Tag: شام

  • شام میں ’’نئے دور کی صبح‘‘ کا جشن، رات بھر آتش بازی

    شام میں ’’نئے دور کی صبح‘‘ کا جشن، رات بھر آتش بازی

    دمشق: بشار الاسد رجیم کے خاتمے کے بعد شام میں شہری ’’نئے دور کی صبح‘‘ کا جشن منا رہے ہیں، گزشتہ رات بھر آتش بازی کی جاتی رہی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شامی صدر بشارالاسد کے خاندان کے نصف صدی کے اقتدار کے خاتمے پر شامی شہری ہزاروں کی تعداد میں ’’نئے دور کی صبح‘‘ کا جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے۔

    دمشق کے امیہ اسکوائر پر لوگوں اور گاڑیوں کا ہجوم رہا، اور ہر طرف جھنڈوں کی بہار دکھائی دی، اس موقع پر زبردست آتش بازی بھی کی گئی، ہزاروں لوگ دارالحکومت کی تاریخی اموی مسجد میں جمع ہوئے، کچھ نے 3 ستاروں والا شامی آزادی کا پرچم بلند کیا، جسے اسد کی جابرانہ حکومت کے دوران دارالحکومت میں لہرانے کی ہمت نہیں تھی۔

    حمص، حما اور ادلب سمیت شام کے دیگر شہروں کے چوکوں اور گلیوں میں بھی بھیڑ جمع ہو گئی، اسلام پسند گروپ حیات تحریر الشام کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے شامی باشندوں سے اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی تھی۔

    واضح رہے کہ بشار حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے شام میں جارحیت کا نیا محاذ کھول دیا ہے، رات گئے شام کے اسٹریٹجک علاقوں پر صہیونی فورسز نے بم برسائے، دمشق میں ہوٹل کے قریب بھی حملہ کیا گیا، حملے کے وقت ہوٹل میں صحافیوں سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔

    شام میں رجیم چینج کے بعد روسی فوج ایئر بیس خالی کرنے لگا ہے، فوجی ساز و سامان جہازوں میں منتقل کرنے کی سیٹلائٹ تصاویر سامنے آئی ہیں، ترکیہ 12 سال بعد آج دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول رہا ہے، عرب لیگ نے شامی علاقے میں اسرائیلی حملوں اور بفرزون پر قبضے کی مذمت کی ہے۔

  • شام میں پھنسے 318 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    شام میں پھنسے 318 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    شام میں پھنسے 318 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شام میں پھنسے 318 پاکستانی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں، شام سے لبنان کے شہر بیروت پہنچنے والے پاکستانی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے وطن پہنچے ہیں۔

    پاکستان پہنچنے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے استقبال کیا، احسن اقبال نے کہا شام کی تازہ صورتحال کے باعث زائرین وہاں پھنس گئے تھے۔

    وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو خیریت سے ملک واپس آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستانیوں کی باحفاظت واپسی پر لبنان کے وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔

     یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنانی وزیر اعظم سے رابطہ کیا تھا اور وزیر اعظم کی درخواست پر لبنان نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کئے تھے۔

    واضح رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے قبضے کے نتیجے میں معزول صدر بشارالاسد کے طویل مدتی اقتدار کا خاتمہ ہوگیا تھا جس کے بعد محمد البشیر کو شام میں عبوری حکومت کے وزیراعظم کے طور نامزد کیا گیا تھا۔

  • شام: حافظ الاسد کے مقبرے کو جلا دیا گیا، ویڈیو

    شام: حافظ الاسد کے مقبرے کو جلا دیا گیا، ویڈیو

    شام میں معزول ومفرور صدر بشار الاسد کے والد اور ملک پر تین دہائیوں حکومت کرنے والے سابق صدر حافظ الاسد کے مقبرے کو جلا دیا گیا۔

    شام میں بشار الاسد کے اقتدار چھوڑ کر ملک سے فرار ہونے اور باغی اپوزیشن کی حکمرانی قائم ہونے کے بعد باغی اسد خاندان کی تمام یادوں کو مٹا اور تباہ کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شامی باغیوں نے سابق صدر حافظ الاسد کے مزار کو نذر آتش کیا۔ تین دہائیوں تک شام کے صدر رہنے والے حافظ الاسد کا مزار علوی برادری کے مرکز لطاکیہ میں واقع ہے جہاں ان کے مقبرے کو باغیوں نے جلا ڈالا۔

    انٹرنیشنل میڈیا کی ان ویڈیوز میں فوجی یونیفارم میں ملبوس باغی اور نوجوانوں کو جلتے مقبرے کے قریب کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

     

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مزار کے کچھ حصے کو آگ لگی ہوئی ہے اور اسے شدید نقصان پہنچا ہے۔

    واضح رہے کہ شام میں بغاوت کے بعد باغیوں نے بشار الاسد کے صدارتی محل میں بھی داخل ہو کر لوٹ مار کی تھی جب کہ مظاہرین نے ملک بھر میں حافظ الاسد، ان کے بیٹے اور جانشین بشارالاسد کے مجسمے بھی گرائے گئے۔

  • شام میں روس کے بڑے بحری اڈے سے متعلق تازہ ترین خبر

    شام میں روس کے بڑے بحری اڈے سے متعلق تازہ ترین خبر

    ماسکو: شام میں بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد اب وہاں موجود روسی فوجی اڈوں کے مستقبل کے بارے میں خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کے شہر طرطوس میں روس کا بڑا بحری اڈا قائم ہے، اطلاعات ہیں کہ روس کے بحری جنگی جہاز شامی بندرگاہ طرطوس سے اب نکل گئے ہیں۔

    شام کے بندرگاہی شہر لاذقیہ کے قریب حمی میم میں روس کا ملٹری ایئر بیس بھی قائم ہے، اور یہ دونوں روس سے باہر واحد روسی فوجی مراکز ہیں، جو افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں روس کی سرگرمیوں میں کلیدی کردار کرتے رہے ہیں۔

    روسی سرکاری میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شامی باغی گروپ نے ملک میں موجود روس کی فوجی تنصیبات کی حفاظت کی ضمانت دی تھی، تاہم اب طرطوس بندرگاہ پر روسی فریگیٹ اور تیل بردار جہازوں کو سیٹلائٹ کے ذریعے 9 دسمبر کو نقل و حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

    سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر کے مطابق روسی جہازوں کو طرطوس سے شمال مغرب میں 13 کلومیٹر کے فاصلے پر نقل و حرکت کرتے دیکھا گیا ہے۔ روسی وزات دفاع نے اب تک اس حوالے سے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

    اسرائیل شام پر حملے کیوں کر رہا ہے؟ شام کی 80 فی صد فوجی صلاحیت تباہ کرنے کا دعویٰ

    واضح رہے کہ شام نے 1971 میں ایک معاہدے کے تحت طرطوس بندرگاہ سوویت یونین کو لیز پر دی تھی، طرطوس گہرے پانیوں کی ایک بندرگاہ ہے جس سے روس کو اپنی جوہری آبدوزیں اس علاقے میں رکھنے کی سہولت حاصل ہے۔

    1991 میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد اس کے بیرون ملک قائم بہت سے فوجی اڈے بند کر دیے گئے تھے، لیکن طرطوس کو برقرار رکھا گیا گیا تھا۔

  • اسرائیل شام پر حملے کیوں کر رہا ہے؟ شام کی 80 فی صد فوجی صلاحیت تباہ کرنے کا دعویٰ

    اسرائیل شام پر حملے کیوں کر رہا ہے؟ شام کی 80 فی صد فوجی صلاحیت تباہ کرنے کا دعویٰ

    دمشق: اسرائیل نے خطے کو آگ میں جھونک دیا ہے، گزشتہ دو روز میں صہیونی فورسز نے شام پر 480 حملے کر دیے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے بمبار طیاروں نے گزشتہ رات شام کی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا، جہاں بحریہ کے 15 بحری جہاز لنگر انداز تھے۔

    اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شام پر چار سو اسّی حملے کیے ہیں، جس میں کئی شہروں میں 15 بحری جہاز، طیارہ شکن بیٹریاں اور ہتھیاروں کی تیاری کے مقامات کو تباہ کر دیا گیا۔

    اسرائیل نے شام پر برسوں سے جاری اپنے حملوں کو جواز بنا کر یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایرانی فوجی اہداف کو ختم کر رہا ہے، تاہم ایران نے کہا ہے کہ اس کی کوئی بھی فوج فی الحال شام میں نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اسرائیلی جیٹ اور جنگی جہاز شام پر بمباری کر رہے ہیں، انھوں نے گزشتہ دو دنوں میں دمشق، حمص، طرطوس، لطاکیہ اور پالمیرا کے شہروں میں 480 اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان کارروائیوں میں کم از کم 2 عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

    اس دوران لطاکیہ اور البیدا کی بندرگاہوں پر بھی بمباری کی گئی، جب کہ تیاس ایئربیس کے ساتھ ساتھ دمشق اور قمشلی ایئرپورٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کا تخمینہ ہے کہ اس نے شام کی 80 فی صد فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے، یہ اسرائیل کی جانب سے شام میں تاریخ کی سب سے بڑی جارحانہ کارروائیوں میں سے ایک ہے۔

    اسرائیلی فوج اور ایک سیرین وار مانیٹر نے کہا کہ اسرائیل نے جن اہداف کو نشانہ بنایا ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں: فضائی دفاعی نظام، راڈار، میزائل لانچر اور فائرنگ کی پوزیشنیں۔ لڑاکا طیارے، فوجی ہیلی کاپٹر اور متعدد ایئر بیسز پر ہینگرز۔ کم از کم 15 بحری جہاز جن میں بحری جہاز اور میزائل کشتیاں شامل ہیں۔ ہتھیاروں کے ڈپو، پروڈکشن سائٹس اور مختلف قسم کے میزائل۔ شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے پروگرام سے منسلک سائنسی تحقیقی مراکز۔

    نیتن یاہو نے شام کے نئے حکمرانوں کو دھمکی دیدی

    ادھر شامی اپوزیشن کے جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ انھوں نے کرد فورسز سے شمال مشرقی شہر دیر الزور چھین لیا ہے، حیات تحریر الشام کے رہنما احمد الشارع، جسے الجولانی بھی کہا جاتا ہے، نے شام کی تعمیر نو کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ شامی 14 سال کی جنگ کے بعد اب ’تھک چکے‘ ہیں۔

    شام کے نگراں وزیر اعظم محمد البشیر کا کہنا ہے کہ شامیوں کو ’استحکام اور سکون‘ کی ضرورت ہے، اور وہ عوامی خدمات اور اداروں کو بحال کرنے کے لیے بشار الاسد کی حکومت کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ فضائی حملوں کے ساتھ اسرائیلی فورسز شام میں زمینی کارروائی کا دائرہ کار بھی بڑھاتی جا رہی ہے، صہیونی فوج نے گولان کی پہاڑیوں میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی بنائے گئے جنگ سے مبرا علاقے بفرزون پر قبضہ کر لیا ہے، اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوژارک نے اسرائیلی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے بفرزون میں تین مقامات پر اپنی فوجیں تعینات کی ہیں، قطر کے دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ صورت حال ناقابل قبول ہے کہ اسرائیل اس وقت حالات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے۔

  • شام میں پھنسے 350 سے زائد پاکستانی لبنانی سرحد پر پہنچنے میں کامیاب

    شام میں پھنسے 350 سے زائد پاکستانی لبنانی سرحد پر پہنچنے میں کامیاب

    کراچی: شام میں پھنسے 350 سے زائد پاکستانی بحفاظت لبنان کی سرحد پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، شہریوں کی بیروت سے واپسی شروع ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے اقدامات شروع ہوگئے ہیں، ساڑھے تین سو سے زیادہ پاکستانی شام کے کشیدہ خطے سے نکل کر لبنانی سرحد ہر پہنچنے ہیں، پاکستانیوں کو بیروت سے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ خصوصی پرواز 48 گھنٹوں میں بیروت سے پاکستانیوں کیلئے چلانے کا فیصلہ ہوا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر سول ایوی ایشن خصوصی پروازوں کی اجازت دے گا۔

    خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب سے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا میں تعاون کی درخواست کی تھی۔

    شام میں حالات خراب، سیکڑوں پاکستانی زائرین پھنس گئے ، رابطےمنقطع

    وزیراعظم شہبازشریف نے لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا جس میں لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔

    انھوں نے لبنان کےلیےجنگ بندی کےمعاہدے کا خیرمقدم کیا تھا اور فلسطینی عوام کےلیے بھی اسی طرح کے جنگ بندی معاہدے پر زور دیا تھا۔

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں لبنان کےعوام کیساتھ یکجہتی کیلئے کھڑی ہے۔

  • شام: عبوری حکومت کے سربراہ محمد البشیر کون ہیں؟

    شام: عبوری حکومت کے سربراہ محمد البشیر کون ہیں؟

    شام میں بشار الاسد کے 24 سالہ اقتدار کے خاتمے کے عبوری حکومت کے سربراہ محمد البشیر کے بارے میں کیا آپ یہ سب جانتے ہیں؟

    شام میں کامیاب بغاوت اور بشار الاسد کے 24 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد محمد البشیر کو عبوری حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ محمد البشیر کون ہیں یہ سب آپ جان سکیں گے اس رپورٹ میں۔

    1983 میں ادلب گورنری کے جنوب میں جبل الزاویہ میں پیدا ہونے والے محمد البشیر اعلیٰ تعلیم یافتہ اور کئی اہم حکومتی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے نے 2007 میں حلب یونیورسٹی سے شعبہ مواصلات میں الیکٹریکل اور الیکٹرانک انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔

    اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز انہوں نے 2011 میں شامی گیس کمپنی سے منسلک گیس پلانٹ میں پریزیشن انسٹرومینٹیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر کیا۔ اس کے علاوہ وہ ڈھائی سال وزارت اوقاف میں تعلیم، تربیت و رہنمائی میں امور شریعہ کے ڈائریکٹر بھی رہے۔

    سالویشن گورنمنٹ میں ان کے پروفائل کے مطابق انہوں نے 2021 میں "ادلب” یونیورسٹی سے شریعہ اور قانون میں ڈگری حاصل کی اور منصوبہ بندی اور انتظامی تنظیم کے اصولوں میں سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔

    محمد البشیر سالویشن گورنمنٹ میں 2022 اور 2023 میں ترقی اور انسانی امور کے وزیر رہے۔

    واضح رہے کہ سالویشن گورنمنٹ ’’ھیئہ تحریر الشام‘‘ کی حمایت سے دو نومبر 2017 کو 11 وزارتی محکموں سے تشکیل دی گئی تھی جس کی سربراہی اس وقت محمد الشیخ کر رہے تھے۔ سالویشن آرمی نے ادلب گورنری، شمالی حماہ کے دیہی علاقوں میں زندگی کے مختلف شعبوں کو کنٹرول کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/syria-interim-government-mohamed-al-bashir/

  • شام میں عبوری حکومت بنانے کی ذمہ داری محمد البشیر کے سپرد

    شام میں عبوری حکومت بنانے کی ذمہ داری محمد البشیر کے سپرد

    شام میں بشار الاسد کے 24 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد عبوری حکومت بنانے کی ذمہ داری محمد البشیر کے سپرد کر دی گئی ہے۔

    شام میں مخالف فورسز کے قبضے اور بشار الاسد کے 24 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد ملک میں عوامی سطح پر جشن جاری ہے۔ ایسے میں ملک میں امن وامان کے قیام اور عبوری حکومت بنانے کے لیے سرگرمیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق محمد البشیر کو شام میں عبوری حکومت کی تشکیل کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ گزشتہ روز ملٹری آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے کمانڈر احمد الشرع نے محمد البشیر سے ملاقات کی تھی۔

    شامی میڈیا نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ شامی مسلح حزب اختلاف کے آپریشنز کے کمانڈر احمد الشرع، وزیراعظم محمد الجلالی اور سالویشن گورنمنٹ کے سربراہ محمد البشیر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد شام میں نئی عبوری حکومت کی سربراہی محمد البشیر کریں گے۔

    اس ملاقات کا مقصد اقتدار کی منتقلی کے انتظامات کا تعین کرنا اور شام کو افراتفری کی حالت میں داخل ہونے سے بچانا تھا۔

    شام پر قبضہ کرنے والے باغی گروپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم پرانی انتظامیہ کو مکمل ختم نہیں کریں گے اور ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    موجودہ شامی وزیراعظم غازی جلیل کا کہنا ہے کہ کابینہ کے زیادہ تر وزرا اب بھی دمشق میں کام کررہے ہیں، اقتدار کی فوری منتقلی یقینی بنانے کیلئے زیادہ تر وزرا کام کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے یورپی یونین کا کہنا ہے کہ شام کی نئی انتظامیہ ہر قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کردے، شامی اپوزیشن مزید تشدد سے گریز کرے شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے۔

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ روس میں شامی سفارتخانے پر اپوزیشن کا 3 ستاروں والا پرچم لہرا دیا گیا ہے، اس کے علاوہ شام میں امدادی ٹیمیں دمشق کی بدنام زمانہ سیڈنایا جیل میں لوگوں کو تلاش کررہی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/opposition-grants-syrian-army-soldiers-amnesty/

  • شام کا نیا سربراہ کون ہوگا؟ اعلان جلد متوقع

    شام کا نیا سربراہ کون ہوگا؟ اعلان جلد متوقع

    شام میں بشارالاسد حکومت کا خاتمہ ہونے کے بعد نئی انتظامیہ کی جانب سے عبوری حکومت اور وزیراعظم کا اعلان جلد متوقع ہے۔

    غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق بشار کے روس فرار ہونے کے بعد شام کی نئی انتظامیہ محمد البشیر کو عبوری وزیر اعظم کے طور پر منتخب کرسکتی ہے، اس شہری وقت شام میں بشارالاسد خاندان کی حکمرانی کے خاتمے کا جشن منا رہے ہیں، سیکڑوں شامی شہری سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

    شامی شہری کا کہنا تھا کہ بشارالاسد کو ہٹانے کے بعد مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں، ایسی حکومت کی توقع کررہے ہیں جو ہمارے خوابوں کی تعبیر کرسکے۔

    ماسکو میں شام کے سفارت خانے پر دمشق فتح کرنے والی فورسز کا جھنڈا لہرا دیا گیا

    موجودہ شامی وزیراعظم غازی جلیل کا کہنا ہے کہ کابینہ کے زیادہ تر وزرا اب بھی دمشق میں کام کررہے ہیں، اقتدار کی فوری منتقلی یقینی بنانے کیلئے زیادہ تر وزرا کام کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے یورپی یونین کا کہنا ہے کہ شام کی نئی انتظامیہ ہرقسم کی انتہاپسندی کو مسترد کردے، شامی اپوزیشن مزید تشدد سے گریز کرے شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے۔

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ روس میں شامی سفارتخانے پر اپوزیشن کا 3 ستاروں والا پرچم لہرا دیا گیا ہے، اس کے علاوہ شام میں امدادی ٹیمیں دمشق کی بدنام زمانہ سیڈنایا جیل میں لوگوں کو تلاش کررہی ہیں۔

  • شام میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلیے وزیراعظم کا اہم اقدام

    شام میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلیے وزیراعظم کا اہم اقدام

    وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب سے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کا لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے لبنان کےلیےجنگ بندی کےمعاہدے کا خیرمقدم کیا اور فلسطینی عوام کےلیے بھی اسی طرح کے جنگ بندی معاہدے پر زور دیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں لبنان کےعوام کیساتھ یکجہتی کیلئےکھڑی ہے۔

    شہباز شریف نے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا میں تعاون کی درخواست کی جس پر لبنانی وزیراعظم نے شام سے پاکستانیوں کے انخلاء میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔

    لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے کہا کہ لبنان کیخلاف اسرائیلی جارحیت  کیخلاف پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر مشکور ہیں، دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی برادرانہ تعلقات کی ایک مثال ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے شام اور لبنان میں تعینات پاکستانی سفراء سے بھی رابطہ کیا اور انہیں شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کیلئے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہمی کی ہدایت کی۔