Tag: شاہد آفریدی

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پشاور زلمی پہلی پوزیشن پر

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پشاور زلمی پہلی پوزیشن پر

    دبئی : شاہد آفریدی کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دیدی۔ پشاور زلمی نے پوائٹنس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل ایڈیشن ٹو کا ایک اور میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ پاکستان سپر لیگ ٹو کے سلسلے کا انیسواں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا گیا۔

    زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے، جواباً زلمی نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 19 اعشاریہ 2 اوورز میں مقررہ ہدف حاصل کر لیا۔

    شاہد آفریدی نے چھکے اور چوکے کی برسات کرکے میلہ لوٹ لیا۔ شاہد آفریدی نے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 23 گیندیں کھیل کر 45 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دیگر بلے باز بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ کیون پیٹرسن اکتالیس اور روسوو نے اڑتیس رنز کی اننگز کھیل سکے، جیت کیلئے پشاور زلمی کو ایک سو انتیس رنز کا ہدف ملا، مطلوبہ ہدف تک پہنچنا پشاور زلمی کیلئے آسان ثابت نہیں ہوا۔

    کامران اکمل چھبیس، محمد حفیظ بائیس رنز کی اننگز کھیلی۔ شاہد آفریدی نے گراؤنڈ میں قدم جماتے ہی بولرز کے چھکے چھڑا دیئے، پینتالیس رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کو دو وکٹوں سے فتح دلا دی۔ جیت کے ساتھ ہی پشاور زلمی نے پوائٹنس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔

  • لارڈز گراؤنڈ کا آفریدی کو خصوصی خراج تحسین

    لارڈز گراؤنڈ کا آفریدی کو خصوصی خراج تحسین

    لندن: لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم نے پاکستانی اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے خصوصی ویڈیو جاری کی ہے جس میں اُن کی 2009 ورلڈ کپ کی پرفارمنس دکھائی گئی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لارڈز گراؤنڈ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں شاہد خان آفریدی کی 2009 کے ورلڈ کپ میں کھیلی جانے والی شاندار اننگز کو دکھایا ہے۔

    ہوم آف گراؤنڈ (لارڈز اسٹیڈیم) کی آفیشل آئی ڈی سے جاری اس ویڈیو کے بعد بین الاقوامی کرکٹر بھی ویڈیو پر تاثرات دے رہے ہیں جبکہ لالا کے مداح بھی مستقبل میں ان کی کمی کا شکوہ کرتے نظر آرہے ہیں۔

    یاد رہے شاہد آفریدی نے گزشتہ اتوار شارجہ اسٹیڈیم میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ صرف مداحوں کے لیے کرکٹ کھیل رہے ہیں اُن کا مقصد ٹیم میں جگہ بنانا نہیں ہے۔

    واضح رہے شاہد آفریدی کو 1996 میں بوم بوم کا لقب دیا گیا تھا جب انہوں نے سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں 37 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کی پہلی تیز ترین سینچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

    علاوہ ازیں شاہد خان آفریدی نے کرکٹ کی دنیا میں صرف بیٹنگ ہی نہیں بلکہ باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور 2009 میں پاکستان کو ٹی ٹوئٹی ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

  • شاہد آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    شاہد آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ اب ان کا ارادہ صرف ٹی 20 لیگز میں شرکت اور فلاحی کاموں پر توجہ دینے کا ہے۔

    شاہد خان آفریدی سنہ 2010 میں ٹیسٹ کرکٹ سے اور ورلڈ کپ 2015 کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ انہوں نے آخری مرتبہ ورلڈ ٹی 20 میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

    afridi-post-5

    میگا ایونٹ کے بعد وہ قیادت سے دستبردار ہو کر بطور کھلاڑی آخری میچ کھیلنے کی خواہش ظاہر کرتے رہے لیکن بورڈ اور سلیکٹرز نے انہیں یہ موقع نہیں دیا۔ فی الحال آفریدی پی ایس ایل، انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سمیت کئی ٹی 20 لیگز میں کھیل رہے ہیں۔

    سنہ 1996 میں آفریدی نے سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو 18 سال تک قائم رہا۔ یہ ریکارڈ ان کے لیے شہرت اور کامیابی کا نکتہ آغاز ثابت ہوا اور اس کے بعد آفریدی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

    شاہد آفریدی نے 398 ایک روزہ میچوں میں 8 ہزار 64 رنز بنائے اور 395 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی20 کیریئر کے دوران انہوں نے 98 میچوں میں ایک ہزار 405 رنز بنائے اور اب تک 97 وکٹیں لے کر ٹی 20 کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

    afridi-post-6

    ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد آفریدی کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنے پرستاروں کے لیے کھیل رہے ہیں اوراس مقصد کے لیے ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کرتے رہیں گے۔ وہ 20 سال تک اپنے ملک کے لیے کھیلتے رہے اب ان کی فلاحی فاؤنڈیشن ان کی توجہ کا مرکز ہے۔

  • شاہد آفریدی دبئی میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوشاں

    شاہد آفریدی دبئی میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوشاں

    دبئی: ٹی ٹوئنٹی کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے دبئی کی جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے اپنی فاؤنڈیشن کی خدمات پیش کرتے ہوئے اعلیٰ سطح پر کوشش شروع کردی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد خان آفریدی نے دبئی دورے اور وہاں ہونے والی ملاقاتوں کا احوال شیئر کیا جن میں آفریدی نے بتایا کہ ان کی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن دبئی کی جیلوں میں قید تیس (30) پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوشاں ہے۔

    ٹی ٹوئنٹی کے سابق کپتان نے اپنی فاؤنڈیشن کی جانب سے دبئی میں اعلیٰ سطح کے افسران سے ملاقاتیں کیں اور جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے اپیل بھی کی۔ علاوہ ازیں شاہد آفریدی نے دبئی کے پولیس چیف سے ملاقات کر کے اپنی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک یادداشت بھی پیش کی۔

    شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اُن کی فاؤنڈیشن دبئی کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے جرمانہ ادا کرنے کو تیار ہے تاکہ وہ وطن واپس آکر اپنے پیاروں کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی گزار سکیں۔

    خیال رہے کرکٹ کی دنیا کو خیر آباد کہنے کے بعد شاہد آفریدی اپنی فاؤنڈیشن کو مکمل وقت دے رہے ہیں، اُن کی فاؤنڈیشن مختلف سماجی کاموں میں مصروف عمل بھی ہے۔

  • آسٹریلیا کوشکست : شاہد آفریدی کی این چیپل پرکڑی تنقید

    آسٹریلیا کوشکست : شاہد آفریدی کی این چیپل پرکڑی تنقید

    کراچی : اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے قومی ٹیم کے دوسرے ون ڈے میچ میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور ساتھ ہی این چیپل سے طنزیہ انداز میں پوچھ لیا کہ کیا این چیپل آپ نے میچ دیکھا؟

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کرکٹ کمنٹیٹر سابق آسٹریلوی کھلاڑی این چیپل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    سوشل میڈیا  ٹوئٹر پراپنے پیغام میں بوم بوم آفریدی نے قومی ٹیم کو دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

     انہوں نے کہا کہ شاباش پاکستانی ٹیم، اچھی کپتانی حفیظ اور عمدہ اننگ، ویل ڈن شعیب ملک، اور ساتھ ہی این چیپل سے بھی پوچھ لیا کیا آپ نے میچ دیکھا؟ شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر جنید خان کی گیند بازی کی بھی تعریف کی۔

    یاد رہے کہ این چیپل نے پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ سیریز میں 3-0 سے شکست پر کہا تھا کہ آسٹریلیا کو آئندہ پاکستانی ٹیم کو بلانے سے پہلے سوچنا چاہئے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دی تھی، پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا ون ڈے پرتھ میں جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

  • سی پیک کے باعث ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، شاہد آفریدی

    سی پیک کے باعث ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، شاہد آفریدی

    کراچی: اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، 2016ء پچھلے پچیس سالوں کے مقابلے میں بہتر تھا۔


    Shahid Afridi’s message for fans and the entire… by arynews
    یہ بات اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی، انہوں نے کہا یہ وقت قربانیوں کا نہیں بلکہ ترقی و کامرانیوں کا ہے جس کے لیے جنرل راحیل شریف بمعہ کور ٹیم اور نواز شریف کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ان کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال ملک میں بہتر ہوئی۔

     

    شاہد آفریدی نے نئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جنرل قمر باجوہ بھی ترقی اور کامرانی کے اس سفر کو جاری رکھیں گے تاکہ یہ ملک ترقی اور کامیابی کی طرف ہم سب کو جاتا ہوا نظر آئے۔

    36سالہ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے دوستوں اور دشمنوں کو پہچاننا چاہئے عوام کافی سمجھدار ہے ان کو دیکھنا چاہئے کہ ہمارے دوست کون ہیں اور دشمن کون ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور کامیابی اس وقت ہے جب ہم متوسط طبقے کو اوپر کی طرف لے کر آئیں تو ہمارے ملک میں ایسے بہت سارے لوگ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے بہت کچھ دیا ہے وہ لوگ عوام کی خدمت کرتے ہیں لیکن اس بار ان کو اور زیادہ خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔

    شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ سی پیک کا پودا جو اس ملک میں لگا ہے اس کی گھنی چھاؤں میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا، بیروزگاری ختم ہوگی جس سے جرائم کا خاتمہ ہوگا کیوں کہ بیروگاری کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوتا ہے۔

    آفریدی نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری اور آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کی ترقی میں اپنا اپنا کردار بہ خوبی ادا کریں۔

  • شاہدآفریدی ،سعیداجمل اورعبدالرزاق دوحہ میں مدمقابل ہوں گے

    شاہدآفریدی ،سعیداجمل اورعبدالرزاق دوحہ میں مدمقابل ہوں گے

    دوحہ : قطر کے قومی دن کے موقع پر کھیلے جانے والے ٹی ٹوئینٹی میچ میں شاہد آفریدی ، سعید اجمل، کامران اکمل اور عبدالرزاق ایکش میں نظر آئیں گے سمیت دیگر موجودہ اور سابق اسٹار کھلاڑی ایک بار پھر میدان میں ان ایکشن نظر آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے قومی دن 16 دسمبر کو یادگاری ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا جب کہ ایک روزہ میچ کا انعقاد 18 دسمبر کو کیا جائے گا دونوں میچز ورلڈ اسٹارز اور قطر اسٹارز کے درمیان ایشین ٹاؤن کرکٹ اسٹیڈیم دوحہ میں کھیلے جائیں گا۔

    قطر اسٹارز میں پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق ، کامران اکمل ، بھارتی فاسٹ بولرز محمد عرفان سمیت مختلف بھاری اور سری لنکن کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    جب کہ ورلڈ اسٹارز کی قیادت معروف پاکستانی بلے باز شاہد آفریدی ورلڈ کریں گے جب کہ دیگر کھاڑیوں میں گراہم اونینز، یوسف پٹھان، جیروم ٹیلر، فرویز مہاروف، چمندا واس، نوروز منگل، کیسریک ویلیمز، لکشمی پتی بالاجی، محمد شریف، محمد الیاس، محمد اشرفل اور محمد کیف شامل ہیں۔

    قطر کے قومی دن کے موقع پر کھیلے جانے والے ان میچوں سے دنیائے کرکٹ کے شائقین اُن کھلاڑیوں کو بھی ایکشن میں دیکھ سکیں گے جو کئی عرصے سے کر کٹ کے میدان میں پانے جوہر نہیں دکھا پائے ہیں۔

  • شاہد آفریدی کی جنید جمشید کے گھر آمد، فاتحہ خوانی

    شاہد آفریدی کی جنید جمشید کے گھر آمد، فاتحہ خوانی

    کراچی : معروف بلے باز اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے جنید جمشید گھر جا کر ان کے بھائی اور بچوں سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

    تفصیلات کے مطابق حویلیاں کے علاقے میں طیارے حادثے میں شہید ہونے والے معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید کے کراچی میں واقع گھر میں فاتحہ خوانی اور تعزیت کے لیے آنے والے لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔

    آج معروف کرکٹر اور سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جنید جمشید کے گھر واقع ڈیفنس پہنچے، اس موقع پر شاہد آفریدی نے جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید سے تعزیت کی اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

    شاہد آفریدی نے جنید جمشید سے اپنے دیرینہ تعلق کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ جنید بھائی ہم سب کے لیے مشعل راہ تھے وہ نہایت سادہ اور نفیس طبیعت کے حامل شخص تھے اور ہر چھوٹا بڑا ان سے خاص لگاؤ رکھتا تھا اور وہ بھی سب کے دکھ درد میں کام آتے تھے اللہ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

    واضح رہے کہ جنید جمشید چترال سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں سوار تھے جو حویلیاں کے مقام پر انجن میں خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا، افسوسناک واقعے میں عملہ سمیت تمام مسافر خالقِ حقیقی سے جا ملے تھے۔

  • میں بھی معاملات کوعدالت نہیں لے جانا چاہتا تھا، شاہد آفریدی

    میں بھی معاملات کوعدالت نہیں لے جانا چاہتا تھا، شاہد آفریدی

    کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں خود بھی معاملات کو عدالت نہیں لے جانا چاہتا تھا، خدا شکر ہے کہ جاوید بھائی نے اپنے الفاظ واپس لے لیے، جاوید بھائی میرے بڑے بھائی ہیں ان کی عزت کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا، اے آر وائی نیوز کا شکر گزار ہوں کہ اس طرح کے ایشوز کو وہ بہت مثبت دکھاتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاوید میانداد سے صلح کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہی ، شاہد آفریدی نے کہا کہ میں خود یہ نہیں چاہتا تھا کہ بات عدالت تک پہنچے، میں بھی یہ ایشو ختم کرنا چاہ رہا تھا، شکر ہے جاوید بھائی نے الفاظ واپس لے لئے۔

    شاہد آفریدی نے کہا کہ ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے جانے چاہئیں کہ کسی کا دل نہ دکھے، تنقید ضرور ہونی چاہئیے، کھیل پر تنقید اچھی بات ہے لیکن ذاتی نوعیت کی تنقید کسی طرح بھی مناسب نہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیئے، جاوید بھائی میرے بڑے بھائی ہیں ان کی عزت کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں آفریدی نے کہا کہ اس ملاقات کے حوالے سے شعیب اختر ، وسیم اکرم راشد لطیف، مشتاق احمد، معین خان اور دیگر سینئرز نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ غلطیاں ہر انسان سے ہوتی ہیں اور انسان اپنی غلطی سے ہی سیکھتا ہے، ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ ہماری کسی بات سے پڑوسی ملک یا کسی اور کو ہماری کرکٹ کا مذاق اڑانے کا موقع نہ ملے۔

    فیئر ویل کےحوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے 500 سے زائد میچز کھیلے ہیں، میں ایک میچ کی بھیک نہیں مانگ رہا ، میں نے پی سی بی سے صرف اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ میں اپنے لوگوں کے سامنے اپنا بیٹ لہرا کر الوداع کہوں۔

    میں نے اس ملک کیلئے بیس سال تک کرکٹ کھیلی ہے اور عزت کے ساتھ رخصتی چاہتا ہوں ، اگر پی سی بی فیئر ویل دینا نہیں چاہتا تو کوئی بات نہیں، ضروری نہیں کہ انسان کی ہر خواہش پوری ہو، مجھے خوشی ہے کہ میڈیا اورعوام نے میرا بھرپور ساتھ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اے آر وائی کا شکر گزار ہوں کہ یہ چینل ان چیزوں کو ہمیشہ مثبت دکھاتا ہے، اس مسائل کو حل کرنے کی بات کرتا ہے، جو بہت اچھی بات ہے۔

     

  • شاہد آفریدی کوالوداعی میچ کھیلوانے کے لیے قرارداد جمع

    شاہد آفریدی کوالوداعی میچ کھیلوانے کے لیے قرارداد جمع

    لاہور : قومی ہیروشاہد آفریدی کو الوداعی میچ کھیلانے سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں ممتاز بلے باز شاہد آفریدی کو الوادعی میچ کھیلوانے کے لیے ایک قرارداد جمع کروادی ہے۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شاہد آفریدی قومی ہیرو ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین اُن سے محبت کرتے ہیں اس لیے پنجاب کا یہ مقدس ایوان قومی ہیرو شاہد آفریدی کو الوداعی میچ کھیلانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شاہد آفریدی الوداعی میچ کھیلنے کے مستحق ہیں انہوں نے دو دہائیوں تک ملک کی نمائندگی کی ہے کرکٹ کے میدان سے انہیں عزت و وقار کے ساتھ رخصت کیا جانا چاہیئے۔

    قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ باوقار قومیں ہمیشہ اپنے ہیروز کو سر آنکھوں پر بٹھاتی ہیں اور ملک کے لئے اُن کی خدمات کو سراہتی ہیں۔

    رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ کرکٹ بورڈ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرنے کی بجائے 16 ویں کھلاڑی کے طورپرشامل کر کےغلط مثال قائم کررہا ہے جوآفریدی جیسے سینئر کھلاڑی کے شایان شان نہیں۔