Tag: شانگلہ

  • شانگلہ  میں گاڑی کھائی میں گرنے سے  4 افراد جاں بحق

    شانگلہ میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    شانگلہ : تحصیل الپوری مٹہ اغوان میں گاڑی کھائی میں گرنے سے چار افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، حادثہ تیز رفتاری باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق شانگلہ کی تحصیل الپوری مٹہ اغوان میں گاڑی کھائی میں جاگری ، حادثے میں چار افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے اور ایک زخمی ہوگیا۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری باعث پیش آیا اور کار بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ لاشیں اور زخمی کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جاں بحق افراد کا تعلق ملتان سے ہے۔

    دوسری جانب گوجرانوالہ مین تیز رفتار لوڈر رکشہ الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، حادثہ سالار منہیس اسٹاپ کامونکی کے قریب پیش آیا، یوٹرن کے قریب تیز رفتاری میں رکشہ الٹا۔

    زخمیوں میں 35 سالہ اکرم،10سالہ عدنان،16سالہ کنزی،15سالہ ارم، 28سالہ آسیہ،20سالہ اسماء اور27سالہ زکیہ بی بی شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

    ایک اور حادثے میں فورٹ منرو میں سیاحوں کی کوچ حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور تیس سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔

    کوچ میں خواتین، بچے اور مرد سوار تھے، تمام مسافرملتان کے رہائشی اور ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوچ بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر پہاڑ سے ٹکرائی، مقامی افرادنےاپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، اسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

  • شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    شانگلہ میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی۔

    گزشتہ روز ہونے والے شانگلہ دھماکے کی پہلی سی سی ٹی وی فوٹیج قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حاصل کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی انجینئرز کی گاڑی گزر رہی تھی، اور اچانک سامنے سے آنے والی گاڑی اس سے ٹکرا گئی، دونوں گاڑیوں کے ٹکراتے ہی زوردار دھماکا ہو گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر ایک کانوائے گزر رہا تھا، اس میں موجود پچھلی والی بس میں ڈی وی آر لگی ہوئی تھی جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ فوٹیج حاصل کی ہے۔

    چینی انجینئرز کی گاڑی کو کوہستان کی طرف جانا تھا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بائیں جانب ایک گاڑی موجود ہے، جو اچانک بس سے ٹکرا گئی تھی اور اتنا خوف ناک دھماکا ہوا کہ گاڑی اڑ کر دوسری طرف موجود کھائی میں گری۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شانگلہ کے قریب داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے اہلکاروں پر حملہ ہوا تھا، پاکستان میں چینی سفارت خانے کے بیان کے مطابق داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ عملے کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا اور حملے میں 5 چینی شہری اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔

  • شانگلہ: این اے 11 میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج ، حالات کشیدہ  ،  3 افراد جاں بحق

    شانگلہ: این اے 11 میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج ، حالات کشیدہ ، 3 افراد جاں بحق

    شانگلہ : این اے گیارہ میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کی جھڑپوں میں تین افراد کی جان چلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شانگلہ کے حلقے این اے گیارہ میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے ایڈیشنل ریٹرننگ آفیسر کی گاڑی جلادی۔

    پولیس اور مظاہرین کی جھڑپوں میں تین جاں بحق اور دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

    مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی گئی تو سیاسی جماعت کے کارکنوں نے پتھراؤکیا۔

    دوسری جانب انتخابات کےنتائج میں مبینہ دھاندلی کیخلاف گجرات حیدرآباد اورکراچی میں احتجاج کیا گیا، گجرات کچہری چوک میں انتخابی نتیجے میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پرویزالہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی اور سمیراالہیٰ نے کارکنوں سمیت دھرنا دیا، جس میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک کارکن زخمی ہوگیا۔

    حیدرآباد میں ڈی آر او آفس پر دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے ، گرماگرمی اورتلخ کلامی کے بعد گولیاں چل گئیں، فائرنگ سےدو افرادزخمی ہوئے۔

  • وادئ کمراٹ، مالم جبہ، کالام، گلیات، کاغان ناران ویلی میں سیاحوں کا رش

    وادئ کمراٹ، مالم جبہ، کالام، گلیات، کاغان ناران ویلی میں سیاحوں کا رش

    پشاور/مانسہرہ: عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں صوبہ خیبر پختون خوا کے مشہور سیاحتی مقامات وادئ کمراٹ، مالم جبہ، کالام، گلیات، کاغان ناران ویلی میں سیاحوں کا رش لگا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے سیاحوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، عید کے 3 دنوں میں لاکھوں سیاحوں نے مختلف تفریحی مقامات کی سیر کی۔

    رپورٹ کے مطابق صرف عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن، یکم جولائی کو مختلف مقامات پر ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد سیاحوں نے رخ کیا، وادئ کمراٹ میں 24 ہزار 852 سیاح سیر و تفریح کے لیے گئے، مالم جبہ 9 ہزار 753، گلیات میں 22 ہزار 715 سیاح آئے، کالام اور گرم چشمہ میں 4 ہزار339 سیاح سیر و تفریح کے لیے گئے، 46 ہزار سے زائد سیاحوں نے ناران کاغان کا رخ کیا، اور 56 غیر ملکی سیاحوں نے بھی مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔

    ترجمان گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق عید کے 3 دنوں میں 2 لاکھ سے زائد سیاحوں نے گلیات کا سفر کیا، اس دوران 53 ہزار گاڑیاں گلیات میں داخل ہوئیں، اور اسٹاف عید کے دوران بھی 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور رہا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کاغان ناران ویلی میں بھی سیاحوں کی آمد کے اعداد و شمار جاری کر دیے، ڈپٹی کمشنر راؤ بلال شاہد کے مطابق عید کے 3 دنوں میں 91 ہزار سیاحوں نے کاغان ناران کا رخ کیا، 22500 گاڑیاں، 7710 موٹر سائیکلیں کاغان نارن میں داخل ہوئیں۔

    ڈی سی کے مطابق سیاحوں کی رہنمائی کے لیے پولیس، ضلعی انتظامیہ، اور کے ڈی اے کی اضافی نفری تعینات کی گئی، چلاس انتظامیہ سے مشاورت کے بعد بابوسر ٹاپ روڈ کو 24 گھنٹے کھولا گیا، رواں برس عید کے موقع پر ریکارڈ سیاحوں نے کاغان ناران کا رخ کیا۔

  • شانگلہ سے اسلام آباد قیمتی عقابوں کی اسمگلنگ

    شانگلہ سے اسلام آباد قیمتی عقابوں کی اسمگلنگ

    پشاور: وائلڈ لائف حکام نے شانگلہ سے اسلام آباد قیمتی عقابوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلی حیات خیبر پختون خوا نے ایک کارروائی میں شانگلہ سے قیمتی عقابوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان محکمہ جنگلی حیات لطیف الرحمٰن نے بتایا کہ ملزمان شانگلہ سے قیمتی عقاب اسلام آباد اسمگل کر رہے تھے، جنھیں گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    محکمہ جنگلی حیات کے اہل کاروں نے ملزمان کے قبضے سے قیمتی عقابوں کو ضبط کر کے سرکاری تحویل میں لے لیے۔

    وائلڈ لائف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    ٹرانٹولا مکڑی کی اسمگلنگ ناکام ، ملزم گرفتار

    گزشتہ ماہ محکمہ وائلڈ لائف خیبر پختون خوا نے ٹرانٹولا مکڑی کی اسمگلنگ بھی ناکام بنائی تھی، ملزم کو مکڑی مانسہرہ سے ایبٹ آباد لے جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • خیبر پختون خوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی

    خیبر پختون خوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، ضلع مہمند میں دیہات کے آپس میں رابطے منقطع ہو گئے، ضلع بشام میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے کوہستان میں کئی مکانات بہہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں ضلع مہمند میں صبح پانچ بجے سے شروع ہونے والی شدید بارش نے سیلابی ریلوں کی شکل اختیار کر لی ہے، جس کی وجہ سے راستے بند اور سڑکیں بہہ گئی ہیں۔

    ضلع مہمند کی تحصیل علیم زئی کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے سڑکیں بہا کر لے گئے ہیں، چندا ڈیم اور گنداو ڈیم سمیت جتنے بھی ڈیمز ہیں وہ سیلابی ریلوں کی وجہ سے بھر چکے ہیں، سیلابی ریلوں کی وجہ سے دیہات کے آپس میں رابطے بھی منقطع ہو گئے، لوگ اپنے گھروں میں محصور ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش مزید جاری رہے گی۔

    مہمند کی تحصیل پنڈیالی سکندر خیل کے مقام پر سیلابی ریلے کے باعث چھوٹا پل بہہ گیا، تحصیل کے ایک اور علاقے دررہ کا روڈ بھی سیلابی پانی میں بہہ گیا ہے۔

    شانگلہ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بشام شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش برس رہی ہے، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    کوہستان کی وادی کندیا میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، اور کئی مکانات بہہ گئے، گزشتہ رات سے مون سون بارشوں کے سلسلے میں تیزی آ گئی ہے، جس سے ندی نالوں سمیت دریائے سندھ کے پانی کے بہاؤ میں بہت اضافہ ہو چکا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے شانگلہ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، علاقے کا لنک روڈ بھی بند ہو چکا ہے، ادھر بونیر میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ چکی ہے۔

    چترال کے مختلف مقامات پر بارشوں کے نتیجے میں سیلابی ریلوں سے نقصانات کی اطلاعات ہیں، چترال میں گرم چشمہ، گبور اور موشین گول سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، گرم چشمہ روڈ مختلف مقامات پر سیلاب کی نظر ہو چکی ہے، جب کہ سلیم روڈ اوشیاک کے مقام پر سیلابی ریلے کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

    وزیر اعلی خیبر پختون خوا محمود خان نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کو نشیبی علاقوں کی آبادیوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے کے لیے انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    ادھر سندھ کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جن میں ٹھٹھہ، مکلی، گھاروگجو، غلام اللہ، جنگشاہی، جھمپیر، اور میرپورساکرو شامل ہیں، جہاں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور مختلف دیہات کا شہری آبادی سے زمینی رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔

    راجن پور میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور گلیاں محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ میراں پورسون واہ بکھر کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی بستیوں میں داخل ہو گیا ہے، بستی پنجابی اور دیگر علاقے زیر آب آ گئے، لوگوں نے سیلابی پانی میں کھلے آسمان تلے رات گزاری، رہائشی علاقوں کو مزید شدید خطرہ لاحق ہے۔

  • سڑک کنارے کنوئیں کے دہانے میں گھوڑا پھنس گیا

    سڑک کنارے کنوئیں کے دہانے میں گھوڑا پھنس گیا

    شانگلہ: خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں ضلع شانگلہ کے ایک علاقے میں سڑک کنارے کنوئیں کے دہانے میں گھوڑا پھنس گیا، جسے بڑی مشکل سے ریسکیو کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شانگلہ میں ضلعی ہیڈکوارٹر تحصیل الپوری میں موتہ خان کے مقام پر ایک گھوڑا سڑک کنارے چلتے ہوئے کھائی نما کنوئیں کے دہانے میں گر کر پھنس گیا۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز پیر کو صبح ساڑھے دس بجے پیش آیا، گھوڑا دھنسنے کے بعد لوگ اکھٹے ہو گئے اور انھوں نے گھوڑا نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

    بعد ازاں ریسکیو 1122 کو فون کر کے طلب کیا گیا، ریسکیو 1122 شانگلہ کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر ٹیم بمع وہیکل جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

    ریسکیو 1122 شانگلہ کے جوانوں نے گھوڑے کو پیشہ ورانہ طریقے سے بہ حفاظت نکال لیا، انسانی ہمدردی کے اس جذبے کو وہاں پر موجود لوگوں نے خوب سراہا۔

  • شانگلہ میں فائرنگ سے 3 افراد قتل

    شانگلہ میں فائرنگ سے 3 افراد قتل

    شانگلہ: صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر شانگلہ میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق شانگلہ میں یوسی شنگ کے علاقے شاوا میں فائرنگ سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ملزم ذہنی مریض بتایا جاتا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے فائرنگ کر کے بیوی سمیت 3 افراد کو قتل کر دیا، فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    میرانشاہ: بھائی نے فائرنگ کر کے بھائی، بھابھی اور 2 بھتیجوں کو قتل کر دیا

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 27 اگست کو شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں بھائی نے فائرنگ کر کے بھائی، بھابھی اور 2 بھتیجوں‌ کو قتل کر دیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں طاہر،اس کی بیوی اور 2 بچے شامل تھے ۔پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں بھائیوں کے درمیان زمین کا تنازع چلا آ رہا ہے۔

    دیربالا:جائیداد کے تنازع پر فائرنگ،9 افراد قتل،2زخمی

    یاد رہے کہ رواں سال 30 جولائی کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے دیربالا میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • شانگلہ: ایک ماہ میں دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں گر گیا

    شانگلہ: ایک ماہ میں دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں گر گیا

    شانگلہ: خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع شانگلہ میں ایک ماہ کے دوران دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں جا گرا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ کے پی کے میں یونین کونسل رانیال کا واحد رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے، پل ٹوٹنے سے ایک گاڑی بھی دریا میں گر گئی، تاہم اس کے ڈرائیور کو بچا لیا گیا۔

    پل ٹوٹنے سے 50 ہزار آبادی کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے۔ نیوز رپورٹس کے مطابق لکڑی کا پرانا اور بوسیدہ پل گاڑی کا وزن برداشت نہ کر سکا تھا اور ٹوٹ گیا، یہ پل اس سے پہلے بھی ٹوٹ چکا ہے۔

    ادھر 2 مئی کو شانگلہ چکیسر کے یو سی سرکول کے علاقے ولیج کونسل جٹکول کو تورغر سے ملانے والا واحد ذریعہ، دریائے سندھ پر تعمیر پُل رات کو آنے والے طوفان کی وجہ سے ٹوٹ گیا تھا جس سے 10 ہزار کی آبادی رکھنے والا ولیج کونسل جٹکول کا زمینی رابطہ مکمل منقطع ہو گیا تھا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حادثے سے 2 ماہ قبل ایک سروے کے دوران اس پل کو مکمل ناکارہ قرار دے کر نئے سرے سے بنانے کی سفارش کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ ویلج کونسل رانیال کا واحد پُل گزشتہ برس بھی رمضان المبارک کی آمد سے قبل ایک بار پھر بھاری گاڑی کا لوڈ برداشت نہ کرتے ہوئے ٹوٹ گیا تھا۔

  • بارشوں سے بالائی علاقوں میں جانی و مالی نقصان، لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    بارشوں سے بالائی علاقوں میں جانی و مالی نقصان، لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    پشاور: حالیہ بارشوں اور برف باری سے شانگلہ، کوہستان اور سوات سمیت متعدد علاقوں میں شدید نقصانات ہوئے ہیں، کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور برف باری سے شاہراہیں بھی بند ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکام نے شانگلہ اور کوہستان میں بارش کے متاثرین سے نقصانات کی تفصیل طلب کر لی ہے، عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جانی اور مالی نقصان سے متعلق انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

    محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ سوات اور اپر دیر میں بارشوں سے 4 گھروں کو نقصان پہنچا، ہری پور میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، اپر دیر میں متاثرین میں ٹینٹ، کمبل اور غذائی اشیا تقسیم کردی گئیں، دیر بالا میں بارشوں سے 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مختلف شہروں میں بارشیں اور برفباری، معمولات زندگی معطل

    کولئی پالس کوہستان میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس سے متعدد مقامات پر شاہراہ بند ہو گئی ہے، تیمرگرہ کے مقام پر بھی بارش کی وجہ سے لینڈ سلائینڈگ ہوئی ہے، ادھر شدید برف باری کی وجہ سے کاغان اور بالائی علاقوں تک شاہراہ بند ہو گئی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے مالاکنڈ اور ہزارہ میں بند شاہراہوں کو جلد بحال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، ہیوی مشینری کے ذریعے شاہراہوں سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔