Tag: شاری بلوچ

  • جامعہ کراچی خودکش حملہ : خودکش بمبار شاری بلوچ کے اصل گھر کا سراغ لگا لیا گیا

    جامعہ کراچی خودکش حملہ : خودکش بمبار شاری بلوچ کے اصل گھر کا سراغ لگا لیا گیا

    کراچی : جامعہ کراچی حملے میں خودکش بمبار خاتون کے اصل گھر کا سراغ لگالیا گیا، گھر شاری بلوچ کے والد کا بتایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی خودکش دھماکے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خودکش بمبار شاری بلوچ کے اصل گھر کا سراغ لگالیا۔

    ذرائع سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گلزار ہجری اسکیم 33 میں واقع گھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات گئے کارروائی کی ، گھر شاری بلوچ کے والد کا بتایا جاتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ گھرسے لیپ ٹاپ اوردیگر دستاویزات قبضے میں لی گئی ہیں جب کہ گھر میں سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی میں آمدورفت ہوتی رہی ہے۔

    گھر میں کچھ ہفتے قبل خاتون بمبارکی بہن اسما کی شادی ہوئی تھی، خود کش بمبار شاری بلوچ کے سات بہن بھائی ہیں جب کہ بہن بھی پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہے۔

    ذرائع سی ٹی ڈی نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اہم دستاویزات تحویل میں لینے کے بعد گھر کو سیل کردیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل تحقیقاتی ٹیم خودکش بمبار خاتون کے گلستان جوہر میں واقع فلیٹ پر پہنچی تھی اور فلیٹ کی تلاشی کے بعد فلیٹ کو سیل کردیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ خاتون خودکش حملہ آور نے فلیٹ چار سال قبل کرائے پر لیا تھا، خاتون کی کسی پڑوسی سے ملنا یا بات چیت نہیں تھی۔

    تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ فلیٹ میں صرف ضرورت کا سامان ہے، کوئی فرنیچر نہیں، فلیٹ میں کئی کئی روز تک تالا لگا رہتا تھا۔

  • ‘خود کش دھماکا کرنے والی  شاری بلوچ کا جامعہ کراچی میں کوئی تعلیمی ریکارڈ نہ ملا’

    ‘خود کش دھماکا کرنے والی شاری بلوچ کا جامعہ کراچی میں کوئی تعلیمی ریکارڈ نہ ملا’

    کراچی : جامعہ کراچی کے رجسٹرار کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ملوث شاری بلوچ کا جامعہ کراچی میں کوئی تعلیمی ریکارڈ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے رجسٹرار کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں ملوث شاری بلوچ کاجامعہ کراچی میں کوئی تعلیمی ریکارڈنہیں، اس نام کی ایک خاتون فزکس ڈپارٹمنٹ میں تھی جو پاس آؤٹ ہوچکی۔

    رجسٹرارجامعہ کراچی کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی میں ہر سال 40ہزار سے زائد طلبا و طالبات پاس آؤٹ ہوتے ہیں ، ان سب کے ریکارڈ کی چھان بین کی گئی ہے۔

    خیال رہے کراچی یونیورسٹی کے اطراف سے شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جامعہ کراچی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔

    گذشتہ روز جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکے کے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا تھا ، جس کے نتیجے میں تین چینی اساتذہ سمیت چارافراد جان بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے جامعہ کراچی میں خودکش دھماکا کرنے والی خاتون کی شناخت شیری بلوچ کے نام سے ہوئی تھی ، تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ حملہ آور زولوجی ڈیپارٹمنٹ سے ایم فل کر رہی تھی اور 6 ماہ سےکراچی میں رہائش پذیرتھی۔

    خاتون کے والد حال ہی میں بلوچستان سے گریڈ بیس میں ریٹائرہوئے جبکہ شوہر اور بہن ڈاکٹر اور بھائی ملازمت پیشہ ہیں تاہم اب تک اس کےخاندان کاکوئی کرمنل ریکارڈ نہیں۔