Tag: شاپنگ

  • شاپنگ کرنے کا انوکھا انداز، خاتون گھوڑے پر فارمیسی پہنچ گئیں: ویڈیو وائرل

    شاپنگ کرنے کا انوکھا انداز، خاتون گھوڑے پر فارمیسی پہنچ گئیں: ویڈیو وائرل

    مشہور سعودی گھڑ سوار شہد الشمری نے انوکھے انداز میں شاپنگ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں سعودی گھڑ سوار شہد الشمری کو گھوڑے پر سوار ہو کر فارمیسی میں چیزیں لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں شاہَد الشمری کو گھوڑے پر بیٹھے اسٹور سے من پسند اشیاء کی خریداری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شمری نے گھوڑے پر بیٹھے بیٹھے ہی فارمیسی کا دورہ کیا، شیلف پر رکھی مصنوعات کی جانچ کی اور اپنی پسند کی اشیاء کا انتخاب بھی کیا، خاتون کی یہ ویڈیو کس جگہ کی ہے اب تک یہ واضع نہیں ہوسکا ہے۔

    واضح رہے کہ شاہد الشمری سوشل میڈیا پر باقاعدگی سے اپنی گھڑ سواری کی صلاحیتوں کی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، جو ان کے فالوورز میں گُھڑ سواری کو فروغ دینے کا باعث بنتی ہیں۔

  • شاپنگ کیلئے اپنے بچے کو پارک میں چھوڑ کرجانے والی خاتون گرفتار

    شاپنگ کیلئے اپنے بچے کو پارک میں چھوڑ کرجانے والی خاتون گرفتار

    سنگ دل ماں نے شاپنگ پر جانے کے لیے اپنے بچے کو پارک میں اکیلا چھوڑ دیا، غیرانسانی سلوک پر خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔

    جنوبی کیرولینا کی ایک خاتون پر اپنے بچے کے ساتھ غیر قانونی سلوک کا الزام عائد کیا گیا ہے، خاتون نے 10 سال سے کم عمر بچے کو پارک میں اکیلا چھوڑ دیا وجہ صرف یہ تھی کہ وہ گروسری شاپنگ کے لیے جانا چاہتی تھی۔

    پولیس کے مطابق شام 7 بج کر 40 منٹ انھیں اطلاع ملی کہ ایک بچہ پارک میں کافی دیر سے اکیلا موجود ہے۔ ایک دوسرے بچے کے دادا دادی کی طرف اطلاع دی گئی کہ مذکورہ بچے کے والدین یا سرپرست نظر نہیں آرہے۔

    انھوں نے تقریباً ایک گھنٹے بعد بچے سے پوچھا تو بچے نے بتایا کہ اس کی ماں نے اسے یہاں چھوڑ دیا تھا۔ بچے نے بتایا کہ اس کے پاس ماں سے رابطہ کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ بچہ بظاہر خوفزدہ لگ رہا تھا اور اس نے افسران کو یہ بھی بتایا کہ وہ بھوکا اور پیاسا ہے۔

    پولیس نے ماں کو ڈھونڈ کر تفتیش کی تو کیمبل پروو نامی خاتون نے اعتراف کیا کہ وہ بچے کی قانونی سرپرست ہے اور شام 6:00 بجے اس نے بچے کو پارک میں چھوڑ تھا۔

    عورت کا کہنا تھا کہ وہ گروسری کی خریداری کر رہی تھی اور اس نے سوچا تھا کہ وہ رات 8:00 بجے بچے کو واپس لینے آئے گی۔

    پولیس نے کیمبل پروو کو گرفتار کر لیا اور بچے کو ایک رشتہ دار کی تحویل میں چھوڑ دیا۔ خاتون کو پانچ ہزار ڈالرز کا بانڈ بھرنے کا کہا گیا ہے جبکہ جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

  • سردی آگئی لیکن لنڈا بازار ویران

    سردی آگئی لیکن لنڈا بازار ویران

    اسلام آباد: ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے، سردی کی آمد کے ساتھ ہی ہر سال کی طرح بارونق ہوجانے والے لنڈا بازار اس سال مہنگائی کی وجہ سے سنسان پڑے ہیں۔

    لنڈا بازار عموماً کم آمدنی والے افراد کے لیے شاپنگ کی بہترین جگہ ہوتے تھے لیکن رواں برس مہنگائی نے ان افراد کو لنڈا بازار سے خریداری کرنے سے بھی محروم کردیا۔

    لنڈا بازار کے دکان داروں کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ مال کی قیمتیں بڑھ جانے کی وجہ سے انہیں بھی قیمتیں بڑھانی پڑی ہیں جنہیں سن کر گاہک الٹے قدموں لوٹ جاتے ہیں۔

    دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ محدود آمدنی کی وجہ سے وہ صرف لنڈا بازار سے ہی خریداری کرسکتے تھے لیکن اب اس سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

  • دبئی میں شاپنگ کی شاندار پیشکش، ادائیگی کی فکر کیے بغیر شاپنگ کریں

    دبئی میں شاپنگ کی شاندار پیشکش، ادائیگی کی فکر کیے بغیر شاپنگ کریں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے معروف تجارتی مراکز میں ’ابھی خریداری کریں ادائیگی بعد میں‘ کی سہولت متعارف کروائی ہے، صارفین دبئی مال سمیت دیگر مالز کے تمام شاپنگ سینٹرز سے خریداری کر سکیں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق الامارات دبئی نیشنل بینک اور عمار کمپنی نے دبئی کے معروف تجارتی مراکز میں صارفین کے لیے خصوصی سہولت ابھی خریداری کریں ادائیگی بعد میں متعارف کروائی ہے۔ اس کے تحت صارفین اپنی سہولت سے مطلوبہ سامان خرید سکیں گے۔

    یہ سہولت 16 اگست 2022 سے 23 ستمبر تک جاری رہے گی، صارفین خریداری کی رقم 3 سے 6 ماہ کے دوران قسطوں میں ادا کر سکیں گے۔

    نئی سہولت الامارات دبئی نیشنل بینک کارڈ ہولڈرز (U) سے حاصل کرسکیں گے, یہ کارڈ الامارات دبئی نیشنل بینک اور عمار کمپنی کے الولا پروگرام کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کیا گیا ہے۔

    عمار کمپنی اور الامارات دبئی بینک کا کہنا ہے کہ صارفین دبئی مال، دبئی ہیلز مال، دبئی مرینا مال اور عمار ہاؤسنگ کمپلیکس کے تمام شاپنگ سینٹرز سے خریداری کر سکیں گے۔

    کارڈ استعمال کر کے 500 درہم سے زیادہ کا سامان خریدنے کی سہولت ہوگی، اس پیشکش کے تحت ریستورانوں سے بھی کھانے پینے کی اشیا حاصل کی جاسکیں گی۔

    تجارتی مراکز کے وہ صارفین جو 1 ہزار درہم یا اس سے زیادہ خرچ کریں گے انہیں یومیہ 4 ہزار درہم کا انعام جیتنے کا بھی موقع ملے گا۔

  • آن لائن شاپنگ کرتے ہوئے فراڈ سے کیسے بچا جائے؟

    آن لائن شاپنگ کرتے ہوئے فراڈ سے کیسے بچا جائے؟

    آج کل آن لائن شاپنگ نہایت مقبول ہورہی ہے جس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ مطلوبہ اشیا گھر بیٹھے حاصل ہوجاتی ہیں، تاہم اس میں جعلسازی اور دھوکا دہی کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔

    آن لائن شاپنگ کرنے والوں کو دھوکے بازوں کے جال میں پھنسنے سے بچانے کے لیے ماہرین نے 7 اہم مشورے دیے ہیں۔

    آن لائن ادائیگی کی کارروائی یا نجی معلومات کے اندراج سے قبل رقم کی محفوظ منتقلی کے پروٹوکول کا اطمینان کر لیں۔ گاہک اپنا براؤزر بار بار ضرور چیک کریں۔ لنک کی شروعات https کے ساتھ ہو۔ لنک کے شروع میں http تک محدود نہ ہو۔ آخر میں حرف (ایس) ہی محفوظ ویب سائٹ کی ضمانت ہے۔

    شاپنگ کرتے وقت نیٹ ورک پر نظر رکھیں، کریڈٹ کارڈ کا نمبر یا نجی معلومات اس وقت ہی درج کریں جب آپ انٹرنیٹ سے کنیکٹڈ ہوں، ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہیکنگ کا خطرہ ہوتا ہے۔

    شاپنگ کی کارروائی سے قبل ایپ اور کمرشل سینٹرز کو بھی چیک کر لیا جائے، ادائیگی کی معلومات حوالے کرنے سے قبل کمرشل سینٹر کے بارے میں اطمینان کرنا ضروری ہے۔

    ایس ایم ایس کے ذریعے دھوکہ دہی سے بھی ہوشیار رہیں، ان دنوں اس طریقہ کار کے ذریعے دھوکہ دہی چل رہی ہے۔

    اس حوالے سے یہ بات ہمیشہ مد نظر رکھیں کہ قانون کے مطابق کام کرنے والی کمپنیاں آپ سے کبھی بھی ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے نجی معلومات طلب نہیں کریں گی، وہ کبھی بھی ادائیگی سے متعلق معلومات، صارفین کے نام، پاس ورڈ یا سوشل سیکیورٹی نمبر نہیں مانگیں گے۔

    ماہرین کے مطابق رسائی ٹوکن سے موبائل آلات محفوظ رہتے ہیں، آن لائن شاپنگ کرتے وقت موبائل کے حوالے سے رسائی ٹوکن ایکٹو ضرور کر لیا جائے۔

    آن لائن شاپنگ کرتے وقت کمپیوٹر کے آپریشنل سسٹم کو اپ ڈیٹ کریں، آن لائن شاپنگ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کریں اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے نہیں۔ کریڈٹ کارڈ انٹرنیٹ کے ذریعے ادائیگی کے حوالے سے زیادہ محفوظ ثابت ہو رہے ہیں۔

  • آن لائن کرسی خریدنے والی خاتون کو شدید دھچکا

    آن لائن کرسی خریدنے والی خاتون کو شدید دھچکا

    آن لائن شاپنگ بعض اوقات ایک ناخوشگوار تجربہ ثابت ہوسکتی ہے، جس کا ایک اور ثبوت حال ہی میں نیویارک کی رہائشی ایک خاتون نے دیا ہے۔

    مریم نامی ان خاتون نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

    ویڈیو میں انہوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے آن لائن ایک خوبصورت مخملی کرسی فروخت کے لیے دیکھی، جو ان کے دل کو اس قدر بھائی کہ انہوں نے فوراً ہی اسے آرڈر کردیا۔

    تاہم جب وہ ان کے پاس پہنچی تو جو چیز ڈبے سے نکلی وہ اسے دیکھ کر حیران ہوگئیں۔

    وہ کرسی تو بالکل ویسی ہی تھی جیسی انہوں نے دیکھی تھی، مخملی کور کے ساتھ سنہری ہتھے اور پشت، بس یہ کرسی منی ایچر تھی یعنی بچوں کے کھیلنے کی چیز یا گڑیا کے گھر میں سجائی جانے والی کرسی معلوم ہورہی تھی۔

    اس غیر متوقع ڈیلیوری پر مریم کو بے حد صدمہ پہنچا اور انہوں نے یہ واقعہ ٹک ٹاک پر شیئر کیا۔

    سوشل میڈیا صارفین نے مریم کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آن لائن خریداری کو ایک بار پھر ناقابل بھروسہ قرار دیا، کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی ملتے جلتے واقعات کی وجہ سے آن لائن خریداری کرنے سے توبہ کرلی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: مقامی افراد کے لیے مفت شاپنگ کا موقع

    متحدہ عرب امارات: مقامی افراد کے لیے مفت شاپنگ کا موقع

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے وہ رہائشی جو سنہ 1971 میں پیدا ہوئے تھے، اب متحدہ عرب امارات کے اتحاد کے 50 سال مکمل ہونے کی خوشی میں مفت شاپنگ کر سکتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی ہائپر مارکیٹس میں سے ایک یونین کوپ نے کہا ہے کہ جو خریدار 1971 میں پیدا ہوئے انہیں یو اے ای کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر اس کی 100 روزہ تشہیری مہم کے حصے کے طور پر مفت خریداری کے لیے افضال کارڈ کا تحفہ دیا جائے گا۔

    100 روزہ تشہیری مہم 10 نومبر 2021 سے شروع ہوگی۔ اس دوران 50 کے قریب خریداروں کو اسمارٹ فون، 50 کو گولڈ بار اور 50 کو ماؤنٹین بائیکس جیتنے کا موقع بھی ملے گا۔

    اس موقع پر مختلف ریٹیل کمپنیوں نے تشہیری مہم کی مدت کے دوران ہزاروں اشیا کی قیمتیں کم کرنے کے ساتھ صارفین کو مختلف انعامات کی پیشکش کے لیے 50 ملین درہم مختص کیے ہیں۔

    یونین کوپ کے سی ای او خالد محمد کا کہنا ہے کہ مختلف ریٹیل کمپنیز 100 دنوں کے لیے 20 ہزار اشیا پر قیمت کم کر رہی ہیں، اس دوران چاول، گوشت، پولٹری، ڈبوں میں بند خوراک، پھل، سبزیوں اور بنیادی ضروریات کی دیگر اشیا پر 50 فیصد سے زیادہ رعایت دی جائے گی۔

    یونین کوپ نے قومی دن کی مناسبت سے 50 دنوں کے لیے اپنے آن لائن اسٹورز پر تمام آرڈرز کی مفت ڈیلیوری بھی شروع کردی ہے۔

  • عید اور رمضان شاپنگ: لٹیروں نے مارکیٹ کے باہر فیملی کو لوٹ لیا (ویڈیو)

    عید اور رمضان شاپنگ: لٹیروں نے مارکیٹ کے باہر فیملی کو لوٹ لیا (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں عید اور رمضان کی شاپنگ کے لیے شہری مارکیٹوں کا رخ کر رہے ہیں، ایسے میں جرائم پیشہ عناصر نے بھی مارکیٹوں میں پھیل کر منظم انداز میں وارداتیں کرنا شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ روز شاپنگ کے لیے آنے والی ایک فیملی کو 2 لٹیروں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا، اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    گلستان جوہر میں ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر بھی نشر کی گئی، اس فوٹیج سے معلوم ہوتا ہے کہ لٹیروں نے مارکیٹوں کو آماج گاہ بنا لیا ہے، اس لیے شہریوں کو بھی بہت احتیاط کرنی ہوگی۔

    فوٹیج کے مطابق ہفتے کو شام 7 بجے گلستان جوہر کے ایک شاپنگ سینٹر میں خریداری کے لیے آنے والی ایک فیملی نے گاڑی جیسے ہی پارکنگ میں روکی، دو لٹیروں نے انھیں موبائل فونز اور دیگر اشیا سے محروم کر دیا۔

    لٹیروں نے الگ الگ سمت سے آ کر واردات کی، ان میں سے ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا جب کہ دوسرا دوسری سمت سے پیدل آیا، دونوں شلوار قمیض پہنے تھے، ایک کے سر پر سفید ٹوپی تھی جب کہ دوسرے نے سبز مائل جیکٹ پہن رکھی تھی۔

    فیملی کے افراد گاڑی سے نکل کر شاپنگ کے لیے جانے کی تیاری کر رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار لٹیرا اس فیملی کو دیکھتا ہوا پاس سے گزر گیا، عین اسی وقت دوسری جانب گلی سے سفید ٹوپی والا کریمنل پیدل چلتا آ رہا تھا، موٹر سائیکل والے نے پیدل آنے والے کو فیملی کی جانب اشارہ کیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار لٹیرے نے بائیک ایگزٹ پر تیار حالت میں کھڑی کی، اور دوسری طرف سفید ٹوپی والے نے پستول نکال کر فیملی کے افراد سے سر عام لوٹ مار شروع کر دی۔

    اس کے بعد موٹر سائیکل سوار بھی آ گیا اور اس نے گاڑی کے دوسری طرف آ کر کھڑے بچوں سے سیل فون لے لیے، اس نے گاڑی کے اندر ڈیش بورڈ بھی چیک کیا اور سیٹوں پر بھی ہاتھ مارے، اس کے بعد لٹیرے موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

    گزشتہ روز ایک اور علاقے ڈیفنس بخاری کمرشل میں بھی تالہ توڑ گروپ نے واردات کی تھی، 25 لاکھ کی کار میں آنے والے ملزمان 12 لاکھ کے جوڑے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، لٹیرے بوتیک سے قیمتی جوڑے بوریوں میں بھر کر لے گئے، ان لٹیروں نے کیپ اور ماسک لگا رکھے تھے۔

  • ڈیپارٹمنٹل اسٹورز  سے شاپنگ کرنے والوں کیلئے خبر ، بڑی پابندی عائد

    ڈیپارٹمنٹل اسٹورز سے شاپنگ کرنے والوں کیلئے خبر ، بڑی پابندی عائد

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کو شاپنگ بیگز میں اشیاخورد نوش فروخت کرنے پر پابندی لگادی اور 15 روز میں عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کی درخواست  پر سماعت کی، جسٹس شاہد کریم نے سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر حکم جاری کیا۔

    لاہور ہائی کورٹ نے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کو شاپنگ بیگز میں اشیاخورد نوش فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی، جسٹس شاہد کریم نے کہا تمام ڈیپارٹمنٹل اسٹورز شاپنگ بیگز کا استعمال نہ کریں ، شاپنگ بیگز کے استعمال سے آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔

    جسٹس شاہد کریم نے 15 روز میں عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    درخواست گزار نے کہا تھا پنجاب حکومت نے پلاسٹک بیگ کی بندش کے خلاف کوئی اقدامات نہیں کیے , استدعا ہے کہ عدالت پولیتھین بیگ پر پابندی کا حکم جاری کرے اور حکومت کو اس حوالے سے قانون سازی کا پابند کرے۔

    مزید پڑھیں : شاپنگ بیگزپرپابندی، ہائی کورٹ نے حکومت سے قانون کا مسودہ طلب کرلیا

    یاد رہے سماعت میں درخواست گزار سلمان نیازی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا تھا کہ شاپنگ بیگز کی وجہ سے لوگ یرقان، کینسر ودیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔  پلاسٹک کے شاپنگ بیگ انتہائی مضر صحت ہیں جبکہ پلاسٹک سے بنے کپ اور سٹراز بھی انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں اس لیے عدالت اس پر پابندی کا حکم دے

    عدالت نے قرار دیا تھا کہ چند لاکھ لوگوں کے روزگار کی وجہ سے کروڑوں افراد کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا، تاہم حکومت کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ پابندی سے متاثر افراد کا ازالہ کیسے کیا جائے۔

  • شاپنگ کرنا دماغی صحت کے لیے فائدہ مند

    شاپنگ کرنا دماغی صحت کے لیے فائدہ مند

    شاپنگ کرنا تقریباً ہر خاتون کو پسند ہوتا ہے۔ مردوں کی بات آئے تو انہیں بھی اپنے لیے شاپنگ کرنا پسند ہوتا ہے۔

    ماہرین کا دعویٰ ہے کہ شاپنگ کرنا ہماری دماغی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔

    آج کل کی مصروف زندگی میں شاپنگ کے انداز بھی بدل گئے ہیں اور زیادہ تر شاپنگ آن لائن کرلی جاتی ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ شاپنگ کے لیے جانا آپ کی دماغی صحت پر بہترین اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

    آئیں جانتے ہیں شاپنگ ہمارے لیے کس طرح فائدہ مند ہے۔


    واک کرنا

    جب بھی آپ شاپنگ کے لیے کسی مال یا مارکیٹ میں داخل ہوتے ہیں تو بہتر سے بہتر چیز کی تلاش میں کئی دکانوں پر جاتے ہیں اور اس دوران واک کرتے ہیں۔

    یہ وہ چیز ہے جس کے لیے روزمرہ کی مصروفیت میں وقت نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ پیدل چلنا یا چہل قدمی کرنا دماغی و جسمانی صحت پر نہایت مفید اثرات مرتب کرتا ہے۔


    رنگ آنکھوں کے لیے تسکین کا باعث

    شاپنگ کے لیے جانے کے بعد آپ کے چاروں طرف مختلف اشیا کے رنگ بکھرے ہوتے ہیں۔

    مختلف اشیا اور مختلف رنگوں کو دیکھنا آنکھوں کے لیے ورزش کا کام دیتا ہے چنانچہ شاپنگ پر جانے سے آپ اپنی آنکھوں کو بھی پرسکون کرنے کا باعث بنتے ہیں۔


    ذہنی تناؤ میں کمی

    ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ شاپنگ کرنا ذہنی تناؤ میں کمی لاتا ہے۔ شاپنگ کے دوران آپ وقتی طور پر تمام پریشانیوں کو بھول جاتے ہیں جس سے آپ کا دماغ پرسکون ہوتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب بھی آپ اداس ہوں یا کسی وجہ سے پریشان ہوں تو شاپنگ اس کا بہترین علاج ثابت ہوسکتی ہے۔


    خوشی

    یہ ناممکن ہے کہ آپ اپنے لیے بہترین اشیا کی خریداری کر کے لائیں اور آپ کو خوشی کا احساس نہ ہو۔

    نئی اور پسندیدہ اشیا کو استعمال کرنے کا خیال آپ کو خوش اور پرجوش بنا دیتا ہے جس سے آپ کا دماغ بہت پرسکون ہوجاتا ہے۔

    تو پھر کیا خیال ہے؟ آج ہی شاپنگ پر جانے کا پروگرام بنالیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔