Tag: شانگلہ

  • پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ، ایک اور کیس سامنے آگیا

    پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ، ایک اور کیس سامنے آگیا

    اسلام آباد: ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ سے پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع شانگلہ کے 2 سال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پولیو کا شکار 2 سالہ بچے کا تعلق تحصیل پورن کی یو سی نصرت خیل سے ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیسٹ کے لیے متاثرہ بچے کے نمونے 30 مئی کو بھجوائے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔

    رواں برس اب تک ملک میں 23 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے جن کی تعداد 10 تھی، 7 کیسز قبائلی علاقوں میں، اور 3، 3 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیے گئے۔

    پولیو میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    چند روز قبل کراچی اور لاہور سمیت 6 بڑے شہروں سے نئے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی، کوئٹہ کے ریلوے پل اور طاؤس آباد کے علاقوں، حیدر آباد میں تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، راولپنڈی میں صفدر آباد اور پشاور کے شاہین ٹاؤن کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    لاہور میں آؤٹ فال ایف، جی، ایچ کے سیوریج میں جبکہ کراچی کے سہراب گوٹھ، راشد منہاس روڈ، چکورا نالہ اور کورنگی نالہ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔

  • ناران، شانگلہ اورگردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    ناران، شانگلہ اورگردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: خیبرپختونخوا کے علاقے ناران، شانگلہ اورگردونواح میں‌ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف وہراس کا شکار ہو کر گھروں سے نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ناران، شانگلہ اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پرزلزلے کی شدت 3.9 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے۔ جھٹکے شروع ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر آگئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ضلع ناران، شانگلہ میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کا مرکز ناران سے 25کلومیٹرشمال میں تھا، زلزلہ 15کلومیٹرگہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 15کلومیٹرگہرائی میں ریکارڈ کیا گیا، ابھی تک کسی جانی ومالی نقصان کا تعین نہیں ہوسکا۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل خیبرپختونخواہ کے علاقے سوات اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزے کی شدت 4.7 تھی جبکہ اس کی گہرائی 90 کلومیٹر زیرزمین اور اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے لاہور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں زلزلے سے خوف ہراس پھیل گیا تھا جس کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • شانگلہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    شانگلہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور : خیبر پختونخوا کے شانگلہ اور اس کے گردونواح میں‌ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں سے نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے. جھٹکے شروع ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر آگئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ضلع شانگلہ میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کا مرکز افغانستان تھا۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی، ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کا تعین نہیں ہوسکا۔

    مزید پڑھیں : لاہور میں‌ زلزلے کے جھٹکے

    یاد رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو لاہور  اور  اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 تھی۔

    مزید پڑھیں: کیا زلزلے گناہوں کے سبب آتے ہیں؟

    خیال  رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو  بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی

    ماہرین ارضیات کی جانب سے زلزلوں کی دو بنیادی وجوہات بیان کی جاتی ہیں، ایک وجہ زیر زمیں پلیٹوں (فالٹس) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل ہے اوردوسری آتش فشاں کا پھٹنا ہے۔

  • پی کے 23 شانگلہ وَن میں ضمنی انتخاب آج ہوگا

    پی کے 23 شانگلہ وَن میں ضمنی انتخاب آج ہوگا

    شانگلہ: خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے صوبائی حلقے 23 وَن میں آج ضمنی انتخاب ہوگا، الیکشن کمیشن نے خواتین کے 10 فی صد سے کم ووٹنگ پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ میں پی کے تئیس وَن میں خواتین کا ٹرن آؤٹ دس فی صد سے کم ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقے کے انتخابات کالعدم قرار دے دیا تھا۔

    پی کے 23 سے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی 17399 ووٹ لے کر کام یاب ہوئے تھے، حلقے میں خواتین ووٹرز کی تعداد 86728 اور مرد ووٹرز کی تعداد 113827 ہے۔

    پی کے 23 وَن میں ری پولنگ کے سلسلے میں سخت سیکورٹی انتظامات کر لیے گئے، انتخابی حلقے میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 135 ہے، جن میں 35 حساس، 18حساس ترین پولنگ اسٹیشنز ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر


    خیال رہے کہ پی کے 23 شانگلہ وَن میں کُل ووٹر ز کی تعداد 200555 ہیں، حلقے میں پی ٹی آئی امیدوار شوکت یوسف زئی کو اے این پی اور پی پی کی حمایت حاصل ہے، دوسری طرف ن لیگی امیدوار رشاد خان کو ایم ایم اے کی حمایت حاصل ہے۔

    شوکت یوسف زئی نے شانگلہ میں دوبارہ انتخابات ہونے کی وجہ سے امیدوار بننے کے بعد انتخابات شفاف رکھنے کے لیے ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کے عہدے سے تین دن قبل استعفیٰ دے دیا تھا۔

  • تحریک انصاف نے پختونوں کے کلچر کو تباہ کردیا، مولانا فضل الرحمان

    تحریک انصاف نے پختونوں کے کلچر کو تباہ کردیا، مولانا فضل الرحمان

    شانگلہ : جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے کے پی کے عوام کو دھوکا دیا اور پختونوں کے کلچر کو تباہ کیا ہے۔

    ان خیالاات کا اظہار انہوں نے الوچ پورن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ روشن خیال قوتوں نے پختونوں کو بدنام کیا، عزت دارخواتین سے دوپٹہ چھین کر اسے آزادی کا نام دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو دھوکا دیا ہے، ان لوگوں نے پختونوں کےکلچرل کوتباہ کیا عوام آئندہ انتخابات میں باطل قوتوں کا راستہ روکیں۔

    فضل الرحمان نے مزید کہا کہ یہودی سازش کو روکنے کیلئےعوام آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس کاساتھ دیں، انتخابات میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی، علماءکرام پارلیمنٹ اور جمہوری نظام کاساتھ نہ دیتے تو آج ملک میں امن آنا مشکل تھا،۔

    مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان ایم ایم اے کے صدر منتخب، اتحاد میں‌ شامل تمام جماعتوں‌ کو یکساں قرار دے دیا

    جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ پہلے اقتدرار حاصل کرنے کیلئے بندوق اور تلوارکا سہارا لیناپڑتا تھا، اب ووٹ کی پرچی تلوارکا کام کرتی ہے، آج پاکستان کی سیاست اور دفاع عالمی دباؤ میں ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں پرعملدرآمد نہیں ہورہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • پشاور : پراسرار بیماری میں مبتلا ایک ہی خاندان کے 7بچے جاں بحق

    پشاور : پراسرار بیماری میں مبتلا ایک ہی خاندان کے 7بچے جاں بحق

    پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے لیلونئی میں ’پراسرار‘ بیماری کے باعث ایک ماہ کے دوران ایک ہی خاندان کے سات جان کی بازی ہار گئے.

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختو نخواہ کے ضلع شانگلہ میں پراسرار بیماری کے باعث بچوں کی اموات پر علاقہ مکین خوفزدہ ہیں،اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کا کہنا تھا کہ یہ بیماری بہت خطرناک ہے، جس کے باعث علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے.

    ڈسٹرکٹ ہیلٹھ آفیسر کا کہنا ہے کہ بچوں کی پراسرار بیماری کے باعث موت پر ڈاکٹرز بھی پریشان ہیں اور وہ اس کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.

    اُن کا کہ مزید کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹرز سے مسلسل رابطے میں ہیں اور جیسے ہی کوئی نتیجہ سامنے آتا ہے وہ میڈیا سے شیئر کریں گے،پراسرار بیماری سے ہلاک ہونے سے قبل بچوں کا بائیاں ہاتھ اور پاؤں ناکارہ ہوگئے تھے،جبکہ ڈاکٹرز وجوہات معلوم کرنے کے لیے مختلف ٹیسٹ کر رہے ہیں.

    خیبر ٹیچنگ اسپتال کے فرانزک ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ حکیم آفریدی کے مطابق ڈاکٹرز مختلف قسم کے ٹیسٹ کر رہے ہیں،جن سے واضح ہوجائے گا کہ بچوں کو کوئی ایک سے دوسرے کو منتقل ہونے والی بیماری تھی یا ممکنہ طور پر انہیں زہر دے کر ماراگیا.

  • شانگلہ، لوئر دیر،مانسہرہ اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    شانگلہ، لوئر دیر،مانسہرہ اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    خیبر پختون خوا : شانگلہ، لوئر دیر، مانسہرہ اور گرد ونواح کے علاقے زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلے کے جھٹکے شانگلہ، مانسہرہ سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں محسوس کئے گئے، جس کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمۂ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔

    زلزلے کے باعث کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

    زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ پانچ اور گہرائی ایک سو پچھتر کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا۔

  • شانگلہ:انجینئر امیر مقام پر حملے کا مقدمہ تھانہ مارتونگ میں درج

    شانگلہ:انجینئر امیر مقام پر حملے کا مقدمہ تھانہ مارتونگ میں درج

    شانگلہ میں انجینئر امیر مقام پر حملے کا مقدمہ تھانہ مارتونگ میں درج کرلیا گیا، انجینئر امیر مقام کی گاڑی کے قریب دو دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق چھ اہلکارمیں سے تین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    سوات کے علاقے شانگلہ میں وزیراعظم نواز شریف کے مشیر انجینئر امیر مقام جلسہ گاہ کی جانب جا رہے تھے کہ گاڑی کے قریب دو دھماکے ہوئے، دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔

    دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تین سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، نماز جنازہ میں امیر مقام سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، دھماکے میں پولیس وین مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ ن لیگ کے رہنما امیر مقام خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

    دھماکے کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مقام کا کہنا تھا کہ وہ حملے میں مکمل محفوظ رہے، سچ کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پر آخری سانس تک سچ بات کرتا رہوں گا، بزدلانہ کارروائیوں سے عوامی خدمت نہیں روکی جاسکتی۔

    امیر مقام کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف خاموشی اختیار کرلی تو جینا مشکل ہو جائے گا۔
        
       

  • شانگلہ:امیر مقام کی گاڑی کے قریب دو بم دھماکے،چھ اہلکار جاں بحق

    شانگلہ:امیر مقام کی گاڑی کے قریب دو بم دھماکے،چھ اہلکار جاں بحق

    وزیراعظم کے مشیرامیر مقام کی گاڑی کے قریب شانگلہ میں دوبم دھماکے،کم  از کم چھ پولیس اہلکار جاں بحق، علاقےکو گھیرےمیں لے لیاگیا، ن لیگ کے رہنما بم حملے میں محفوظ رہے.

    تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے شانگلہ میں وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کے اسکواڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سےدو بم حملہ کئے گئے جس کے نتیجے میں کم  از کم چھ پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

    جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، امیر مقام معجزانہ طور پر محفوظ رہے،امیر مقام ہر اتوار کو اپنے علاقے کا باقاعدگی سے دورہ کرتے تھے اور آج بھی وہ ایک جلسے میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ ان کی گاڑی پر بم حملہ کیا گیا۔.

    دھماکہ کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاہے،جبکہ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔