Tag: شاہدرہ ٹاؤن

  • شاہدرہ میں خطاب، مریم نواز پر کسی نے چھڑی پھینک دی

    شاہدرہ میں خطاب، مریم نواز پر کسی نے چھڑی پھینک دی

    لاہور: شاہدرہ ٹاؤن میں خطاب کے دوران مریم نواز پر کسی نے چھڑی پھینک دی جو ان کے سر پر جا لگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور کے شاہدرہ ٹاؤن میں عوامی رابطہ مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز ایک اور ناخوش گوار واقعے سے دوچار ہو گئیں۔

    خطاب کے دوران مجمع میں سے کسی نے اچانک ان پر چھڑی پھینک ماری، جو مریم نواز کے سر پر لگی، اس واقعے کے بعد مریم نواز خطاب چھوڑ کر فوری طور پر واپس چلی گئیں۔

    آج ایک اور واقعے میں ریلی کے دوران ایک کارکن نے مریم نواز کو ہاتھ لگا دیا تھا جس پر ان کے سیکورٹی گارڈز نے اسے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ہاتھ کیوں لگایا؟ مریم نواز کو ہاتھ لگانے والے پر سیکیورٹی گارڈ کا تشدد

    واضح رہے کہ شاہدرہ ٹاؤن میں مریم نواز کے خطاب کے دوران لیگی کارکنان کے درمیان کسی بات پر ہاتھا پائی بھی ہوئی اور کارکن آپس میں گھتم گتھا ہو گئے۔

    ایک اور واقعے میں شاہدرہ کے جلسہ گاہ میں نون لیگ کا ایک کارکن پینا فلیکس لگاتے ہوئے بجلی کے تاروں سے چپک گیا تھا، 20 سالہ اسامہ کو شہریوں نے اتارا اور شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔

    علاقے سے منتخب ہونے والے لیگی ایم این اے نے اس واقعے میں بے حسی دکھائی اور اطلاع ملنے کے بعد بھی اپنےگھر سے باہر نہیں نکلے، پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لڑکے کو بجلی کے تاروں سے آزاد کرایا تھا۔

  • لاہور: شاہدرہ ٹاؤن میں خاتون قتل

    لاہور: شاہدرہ ٹاؤن میں خاتون قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں‌ 24 سالہ خاتون کو قتل کر دیا گیا، پولیس قتل کی تحقیق کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں جاوید پارک کے قریب خاتون کو قتل کر دیا گیا، مقتولہ کی شناخت 24 سالہ نورین کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق شوہر اور ساس کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، قانونی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    ‌راولپنڈی میں‌ بھائی نے بہن کو قتل کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کے علاقے گلستان کالونی تھانہ سول لائنز کی حدود میں‌ بھائی نے طیش میں آکر 22 سالہ بہن کو قتل کر دیا تھا۔پولیس کے مطابق مقتولہ کائنات کی والدہ نے دوسری شادی کرلی تھی، بیٹی ماں‌ سے ملنے گئی تھی، بھائی نے غصے میں‌ آکر بہن کو قتل کیا۔

    گجرات میں‌ غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی قتل

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 18 جولائی کو گجرات کے تھانہ کنجاہ میں محبت کرنے کے الزام میں نوجوان کو بے دردی سے قتل کرکے نعش نہر میں بہا دی گئی جبکہ لڑکی کو پاگل قرار دے کر نہر میں پھینک دیا گیا تھا۔

  • شہریوں نے ڈاکو کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے

    شہریوں نے ڈاکو کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے

    لاہور: شاہدرہ ٹاؤن میں جوتے کی دکان پر ڈکیتی کے دوران شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا، دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں جوتے کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران وہاں موجود لوگوں نے ایک ڈاکو کو رنگے ہاتھوں دھر لیا، جبکہ دوسرا موقع پا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پکڑے جانے والے ڈاکو کو شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ڈاکو کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان پر کھیل کر مسلح ڈاکو کو قابو کیا اور بعد میں ڈاکو کو پکڑ کر شہریوں نے اسے ڈکیتی کا مزہ چکھایا۔