Tag: شاہد آفریدی

  • آصف علی کا منفرد ریکارڈ، شاہد آفریدی سے آگے نکل گئے

    آصف علی کا منفرد ریکارڈ، شاہد آفریدی سے آگے نکل گئے

    قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے افغانستان کے خلاف میچ میں چار چھکے لگا کر منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹسمین آصف علی نے افغانستان کے خلاف آخری لمحات میں ہاری ہوئی بازی پلٹ دی اور ان کے چار چھکوں کی بدولت پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

    آصف علی نے 7 گیندوں پر 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آصف علی نے دونوں اننگز بڑی اچھی کھیلی، مجھے یقین تھا کہ آصف علی جب بھی میچ پھنسے گا وہ نکال کر دیں گے۔

    بابر اعظم نے کہا کہ جس طرح آصف علی سے امید تھی ویسا ہی کھیل انہوں نے پیش کیا، آصف علی ہٹنگ کی وجہ سے ہی جانے جاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں آصف علی نے یو اے ای میں 62 چھکے لگا کر شاہد آفریدی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    آصف علی نے یو اے ای میں 62 چھکے لگائے ہیں جبکہ بوم بوم آفریدی 56 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، کامران اکمل نے متحدہ عرب امارات میں 59 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا۔

    اسی فہرست میں قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک بھی شامل ہیں جن کے چھکوں کی تعداد 54 ہے۔

    واضح رہے کہ آصف علی کو افغانستان کے خلاف شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • شاہد آفریدی میں کورونا وائرس کی تشخیص

    شاہد آفریدی میں کورونا وائرس کی تشخیص

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ، انھوں نے قوم سےدعاؤں کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی میں کوروناوائرس کی تشخیص ہوگئی، شاہدآفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا جمعرات سےطبیعت خراب تھی،ٹیسٹ کرانے پر کورونا مثبت آیا۔

    شاہد آفریدی نے جلد صحتیابی کیلئے قوم سےدعاؤں کی درخواست بھی کی۔

    یاد رہے ے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں شاہد آفریدی نے عوام سے ضرورت مندوں کے لیے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس مشکل وقت میں سب کو مل کر مستحقین کی مدد کرنا ہوگی۔

    شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کہ حکومت کس کی ہے یہ نہ سوچیں، اس بات کو چھوڑ دیں کیونکہ 80 فیصد آبادی ایسی ہے جو یومیہ کماتی اور کھاتی ہے، ان سب لوگوں کی دیکھ بھال کرنا حکومت کے بس کی بات نہیں، حکومت کا ساتھ دیں اور تمام این جی اوز، سماجی تنظیم باہر نکلیں اور ضرورت مندوں کا سہارا بنیں۔

    انہوں نے تجویز دی تھی کہ حکومت کچھ خاندانوں کو مختص کر دے جنہیں لوگ خود امداد پہنچائیں، ایسےسسٹم بنایاجائےکہ کوئی مستحق راشن یامددکے بغیرنہ رہ جائے اس لیے یہ اچھاسسٹم ہوگا کہ فیملیز دے دی جائیں آپ ان کی مدد کریں۔

    شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ میں صرف اللہ سے مانگتا ہوں اور خلق خدا کے لیے مانگتا ہوں، کراچی کے مختلف علاقوں میں دو دو ہفتےکاراشن تقسیم کرچکاہوں اور اب افغان مہاجرین کی بڑی تعداد موجود جو ضرورت مند ہے، انہیں راشن تقسیم کرنے جا رہا ہوں۔

  • شاہد آفریدی کا پاک فضائیہ کی شہید پائلٹ مریم مختیار کو خراج عقیدت پیش

    شاہد آفریدی کا پاک فضائیہ کی شہید پائلٹ مریم مختیار کو خراج عقیدت پیش

    کراچی : سابق کپتان شاہدآفریدی یوم دفاع و یوم شہدا کے موقع پر پاک فضائیہ کی شہید پائلٹ مریم مختیار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ان کی بہادری اور ہمت کے بارے میں سننا بہترین تجربہ تھا ،مریم مختیارکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع و یوم شہدا پر سابق کپتان شاہدآفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا یوم دفاع تمام پاکستانیوں کے لیے اہم دن ہے، پاک فضائیہ کی پائلٹ مریم مختیار کے گھر گیا تھا ، ان کی بہادری اور ہمت کے بارے میں سننا بہترین تجربہ تھا۔

    شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی پائلٹ مریم مختیار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستان زندہ باد !

    یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ یوم دفاع و یوم شہدا 6 ستمبر کو گزشتہ سال کی طرح بھرپور طور پر منائیں گے، ہر شہید کو یاد رکھا جائے اور ہر شہید کے گھر جائیں۔

    واضح رہے 2015 میں فلائنگ آفیسر مریم مختیار اپنے انسٹرکٹر، ثاقب عباسی کے ساتھ معمول کی تربیتی پرواز پر تھیں، جب میانوالی کے قریب ان کا طیارہ تیکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا تھا اور مریم مختار حادثے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہان فانی سے کوچ کر گئیں تھیں۔

    مریم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دوران ڈیوٹی شہید ہونے والی پاک فضائیہ کی پہلی فائٹر پائلٹ ہیں، ان کو تمغۂ بسالت سے بھی نوازا گیا تھا۔

  • کشمیریوں سےاظہار یکجہتی، شاہد آفریدی نے  فوج کیپ اورخاکی رنگ کی شرٹ پہن لی

    کشمیریوں سےاظہار یکجہتی، شاہد آفریدی نے فوج کیپ اورخاکی رنگ کی شرٹ پہن لی

    کراچی : مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کیلئےسابق کپتان شاہدآفریدی نے فوجی کیپ اور شرٹ پہن لی اور کہا میں اس ملک کافوجی ہوں، میں اور میرا خاندان کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے، مودی نے ہماری امن پالیسی کو کمزوری سمجھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر میں پاکستان کے کروڑوں عوام کشمیریوں سے فقیدالمثال اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا، سابق کپتان شاہد آفریدی کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے مظاہرے میں فوجی ٹوپی اور شرٹ پہن کر شریک ہوئے۔

    اس موقع پر شاہد آٖفریدی نے کہا کہ میں اس ملک کافوجی ہوں،میں اورمیراخاندان کشمیرکے ساتھ کھڑاہے، بھارت کیلئے ہمارے پختون بھائی ہی کافی ہیں۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مودی اوراس کے پیروکاروں نےبھارت کاامیج خراب کیا، پاک بھارت تعلقات مودی نےخراب کیےہیں، گجرات اوراب کشمیرمیں جوکچھ مودی کر رہا ہے یہ جہالت ہے۔

    انھوں نے مزید کہا مودی نے ہماری امن پالیسی کو کمزوری سمجھا، کراچی سے خیبر تک شاہد آفریدی اور پوری قوم کشمیریوں کیساتھ ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل شاہد آفریدی نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جلد ایل او سی کےدورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 6ستمبر کو ایل او سی پر شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کریں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر میں پاکستانیوں نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ، 12 بجے سائرن بجتے ہی قومی ترانے کے بعد کشمیرکا ترانہ پڑھاگیا، ٹریفک سگنلز بندہوگئے،ٹرینز بھی رک گئیں اور فضائی حدود بھی بندرہی۔

  • بھارت کے خلاف میچ میں مثبت کھیلنا پڑے  گا، شاہد آفریدی

    بھارت کے خلاف میچ میں مثبت کھیلنا پڑے گا، شاہد آفریدی

    سوات : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا بھارت کےخلاف میچ میں مثبت کھیلناپڑے گا ، فیلڈنگ اچھی ہوگی تو آپ70 فیصد میچز جیت سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کبل میں کرکٹ اکیڈمی کے دورے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا سوات کےلوگ بہت مہمان نوازہیں، پاکستان دنیاکاخوبصورت ترین ملک ہے، سہولتیں فراہم کی جائیں توسیاحت کومزیدفروغ دیا جاسکتاہے۔

    شاہدآفریدی کا کہنا تھا جیسے مراد سعید اسمبلی میں چھکے مارتے ہیں، ایسےہی بھائی نے اکیڈمی بنائی، اکیڈمی ہوگی تو ٹیلنٹ سامنے آئے گا، اسکول لیول پر کرکٹ کو فروغ دینا ضروری ہے۔

    فیلڈنگ اچھی ہوگی تو آپ 70فیصد میچز جیت سکتےہیں

    پاک بھارت میچ کے حوالے سے سابق کپتان نے کہا بھارت کےخلاف میچ میں مثبت کھیلناپڑے گا، فیلڈنگ اچھی ہوگی تو آپ 70فیصد میچز جیت سکتے ہیں۔

    یاد رہے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا پانچواں میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف16 جون کو مانچسٹر میں کھیلے گی ۔

    ورلڈ کپ کے ابتدائی چار میں سے دوسرا میچ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم کا سفر مزید مشکل ہوگیا ہے تاہم سیمی فائنل کھیلنے کے لئے گرین شرٹس کو اگلے پانچ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

    کپتان سرفراز احمد نے بھی اعتراف کیا کہ اگر ہم نے بڑی ٹیموں کو ہرانا ہے تو کم سے کم غلطیاں کرنا ہوں گی، پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو 10 ٹیموں کے اس ورلڈ کپ میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے۔

  • اسٹارکرکٹر شاہد آفریدی کی بیٹیوں کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی

    اسٹارکرکٹر شاہد آفریدی کی بیٹیوں کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی

    مکہ مکرمہ : اسٹارکرکٹرشاہد آفریدی نے بیٹیوں کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی ، شاہد آفریدی نے کہا یہ لمحہ ، یہ بابرکت رات، خودکوخوش قسمت محسوس کررہاہوں، جسے بھی موقع ملے وہ ضرور رمضان میں مکہ اور مدینہ آئے اور عمرہ ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار کرکٹرشاہد آفریدی کی اپنی بیٹیوں کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو پوسٹ کی ، جس میں شاہدآفریدی نےعمرےکی ادائیگی کے دوران چھوٹی بیٹی کوپیٹھ پر اٹھا رکھا تھا۔

    ٹوئیٹ میں لکھا یہ اللہ اکبرکی گونج ،یہ لمحہ، یہ بابرکت رات میں خود کوخوش قسمت محسوس کررہا ہوں یہاں موجود ہوں اوراللہ سےمعافی طلب کی اور اپنےملک کےعوام اورانسانیت کیلئےرحمت اورپاکستان پر برکتیں نازل کرنےکی دعا کی۔

    ان کا مزید کہنا تھا جسے بھی موقع ملے وہ ضرور رمضان میں مکہ اور مدینہ آئے اور عمرہ ادا کرے۔

  • شاہد آفریدی بھارتی انتخابات کے نتائج پر حیران، مودی کو مشورہ

    شاہد آفریدی بھارتی انتخابات کے نتائج پر حیران، مودی کو مشورہ

    کراچی: قومی کرکٹر  اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی انتخابات کے نتائج پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا منصب مودی جیسے انسان پر زیب نہیں دیتا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کو وہ انداز اپنانا چاہیے جیساوزیراعظم عمران خان کا ہے کیونکہ اُن کی باڈی لینگویج عہدے سے مطابقت نہیں رکھتی۔

    شاہد آفریدی نے لوک سبھا انتخابات کے نتائج پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘حیرت ہے کہ بھارت کے پڑھے لکھے لوگوں نے مودی کو کامیاب کرایا، اب انہیں مثبت رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ سابق کپتان نے دیگر پڑوسی ممالک کو بھی بھارت کی طرح پاکستان کے ساتھ رابطے رکھنے کا مشورہ دیا۔

    مزید پڑھیں: ایک بار پھر مودی سرکار، بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری

    سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ ہر طرف سےگھیرا جارہا ہے، اب حکومت اور اپوزیشن کو مل کر ملک کے لیے کام کرنا ہوگا، کیونکہ مشکل حالات میں ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے۔

    کرکٹ کی بات کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض نے ہر کسی کو خواب میں دیکھ لیا، امید ہے اب وہ اچھی پرفارمنس دے کر اپنا خواب پورا کریں گے، سرفراز کو اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کرنا پڑے گی کیونکہ اگر ٹیم کو کپتان لیڈ کرے تو ہی زیادہ بہتر ہوتا ہے۔

    شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کو بولا ہے آخری ورلڈ کپ ہےدل کھول کر کھیلو، آخری کے کھلاڑی اگر میچز میں رنز کرجائیں گے تو اس کا ٹیم کو بہت فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ1992 ایک بڑی ٹیم تھی وہ بھی رمضان میں چیمپئن بنے اور آج پھر پاکستان کے پاس موقع ہے۔

    بھارتی کرکٹر گوتھم گھمبیر پر تنقید کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ بے وقوف انسان ہے اور میں ایسے لوگوں کے بارے میں ہرگز کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

  • سلمان بٹ کوقومی ٹیم میں جگہ نہیں ملنی چاہیے، شاہد آفریدی

    سلمان بٹ کوقومی ٹیم میں جگہ نہیں ملنی چاہیے، شاہد آفریدی

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے معاملے پر بول پڑے ۔انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار کو سلمان بٹ کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی معلومات انہوں نے نہیں بلکہ ان کے دوست نے دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی آج تک شک کرتے ہیں کہ انہیں میں نے پھنسایا ہے۔اچھا ہوا یہ کھلاڑی پکڑے گئے ورنہ پاکستان کرکٹ کا بہت برا حال ہوتا۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی کتاب گیم چینجر گزشتہ دنوں سامنے آئی ہے جس میں کئی بڑے انکشافات کیے گئے ہیں اور اس کتاب پر سینئر کھلاڑیوں کی تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    سنہ 2010ءمیں انگلینڈ کے دورے میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں ملوث تین کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کو نہ صرف آئی سی سی نے سزا دی تھی بلکہ یہ تینوں کرکٹرز اس جرم میں جیل بھی گئے تھے۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ اوپنر سلمان بٹ کہتے ہیں کہ اپنی غلطی پر نادم ہوں، میری خواہش ہے کہ کیریئر کے آخری سالوں میں پاکستانی ٹیم میں موقع ملے اور کارکردگی دکھاکر اپنے بارے میں منفی تاثر کو ختم کروں۔

    شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں 2010ءکے بدنام زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے بھی پردہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا بہت پہلے علم ہوگیا تھا میں جانتا تھا کہ کچھ کھلاڑی منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ سٹے بازمظہر مجید نے فون مرمت کے لیے لندن میں ایک دکان پر دیا تھا، دکان کا مالک میرے دوست کا دوست تھا۔آفریدی نے مزید لکھا کہ مظہر مجید کے فون سے پاکستانی کھلاڑیوں کو کیے گئے پیغامات ملے جس سے ہولناک انکشافات ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ کوثبوت دکھائے مگر کوئی ایکشن نہ ہوا۔ میں نے یہ پیغامات وقار یونس اور منیجر یاور سعید سے شیئر کیے تھے۔ ٹیم مینجمنٹ خوفزدہ تھی یا انیں ملک کے وقار کا خیال نہ تھا۔ یاور سعید نے یہ پیغامات دیکھ کر بے بسی کا اظہار کیاتھا۔آفریدی نے لکھا کہ یاور سعید نے مجھ سے پیغامات کی کاپی مانگنے کی زحمت بھی نہ کی۔ عبدالرزاق نے بھی سلمان، عامر اور آصف پر شکوک کا اظہار کیا تھا۔شاہد آفریدی نے لکھا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے دوران کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا، چوتھے دن سلمان بٹ سے کہا تھا کہ وہ قیادت سنبھال سکتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ میرا پورے سیٹ اپ سے اعتبار اٹھ چکا تھا۔ ٹیم مینجمنٹ معاملے کی فعال تحقیقات کرنے کو تیار نہ تھی۔ سلمان بٹ نے ملک کا سودا کیا ،اس کی اس حرکت کے بعد سلمان بٹ کو مستقبل میں قومی ٹیم میں جگہ نہیں ملنی چاہیے۔ سلمان بٹ کو پاکستان کیلئے کھیلنے والی کسی بھی ٹیم میں جگہ نہیں ملنی چاہیے۔

  • بوم بوم آفریدی 39 سال کے ہوگئے

    بوم بوم آفریدی 39 سال کے ہوگئے

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اوراسٹارکرکٹر شاہد خان آفریدی 39 برس کے ہو گئے ہیں، انہیں ان کے جارحانہ مزاج کے سبب عوام میں پسند کیا جاتا ہے۔

    شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1980 کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے، 1996 میں سری لنکا کے خلاف اپنے دوسرے انٹرنیشنل میچ میں 37 گیندوں پردنیا کی تیزترین سنچری بنا کرراتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچ گئے۔

    ان کا یہ ریکارڈ تقریباً 17سال تک قائم رہا جسے بعد ازاں نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن اورپھرجنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے نام کر لیا۔

    1996ء میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کو یہ نام بھارت کے معروف کرکٹر اور کمنٹیٹر راوی شاستری نے دیا۔

    آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں اوراسی بدولت کئی ریکارڈ مثلا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اورسب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔

    حال ہی میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق وہ پاکستان کے سب سے مشہور کھلاڑی ہیں۔ آج شاہد آفریدی کے مداح شہر شہر ان کی سالگرہ کا جشن منائیں گے اور کیک کاٹیں گے۔


    شاہد آفریدی کی شاندارکارکردگی کے ناقابلِ فراموش مناظر


    شاہد آفریدی ایشیا کپ میں بنگلہ دیشی باؤلرزکی دھلائی کرتے ہوئے

     

    شاہد آفریدی کا چارسوواں شاندارچھکا

    شاہد آفریدی کے پاکستان کے روایتی حریف بھارت کے خلاف نودھواں دھارچھکے

    انگلینڈ کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرانا آفریدی کا ہی کمال ہے

    کرکٹ کی دنیا کا مشکل ترین کیچ جسے صرف شاہد آفریدی ہی پکڑسکتے تھے

  • پاکستان نے نیوزی لینڈ کا خوب مقابلہ کیا، ٹیم پھر سے ابھرے گی، شاہد آفریدی

    پاکستان نے نیوزی لینڈ کا خوب مقابلہ کیا، ٹیم پھر سے ابھرے گی، شاہد آفریدی

    کراچی: سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کا خوب مقابلہ کیا، انشا اللہ پاکستانی ٹیم پھر سے ابھرے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا، شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کرکٹ کا ایک دلچسپ انداز ہے، نیوزی لینڈ کو قابل ذکر کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    شاہد آفریدی نے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی شاندار بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت خوب حسن علی اور یاسر شاہ، آپ دونوں نے اچھی بولنگ کی۔

    جیت اپنے ہاتھوں سے گنوائی، سرفراز احمد

    قبل ازیں سرفراز احمد نے شکست کا ذمہ دار بلے بازوں کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ جیت اپنے ہاتھوں سے گنوائی، بابراعظم کا رن آؤٹ ہونا ٹرننگ پوائنٹ تھا، بلے باز پریشر کو ہینڈل نہیں کرسکے۔

    کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے کہا کہ جیت کے قریب پہنچ کر ہار جانا افسوس ناک ہے، کوشش کریں گے جو غلطیاں ہوئی انہیں اگلے میچز میں نہ دہرائیں۔

    یہ پڑھیں: ابو ظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز متحدہ عرب امارات میں جاری ہے اور پہلے میچ میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست ہوئی ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔