Tag: شاہد آفریدی

  • معاہدہ ختم : شاہد آفریدی افغان کرکٹ لیگ سے دستبردار

    معاہدہ ختم : شاہد آفریدی افغان کرکٹ لیگ سے دستبردار

    لاہور : قومی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی افغان کرکٹ لیگ سے دستبردار ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ افغان بورڈ کا شکر گزار ہوں ، ذاتی مصروفیات کے باعث ایونٹ نہیں کھیل سکتا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی۔ تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے افغانستان کی ’’اسپاغیزا کرکٹ لیگ ‘‘ کے ساتھ معاہدہ ختم کردیا ہے۔

    ٹوئٹر پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں بلانے پرافغان بورڈ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے وہاں کھیلنے کی دعوت دی، تاہم میں اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے افغان کرکٹ لیگ میں شرکت نہیں کر سکتا۔

    ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں افغان لیگ ضرور کھیلوں گا، میں ذاتی طور پر کھیلوں کے ذریعے مختلف ممالک کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کا حامی ہوں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ گیارہ ستمبر سے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شروع ہونے والی اسپاغیزا کرکٹ لیگ میں 6 فرنچائز کی ٹیموں کے مابین مقابلے ہوں گے۔

    ہر ٹیم نے افغان کرکٹرز سمیت بین الاقوامی کرکٹرز کی بھی خدمات حاصل کی ہیں اس سلسلے میں اسپنگار ٹائیگرز نے بطور بین الاقوامی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

    یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان انگلش سیزن میں ہمشائر کاونٹی کلب کی نمائندگی کررہے ہیں اور ان کی ٹیم مایہ ناز آل راؤنڈر کی شاندار سنچری کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔

  • شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے کوہلی کا دستخط شدہ بلے کا عطیہ

    شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے کوہلی کا دستخط شدہ بلے کا عطیہ

    لندن: بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے معروف پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن کے لیے اپنا دستخط شدہ بلا بطور عطیہ دیا ہے۔

    کوہلی نے یہ بلا صوبہ سندھ کے صحرائے تھر میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے بنائے جانے والے اسپتال کے لیے عطیہ کیا ہے۔

    بیٹ کو بہت جلد نیو کاسل میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے چیریٹی ڈنر میں نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم اسپتال کی تعمیر میں استعمال ہوگی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے کوہلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ جیسے لوگوں ہی کی وجہ سے بہتری کی امید ابھی باقی ہے۔

    جواباً ویراٹ کوہلی نے بھی اپنے ٹوئٹ میں شاہد آفریدی اور ان کی سماجی خدمات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    گزشتہ روز لندن میں اسپتال کی فنڈ ریزنگ کے لیے منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستانی کھلاڑیوں محمد عامر اور عماد وسیم نے بھی شرکت کی جنہوں نے اسپتال کے لیے خطیر رقم عطیہ کی۔

    فاؤنڈیشن کے صدر اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے اعلان کیا کہ اسپتال کا ایک وارڈ ان دونوں کھلاڑیوں کے نام سے منسوب کیا جائے گا تاہم عماد وسیم نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عطیے کی شہرت نہیں چاہتے۔ ان کا مقصد صرف ایک اچھے کام کے لیے اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

    تقریب میں ویرات کوہلی کی وہ شرٹ بھی 5 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی جو انہوں نے کچھ عرصہ قبل دستخط کر کے شاہد آفریدی کو بھجوائی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • امید نہیں تھی کہ پاکستان چپمیئنز ٹرافی جیت جائے گا، شاہد آفریدی

    امید نہیں تھی کہ پاکستان چپمیئنز ٹرافی جیت جائے گا، شاہد آفریدی

    کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ امید نہیں تھی کہ پاکستان چپمیئنز ٹرافی جیت جائے گا، سب نے ناقابل فراموش پرفارمنس دی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور آئی سی ایم اے میں معاہدہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ چپمیئنز ٹرافی کے دوران میرا رابطہ اکثر سرفراز احمد سے رہتا تھا، انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے جو سرفراز اور ان کی ٹیم نے اوول کے میدان میں حاصل کی یہ کامیابی تاریخ میں لکھی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگوں کو امید تھی کہ پاکستان سیمی فائنل میں بھی جا پائےگا لیکن یہ لڑکے ٹرافی لے کر آگئے جو بہت خوش آئند بات ہے، میں پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔


    مزید پڑھیں: آفریدی اثاثہ ہیں، اکیڈمی کیلئے زمین مہیا کررہے ہیں، وسیم اختر


    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری میئر کراچی وسیم اختر سے بات ہوئی ہے انہوں نے مجھے ایک گراؤنڈ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے، جس میں بہت زبردست قسم کی کرکٹ اکیڈمی بنائی جائے گی۔

  • ثنا بچہ کے ساتھ تصویر پر تنقید کرنے والوں کو آفریدی کا کرارا جواب

    ثنا بچہ کے ساتھ تصویر پر تنقید کرنے والوں کو آفریدی کا کرارا جواب

    معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے ماڈل و اداکارہ ثنا بچہ کی اپنے ساتھ تصویر پر تنقید کرنے والوں کا منہ انہیں بہن مخاطب کر کے بند کردیا۔

    یہ تصویر ایک روز قبل سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھی جو ثنا بچہ کے گھر میں لی گئی تھی۔ ثنا نے اپنے گھر میں دعوت سحر کا اہتمام کیا تھا اور شعبہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات کو مدعو کیا تھا۔

    شاہد آفریدی بھی مہمانوں میں شامل تھے۔

    اس موقع پر کئی تصاویر بھی لی گئیں تاہم ایک تصویر میں ثنا بچہ کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس میں وہ شاہد آفریدی کے ساتھ کھڑی ہیں۔

    لوگوں نے دعویٰ کیا کہ تصویر میں آفریدی بہت بے آرامی کی حالت میں کھڑے ہیں اور ثنا بچہ ان کے بہت زیادہ قریب ہیں۔

    تاہم شاہد آفریدی نے تمام ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے ثنا بچہ کو بہن مخاطب کر ڈالا۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے وہی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ثنا کو بہن کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    جواب میں ثنا بچہ نے بھی اپنے ٹوئٹ میں انہیں لالہ (بھائی) کہہ کر مخاطب کیا اور کہا، ’گو کہ ہمارا خون ایک نہیں لیکن اس سے اچھی کوئی بات نہیں کہ ایک شخص نہ صرف آپ کو اپنی بہن کہے بلکہ آپ سے برتاؤ بھی ویسا ہی کرے‘۔

    یاد رہے کہ ثنا بچہ سابق اینکر ہیں لیکن اب وہ فلم انڈسٹری میں کام کر رہی ہیں اور ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ ایک فلم میں بھی جلوہ گر ہونے جارہی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • شاہد آفریدی کی نجم سیٹھی سے ملاقات، فیئر ویل دینے کا اشارہ

    شاہد آفریدی کی نجم سیٹھی سے ملاقات، فیئر ویل دینے کا اشارہ

    لاہور : بوم بوم آفریدی اور چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کے درمیان بالآخر دبئی میں ملاقات ہو ہی گئی۔ ملاقات کے دوران نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کو فیئر ویل دینے کا اشارہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی سے دبئی میں شاہد آفریدی نے ملاقات کی ہے، ملاقات کے بعد چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملاقات کی تفصیل کے ساتھ شاہد آفریدی کے ہمراہ تصویر بھی جاری کی ہے۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں نجم سیٹھی نے بتایا ہے کہ سابق ٹی توینٹی کپتان سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے۔ اس دوران انٹرنیشل کرکٹ کو خیرباد کہنے پر شاہد آفریدی کو فیئرویل دینے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کرکٹ کے فروغ کیلئے شاہد آفریدی نے اپنا کردار ادا کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا ہے۔ جواب میں شاہد آفریدی نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس ایل کی تجاویز کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔

  • ایدھی ہوم سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سفر کا آغاز

    ایدھی ہوم سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سفر کا آغاز

    کراچی: ایدھی ہوم سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سفر کا آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر شاہد خان آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی صاحب نے عملاً انسانیت کی خدمت کر کے دکھائی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سفر کا آغاز کراچی سے کردیا گیا۔ اس موقع پر شاہد خان آفریدی نے ایدھی صاحب کی خدمات کو سراہا۔

    شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی صاحب نے عملاً انسانیت کی خدمت کر کے دکھائی ہے، ایدھی صاحب پاکستان پر بڑا احسان کر کے گئے ہیں۔

    چیمپئنز ٹرافی کا ذکر کرتے ہوئے اسٹار آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا ہر ایونٹ بہت زبردست ہوتا ہے۔ ہم اپنی بولنگ، فیلڈنگ اور بیٹنگ پر توجہ دے کر اچھے رزلٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

    پاک بھارت سیریز کے حوالے سے آفریدی نے کہا کہ بی سی سی آئی پاکستان سے کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے، اگر ان کی حکومت اجازت دیتی ہے تو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز ہوگئی تو وہ میچ دیکھنے ضرور جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ کا اپنی حکومت سے پاک بھارت سیریز کا مطالبہ

    آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے کھلاڑیوں کو پریشان نہیں‌ ہونا چاہیئے۔ پاک بھارت میچ میں‌ پریشر ضرور ہوتا ہے، کھلاڑیوں‌ نے پریشر ہینڈل کرلیا تو میچ کے اچھے نتائج آئیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں‌ آفریدی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ ملک میں‌ ضرور آئے گی مگر تھوڑا وقت لگے گا، پی ایس ایل کے فائنل سے پوری دنیا میں‌ امن کا پیغام گیا ہے۔

  • شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کو خیرباد کہہ دیا

    شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کو خیرباد کہہ دیا

    کراچی : قومی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے کھلاڑی شاہد آفریدی نے پشاور زلمی چھوڑنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ نمبرون ٹیم کے ساتھ پی ایس ایل کپ جیتا۔ زلمی کے ساتھ نیک خواہشات ہمیشہ رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق بوم بوم شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کا فائنل جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کو خیر باد کہہ دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پشاور زلمی چھوڑنے کا اعلان کررہا ہوں، تاہم میری تمام نیک خواہشات زلمی کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بطورصدراور ٹیم ممبر پشاورزلمی کیلئےخدمات ختم کردیں ہیں، میں جہاں جاؤں گا میرے چاہنے والے میرےساتھ آئیں گے۔

    شاہد آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک ٹیم کیلئے کپ جیتا اور اب دوسری ٹیم کیلئے جیتوں گا۔

  • میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگنی چاہیئے، شاہد آفریدی

    میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگنی چاہیئے، شاہد آفریدی

    کراچی : معروف کرکٹر شاہد خان آفریدی نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اظہر علی کو ون ڈے ٹیم سے باہر کر دینا اچھا فیصلہ نہیں ہے۔

    معروف بلے باز شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میچ فکسنگ سے متعلق میرا موقف پہلے سے ہی واضح ہے اور اس سے قبل بھی بتا چکا ہوں کہ اس معاملے پر تحقیقات جاری ہیں اس لیے اس پر کچھ کہنا مناسب نہیں ہوگا۔

    سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ ملک کی بدنامی کا باعث بنتا ہے اور اس سے کرکٹ کئ مداحوں میں مایوسی پھیلتی ہے اور ٹیم کا مورال بھی ڈاؤن ہو جاتا ہے اس لیے اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے بعد ملک میں حالات تبدیل ہوئے ہیں اور اب غیر ملکی مہمان فٹبالر بھی پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں جو نہایت خوش آئند ہے اور معروف فٹبالر رونالڈینو کو نہ صرف یہ کہ خوش آمدید کہوں گا بلکہ ان کے ساتھ کرکٹ اور فٹبال بھی کھیلوں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ جب ٹیم ہارتی ہے تو فٹنس کا شور ہوجاتا ہے جبکہ جیتنے پر کچھ نہیں ہوتا انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فٹنس کیمپ صرف ان فٹ کھلاڑیوں کے لیے لگانا چاہیے۔

    دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے سابق کپتان اظہر علی کو ڈراپ کرنے پر شاہد آفریدی نے کہا کہ اظہر علی کا کپتانی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ بہت اچھا تھا تاہم انہیں ون ڈے سے بہ طور بلے باز فارغ کرنا مناسب نہیں ہے انہیں کچھ اور موقع دینا چاہیئے تھا۔

  • بوم بوم آفریدی کرکٹ کے ہیرو ہیں، رونالڈینیو

    بوم بوم آفریدی کرکٹ کے ہیرو ہیں، رونالڈینیو

    کراچی: فیفا آف دی ائیر کا دو بار ٹائٹل اپنے نام کرنے والے معروف برازیلین فٹبالر نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی نے پاکستان آمد پر خود آمدید کہا جس کی بے حد خوشی ہے، پاکستان کے دورے کا بے تابی سے انتظار ہے۔

    پاکستان کے نامور اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کی شہرت بدستور برقرار ہے اور اب برازیل کے معروف فٹبالر اور دو بار فیفا کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والے رونالڈینیو نے بھی شاہد آفریدی کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر رونالڈینیو نے کہا کہ ’’خوشی ہے شاہد آفریدی نے پاکستان آنے کیلئےخوش آمدید کہا، بوم بوم پاکستانی کرکٹ کے ہیرو ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جولائی میں پاکستان کے دورے کا بےتابی سے انتظار ہے۔

    یاد رہے معروف برازیلین فٹبال رونالڈینیو نے گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پاکستان آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’پاکستانیوں میں آرہا ہوں‘‘۔

    فیفا آف دی ایئر کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والے فٹبالر پاکستان کے دورے کے موقع پر لیژئیر لیگ کی جانب سے منعقدہ آزمائشی میچ بھی کھیلیں گے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی تفصیلات مہیا کی گئی ہیں۔برازیلن فٹبالر کی پاکستان آمد کا مقصد ملک میں بالخصوص فٹبال اور بالعموم کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔

  • فائنل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، دیکھنے ضرور جاؤں گا، شاہد آفریدی

    فائنل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، دیکھنے ضرور جاؤں گا، شاہد آفریدی

    کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے اہم کھلاڑی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ فائنل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، انجری نہ ہوتی تو یقیناً فائنل کھیلتا، پی ایس ایل میں بہترین میچز ہوئے کارکردگی سے خوش اور مطمئن ہوں، فائنل دیکھنے لاہور ضرور جاؤں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’اعتراض ہے‘‘ میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، پروگرام میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے کپتان سرفرازاحمد اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل میرے پاس ایک اچھا موقع تھا جس کا فائدہ اٹھایا، پی ایس ایل کے ذریعے نئے ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، اس میں بہت سےنئےکھلاڑیوں کوموقع دیا گیا، محمد اصغرجیسے بولراور بہت سے نئےکھلاڑی متعارف ہوئے ہیں۔

    فئیر ویل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیئر ویل میں نے خود کھوئی ہے، ہرکھلاڑی کو فیئر ویل ملنی چاہئیے، مداحوں کا مشکورہوں اور ان ہی کیلئے کھیلتا آیا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہی دبئی سے کراچی پہنچا ہوں، ڈیرن سیمی بھی لاہور پہنچیں گے، غیرملکی کھلاڑیوں کیلئے کل ضرور فائنل دیکھنےجاؤں گا، نہ کھیلنے کا دکھ ہے انجری نہ ہوتی توفائنل ضرور کھیلتا۔

    ملک میں انٹر نیشل کرکٹ کی واپسی پر خوشی ہے، سرفراز احمد

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں جو خوش آئند ہے، کوئی بھی ٹیم جیتے فرق نہیں پڑتا جو اچھا کھیلے گا فائنل وہی جیتے گا، جیت صرف پاکستان کی ہونی چاہئیے۔

    پی سی بی حکام کو پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے پر مبارکباد دیتا ہوں، فائنل جیتنے کیلئے تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی کمی محسوس کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ کیون پیٹرسن کی جگہ نئےغیرملکی کھلاڑی ٹیم میں شامل ہونگے، احمد شہزاد سمیت بہت سے پلیئرفارم میں ہیں اور اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں، پوری لیگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے آئندہ بھی کرینگے، پی ایس ایل میں بہت کچھ سیکھنےکوملا۔

    پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو دعوت دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کون ہوتا ہوں دعوت دینے والا، لیکن میری خواہش ہے کہ عمران خان بھی کل میچ دیکھنے آئیں، وہ بہت بڑے کھلاڑی ہیں، اگرمصروفیات نہ ہوئیں تو کل عمران خان بھی قذافی اسٹیڈیم میں ہونگے، کھیل سے محبت کرنے والے ہر شخص جس کو موقع ملے گا تو وہ فائنل دیکھنے ضرور آئے گا۔

    امن کا پیغام پہنچانے کیلئے میچ دیکھنے جاؤں گا، سراج الحق

     جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پہلی مرتبہ ٹکٹ لے کر محبت اور امن کا پیغام عالمی سطح پر پہنچانے کیلئے پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے جارہا ہوں، اس سے پہلے میچ کبھی کبھی ٹی وی پر میچ دیکھتا رہاہوں۔

    انہوں نے کہا کہ 500 روپے سے کم کوئی ٹکٹ نہیں تھا اسی لیے وہی ٹکٹ خریدا، عام شہری ہوں عام پاکستانیوں کے ساتھ ہی میچ دیکھوں گا۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہوں، پاکستان میں بھی کرکٹ کے شائقین موجود ہیں توجہ دینی چاہیے، پی ایس ایل فائنل میں پہنچنےوالی دونوں ٹیمیں ہماری ہی ٹیمیں ہیں، پی ایس ایل پاکستان میں ہوتو ملک کا فائدہ ہے،عام شہریوں کا فائدہ ہے۔