Tag: شام

  • ایک دہائی سے زائد عرصے بعد سعودی عرب اور شام سفارتی تعلقات کی بحالی پر رضا مند

    ایک دہائی سے زائد عرصے بعد سعودی عرب اور شام سفارتی تعلقات کی بحالی پر رضا مند

    شام اور سعودی عرب سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر راضی ہوگئے ہیں، عیدالفطر کے بعد سفارتخانے کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور شام سفارتی تعلقات کی بحالی پر رضامند ہوگئے، برطانوی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ شام اور سعودی عرب سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر راضی ہوگئے ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایران معاہدے کے بعد شام سے رابطوں میں تیزی آئی، جس کے بعد دونوں جانب سے عیدالفطر کے بعد سفارتخانے کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی نے مزید بتایا کہ سفارتخانےکھولنے کا فیصلہ فریقین کے انٹیلی جنس حکام میں مذاکرات کے بعد ہوا۔

    دوسری جانب سعودی سرکاری ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ شامی وزارت خارجہ سے سفارتخانے کھولنے پر مذاکرات جاری تھے۔۔

    ریاض اور دمشق کےدرمیان ایک دہائی سے زائد عرصے سے سفارتی تعلقات منقطع تھے، سعودی عرب کا اتحادی امریکا علاقائی ممالک کی جانب سے شام سے تعلقات بحالی کا مخالف رہا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور دیگر ممالک کی شام سے تعلقات کی بحالی کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے۔

  • شام کے صدر اپنے پہلے سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے

    شام کے صدر اپنے پہلے سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے

    ماسکو: شام کے صدر بشار الاسد گزشتہ ماہ کے زلزلے کے بعد مشرق وسطیٰ سے باہر اپنے پہلے دورے میں روس پہنچ گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار الاسد گزشتہ ماہ کے زلزلے کے بعد مشرق وسطیٰ سے باہر اپنے پہلے دورے میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کے لیے ماسکو پہنچ گئے جہاں وہ روسی صدر سے بات کریں گے اور  اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔

    روس میڈیا کا کہنا ہے کہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں روسی شامی تعاون کے فروغ سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،  اس کے ساتھ ساتھ شام اور ملک کے ارد گرد کی صورت حال کے مربوط حل کے امکانات پر بھی گفت و شنید ہوگی۔

    دوسری جانب روسی صدر پیوٹن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی پابندیاں روسی معیشت کو تباہ کرنے میں مکمل ناکام رہی ہیں، مخالفین سمجھتے رہے کہ روسی معیشت چند ہفتوں یا مہینوں میں ختم ہو جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ لیکن روس کی معاشی خود مختاری میں کئی گناہ اضافہ ہو گیا ہے دوسری جانب شام کے صدر بشارالاسد اپنے پہلے سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے ہیں۔

  • اسرائیل کا دمشق پر میزائل حملہ، فوجی سمیت 5 افراد جاں بحق

    اسرائیل کا دمشق پر میزائل حملہ، فوجی سمیت 5 افراد جاں بحق

    دمشق: اسرائیل نے دمشق پر میزائل حملہ کیا ہے، جس میں ایک فوجی سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دمشق کے وسط میں واقع رہائشی علاقے میں اسرائیلی میزائل حملے میں پانچ افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے، اسرائیلی حملے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

    شام کی سرکاری میڈیا کے مطابق دارالحکومت دمشق پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق ہوئے، اور متعدد رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا، خبر رساں ادارے روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کی صبح میزائل وسطی دمشق کے کفر سوسہ محلے میں ایک بڑی عمارت سے ٹکرائے جو ایرانی تنصیبات کے قریب سخت حفاظتی حصار میں ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ ایرانی ثقافتی مرکز کے قریب حملے میں عام شہریوں سمیت 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

    شامی عرب نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں ایک فوجی بھی شامل ہے، سرکاری میڈیا کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک فوٹیج میں دکھایا گیا کہ حملے میں 10 منزلہ عمارت کو بری طرح نقصان پہنچا ہے، جس سے اس کی نچلی منزل کا ڈھانچہ ٹوٹ گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 2011 میں شام میں جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیل نے اپنے پڑوسی کے خلاف سیکڑوں فضائی حملے کیے ہیں، جن میں بنیادی طور پر شامی فوج، ایرانی افواج اور شامی حکومت کے اتحادی لبنان کی حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

  • رحیم یار خان کے شہریوں کی جانب سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے امداد روانہ

    رحیم یار خان کے شہریوں کی جانب سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے امداد روانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے شہریوں نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے 2 کروڑ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا، امدادی سامان میں خشک راشن، خیمے، گرم بستر اور ضروری سامان شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان سے 2 کروڑ مالیت کا امدادی سامان شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

    تاجر برادری اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے 2 مال بردار ٹریلر پہلی امدادی کھیپ لے کر روانہ ہوگئے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں خشک راشن، خیمے، گرم بستر اور ضروری سامان شامل ہے، دکھ کی گھڑی میں ترک اور شامی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

  • ویڈیو: شام میں ملبے تلے دبی بچی کو زندہ بچانے کی کوشش ناکام

    ویڈیو: شام میں ملبے تلے دبی بچی کو زندہ بچانے کی کوشش ناکام

    ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کو ایک ہفتہ گزر گیا ہے اس کے باوجود ریسکیو ادارے کے اہلکاروں کو ملبے تلے دبے افراد معجزانہ طور پر زندہ حالت میں مل رہے ہیں۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والی ناگہانی آفت میں اب تک مجموعی طور پر 34 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں اور ایک ہفتے سے ریسکیو کا کام بلا تعطل جاری ہے۔

    تاہم شام کے علاقے ادلب میں ریسکیو کارکنوں نےایک کم عمر بچی کوایک عمارت کے ملبے سے نکالنے کی کوشش کی مگر بچی جاں بر نہ ہوسکی اوردم توڑ گئی۔

    سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں ادلب میں تباہ شدہ عمارت کے کھنڈرات سے ایک بچی کو زندہ نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زندہ نکالی گئی بچی کو بچانے کی کوشش ناکام رہی،  بچی کی موت پر اس کے والد موقعے پر موجود صدمے سے نڈھال تھے۔

    ننھی بچی باہر نکالے جانے کے بعد بے جان اور بے حرکت دکھائی دی، اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور اس کی سانسیں بحال کرنے کی کوششیں کی گئیں، اسے ایمبولینس پر اسپتال لایا گیا مگر وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی جان کی بازی ہار گئی۔

    سانحے کے سات دن بعد ملبے تلے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی امیدیں معدوم ہونے لگیں، شمالی شام میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش روک دی گئی ہے۔

  • جرمنی کا ترک اور شامی زلزلہ زدگان کو 3 ماہ کا ویزا دینے کا اعلان

    جرمنی کا ترک اور شامی زلزلہ زدگان کو 3 ماہ کا ویزا دینے کا اعلان

    برلن: جرمنی نے ملک میں مقیم شامی اور ترک افراد کو اجازت دی ہے کہ وہ دونوں تباہ حال ممالک میں موجود اپنے رشتے داروں کو جرمنی بلا سکتے ہیں، ایسے افراد کو 3 ماہ کا ویزا جاری کیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں اب تک 25 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جرمنی نے ترک اور شامی زلزلہ متاثرین کو 3 ماہ کے ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    متاثرہ علاقوں میں شدید سردی کی وجہ سے نہ صرف امدادی سرگرمیوں میں خلل پڑ رہا ہے بلکہ لاکھوں افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں جنہیں امداد کی فوری ضرورت ہے۔

    بین الاقوامی امداد دونوں ممالک کے ان علاقوں میں پہنچ رہی ہے جہاں امدادی ٹیمیں ملبے کے نیچے سے بچوں کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب جرمنی نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے 3 ماہ کے ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    جرمن وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ ایمرجنسی مدد ہے، ہم جرمنی میں موجود ترک اور شامی خاندانوں کو یہ اجازت دیں گے کہ وہ دونوں تباہ حال ممالک سے اپنے قریبی رشتہ داروں کو اپنے گھروں میں بلا سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ جو افراد ریگولر ویزا کے اہل ہیں انہیں 3 ماہ کے ویزے فوری طور پر دیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ جرمنی میں 29 لاکھ کے لگ بھگ ترک افراد رہتے ہیں جن میں سے نصف کے پاس ترکی کی شہریت بھی ہے، جرمنی میں شام سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھی تعداد 9 لاکھ 24 ہزار ہے۔

  • سعودی عرب: زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام پہنچ گیا

    سعودی عرب: زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام پہنچ گیا

    ریاض: سعودی عرب نے زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام کے لیے روانہ کردیا، امدادی قافلہ 11 ٹرکوں پر مشتمل ہے جس میں کمبل، خیمے، دوائیں اور روز مرہ ضرورت کی اشیا شامل ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کا پہلا امدادی قافلہ زمینی راستے سے شام پہنچ گیا، ٹرکوں کے ذریعے بھیجے جانے والے امدادی سامان میں کمبل، خیمے، دوائیں اور روز مرہ ضرورت کی اشیا شامل ہیں۔

    شام اور ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں خاندان متاثر ہوئے ہیں، سعودی عرب کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی مہم کے تحت شام میں بھیجی جانے والی امداد 11 ٹرکوں پر مشتمل ہے۔

    امدادی قافلے میں شامل عبد اللہ الرویس کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سعودی عرب کی جانب سے شمالی شام میں بھیجا جانے والا پہلا امدادی قافلہ پہلا ہے جو شام پہنچا ہے۔

    عبد اللہ الرویس کے مطابق امدادی سامان سعودی عرب کی جانب سے عالمی ریسکیو ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے گا اور اسے زلزلے سے متاثرہ 20 علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

    شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد کی ہدایت پر ساہم پورٹل کے ذریعے عوامی عطیات مہم بھی شروع کی ہے۔

    اب تک شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے 238 ملین ریال سے زیادہ کے عطیات جمع کروائے جا چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شام اور ترکیہ میں تباہ کن زلزلے سے اب تک 25 ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش ہنوز جاری ہے۔

  • شام میں جنگ بندی کی جائے تاکہ امداد پہنچ سکے: اقوام متحدہ کی اپیل

    شام میں جنگ بندی کی جائے تاکہ امداد پہنچ سکے: اقوام متحدہ کی اپیل

    اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ شام میں فوری جنگ بندی کی جائے تاکہ امدادی کارروائیاں کی جاسکیں اور زلزلے سے متاثر لوگوں تک امداد پہنچائی جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے ترکیہ اور شام کے 8 لاکھ 74 ہزار زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے 7 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کی رقم فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

    ڈبلیو ایف پی کی جانب سے جمعے کی اپیل کے بعد اقوام متحدہ نے شام میں امدادی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    ڈبلیو ایف پی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ میں گھروں سے محروم ہونے والے افراد کی تعداد 5 لاکھ 90 ہزار جبکہ شام میں 2 لاکھ 84 ہزار تک پہنچ چکی ہے، اور اس میں 4 ہزار 500 تارکین وطن بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پیر کو آنے والے اس زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، یہ اس خطے میں صدی کا بدترین زلزلہ ہے۔

    ڈبلیو ایف پی نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 4 دونوں میں ترکیہ اور شام میں 1 لاکھ 15 ہزار افراد کو خوراک فراہم کی گئی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر کورین فلیشر نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے ہزاروں افراد کو اس وقت سب سے زیادہ ضرورت خوراک کی ہے، وہاں کھانا تیار کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

    ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ شام کے شورش زدہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کافی مشکلات کا شکار ہے، وہاں ڈبلیو ایچ او اب تک 41 ہزار افراد تک پہنچ سکا ہے، امدادی سرگرمیوں کے لیے شام میں فوری سیز فائر کیا جائے۔

    اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے دفتر نے جمعے ہی کو کہا ہے کہ شام کے زلزلے سے متاثر علاقے میں موجود افراد کی مدد کے لیے ضروری ہے کہ فوری طور پر جنگ بندی کی جائے۔

    خیال رہے کہ امریکا نے دونوں ممالک کے متاثرہ علاقوں کے لیے ابتدائی طور پر 85 ملین ڈالر کے امدادی ایمرجنسی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

    یہ امداد متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے شراکت داروں کو فراہم کی جا رہی ہے تاکہ لاکھوں ضرورت مندوں کو فوری طور پر خوراک، شیلٹر اور صحت کی ہنگامی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

  • شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد اور فضائی پل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم جاری کیا ہے۔

    دونوں ممالک کے لیے دوائیں، طبی سامان اور انسانی ضروریات کی اشیا فضائی راستے سے ہنگامی بنیادوں پر بھیجی جائیں گی جبکہ امدادی ٹیمیں بھی روانہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے ترکیہ، شام اور دونوں ملکوں کے برادر عوام سے رنج و ملال اور دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔

    سعودی عرب نے انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ممالک کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب، اس کے قائدین اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    علاوہ ازیں شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی پل کے ذریعے دوائیں، طبی ساز و سامان، خیمے، کھانے پینے کی اشیا اور لاجسٹک مدد ہنگامی بنیادوں پر روانہ کی جائیں۔

    شام اور ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ساہم پورٹل کے ذریعے عوامی امدادی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے بتایا کہ فضائی پل قائم کرنے کا حکم سعودی قیادت نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے جذبے سے جاری کیا ہے۔

    سعودی قائدین چاہتے ہیں کہ شام اور ترکیہ میں ہولناک جانی و مالی نقصانات کے اثرات کم کرنے میں حصہ لیا جائے، تباہ کن زلزلے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے کھانے پینے کی اشیا، طبی سامان اور خیمے وغیرہ بھیجے جارہے ہیں۔

  • زلزلے کا فائدہ اٹھا کر داعش کے 20 قیدی فرار

    زلزلے کا فائدہ اٹھا کر داعش کے 20 قیدی فرار

    دمشق: شام میں زلزلے کے بعد داعش کے کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغربی شام کی جیل سے پیر کو تباہ کن زلزلے کے بعد قیدیوں نے بغاوت کر دی اور کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے۔

    اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کی سرحد کے قریب راجو نامی قصبے میں موجود ملٹری پولیس کی جیل میں تقریباً دو ہزار قیدی تھے، جن میں 13 سو کے قریب مبینہ طور پر داعش کے جنگجو تھے۔

    جیل اہل کار نے بتایا کہ زلزلہ آنے کے بعد قیدیوں نے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا، اور پھر کچھ قیدی فرار ہو گئے۔

    شام اور ترکی میں 7.8 شدت کے زلزلے اور درجنوں آفٹر شاکس سے جیل کو نقصان پہنچا ہے، اور اس کی دیواروں اور دروازوں میں شگاف پڑ گئے ہیں۔

    برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ آیا قیدی فرار ہو گئے ہیں، لیکن اس نے جیل میں بغاوت کی تصدیق کی۔