Tag: شارجہ

  • شارجہ میں پی آئی اے ملازم نے ایمان داری کی مثال قائم کر دی

    شارجہ میں پی آئی اے ملازم نے ایمان داری کی مثال قائم کر دی

    کراچی: شارجہ میں پی آئی اے کے ایک ملازم نے فرض شناسی اور ایمان داری کی مثال قائم کر دی، جب انھوں نے ہزاروں درہم سے بھرا ایک گمشدہ پرس اس کے مالک کے حوالے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پشاور سے شارجہ جانے والی پرواز پر ایک مسافر اپنا پرس جہاز پر بھول گیا تھا، پرس میں تقریبا 15 ہزار درہم سمیت ضروری کاغذات موجود تھے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کے کیبن کی صفائی کے دوران قومی ایئر لائن کے ملازم اسامہ خان کو نقدی اور پرس سمیت ضروری کاغذات ملے، جس پر اس نے فی الفور پیشہ ورانہ اقدام کرتے ہوئے مسافر کو بروقت اطلاع دے دی۔

    ملازم نے ایئرپورٹ پر موجود گراؤنڈ ہینڈلنگ ٹیم کی موجودگی میں تمام رقم اور پرس مسافر کے حوالے کر دی، مسافر نے پی آئی اے عملے کی ایمان داری اور سروسز کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    پابندی اٹھنے کے بعد پی آئی اے کا یورپ فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا نیا خدشہ

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ایمان داری اور با اعتمادی کے ایسے اقدامات سے پی آئی اے پر مسافروں کے اعتماد کو خوب تقویت ملتی ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے شعبہ انجینئرنگ انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی کے سبب پی آئی اے کے 34 کے فلیٹ میں 17 طیارے گراؤنڈ ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے یورپ فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 کے 12 طیاروں میں سے 7 گراؤنڈ ہیں، ایئر بس 320 ساختہ 17 طیاروں میں سے 7 گراؤنڈ ہیں، جب کہ 5 اے ٹی آر طیاروں میں سے صرف 2 طیارے فلائٹ آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔

  • شارجہ کے رہائشیوں کو فلو کے مفت ٹیکے لگانے کا فیصلہ

    شارجہ کے رہائشیوں کو فلو کے مفت ٹیکے لگانے کا فیصلہ

    شارجہ میں صحت کے شعبے سے وابستہ اہلکار آج (11 ستمبر) سے 2ہزار بزرگ شہریوں اور کمزور افراد کو ان کے گھروں میں موسمی انفلوئنزا کی ویکسین مفت فراہم کرنا شروع کردیں گے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلود العلی، ڈائریکٹر، سینئرز سروسز سینٹر، ایس ایس ایس ڈی نے کہا کہ گزشتہ سال 1,155 افراد نے حفاظتی ٹیکے لگوائے تھے، جبکہ شارجہ سوشل سروسز ڈیپارٹمنٹ (SSSD) نے کے مطابق ویکسینیشن مہم موسم سرما کے اختتام تک جاری رہے گی۔

    محکمہ صحت کے بیان کے مطابق محکمہ کی جانب سے یہ مہم ہر سال بوڑھوں اور معذور لوگوں کی صحت کو فروغ دینے کے لیے چلائی جاتی ہے، نیز ہوم کیئر ٹیم کے ذریعے ان کو ان کی رہائش گاہ پر مفت موسمی انفلوئنزا ویکسین فراہم کرنے کے SSSD کے ہدف کی حمایت بھی کرتا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کا کا ڈیٹا بیس،بشمول الذھد سٹی، البطحی، کلبہ، خرفکن، دبہ الحسن، الحمریہ، المدام، اور الملیحہ میں ویکسین وصول کرنے والوں کی معلومات شامل ہیں، جیسے کہ انہیں کیا بیماریاں ہیں اور ان کی موجودہ صحت کی حالت کیا ہے۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے مسلسل تیسرے ماہ فیول کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یو اے ای میں نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر سے کردیا گیا ہے، نئی قیمتوں میں 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل ہے۔

    امارات میں سپر پیٹرول 98 کی قیمت 3.14 درہم سے بڑھا کر 3.42 درہم لیٹر کردی گئی ہے، اسی طرح پیٹرول 95 کی قیمت 3.02 درہم سے بڑھا کر3.31 درہم لیٹر کردی گئی۔

  • ایئرپورٹس پر 2 مسافروں کے پیٹ سے 98 ہیروئن بھرے، 89 آئس بھرے کیپسول برآمد

    ایئرپورٹس پر 2 مسافروں کے پیٹ سے 98 ہیروئن بھرے، 89 آئس بھرے کیپسول برآمد

    کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 98 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہو گئے، جب کہ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 89 آئس بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر شارجہ جانے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے پیٹ سے ہیروئن سے بھرے اٹھانوے کیپسول برآمد ہوئے ہیں۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 89 آئس بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، خیبر کے غیر آباد علاقے میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 20 کلو چرس برآمد ہوئی۔

    راوی موٹر وے ٹول پلازہ لاہور سے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 91 کلو چرس اور 28 کلو افیون برآمد کی گئی، بند بوسن روڈ ملتان کے قریب سے ملزم سے 4 پیکٹ افیون برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم کی نشان دہی پر اس کے گھر میں بنے خفیہ خانے سے مزید 8 پیکٹ افیون برآمد کی گئی۔

    جتیک اسٹاپ کوئٹہ کے قریب سے ملزم سے 1 کلو 500 گرام چرس برآمد ہوئی، پاک افغان بارڈر چمن پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی، اور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 14400 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے ان کے خلاف مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • عرب امارات: ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنے پر خوفناک حادثہ

    عرب امارات: ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنے پر خوفناک حادثہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں تیز رفتار گاڑی کے ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنے پر خوفناک حادثہ رونما ہوگیا، بے قابو گاڑی سے ٹکرا کر ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک مقامی شہری جان کی بازی ہار گیا۔

    شارجہ کے الشرقیہ علاقے کی پولیس کے ڈائریکٹر کرنل علی الحمودی نے بتایا کہ کلبا شہر میں وادی الحلم کے مقام پر ٹریفک حادثہ پیش آیا، اطلاع ملتے ہی موبائل فورس اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

    حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شہری کو اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    کرنل علی الحمودی نے بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ مقامی شہری بلدیاتی کونسل کا ملازم تھا اور حادثے کے وقت ڈیوٹی پر تھا، سڑک کے کنارے گاڑی پارک کر کے ڈیوٹی پر جا رہا تھا، اسی دوران ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا۔

    گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتارکرلیا گیا ہے، اس نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اچانک آنکھ لگنے پر گاڑی کنٹرول سے باہر ہوگئی، اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

    کرنل علی الحمودی نے ڈرائیوروں سے کہا کہ وہ ٹریفک قواعد و ضوابط کی پابندی کریں، شاہراہوں پر مقررہ رفتار کی حد کی پابندی کریں۔ تھکان یا نیند کی صورت میں گاڑی روک کر محفوظ جگہ پارک کریں۔ ایسا اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔

  • شارجہ کے فلیٹ میں نشہ آور پودے اگانے کا انکشاف، حکام کی کارروائی

    شارجہ کے فلیٹ میں نشہ آور پودے اگانے کا انکشاف، حکام کی کارروائی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں نشہ آور پودے پکڑے گئے ہیں جنہیں وہیں رہائشی افراد کاروبار کے لیے اگا رہے تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پبلک پراسیکیوشن شارجہ کی ایک رہائشی عمارت میں نشہ آور پودے اگانے کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    ایک رہائشی عمارت کے انچارج نے پبلک پراسیکیوشن کو رپورٹ کی تھی کہ اسے عمارت کے ایئر کنڈیشن سسٹم کی دیکھ بھال کے دوران نشہ آور پودے نظر آئے ہیں، پولیس کو اس کی رپورٹ کی گئی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن نے اطلاع ملتے ہی پولیس کے ہمراہ رہائشی عمارت کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ متعلقہ فلیٹ میں نشہ آور پودے ایک شیلٹر کے اندر لگائے گئے ہیں۔

    رہائشی عمارت سے نشہ آور اشیا کے استعمال میں کام آنے والے آلات بھی برآمد ہوئے، پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ دو ایشیائی افراد نے کاروبار کے لیے نشہ آور پودے اگائے ہوئے تھے۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ نشہ آور پودوں کی کاشت قابل سزا جرم ہے، اس پر موت تک کی سزا دی جاسکتی ہے۔

  • شارجہ میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں رعایت

    شارجہ میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں رعایت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ کی پولیس نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے 60 روز میں ادا کرنے پر 35 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شارجہ پولیس نے ریاست میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر مستقل رعایت کے فیصلے کے نفاذ کا آغاز کیا ہے۔

    پولیس کی مجلس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے 60 روز میں ادا کرنے پر 35 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر محمد النقبی نے کہا کہ یہ رعایت مستقل دی جائے گی تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر کیے جانے والے جرمانے مستثنیٰ ہوں گے، سنگین خلاف ورزیوں میں حد سے زیادہ رفتار سے خطرناک شکل میں ڈرائیونگ پر مقرر جرمانہ شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رعایت ٹریفک خلاف ورزی کے ارتکاب کی تاریخ سے 2 ماہ کے اندر جرمانہ ادا کرنے پر لاگو ہوگی۔

    اگر کسی شخص نے ٹریفک خلاف ورزی کے ارتکاب کے 60 دن بعد جرمانہ ادا کیا تو ایسی صورت میں اسے 25 فیصد رعایت دی جائے گی بشرطیکہ خلاف ورزی کے ارتکاب پر ایک سال کا عرصہ نہ گزرا ہو، سال پورا ہونے پر رعایت ختم ہوجائے گی۔

  • عرب بیوی کو بچاتے ہوئے پاکستانی شوہر نے جان دے دی

    شارجہ: ایک پاکستانی شوہر نے شارجہ میں اپنی عرب بیوی کو بچاتے ہوئے جان دے دی۔

    خلیجی اخبارات کی رپورٹس کے مطابق شارجہ پولیس جنرل کمانڈ ایک 24 سالہ پاکستانی شہری کی موت کے سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے، جو اپنی عرب بیوی کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کے دوران ڈوب پر جاں بحق ہو گیا۔

    یہ واقعہ اتوار کی رات شارجہ کے الممزر ساحل پر پیش آیا، جس میں ایک پاکستانی شوہر اپنی عرب بیوی کو ڈوبنے سے بچاتے ہوئے خود سمندر کی لہروں کی نذر ہو گیا۔

    عرب خاتون الممزر ساحل پر تیراکی کے دوران اونچی لہروں میں پھنس گئی تھیں، یہ منظر دیکھ کر پاکستانی شوہر انھیں بچانے کی کوشش کے دوران خود سمندر میں ڈوب گئے۔

    ریسکیو ٹیموں اور ساحل پر موجود لوگوں نے خاتون کو بچا لیا، تاہم ان کے شوہر کو نہ بچایا جا سکا، بعد ازاں خاتون کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

    سینٹرل آپریشن روم کو واقعے کی اطلاع ایک مقامی شہری نے دی، جس پر اہلکاروں نے مستعدی سے کارروائی کی، ٹیم نے پاکستانی شہری کی لاش سمندر سے نکال لی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شارجہ پولیس کی ریسکیو ٹیموں، اور شارجہ سول ڈیفنس اتھارٹی کی میری ٹائم ریسکیو ٹیم نے عوام کے تعاون سے خاتون کو بچایا۔

    شارجہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سمندر میں طغیانی کے دوران تیراکی سے گریز کیا جائے۔

  • ایک کروڑ مالیت کے آئی فون اور الیکٹرانک اشیا کی اسمگلنگ ناکام

    ایک کروڑ مالیت کے آئی فون اور الیکٹرانک اشیا کی اسمگلنگ ناکام

    کراچی: ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ایئرپورٹ کراچی نے 1کروڑ  روپے مالیت کی الیکٹرانک اشیاء کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شارجہ سے آنے والے دو پاکستانی مسافروں معیز علی اور کاشف بٹ کے سامان کو چیک کیا گیا جس کے پاس سے موبائل فونز اور الیکٹرانک اشیاء  برآمد ہوئی ہیں۔

     کسٹمز ترجمان کے کے مطابق مسافروں کے سامان کی مکمل ایگزامینیشن کے دوران بھاری تعداد میں موبائل فونز ،موبائل ٹیبلیٹ، اسمارٹ واچز، اسمارٹ ریسٹ بینڈ اور فوڈ اسٹف برآمد کیا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اسمگل شدہ موبائل الیکٹرونک اشیاء کی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسز  52 لاکھ روپے بنتی ہیں، برآمد شدہ سامان کو ضبط اور دونوں مسافروں کو گرفتار کر کے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    حکام نے بتایا کہ مسافروں کا مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے، جب کہ اس کے علاوہ دوسری کاروائی میں انٹرنیشنل ڈپارچر لاونج میں کسٹمز عملے نے دبئی جانے والے مسافر کے سامان  سے مقدار سے زیادہ کپڑا برآمد کر کے ضبط کیا ہے۔

  • شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار

    شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار

    کراچی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے مسافر گزشتہ 24 گھنٹے سے شارجہ ایئرپورٹ پر محصور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ سے پشاور آنے والی ایئر بلو کی پرواز پی اے 613 فنی خرابی کے باعث اڑان نہ بھر سکی، مسافر گزشتہ 24 گھنٹے سے شارجہ ایئرپورٹ پر محصور ہیں۔

    مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بلو انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی وطن واپسی کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، شارجہ ایئرپورٹ پر کئی گھنٹے سے موجود مسافروں کو کھانے پینے سمیت کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں ہوٹل بھی منتقل نہیں کیا گیا اور نہ ہی پرواز کی روانگی کے حوالے سے درست معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

    ترجمان ایئر بلو کے مطابق طیارے میں فنی خرابی ہوگئی تھی، طیارہ شارجہ ایئرپورٹ پر گراؤنڈ کیا گیا ہے، انجینیئرز کی ٹیم پارٹس کے ہمراہ لاہور سے شارجہ روانہ کردی گئی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن شارجہ ایئرپورٹ پر امیگریشن نے مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی

  • فنی خرابی پر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ

    فنی خرابی پر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ

    کراچی: فنی خرابی پر شارجہ جانے والی ایک پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے شارجہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 209 میں اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد فنی خرابی پیدا ہو گئی۔

    کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اجازت ملنے کے بعد کپتان نے طیارے کو بہ حفاظت کراچی ایئر پورٹ پر اتار لیا۔

    قومی ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ پی کے 209 کو فنی خرابی پیدا ہونے پر کراچی ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کرائی گئی، انجینئر طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کر رہے ہیں، فنی خرابی دور ہوتے ہی پرواز کو شارجہ کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔

    پی آئی اے کی پرواز میں فضائی میزبان کو دل کا دورہ

    یاد رہے کہ 16 فروری کو ابوظبی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز 264 میں فضائی میزبان کو دل کا دورہ پڑ گیا تھا، دوران پرواز فضائی میزبان مبشر علی کو دل میں تکلیف محسوس ہوئی، جس پر کپتان نے لاہور ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل میڈیکل ٹیم طلب کر لی، طیارہ لینڈ ہوتے ہی میڈیکل ٹیم نے جہاز کے اندر پہنچ کر مبشر علی کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔