Tag: شام پر حملہ

  • ایران کا اسرائیل اور امریکہ پر دہشت گردوں کی سرپرستی کا الزام

    ایران کا اسرائیل اور امریکہ پر دہشت گردوں کی سرپرستی کا الزام

    تہران : ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ شام میں حزب اختلاف کے حملوں کے پیچھے اسرائیل اور امریکہ کا ہاتھ ہے، یہ دونوں ممالک شام میں دہشتگردی کے ذمہ دار ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے شام میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں لبنان اور فلسطین میں اسرائیل کی شکست کے بعد امریکی اسرائیلی منصوبہ قرار دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ شام میں حزب اختلاف کے حملوں کے پیچھے اسرائیل اور امریکہ کا ہاتھ ہے۔

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے شامی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں شام کی حکومت اس کی قوم اور فوج کے لیے ایران کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شام میں دوبارہ سر اٹھانے والا دہشت گرد گروپ واشنگٹن کا اثاثہ ہے، امریکا اسرائیل شام میں دہشت گردی کے دوبارہ سر اٹھانے کے ذمہ دار ہیں۔

    عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل حیات تحریر الشام کو پراکسی کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، حیات تحریرالشام نے بدھ کو شامی حکومت کے زیرکنٹرول علاقے پر بڑا حملہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ شامی حکومت کے مخالف گروپ نے حلب پر قبضہ کرلیا، شام کے صدربشارالاسد کے مجسمےگرا دیے گئے،سرکاری فوج پیچھے ہٹ گئی۔

    تین روز سے جاری لڑائی میں اب تک تین سو سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باقری نے کہا ہے کہ حلب میں باغیوں نے ایرانی قونصل خانے پر حملہ کیا ہے تاہم تمام ملازمین محفوظ رہے۔

  • اسرائیل نے حلب میں ایئر پورٹ پر میزائل داغ دیے

    اسرائیل نے حلب میں ایئر پورٹ پر میزائل داغ دیے

    حلب: اسرائیل نے حلب میں شام کے فضائی اڈے پر میزائل حملہ کر کے رن وے کو تباہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحیت بند نہ ہوئی، حلب میں شام کے فضائی اڈے پر ایک بار پھر فضائی حملہ کر دیا، جس سے رن وے کو شدید نقصان پہنچا۔

    میزائل حملے سے حلب کے ایئر پورٹ سے پروازیں بند ہو گئیں، شام کے وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ فورسز نے اسرائیل کے کئی مزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

    شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ اسرائیل کی جانب سے شامی ایئر پورٹ پر ایک ہفتے میں دوسرا فضائی حملہ ہے۔

    شامی نیوز ایجنسی نے منگل کو بتایا کہ اسرائیل نے بحیرہ روم سے مقامی وقت کے مطابق شام سوا آٹھ بجے ساحلی شہر لطاکیہ کے مغرب میں میزائل حملہ کیا۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ شام کے فضائی دفاع نے کئی اسرائیلی میزائلوں کو فضا میں روکا، اور انھیں مار گرایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حملے کی وجہ سے تمام پروازوں کا رخ دارالحکومت دمشق کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

  • شام میں اتحادی افواج کی کارروائی کے لیے جعلی رپورٹ تیار ہونے کا انکشاف

    شام میں اتحادی افواج کی کارروائی کے لیے جعلی رپورٹ تیار ہونے کا انکشاف

    لندن: مشرق وسطیٰ کے تاریخی ملک شام میں امریکا اور اتحادی افواج کی کارروائی کے لیے جعلی رپورٹ تیار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایک اہل کار کی شام سے متعلق ای میل لیک ہو گئی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ شام میں بشارالاسد کے خلاف کارروائی کے لیے جعلی رپورٹ تیار کی گئی تھی۔

    جعلی رپورٹ میں شامی صدر بشارالاسد پر شام کے علاقے دوما میں زہریلی گیس حملے کا الزام لگایا گیا تھا۔

    سامنے آنے والی یہ نئی اطلاعات درست ہوئیں تو یہ فرانس، برطانیہ اور امریکا کے لیے باعث شرمندگی ہوگا کہ ان ممالک نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو جواز بنا کر شام میں فوجی کارروائی کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  شام میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری، 23 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ شام میں بشارالاسد کے مفادات پر امریکا اور اتحادیوں سمیت اسرائیل کی جانب سے بھی حملے جاری ہیں، تین دن قبل بھی شام میں ایرانی اور شامی فوجی تنصیبات پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے بم باری کی جس کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق ہوئے۔

    اپریل 2018 میں دوما میں ہونے والے حملے کو اقوام متحدہ کے مبصرین نے کیمیائی حملہ قرار دیا تھا جس کی بنیاد پر امریکا، برطانیہ اور فرانس نے شواہد کا انتظار کیے بغیر ہی شام پر حملہ کر دیا تھا۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں کا کہنا تھا کہ فرانس کے پاس شواہد ہیں کہ شام کے شہر دوما میں کیمیائی ہتھیار یا کم از کم کلورین کا استعمال کیا گیا ہے اور یہ ہتھیار بشار الاسد کی حکومت نے استعمال کیے ہیں۔

  • امریکا کا شام پر حملہ دنیا کے لیے سگنل ہے، ساجد تارڑ

    امریکا کا شام پر حملہ دنیا کے لیے سگنل ہے، ساجد تارڑ

    کراچی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستانی نژاد مشیر ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ امریکا کا شام پر حملہ پوری دنیا کے لیے ایک سگنل ہے کہ ٹاؤن میں نیا شیرف آگیا ہے، گزشتہ آٹھ سال تک ڈیمو کریٹس نے دنیا کا توازن خراب رکھا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک گفت گو کرتے ہوئے کہی (دیکھیں ویڈیو)

    انہوں نے کہا کہ یہ حملہ جنگ کا بہانہ نہیں، دنیا بھر کے میڈیا نے دکھایا ہے کہ شامی فوج نے کیمیائی حملہ کیا جس میں بچے مارے گئے جس کے بعد حملہ کیا گیا، پہلی بات تو یہ ہے کہ اس بات کا ثبوت موجود ہے اور تحقیق کی گئی کہ شامی فوجی ایئر بیس سے جن طیاروں نے پرواز کی وہ کیمیکل ساتھ لے کر چلے تھے اور کیمیکل حملہ بچوں، بوڑھوں اور عورتوں پر کیا گیا۔

    دوسری بات یہ ہے کہ حملے سے قبل تمام مغربی اور مڈل ایسٹ کی ایئرلائنز کو بھی آن بورڈ لیا گیا تھا۔

    ساجد تارڑ نے کہا کہ تیسری اہم بات یہ ہے کہ 8 سال تک امریکا بغیر خارجہ پالیسی چلتا رہا ہے، کئی ریڈ لائن ڈرا کرتا رہا ہے اور ہمیشہ کمزوری دکھاتا رہا ہے لیکن یہ اقدام ایک سگنل ہے پوری دنیا کے لیے بالخصوص شام اور داعش کے لیے کہ ٹاؤن میں نیا شیرف آگیا ہے۔

    ایک سوال پرٹرمپ کے مشیر کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں ایک منی سپر پاور بن چکا ہے جو کہ امریکن ایئرلائنز، امریکی مفادات اور امریکی نیشنل سیکیورٹی کے لیے خطرے کا باعث ہے، ایران کھل کھلا کر سامنے آچکا ہے، شام میں اس کی فوجیں بیٹھی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب روس شام میں داخل ہوا تو امریکا سے پوچھ کر یا امریکا کی مرضی سے نہیں آیا، اب امریکا نارتھ کوریا اور مڈل ایسٹ میں مضبوط اقدامات کرے گا کیوں کہ سابقہ آٹھ برس تک ڈیموکریٹس نے دنیا کا توازن خراب رکھا۔

    ساجد تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب باتیں ٹرمپ کے مینڈیٹ کا حصہ تھیں اور وہ انہیں اپنے سو دن کے وعدے کے مطابق پورا کررہے ہیں اور وہ پہلے صدر ہیں جو اپنے کافی وعدے سو دن کے اندر ہی پورا کرچکے ہیں۔