والے ہینڈ بیگز آن لائن فروخت کرنا شروع کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکہ برطانیہ کی پوتی اور ملکہ بننے کی نویں امیدوار شہزادی یوجین اور عام شہری جیک بروکس بینک کی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو تحفے میں دئیے گئے ہینڈ بیگ آن لائن فروخت ہورہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شاہی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے تقریباً ایک درجن ہینڈ بیگ آن لائن ویب سائٹ ’ای بے‘ پر ایک ہزار پاؤنڈ میں فروخت کے لیے لگائے گئے ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے ونڈسر پیلس کی جانب سے پرنسس آف یارک کی عروسی میں شریک 12 سو مہمانوں میں تقسیم کیے گئے تھے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ونڈسر پیلس کی جانب سے بیگز میں فریج میگنیٹ، پانی کی بوتل، چھوٹی ڈبل روٹی، چاکلیٹ کا سکہ اور بغیر آستین والا کوٹ شامل تھا۔

    شاہی محل کی جانب سے شادی میں شریک مہمانوں کو دئیے جانے والے بیگز کو فروخت کرنے کے لیے ویب سائٹ پر دئیے گئے اشتہار پر لکھا تھا کہ ’آج موقع ہے کہ برطانوی شاہی تاریخ کا ایک حصّہ آپ خریدیں‘۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز ونڈسر محل میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں 850 نجی مہمانوں نے شرکت کی تھی جنہیں تحفے میں بیگ نہیں دئیے گئے تھے، 850 مہمانوں میں برطانیہ کی مشہور ماڈل کارا ڈیلی ونگنی اور گلوکار روبی ولیم بھی شریک تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شاہی بیگز شہزادی یوجین کی شادی میں شرکت کرنے والے 2640 عام مہمانوں میں تقسیم کیے گئے تھے، تحفے میں دئیے گئے بیشتر بیگز 1 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز برطانوی شہزادے ہیرے اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے 5 ماہ بعد ملکہ برطانیہ کی پوتی اور شہزادہ اینڈریو کی چھوٹی بیٹی شہزادی یوجین اپنے قریبی دوست اور عام شہری کی دلہن بنیں تھیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پرنسس آف یارک کہلائی جانے والی 28 سالہ شہزادی یوجین دوست جیک بروکس بینک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تھیں جو ونڈسر محل کے سینٹ جارج چیپل میں منعقد ہوئی تھی۔

  • برطانوی وزیر اعظم شادی میں بن بلائے جا پہنچیں

    برطانوی وزیر اعظم شادی میں بن بلائے جا پہنچیں

    کسی کی شادی میں اگر وزیر اعظم شرکت کرنے پہنچ جائیں تو دلہا دلہن اور ان کے اہلخانہ خوشی سے نہال ہوجاتے ہیں، ایسا ہی کچھ ایک برطانوی جوڑے کے ساتھ ہوا جن کی شادی میں وزیر اعظم تھریسا مے پہنچ گئیں وہ بھی بغیر دعوت کے۔

    مشال اور جیسن نامی اس جوڑے نے انگلینڈ کے ایک جزیرے میں بحری کشتی پر اپنی شادی کا انعقاد کیا تھا۔

    جب وہ ایجاب و قبول کی رسم ادا کر رہے تھے تو اچانک برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کشتی پر نمودار ہوئیں اور وہاں موجود تمام لوگ خوشی سے اچھل پڑے۔

    تھریسا مے اپنے شوہر فلپ کے ساتھ اسی جزیرے پر تعطیلات منانے آئی تھیں اور سوئے اتفاق شادی کی تقریب کے وقت وہ آس پاس ہی موجود تھیں۔

    جوڑے نے انہیں مدعو کیا کہ وہ ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں تو مے نے کہا کہ وہ ایسے لباس میں ملبوس نہیں جو کسی شادی میں شرکت کے لیے موزوں ہو، تاہم پھر بھی انہوں نے چند تصاویر بنوا لیں۔

    دلہا اور دلہن نے ان کی غیر متوقع آمد اور اپنی شادی کو یادگار بنانے پر ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔