Tag: شارجہ

  • شارجہ کے حکمران نے خوشخبری سنا دی

    شارجہ کے حکمران نے خوشخبری سنا دی

    شارجہ کے حکمران نے افریقا سے باہر دنیا کی سب سے بڑی سفاری عوام کے لیے کھول دی ہے۔

    شارجہ سفاری پارک کو افریقا سے باہر دنیا کا سب سے بڑا سفاری پارک قرار دیا جا رہا ہے، جو 120 اقسام کے جانوروں اور ایک لاکھ سے زیادہ افریقی درختوں کا گھر ہے۔

    جمعرات کو پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے نائب حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کو پارک کا افتتاح کرتے اور سیر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    ویڈیو میں صحرا کے وسط میں 8 مربع کلو میٹر کی جگہ پر جھیلوں اور ہریالی دکھائی گئی ہے، یہ سفاری نخلستان کے شہر الدھید کے قریب بنایا گیا ہے۔

    یہ سفاری ہفتے کے 7 دن صبح ساڑھے 8 سے لے کر شام ساڑھے 6 بجے تک کھلی رہے گی، ٹکٹس تین کیٹیگریز پر مشتمل ہیں، گولڈ، سلور اور برونز، پیدل سفر کے لیے قیمتیں 40 درہم سے شروع ہوتی ہیں، اور لگژری ٹرپ کے لیے قیمتیں 275 درہم تک ہیں۔

    گولڈ کیٹیگری خاندانوں کے لیے پرائیویسی کے ساتھ ہے، اس میں ایک پرائیویٹ گائیڈ کے ساتھ ایک پرائیویٹ کار بھی سیاحوں کو لے کر جاتی ہے، جب کہ دیگر زمروں میں لوگ ان سہولیات کے بغیر سفاری اور مختلف ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    ماحولیات میں سپورٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر شمسہ الکتبی نے بتایا خوب صورت قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لیے خاندانوں اور بچوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں بہت سے ریسٹورنٹس اور آرام خانے بھی شامل ہیں۔

  • جیکٹ میں ایک لاکھ سے زائد ریال لے جانے والا مسافر پکڑا گیا

    جیکٹ میں ایک لاکھ سے زائد ریال لے جانے والا مسافر پکڑا گیا

    کراچی: ایئر پورٹس سیکورٹی فورس نے ایک کارروائی میں منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، پشاور ایئر پورٹ پر ایک مسافر سے ایک لاکھ سے زائد سعودی ریال برآمد کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف اہل کاروں نے پشاور ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت بخت محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو شارجہ جا رہا تھا۔

    اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے قبضے سے ایک لاکھ 20 ہزار سعودی ریال برآمد کیے، کرنسی کی مالیت مقامی کرنسی میں 56 لاکھ 2 ہزار تین سو روپے سے زائد بنتی ہے۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق مسافر بخت محمد نے سعودی کرنسی بیگ کے اندر رکھے ایک جیکٹ میں مہارت کے ساتھ چھپا رکھی تھی، تاہم عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران کرنسی برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔

    اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • دبئی کرکٹ کونسل نے پاک بھارت سیریز کرانے کی پیشکش کر دی

    دبئی کرکٹ کونسل نے پاک بھارت سیریز کرانے کی پیشکش کر دی

    دبئی کرکٹ کونسل نے پاک بھارت سیریز کرانے کی پیش کش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین دبئی کرکٹ کونسل عبدالرحمان نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی کی پیش کش کی ہے۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں شارجہ میں پاک بھارت میچز ایک جنگ کی طرح ہوتے تھے، وہ ایک کھیل کی جنگ ہوتی تھی جو کرکٹ کے لیے بہت اچھی تھی۔

    عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے راضی کر لیں تو یہ بہترین ہوگا، سال میں ایک یا دو بار دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ہو سکتی ہے۔

    دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان فلک ناز

    چیئرمین دبئی کرکٹ کونسل نے یہ بھی کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے ان کے تعلقات اچھے ہیں، بھارت اگر راضی ہوتا ہے دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان سیریز مفید ہوگی۔

    آئی سی سی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلیے پرُعزم

    واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین آئی سی سی نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل موجود ہیں، لیکن کرکٹ ملکوں کے تعلقات کو بہتر کر سکتی ‏ہے، ہم پاکستان میں چیمپیئز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے بارے میں پُرامید ہیں، پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ ہو رہی ‏ہے جس کے پیش نظر پاکستان کو یہ ایونٹ دیا گیا ہے۔

  • پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا 31 اکتوبر سے اسکول بحال کرنے کا اعلان

    پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا 31 اکتوبر سے اسکول بحال کرنے کا اعلان

    اماراتی ریاست شارجہ کی پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اکتیس اکتوبر سے اسکولوں میں تدریسی عمل مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی شارجہ میں دیگر ریاستوں کی طرح تدریسی عمل آن لائن کردیا گیا تھا تاکہ بچوں کو صحت کو محفوظ رکھا جاسکے۔

    وبائی صورتحال پر قابو پانے کے بعد شارجہ کی پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 31 اکتوبر سے تعلیمی اسکولوں میں بحال ہوجائے گا۔

    انتظامیہ نے والدین اور اسکولوں پر زور دیا کہ وہ اسکولوں میں محفوظ تعلیم اور بچوں کی مکمل واپسی میں مدد کریں۔

    پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی حکام نے کہا کہ آن لائن تعلیم کے نتائج غیرتسلی بخش ہیں جس پر قابو کےلیے اسکولوں میں مکمل طور پر واپسی بے حد ضروری ہے۔

    اتھارٹی نے فیصلہ اسکولوں میں بچوں کی مکمل واپسی کا فیصلہ شارجہ کمیٹی آف کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منجمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

  • متحدہ عرب امارت جانے والے سیاحوں کے لیے خوشخبری

    متحدہ عرب امارت جانے والے سیاحوں کے لیے خوشخبری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سیاحتی و صحرائی تفریحی دوروں پر سے پابندی اٹھا لی گئی، محکمہ سیاحت نے سیاحوں کے لیے ایس او پیز جاری کردی ہیں۔

    مقامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ادارہ فروغ سیاحت و تجارت نے شارجہ میں سیاحتی اور صحرائی سفر بحال کر دیے ہیں۔

    ٹورسٹ گائیڈز کے مطابق اب مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کو صحرا میں سیر و سیاحت کے پروگرام بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔

    ادارہ فروغ سیاحت کا کہنا ہے کہ سیاحوں، ملاقاتیوں، ملازم پیشہ افراد، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو صحت و سلامتی کے ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔

    ادارے کے سربراہ خالد المدفع نے کہا کہ شارجہ کے حکام نے صحرائی اور سیاحتی تفریحی دوروں سے پابندی اٹھا کر تمام سیاحتی سرگرمیوں کی راہ بحال کردی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سب کچھ بتدریج بحال ہوجائے گا، اس حوالے سے ادارہ فروغ سیاحت نے ایس او پیز گائیڈ بھی جاری کر دی ہے۔

  • شارجہ میں ڈرائیو ان سینما

    شارجہ میں ڈرائیو ان سینما

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ڈرائیو ان سینما کھلنے جارہا ہے جس میں فلم بین اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر فلم سے محظوظ ہو سکیں گے۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے جلد ختم ہو جانے کے تاحال کوئی آثار نظر نہیں آرہے، اس لیے مستقبل قریب میں سینما گھروں کے دوبارہ کھلنے کا بھی کوئی امکان نہیں، اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اماراتی حکام نے ڈرائیو ان سینما کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں یہ نیا سینما یکم جولائی سے نئے تفریحی مقام مدار میں کھل رہا ہے اور اربن انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے لانچ کیا جا رہا ہے جو آؤٹ ڈور اسکریننگ کا انعقاد کرنے والی دبئی کی کمپنی ہے۔

    مذکورہ سینما میں رات 8 بجے سے فلمیں دکھائی جائیں گی، امارات میں کرونا وائرس اور اس کے حالات کے پیش نظر یہ دوسرا ڈرائیو ان سینما لانچ ہونے جا رہا ہے۔

    اس سے قبل گذشتہ ہفتے واکس سینیماز نے بھی دبئی کے مال آف ایمریٹس میں ڈرائیو ان تھیٹر لانچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • شارجہ، رہائشی عمارت میں آگ تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    شارجہ، رہائشی عمارت میں آگ تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں 48 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ سامنے آگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ 48 منزلہ رہائشی عمارت ابکوٹاور میں آتشزدگی ممنوعہ کلیڈنگ شیٹس کی وجہ سے تیزی سے پھیلی جو عمارت کے بیرونی حصے میں خوبصورتی کے لیے لگائی جاتی ہیں۔

    آپریشن روم کے قائمقام ڈائریکٹر اور شارجہ پولیس کے محکمہ فارنسک کے ڈائریکٹر جنرل، بریگیڈیئر احمد الرسکل نے بتایا کہ النہدہ آگ کی ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ ممنوعہ کلیڈنگ شیٹس ٹاور کے اگلے حصہ میں استعمال ہوئی تھی جس کے سبب آگ تیزی سے پھیلی، آتشزدگی کے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

    Sharjah restrict use of aluminium cladding for high rise building

    بریگیڈیئر السرکل نے کہا کہ ایلومینیم کمپوزٹ کلیڈنگ شیٹس کے استعمال پر شارجہ میں 2017 سے پابندی عائد ہے، پابندی اس لیے عائد کی تھی کہ 2015، 2016 اور 2017 میں بڑے پیمانے پر آگ پھیلنے کی وجہ یہی کلیڈنگ شیٹس بنی تھیں۔

    واضح رہے کہ  شارجہ میں واقعہ 48 منزلہ رہائشی عمارت ابکو ٹاور میں گزشتہ رات اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کئی فلورز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ آتشزدگی کے نتیجے میں 7 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

    آتشزدگی کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو عملے کی جانب سے عمارت کے اندر موجود 250 فیملیز کو ریسکیو کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق بلڈنگ میں آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائر فائٹرز کی ٹیم موقع پر پہنچی اور چند گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    عمارت میں آگ لگنے کے سبب قریب موجود 5 سے زائد دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرالیا گیا، آتشزدگی سے ملبہ اور دیگر سامان گرنے کی وجہ سے بلڈنگ کے نیچے کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    واضح رہے کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل کے وسط میں یو اے ای کے شہر العین میں ایک گھر میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • شارجہ میں تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند کردیے گئے

    شارجہ میں تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند کردیے گئے

    ابو ظہبی: شارجہ کی بلدیاتی کونسل نے تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلر تا اطلاع ثانی بند کر دیے ہیں۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے چھاپہ مار مہم چلائیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں اقتصادی فروغ کے ادارے نے بلدیاتی کونسل کے تعاون سے ریاست میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلر تا اطلاع ثانی بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

    مقامی حکام نے عمل درآمد شروع کردیا گیا۔ باربر شاپ اور بیوٹی پارلر بند کرنے کا فیصلہ صحت عامہ کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدبیر اور بچاؤ کے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔

    شارجہ کا ادارہ اقتصادی ترقی اور بلدیاتی کونسل کے افسران اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے چھاپہ مار مہم چلائیں گے۔

    اقتصادی ترقی کے ادارے نے دکانداروں اور مختلف خدمات فراہم کرنے والوں کو بھی تنبیہ کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے بحران کے بہانے کوئی بھی سامان ذخیرہ نہ کریں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نرخ بڑھانے کے لیے سامان فروخت کرنے میں آنا کانی نہ کریں اور کسی بھی چیز کی قیمت حد سے زیادہ وصول کرنے کی کوشش نہ کریں۔

  • یو اے ای میں خوبرو ملازمہ کی لاش برآمد

    یو اے ای میں خوبرو ملازمہ کی لاش برآمد

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں کثیر المنزلہ عمارت میں رہائش پذیر خوبرو گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق پولیس کو الماہاتہ القسیمہ کے علاقے میں واقع اپارٹمنٹ کے ایک فلیٹ سے غیرملکی خاتون کی لاش ملی ہےاور موت کی وجہ جاننے کے لیے لاش کو فرانزک لیب منتقل کردیا گیا ہے۔

    متوفیہ کی شناخت 28 سالہ ٹیجسٹ کے نام سے ہوئی جو ایتھوپیئن ہے اور غیر قانونی طور پر امارات میں موجود تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے پاس یو اے ای کا ریذیڈنس ویزہ نہیں تھا۔

    پولیس نے اپارٹمنٹ کے چوکیدار اور متوفیہ کے تین دوستوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی ہے جب کی اپارٹمنٹ میں رہنے والے افراد نے بتایا کہ متوفیہ ایک عرب فیملی کے ہاں ملازمہ ہے جس نے اسے 3 ماہ کی تنخواہ نہیں دی اور اس کے زیورات تک لے لیے۔

    پولیس کو دیے گئے بیان میں مکینوں کا کہنا تھا کہ کسمپرسی کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے خاتون کی مالی مدد کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی چیزیں مہیا کیں مگر اس نے کچھ کھانے سے انکار کردیا گیا۔

  • بچے کو کلاس سے کیوں نکالا؟ ٹیچر کو دھمکانے والا شخص مشکل میں پھنس گیا

    بچے کو کلاس سے کیوں نکالا؟ ٹیچر کو دھمکانے والا شخص مشکل میں پھنس گیا

    شارجہ: متحدہ عرب امارات میں طالب علم کے والد کا استاد کو دھمکیاں دینا مہنگا پڑ گیا، ٹیچر نے دھمکانے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایک ماہ قبل شارجہ میں پیش آیا جہاں پرائیویٹ اسکول کے ٹیچر نے طالب علم کو بدتمیزی کرنے پر کلاس سے باہر نکال دیا جس پر بچے کا والد غصے میں آگیا اور ٹیچر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

    پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ملزم کے بچے کا ہم جماعت سے کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر شکایت کنندہ ٹیچر نے ابتدائی طور پر مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو چھڑایا اور معاملہ رفع دفع کروایا ، ٹیچر نے ہاتھا پائی کی اطلاع پرنسپل کو دی اور مذکورہ طالب علم کو پرنسپل کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔

    پراسیکیوٹر کے مطابق طالب علم نے ٹیچر کی ہدایت کو ماننے سے صاف انکار کردیا اور دعویٰ کیا کہ جھگڑا کی وجہ بننے میں اس کا کوئی قصور نہیں تھا جس پر ٹیچر نے کہا کہ ’ میں تمہارے رویے اور نظم وضبط کے حوالے سے اچھی طرح واقف ہوں اور نافرمانی کی وجہ سے تمہارے ڈسیپلن کے نمبرز میں کٹوتی کی جائے گی۔

    بچے نے گھر پر والد کو اسکول ٹیچر سے متعلق بتایا جس پر وہ شخص غصے میں آگیا اور رات گئے مذکورہ ٹیچر کے گھر پہنچا اور اسے مغلظات بکنے کے ساتھ ساتھ اس کی گاڑی جلانے کی بھی دھمکیاں دیں۔

    ٹیچر نے دھمکیاں دینے کی شکایت پولیس کو درج کرائی اور اب ملزم کا ٹرائل جاری ہے ، ملزم کے خلاف دھمکانے کے حوالے معاملہ عدالت میں ہے اور ٹرائل مکمل ہونے پر اس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔