Tag: شاہد آفریدی

  • شاہد آفریدی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی نے عبوری سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلاے کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو عارضی طور پر چیف سلیکٹر بنا دیا گیا۔

    عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی ہوں گے جب کہ عبد الرزاق، راؤ افتخار رکن اور ہارون رشید مینجمنٹ کمیٹی کنوینر ہوں گے۔

    پی سی بی کی عبوری سلیکشن کمیٹی نیوزی لینڈکےخلاف سیریزمیں کام کرےگی۔

  • شاہد آفریدی نے خواتین کے عالمی دن پر فیملی تصویر شیئر کر دی

    شاہد آفریدی نے خواتین کے عالمی دن پر فیملی تصویر شیئر کر دی

    کراچی: شاہد خان آفریدی نے خواتین کے عالمی دن پر فیملی کی ایک نہایت ہی خوب صورت تصویر شیئر کر دی ہے۔

    اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی انٹرنیشنل وومنز ڈے پر اپنے بیوی بچوں کی ایک خوب صورت تصویر کے ساتھ ایک پیغام شیئر کیا ہے۔

    انسٹاگرام پر قومی ٹیم کے سابق کپتان آفریدی نے اپنی بیٹیوں کے حوالے سے خصوصی پیغام دیا، انھوں نے اپنی بیٹیوں کو شان دار قرار دیا اور ان پر فخر کا اظہار کیا۔

    انھوں نے لکھا ‘آپ اس کائنات کو طاقت دینے والی ایک قوت ہیں، آپ نے اس میں زندگی دوڑائی، اسے رنگین بنایا، اور اس لیے یہ متاثر کن ہے۔’

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Shahid Afridi (@safridiofficial)

    جارح مزاج بلے باز نے مزید لکھا ‘5 شان دار لڑکیوں کا باپ ہونے کے ناطے، میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ خواتین میں دنیا کو بدلنے کی طاقت ہے، آئیے انھیں روزانہ منائیں اور تعصب کا خاتمہ کرنے میں ان کا ساتھ دیں۔ یوم خواتین مبارک۔

    ‘جلد ہی ہماری ملاقات ہوگی’، شاہد آفریدی کا جذباتی پیغام

    تصویر میں شاہد آفریدی اپنی پانچ بیٹیوں اور اہلیہ کے ساتھ ایک خوب صورت پہاڑی علاقے میں سیر کرتے نظر آتے ہیں۔

  • حفیظ نے ریٹائرمنٹ کیوں لی؟ شاہد آفریدی کا اہم بیان

    حفیظ نے ریٹائرمنٹ کیوں لی؟ شاہد آفریدی کا اہم بیان

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر شاہد خان آفریدی کا ایک اہم تبصرہ سامنے آیا ہے۔

    محمد حفیظ نے گزشتہ روز کرکٹ کی دنیا کو الوادع کہا، جس کے بعد سے مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک قابل تشویش امر کی طرف اشارہ کر دیا ہے۔

    جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور کرکٹر آفریدی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں محمد حفیظ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان سن رہا تھا، ان کے رویے سے واضح محسوس ہو رہا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ابھی مزید کھیلنا چاہتے ہیں۔

    سابق کپتان نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں کمی پر بات کرتا رہا ہوں، جہاں تک میرا خیال ہے یہی محمد حفیظ کے ساتھ ہوا۔

    پروفیسر حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس بات سے خوش ہوں کہ محمد حفیظ نے اپنی ریٹائرمنٹ کے معاملے کو متنازع نہیں بننے دیا۔ دریں اثنا، شاہد خان آفریدی نے محمد حفیظ کے شان دار کرکٹ کیریئر پر انھیں مبارک باد بھی دی۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹر آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 میچز کھیلے۔

    محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ کھیل کر 3652 رنز بنائے، 10 سنچریز اور 12 ففٹیز اسکور کیں، 28 اگست 2006 کو پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا، محمد حفیظ اس کا بھی حصہ تھے، انھوں نے 119 میچز میں 14 ففٹیز کی مدد سے 2514 رنز بنائے۔

  • شاہد آفریدی آخری پی ایس ایل کس ٹیم کی طرف سے کھیلنا چاہتے ہیں؟

    شاہد آفریدی آخری پی ایس ایل کس ٹیم کی طرف سے کھیلنا چاہتے ہیں؟

    کراچی: بوم بوم آفریدی اپنے آخری پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کے خواہاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ایک ٹی وی شو میں اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ میں اپنے آخری پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔

    شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 6 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی، تاہم ابوظبی میں انجری کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے ملتان سلطانز جارحانہ بلے بازی کرنے والے کھلاڑی سے محروم ہو گئی تھی۔

    شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ابھی تو وہ ملتان سلطانز کا حصہ ہیں، تاہم اگر فرنچائز انھیں اجازت دے تو وہ اپنے آخری پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہیں گے۔

    ملتان سلطانزنے پہلی بار پاکستان سپرلیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    واضح رہے کہ ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں گزشتہ روز کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

    فائنل میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم سلطانز کی جانب سے دیے جانے والے 207 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 159 رنز بنا کر ہار گئی تھی۔

  • عبرت ناک شکست کے بعد کھلاڑیوں کو آفریدی کا مشورہ

    عبرت ناک شکست کے بعد کھلاڑیوں کو آفریدی کا مشورہ

    کراچی: پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے نیوزی لینڈ سے عبرت ناک شکست کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دے دیا ہے۔

    جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی پہلے ٹیسٹ میں اچھی فائٹ کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹ سیریز کے نتیجے کو نہایت خراب قرار دیا۔

    شاہد آفریدی نے لکھا ’نیوزی لینڈ کو نمبر ون ٹیسٹ بننے پر مبارک باد، کین ولیمسن اور ٹیم نے زبردست پرفارمنس دکھائی، پہلے ٹیسٹ میں اچھے مقابلے کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں کارکردگی پر مایوسی ہوئی۔‘

    قومی ٹیم بری طرح ناکام، نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

    شاہد آفریدی نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں زندہ رہنے کے لیے کھلاڑیوں کو ہمت اور صلاحیت کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے، نیوزی لینڈ میں اس کے نتائج بہت خراب رہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 176 رن کی شکست کے بعد نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں 2 صفر سے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا ہے، کرائسٹ چرچ میں قومی ٹیم دوسری اننگز میں بری طرح ناکام رہی اور 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

    آج چوتھے روز کائل جیمی سن نے تباہی مچا دی، ٹاپ آرڈر، مڈل آرڈر سب نے ہتھیار ڈال دیے تھے، شان مسعود صفر، عباس 3، حارث 15، فواد 16، رضوان 10 رنز بنا کر ہمت ہارگئے، اظہر علی اور ظفرگوہر 37 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی کیویز کے خلاف یہ دوسری بڑی ناکامی ہے۔

    چھ فٹ آٹھ انچ قامت کے جیمی سن 11 وکٹیں لے کر میچ کے ہیرو بن گئے، جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم بھی بن گئی۔

  • شاہد آفریدی نے اپنی بہترین ٹیم چن لی

    شاہد آفریدی نے اپنی بہترین ٹیم چن لی

    معروف پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی آل ٹائم فیورٹ ٹیم کے بارے میں بتا دیا، ان کی پسندیدہ ٹیم میں کئی پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے فیس بک صفحے پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی آل ٹائم فیورٹ پلیئنگ 11 کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی پسندیدہ ٹیم میں سعید انور شامل ہوں گے، وہ سعید انور کی بیٹنگ سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں کیونکہ ان دونوں کی بیٹنگ کا انداز ملتا جلتا ہے۔

    آفریدی نے اپنی پسندیدہ ٹیم کے مزید کھلاڑیوں میں ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ، سچن ٹنڈولکر، انضمام الحق، جیک کیلس، راشد لطیف، وسیم اکرم، گلین مک گرا، شعیب اختر اور شین وارن کو رکھا۔

    انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ خود بھی آل راؤنڈر ہیں لہٰذا انہیں دنیا بھر کے بہترین آل راؤنڈرز پسند ہیں۔

    وسیم اکرم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ نئی اور پرانی دونوں گیندوں کے ساتھ کھیلنا جانتے ہیں جبکہ دنیا کے تیز رفتار ترین باؤلر شعیب اختر کو بھی انہوں نے بہترین کھلاڑی قرار دیا۔

  • سابق کپتان کا شاہد آفریدی سے متعلق پریشان کن بیان

    سابق کپتان کا شاہد آفریدی سے متعلق پریشان کن بیان

    لاہور: پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل نے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے حوالے سے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 1999 میں ان کا انتخاب تباہ کن فیصلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سابق پاکستانی بیٹسمین عامر سہیل نے حال ہی میں ایک یوٹیوب ویڈیو میں آئی سی سی ورلڈ کپ 1999 میں پاکستان کی ناکامی کے پیچھے موجود وجوہ سے متعلق بات کی ہے۔

    53 سالہ سابق کھلاڑی عامر سہیل نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے انتخاب اور سعید انور کے ساتھ اوپنر بھیجے جانے کے خلاف تھے۔

    سہیل کے مطابق شاہد خان آفریدی انگلش کنڈیشنز میں بیٹنگ کا آغاز کرنے کے لیے موزوں آپشن نہیں تھے، کیوں کہ وہاں کی کنڈیشنز آفریدی کے کھیل کے انداز کو سپورٹ نہیں کرتی تھیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ محمد یوسف کے حق میں تھے کہ وہ پاکستان کے لیے بیٹنگ کا آغاز کریں اور نئی گیند کے خطرے کو دیکھیں۔

    انھوں نے کہا کہ جب میں 1998 میں کپتان تھا تو ہم نے سلیکٹرز کے ساتھ یہ فیصلہ کیا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہمارے پاس باقاعدہ اوپنرز ہونے چاہیئں، جو وکٹ پر ٹھہر سکتے ہوں اور نئی گیند کے ساتھ کھیل سکتے ہوں۔

    عامر سہیل کا خیال ہے کہ یہ بدقسمتی تھی کہ سلیکٹرز نے آفریدی کو مشکل حالات میں بیٹنگ اوپن کرنے کے لیے منتخب کیا۔

    انھوں نے کہا بدقسمتی سے شاہد آفریدی کا انتخاب کیا گیا، جب کہ وہ ان پچز پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے تھے جو زیادہ باؤنسی نہ ہوں، جہاں وہ بولرز کی اچھی پٹائی کر سکتے تھے اور مخالف کو دباؤ میں لا سکتے تھے، لیکن مشکل حالات میں یہ ایک بڑا جوا تھا۔

    عامر سہیل نے کہا آفریدی نہ تو باؤلنگ کرنے کے قابل تھے نہ ہی بیٹنگ کے، اگر وسیم اکرم کی جگہ میں کپتان ہوتا تو میں ان کی جگہ محمد یوسف کو ترجیح دیتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ ہارنے کی دو وجوہ تھیں، ایک تو انھوں نے بہترین ٹیم کمبی نیشن نہیں بنایا، اور دوم یہ کہ فائنل میں ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جہاں لندن میں سارا دن بارش ہوتی رہی تھی۔

  • بھارت کو پاکستانی سرزمین پر خیرمقدم کرنے کیلیے تیار ہیں، شاہد آفریدی

    بھارت کو پاکستانی سرزمین پر خیرمقدم کرنے کیلیے تیار ہیں، شاہد آفریدی

    کراچی: پاکستان کے سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر ایشیا کپ کے لیے بھارت کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان آتا ہے تو ہم ان کا استقبال کریں گے، بھارتی ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے۔

    شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم نے ہمشیہ بھارت کا خیرمقدم کیا ہےاور ہم اب بھی بھارتی ٹیم کو پاکستانی سرزمین پر ایشیا کپ کھیلنے کے لیے خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کھیل ہی دونوں ممالک کے درمیان خلیج کو مٹانے کے لیے پل کا کردار ادا کر سکتا ہے، پاک بھارت دوریاں مٹانے کے لیے کرکٹ ہی دونوں ممالک کو جوڑنے کا واحد ذریعہ بن سکتا ہے۔

    واضح رہے بھارتی کرکٹ بورڈ نے دو ٹوک انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایشیا کپ پاکستان میں ہوا تو بھارتی ٹیم اس کا حصہ نہیں بنے گی تاہم بعدازاں ایک نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ اگر ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر ہوا تو بھارتی ٹیم شرکت کر سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے اور پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ایشیا کپ پاک سرزمین پر ہی ہوگا۔

  • آئیں چلیں مظفرآباد، وزیراعظم کی پکار پر شوبز فنکاروں نے لبیک کہہ دیا

    آئیں چلیں مظفرآباد، وزیراعظم کی پکار پر شوبز فنکاروں نے لبیک کہہ دیا

    کراچی:  وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعے کو مظفرآباد میں جلسے کا اعلان کیا جس پر شوبز فنکاروں نے لبیک کہہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یجہتی کے لیے جمعے کو مظفرآباد میں ہونے والے جلسے میں شرکت کا اعلان کیا گیا ہے جس پر شوبز فنکاروں مایا علی، ہمایوں سعید، ساحر علی بگا اور کرکٹر شاہد آفریدی نے لبیک کہہ دیا۔

    ہمایوں سعید نے لکھا کہ میں مظفرآباد جلسے میں جاؤں گا، آئیں دنیا کو دکھادیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔


    موسیقار اور گلوکار ساحر علی بگا نے بھی جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے میں وزیراعظم کا ساتھ دیں،

    بوم بوم آفریدی نے لکھا کہ آئین مل کر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیں، میں جمعے کو مظفرآباد جارہا ہوں، آئیں اور ہمارا ساتھ دیں۔

    آئیں چلیں مظفرآباد، وزیراعظم کی پکار پر شوبز فنکاروں نے لبیک کہہ دیا

     

    شاہد خان آفریدی نے وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ ری ٹویٹ بھی کیا۔

    دوسری جانب معروف پاکستانی اداکارہ مایا علی نے بھی وزیراعظم کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد جانے کا اعلان کیا ہے۔

    اداکارہ مایا علی نے کہا کہ ’آئیے اس جمعے کو اپنے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں اور اپنے کشمیریوں بھائی بہنوں کے لیے یکجہتی کا اظہار کریں۔

    مایا علی کا کہنا تھا کہ میں آپ سب سے مظفرآباد جلسے میں شرکت کی درخواست کرتی ہوں، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں 13 ستمبر کو جلسہ عام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مظفرآباد جانے کا مقصد پوری دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے اور میں اس ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔

  • یوم دفاع و شہدا پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت

    یوم دفاع و شہدا پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت

    کراچی: ملک بھر میں 6 ستمبر یوم شہداء جوش و خروش سے منایا جارہا ہے اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں آج 6 ستمبر کویوم دفاع پاکستان کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پرمنایا جارہا ہے، اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ملک کی افواج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    وقار یونس

    قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور سابق کپتان وقار یونس نے ڈیفنس ڈے پر پاکستانی ایف 16 جیٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہماری خوبصورت سرزمین کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔‘

    شاہد آفریدی
    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ’6 ستمبر کا دن ہمارے لیے بہت ہی اہمیت کا حامل ہے، میں آج کے دن پاک فضائیہ کی شہید پائلٹ مریم مختار کے گھر گیا اور اللہ ان کی روح کو سلامت رکھے۔

    شاہد آفریدی نے کہا کہ شہید خاتون پائلٹ کی بہادری کا سن کر حیرت ہوئی، مریم مختار ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

    فواد عالم

    ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے 6 ستمبر کے ہیش ٹیگ کرتے ہوئے ایک خوبصورت شعر تحریر کیا جس میں لکھا ہے کہ ’خون دل دے کہ نکھاریں گے رخ برگ گلاب، ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے۔‘

    احمد شہزاد

    قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نے کہا یوم دفاع کا لوگو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم یوم دفاع اور شہدا کے موقع پر اس سرزمین کے کے بہادر بیٹوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔‘

    انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو ہماری حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں، پاکستان زندہ باد۔‘